وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو مبینہ طور پر ان کے گھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سیکٹر جی-13 میں پیش آیا، جہاں مقتولہ کو مبینہ طور پر ایک جاننے والے مہمان نے دو گولیاں ماریں اور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ثنا یوسف کا تعلق چترال سے تھا اور وہ گزشتہ چند سالوں سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً ٹک ٹاک پر خاصی متحرک تھیں۔ مقتولہ کی ویڈیوز کو ہزاروں صارفین دیکھتے تھے اور وہ نوجوان طبقے میں خاصی مقبول تھیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور مقتولہ کا جاننے والا شخص تھا جو کسی ملاقات کے لیے گھر آیا تھا۔ مبینہ قاتل نے ملاقات کے دوران ہی کسی ذاتی تنازع یا جھگڑے کے بعد ثنا یوسف پر پے در پے دو گولیاں چلائیں، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گھر مہمان آئے کزن نے فائرنگ کی،ثنا یوسف کو کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا ،حالت تشویشناک ہونے پر شفا ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ ثنا یوسف میڈیکل کی پہلے سال کی طالبہ تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ثنا یوسف کا پوسٹمارٹم پمزہسپتال میں جاری ہے،پوسٹمارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی جائے گی، ورثا کے ابتدائی بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد اور مقتولہ کے موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے حملہ آور کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔ہ سی سی ٹی وی فوٹیج، کال ریکارڈز اور سوشل میڈیا ان باکسز کا بھی تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ قاتل تک پہنچا جا سکے۔
مزید پڑھیں: اکیلا پن، غربت، اور بے حسی: بھوک نے ایک بہن کی جان لے لی، دوسری مدد کی منتظر
سوشل میڈیا پر بھی واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ صارفین نے ثنا یوسف کے قتل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں سوشل میڈیا سے وابستہ شخصیات کے خلاف تشدد یا دھمکیوں کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔