لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کی رائے ضروری ہے، کیونکہ ہر جماعت کا اپنا مؤقف ہے۔ اس معاملے کا بہترین حل عوام کی رائے لینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتیں جمہوریت اور عوام کی بالادستی کی بات کرتی ہیں، اس لیے انہیں چاہیے کہ ریفرنڈم کے ذریعے عوام سے پوچھیں کہ وہ نئے صوبوں کا قیام چاہتے ہیں یا نہیں۔ اگر کسی جماعت کے پاس اس سے بہتر حل ہے تو وہ بھی عوام کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے مؤقف کی اہمیت ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور ان کی جماعت سمیت تمام اتحادی جماعتیں ایک ساتھ ہیں اور نئے صوبوں کے معاملے پر کوئی فیصلہ باہمی اختلاف کی بنیاد پر نہیں ہوگا بلکہ تمام جماعتوں کی رضامندی ضروری ہے۔

بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہل خانہ سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ ایک دو روز سے اس حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی کو ان کا قانونی حق ملے گا اور عدالت جو فیصلہ کرے گی، اسی پر عمل ہوگا۔ باقی معاملات پہلے کی طرح ہیں اور کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

آن لائن جرائم کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ خواتین کو آن لائن فراڈ اور بلیک میلنگ کے واقعات میں نشانہ بنایا جا رہا ہے، جب کہ بچیوں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک گینگ نے تقریباً 5 ہزار پاکستانیوں کو عالمی جامعات کے امتحانات پاس کروائے، جس کے خلاف این سی سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے بڑے اسکینڈل کا پردہ فاش کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے اور وزارت داخلہ میں موجود بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرپٹ افراد کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

اسلام آباد میں زمینوں پر قبضوں کے حوالے سے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہر کی زمینوں پر جس بے دردی سے قبضے کیے گئے ہیں، اس کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی۔ اس معاملے میں صرف ایک مخصوص شخصیت نہیں بلکہ ہزاروں افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔