اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری ایک اہم اقدام تھا۔
ایسپن بارتھ ایڈے نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی راستے تلاش کرنے کے لیے پاکستان کی کوششیں عالمی برادری کے لیے اہم خدمت ہیں
ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک بین الاقوامی قوانین کی یکساں پاسداری پر یقین رکھتا ہے۔ اختلافات کے باوجود ایران کو ایک ریاست کی حیثیت سے محفوظ رہنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے خطے میں بلا روک ٹوک جہازرانی کی حمایت کا بھی اظہار کیا
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ تقریباً 10 سال بعد ناروے کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کا مظہر ہے، پاکستان اور ناروے کے درمیان سیاسی مشاورت مستقل بنیادوں پر جاری ہے جبکہ دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں
نائب وزیراعظم کے مطابق پاکستان اور ناروے نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، آئی ٹی، جہازرانی اور دیگر شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے
اسحاق ڈار نے ناروے کی کمپنی یارا انٹرنیشنل اور فوجی فرٹیلائزر کے درمیان شراکت داری کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون مستقبل میں بڑے سرمایہ کاری منصوبوں کی بنیاد بن سکتا ہے
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان کی ناروے کے لیے آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ان میں تقریباً 5 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے
اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موسمیاتی تبدیلی، شپ ری سائیکلنگ، عوامی روابط اور ہنرمند پاکستانیوں کی قانونی امیگریشن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط بڑھانے سے باہمی اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں
ناروے کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان مذاکرات میں جموں و کشمیر، افغانستان، فلسطین اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا
ایسپن بارتھ ایڈے نے فلسطین کے حوالے سے اپنے ملک کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ناروے ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے
انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور سفارتی کوششوں کو جاری رکھنا ضروری ہے
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے اور علاقائی و عالمی معاملات پر رابطے جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔







