اسرائیل کا لبنان پر حملہ،ایک شخص جاں بحق اور آٹھ زخمی

ا سرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقوں پر گزشتہ سال حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے بعد کی سب سے شدید فضائی بمباری کی ہے، جس کی لبنانی حکام اور اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے، جس میں ایک شخص جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے۔ عالمی خبر ارساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کو ہونے والے فضائی حملے لبنان کے صوبہ نبطیہ کے مختلف مقامات پر کیے گئے، جو اسرائیلی سرحد سے تقریباً 12 کلومیٹر (7 میل) کے فاصلے پر واقع ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کے ایک مقام کو نشانہ بنایا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں اور اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔ حزب اللہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔ اس سے قبل حزب اللہ نے کہا تھا کہ وہ امریکی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد اپنے جنگجوؤں کو سرحدی علاقوں سے واپس بلا چکی ہے۔ لبنان کے صدر جوزف عون نے ایک مختصر پیغام میں کہا کہ وہ جنوبی لبنان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جہاں اسرائیلی حملوں نے خطے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نے ان حملوں کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 اور جنگ بندی معاہدوں کی تمام اسرائیلی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہئیں۔ لبنانی حکومت نے ہمیشہ اسرائیل کے مکمل انخلا کے لیے کوشش کی ہے اور یہ کوششیں جاری رہیں گی۔ اگرچہ جنگ بندی نے باضابطہ طور پر دشمنیوں کا خاتمہ کر دیا تھا، لیکن اس کے باوجود سرحدی جھڑپیں وقفے وقفے سے جاری ہیں۔ اسرائیل مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتا رہا ہے اور جنوبی لبنان میں متعدد فضائی حملے کر چکا ہے، جن میں بیروت کے جنوبی نواح میں حزب اللہ کے زیر اثر علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
چینی ساختہ پاکستانی جے-10 طیاروں نے انڈین رافیل طیارے مار گرائے، امریکی حکام

پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ فضائی کشیدگی کے بعد امریکی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے چینی ساختہ جے-10 سی طیاروں کی مدد سے کم از کم دو انڈین جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک امریکی اہلکار نے بتایا ہے کہ پاکستان کے جے-10 طیاروں نے فضاء سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل داغ کر انڈین طیاروں کو نشانہ بنایا، جب کہ دوسرے اہلکار کے مطابق ان میں سے ایک طیارہ فرانسیسی ساختہ رافیل تھا۔ دونوں امریکی حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس جھڑپ میں امریکی ساختہ ایف-16 طیارے شامل نہیں تھے۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے، جب کسی مغربی ادارے نے پاکستانی چینی ساختہ طیاروں کے ذریعے انڈین طیاروں کو مار گرانے کی تصدیق کی ہے۔ اس سے قبل مقامی انڈین حکام نے تین انڈین طیاروں کے گرنے کی غیر مصدقہ اطلاعات دی تھیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے “تصدیق کی کہ”پاکستانی جے-10 طیاروں نے تین انڈین رافیل طیارے مار گرائے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مجموعی طور پر پانچ انڈین طیارے فضائی جھڑپ میں مار گرائے گئے ہیں۔ دوسری جانب انڈین فضائیہ نے رائٹرز کی رپورٹ پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔’ انڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس نے پاکستان کے اندر ‘دہشتگردی کے ٹھکانوں’ کو نشانہ بنایا ہے، تاہم اپنے کسی طیارے کے نقصان کی تصدیق نہیں کی۔ خیال رہے کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر جموں میں جمعرات کی رات زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جنہیں انڈین عسکری ذرائع نے پاکستانی ڈرون حملے قرار دیا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ اس نے رات بھر انڈیا کے بھیجے گئے 25 ڈرون مار گرائے، جب کہ انڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس کی فضائی دفاعی نظام نے پاکستانی ڈرونز اور میزائل حملوں کو ناکام بنایا۔ یاد رہے کہ امریکہ، روس اور چین سمیت دیگر عالمی طاقتوں نے جنوبی ایشیا کے اس ایٹمی فلیش پوائنٹ پر جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل اور بات چیت کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور: انڈین ڈرون حملہ، کیا ہدف اسپتال تھا؟

انڈیا کی جانب سے ایک بار پھر سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی سرزمین پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ یہ حملہ آج صبح لاہور کے علاقے نصیرآباد میں کیا گیا، جہاں رپورٹس کے مطابق ایک ڈرون گرایا گیا۔ حملہ گوپال نگر (والٹن ایریا) میں واقع ایک رہائشی علاقے کے قریب ہوا ہے، جس کی سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر ناکہ بندی کر دی۔ ذرائع کے مطابق جس مقام پر ڈرون حملہ ہوا، وہ ایک گنجان آباد علاقہ ہے جہاں گھروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ حملہ ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنا کر کیا گیا، جس سے نہ صرف شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا بلکہ ایک بڑا انسانی المیہ رونما ہونے سے بال بال بچا۔ علاقہ مکینوں نے پاکستان میٹرز کو بتایا کہ جائے وقوعہ کے چند سو میٹر کے فاصلے پر گلاب دیوی اسپتال اور اس سے کچھ آگے چلڈرن اسپتال واقع ہے، جو کہ پنجاب کے سب سے بڑے طبی مراکز میں شمار ہوتے ہیں۔ ان اسپتالوں میں ہزاروں کی تعداد میں مریض زیر علاج ہیں، جس سے حملے کی سنگینی اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس بریفنگ میں تصدیق کی گئی ہے کہ اب تک پاکستان پر 25 سے زائد ڈرون حملے کیے جا چکے ہیں، جن میں سے بیشتر کو فضائی دفاعی نظام نے بروقت تباہ کر دیا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع کا پورا حق رکھتا ہے اور دشمن کو بھرپور جواب دیا جائے گا، تاہم وقت اور مقام کا تعین پاکستان خود کرے گا۔ علاقے میں جذبات کی فضا انتہائی پرجوش ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد پاک فوج اور حکومت کے حق میں نعرے بازی کرتی نظر آئی۔ بچوں تک میں حب الوطنی اور بھارت کے خلاف شدید غم و غصہ پایا گیا۔ چھوٹے بچے بھی وطن سے محبت اور دشمن کو جواب دینے کے عزم کا اظہار کرتے نظر آئے۔
ویٹیکن میں اٹھتا سفید دھواں، امریکی کارڈینل رابرٹ پرووسٹ نئے پوپ منتخب

دنیا بھر کے ایک ارب چالیس کروڑ رومن کیتھولک مسیحیوں کے نئے مذہبی پیشوا کا انتخاب ہو گیا، سسٹین چیپل کی چھت سے سفید دھواں اٹھا، جس کے بعد امریکہ سے تعلق رکھنے والے 69 سالہ کارڈینل رابرٹ پرووسٹ کو نیا پوپ منتخب کرلیا گیا۔ رابرٹ پرووسٹ دنیا بھر کے 1.4 ارب کیتھولک عیسائیوں کے نئے مذہبی پیشوا منتخب ہو گئے ہیں، انہوں نے پوپ لیو کے نام سے اپنی نئی ذمہ داریوں کا آغاز کیا ہے۔ رابرٹ پرووسٹ شکاگو سے تعلق رکھتے ہیں، عالمی سطح پر زیادہ معروف نہیں رہے، تاہم انہیں کیتھولک چرچ میں سادگی، خاموش مزاجی اور سماجی انصاف سے وابستگی کے باعث سراہا جاتا ہے۔ وہ 2015 سے 2023 تک پیرو کے شمال مغربی علاقے چکلایو میں بشپ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ پوپ فرانسس نے انہیں 2023 میں کارڈینل بنایا اور اسی سال ویٹی کن میں اس دفتر کا سربراہ مقرر کیا جو دنیا بھر میں کیتھولک بشپس کے انتخاب کی ذمہ داری نبھاتا ہے۔ اس حیثیت سے پرووسٹ نے درجنوں ممالک میں نئے بشپس کے انتخاب میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اپنے ایک نایاب میڈیا بیان میں پرووسٹ نے 2023 میں کہا تھا کہ “ہمارا کام چرچ کے خیمے کو وسیع کرنا ہے، تاکہ سب کو احساس ہو کہ وہ اس کے اندر خوش آمدید ہیں۔” پوپ فرانسس کے 12 سالہ دور میں چرچ میں اصلاحات، شمولیت اور سماجی انصاف کے ایجنڈے کی حمایت پر پرووسٹ ان کے قریبی ساتھی تصور کیے جاتے رہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے ‘دی نیویارک ٹائمز’ کے مطابق یہ انتخاب دو روزہ کونکلیو کے بعد عمل میں آیا، جس میں دنیا بھر سے کارڈینلز نے شرکت کی۔ نئے پوپ کے نام کا باضابطہ اعلان کچھ ہی دیر میں کیا جائے گا۔ اس وقت سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہزاروں افراد موجود ہیں، جو بالکونی پر نئے روحانی پیشوا کے ظہور کے منتظر ہیں۔ واضح رہے کہ یہ پہلا کونکلیو بارہ سال بعد منعقد ہوا ہے، جو کہ اپریل میں پوپ فرانسیس کے انتقال کے بعد سامنے آیا۔ اطلاعات کے مطابق دنیا بھر سے آئے ہوئے 133 کارڈینلز، جنہیں پوپ فرانسیس نے ہی مقرر کیا تھا، 24 گھنٹوں کے مختصر وقت میں اس نتیجے پر پہنچے ہیں، حالانکہ ان میں کئی ایک دوسرے سے پہلے واقف بھی نہ تھے۔ خیال رہے کہ اس بار کونکلیو میں شامل کارڈینلز کی تعداد تاریخ کی سب سے زیادہ تھی، جس نے انتخابی عمل کو مزید پیچیدہ اور سنجیدہ بنا دیا۔
جموں میں دھماکا، سائرن بج اٹھے، انڈین میڈیا کا دعویٰ

انڈیا کے زیر تسلط جموں کشمیر میں دھماکے کی آوازیں سنی گئی ہیں، جس کے بعد فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے ہیں اور مکمل بلیک آؤٹ کردیا گیا ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق جموں کشمیر میں دھماکے کی آوازئیں سنائی دینے کی وجہ سے مکمل بلیک آؤٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ انڈین نشریاتی ادارے زی نیوز کے مطابق جموں ائیر پورٹ پر حملہ کی اطلاعات کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں آٹھ دھماکے کیے گئے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق جموں کے شہریوں نے کہا ہے کہ انہیں یہاں 45 منٹ قبل انھیں ہوا ایسی متعدد آبجیکٹس دکھائی دیے، جو جموں ایئر پورٹ کی جانب جا رہے تھے۔ ’کچھ دیر بعد ہمیں دھماکوں کی آواز سنائی دی اور مخالف سمت سے بھی شعلے دکھائی دیے جو شاید انھیں انٹرسیپٹ کرنے کے لیے تھے۔‘ انڈین فوجی ذرائع نے بی بی سی نیوز کو بتایا ہے کہ جموں میں دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے، جب کہ شہر بھر میں سائرن بج رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ انڈین میڈیا پر مقبوضہ کشمیر پر حملے کی خبریں فیک اور جھوٹ ہیں، ان فیک خبروں کو پھیلانے کا مقصد یہ ناکام اور جھوٹا تاثر پیدا کرنا ہے کہ پاکستان بھی انڈیا پر حملہ کر رہا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ان جھوٹی خبروں کو پھیلا کر بھارت پاکستان پر اپنی ننگی جارحیت جاری رکھنے کا مسلسل جھوٹا جواز پیدا کرنا چاہتا ہے، ان جھوٹی اور من گھڑت خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ مزید پڑھیں: پریس بریفنگ: ’پاکستان کا حملہ نظر بھی آئے گا اور اس کی گونج بھی سنائی دے گی‘ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ انڈیا کی جانب سے ایف 16 اور جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کے بارے میں بے بنیاد اور جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے انڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی جھوٹی اور من گھڑت کہانیاں آپ کو کہیں کا نہیں چھوڑیں گی، ایسے جھوٹے دعوے صرف انڈیا کی مایوسی کی عکاسی کرتے ہیں۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’انڈیا کی جانب سے ایف 16 اور جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کے بارے میں بے بنیاد اور جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں۔ جھوٹی اور من گھڑت کہانیوں سے آپ کو کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ ایسے جھوٹے دعوے صرف آپ کی مایوسی کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان دعوؤں کو مسترد اور رد کیا جاتا ہے۔‘
شہباز شریف کو امریکی وزیر خارجہ کا فون: انڈیا سے کشیدگی کم کرنے پر زور

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی فون پر گفتگو ہوئی ہے جس میں انہوں نے پاکستان اور انڈیا پر کشیدگی کو کم کرنے پر زور دیا ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم نے امریکی وزیر خارجہ سے فون پر گفتگو کے دوران پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ خبر ارساں ادارے رائٹرز کے مطابق مارکو روبیو نے وزیر اعظم شریف کے ساتھ جمعرات کو فون پر بات کیا جس میں پاکستان، انڈیا دونوں کو کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر امریکی صدر ٹرمپ کی تشویش کو سراہا۔
پاکستان، انڈیا جنگ، الخدمت کا خصوصی سیل قائم: ’تمام کارکن 24 گھنٹے فعال رہیں گے‘

پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگی صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے خصوصی سیل قائم کر دیے ہیں،الخدمت فاؤنڈیشن نے 15 موبائل ہیلتھ یونٹ، 50 ایمبولینسیں، ایک کروڑ مالیت کی ادویات، ایک ہزار خیمے، 5 ہزار ترپال سمیت امدادی سامان پر مشتمل ٹرک لائن آف کنٹرول اور متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیے ہیں۔ حالیہ جنگی صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن کی ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے ہنگامی پریس بریفنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اکرام الحق سبحانی، نائب صدر زکر اللہ مجاہد، الخدمت ہیلتھ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف اور سی ای او خبیب بلال نے شرکت کی۔ سید وقاص جعفری نے اس موقع پربتایا کہ حالیہ ہنگامی صورتحال اور سویلین آبادی پر جارحیت کے نتیجے میں الخدمت فاؤنڈیشن نے فوری اور مؤثر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے ملک بھر میں اپنے 41 الخدمت ریسپانس سینٹرز کو اپڈیٹ کر دیا ہے، جبکہ جنوبی پنجاب، وسطی پنجاب، لاہور اور آزاد کشمیر کے چار بڑے ریجنز سمیت مرکزی سطح پر وار کرائسز مینجمنٹ سیلز قائم کیے جا چکے ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری اور منظم ردعمل دیا جا سکے۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے 15 موبائل ہیلتھ یونٹ، 50 ایمبولینسیں، ایک کروڑ مالیت کی ادویات، ایک ہزار خیمے، 5 ہزار ترپال سمیت امدادی سامان پر مشتمل ٹرک لائن آف کنٹرول اور متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دیا ہے۔ اکرام الحق سبحانی نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیزاور ریسکیو 1122 کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور رابطے میں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک ٹریننگ پروگرام بھی ترتیب دیا جا رہا ہے، جس میں ہر عمر کے افراد کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بطور شہری فعال کردار ادا کرنے کے لیے تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ صورتحال مزید بگڑتی ہے اور اندرونِ ملک نقل مکانی کا خدشہ بڑھتا ہے تو الخدمت فاؤنڈیشن عارضی خیمہ بستیاں قائم کرے گی اور متاثرہ افراد کے لیے نقل و حمل کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے الخدمت کے 57 ہسپتالوں کو ہنگامی حالات کے پیش نظر تیار کر لیا گیا ہے، جہاں 30 فیصد بیڈز کو جنگی حالات کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے 1 کروڑ روپے کی ادویات متاثرہ علاقوں کی طرف بھجوا دی ہیں جبکہ پہلے مرحلے میں مزید 10 کروڑ روپے مالیت کی ادویات خریدرہے ہیں تاکہ ادویات کا ذخیرہ اپڈیٹ کر لیا جائے اور ضرورت کے وقت فوری فراہمی ممکن ہو۔ آخر میں سید وقاص جعفری نے یقین دلایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہمیشہ کی طرح اس نازک مرحلے پر بھی قوم کے شانہ بشانہ ہے اور اپنی تمام تر صلاحیتیں، وسائل اور رضاکار قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے متاثرین کی خدمت کرتی رہے گی
مسلح افواج انتہائی چوکس اور ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں،احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج انتہائی چوکس اور ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ اسلام آباد میں ماہانہ ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کے حوالےسے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے انڈین رافیل طیارے خاک میں ملا کر انڈیا کا غرور خاک میں ملا دیا، انڈین جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر مسلح فوج کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں پاکستان نے استحکام حاصل کیا ہے، ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے، پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے، حکومتی اقدامات کے نتیجے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوا ہے۔ بزدل انڈیا نے رات کی تاریکی میں چھپ کر حملہ کیا۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ترقیاتی بجٹ کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہوگا، اڑان پاکستان منصوبے کی کامیابی کے لیے شراکت داری بڑھا رہے ہیں۔ حکومتی اقدامات سے مالیاتی خسارہ کم ہوا، پائیدار ترقی کے لیے محصولات میں اضافہ ناگریز ہے۔
پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے نو اور 10 مئی کو بند رہیں گے، وزیر تعلیم پنجاب

پنجاب کے وزیر تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے نو اور 10 مئی کو بند رہیں گے۔ نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ چھٹیوں کا اطلاق تمام اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں پر ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد ممکنہ انتظامی یا سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر طلبا اور اساتذہ کو سہولت دینا ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب کے مطابق پیر 12 مئی سے تدریسی عمل معمول کے مطابق دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔ مزید معلومات کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جارہا ہے۔
صوبے کے سارے کام چھوڑ کر آیا ہوں، ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، وزیرِاعلیٰ کے پی

وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے کے سارے کام چھوڑ کر آیا ہوں ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جاتے ہوئے روکے جانے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے نجی نشریاتی ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے مجھے توہین عدالت کے کیس میں ملاقات کی اجازت دی ہے، اگر ملنے نہیں دیا جاتا تو دوبارہ توہین عدالت کی درخواست دائر کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے سارے کام چھوڑ کر ملاقات کے لیے آیا ہوں، ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں۔ مجھے عمران خان سے ملاقات کی سب سے کم اجازت دی جاتی ہے جب کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے ملاقات کے لیے پیغام بھجوایا تھا۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مجھے عمران خان سے ملنے نہیں دیا گیا تو مریم نواز بھی کے پی کے میں اپنے گھر نہیں جا سکتیں۔ مزید پڑھیں: واضح رہے کہ آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا دن ہے اور ان سے ملنے کے لیے ایم پی اے سہیل آفریدی، ایم این اے شاہد خٹک، محسن جتوئی اور دیگر رہنما گورکھ پور ناکا پہنچے، جب کہ کچھ رہنما اڈیالہ جیل پہنچے اور اپنے نام کا اندراج کروایا۔ اسی دوران وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کو گورکھ پور ناکے پر روک لیا گیا، جہاں ان کے ساتھ پولیس کے مذاکرات بھی ہوئے۔ علی امین گنڈاپور نے پروٹوکول سے ہٹ کر پیدل جیل کی جانب جانے کی کوشش کی اس موقع پر پولیس اہل کاروں کے ساتھ ان کا سخت جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔