سرفراز بگٹی نے خضدار میں سکول بس پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صبح خضدار میں اسکول بس کو نشانہ بنایا گیا جس میں 47 بچے سوار تھے، افسوسناک واقعے میں 4 معصوم بچے شہید ہوگئے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کچھ اطلاعات پہلے سے موجود تھیں کہ انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اس قسم کے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں لیکن یہ توقع نہیں تھی کہ بچوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا اپنی عسکری ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ایسے ہتھکنڈے اختیار کر رہا ہے اور بی ایل اے و بی ایل ایف جیسے گروہوں کو مالی مدد اور تربیت فراہم کر رہا ہے۔
لازمی پڑھیں: آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ میرا تھا، وزیراعظم
انہوں نے واضح کیا کہ بلوچ عوام نے کبھی پنجاب یا کسی اور قوم کو نشانہ نہیں بنایا، یہ حملے صرف دہشت گردوں کی کارروائیاں ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ جب دہشتگردی کا نشانہ معصوم بچے بنیں تو خاموشی اختیار کرنا ممکن نہیں، ریاست ہر صورت میں اس کا بدلہ لے گی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ معصوم بچوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگرد نہ کسی قوم کے نمائندہ ہیں نہ کسی قبیلے کے۔
ان کا انجام صرف تباہی اور پچھتاوا ہوگا، اور ریاست انہیں عبرت کا نشان بنائے گی۔
مزید پڑھیں: خضدار حملہ، 4 بچوں سمیت 6 جاں بحق: ’انڈیا کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا‘