لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور کالے دھوئیں کا اخراج کرنے والے بھٹوں کے خلاف فوری کارروائی کی جارہی ہے، بھٹہ مالکان اور صنعتی شعبے کے ساتھ آگاہی اور تعاون کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، اب حکومت کی توجہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی پر مرکوز ہے۔
سینیئر وزیر پنجاب نے بتایا کہ رہائشی علاقوں میں پہلے 500 سے زائد پائرولیسس پلانٹس موجود تھے، تاہم کارروائیوں کے بعد اب ان میں سے ایک بھی پلانٹ باقی نہیں رہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی پائرولیسس پلانٹس کے خلاف معمولی خلاف ورزی پر بھی مقدمہ درج کیا جائے گا تاکہ فضائی آلودگی کا سبب بننے والے عناصر کو قانون کے دائرے میں لایا جاسکے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق صوبے میں فضائی آلودگی کی نگرانی کے لیے عالمی معیار کے 81 صنعتی ایئر کوالٹی مانیٹرز نصب کیے جاچکے ہیں، جبکہ مزید 100 مانیٹرز کی تنصیب کا کام دسمبر تک مکمل کرنے کا ہدف ہے، پنجاب میں پہلی مرتبہ جدید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ کا جامع نظام قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے مختلف علاقوں میں آلودگی کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ناسا سمیت دیگر عالمی ذرائع سے موسمیاتی معلومات حاصل کی جاتی ہیں، جن میں ہوا کی سمت، رفتار، درجہ حرارت اور دیگر موسمی عوامل شامل ہیں۔ یہ معلومات روزانہ کی بنیاد پر جاری کی جاتی ہیں، جبکہ تمام ماحولیاتی ڈیٹا کو پنجاب کلائمیٹ واچ کے پلیٹ فارم پر یکجا کردیا گیا ہے جہاں مصنوعی ذہانت کی مدد سے معلومات کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔
سینیئر وزیر نے کہا کہ اسموگ کو صرف سردیوں یا تین ماہ کا مسئلہ سمجھنا درست نہیں، کیونکہ فضائی آلودگی پورے سال برقرار رہنے والا چیلنج ہے۔ اس کی شدت میں مقامی آلودگی کے ذرائع کے ساتھ موسمی حالات، درجہ حرارت، نمی اور ہوا کی رفتار و سمت بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، سردیوں میں درجہ حرارت کے الٹ پھیر کے باعث آلودہ ذرات فضا میں پھنس جاتے ہیں، جبکہ بارش اور دھوپ کی کمی بھی آلودگی میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والی آلودگی کی روک تھام کے لیے کسانوں کو جدید زرعی مشینری فراہم کی جارہی ہے۔ پنجاب حکومت سپر سیڈر کی خریداری پر 60 فیصد سبسڈی دے رہی ہے اور اب تک صوبے میں 10 ہزار سپر سیڈر فراہم کیے جاچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے 70 ارب روپے کے منصوبے کے تحت سپر سیڈر، ہارویسٹر اور بیلرز کے ذریعے کسانوں کو سہولت دی جارہی ہے تاکہ فصلوں کی باقیات جلانے کے بجائے انہیں زمین میں شامل کیا جاسکے یا بائیوماس کے طور پر استعمال کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں بھی فضائی آلودگی کی بڑی وجوہات میں شامل ہے، اس لیے پنجاب میں پہلی مرتبہ گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیشن کا باقاعدہ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ لاہور میں ساڑھے 6 لاکھ سے زائد گاڑیاں فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرچکی ہیں، جبکہ 40 نجی ورکشاپس میں گاڑیوں کی جانچ کا عمل جاری ہے۔ موٹرسائیکلوں اور بسوں کی فٹنس کی جانچ بھی کی جارہی ہے تاکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے صرف ایک شعبے پر توجہ دینا کافی نہیں، بلکہ صنعت، ٹرانسپورٹ اور زراعت سمیت تمام شعبوں میں بیک وقت اقدامات کرنا ضروری ہیں، حکومت نے مختلف ذرائع سے پیدا ہونے والی آلودگی کی روک تھام کے لیے نگرانی اور کارروائی کا نظام مؤثر بنایا ہے۔
سینیئر وزیر پنجاب نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ چار برس کے مقابلے میں رواں سال اکتوبر لاہور کا صاف ترین مہینہ رہا، جبکہ نومبر 2026 میں بھی گزشتہ برسوں کے مقابلے میں فضائی آلودگی کی صورتحال بہتر رہی ہے، مقامی آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کے باعث اسموگ کے اثرات پہلے کی طرح مسلسل کئی ہفتوں تک برقرار رہنے کے بجائے بعض اوقات چند گھنٹوں میں شدت اختیار کرتے اور پھر کم ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے دیوالی کے موقع پر لاہور اور سرحدی علاقوں میں فضائی آلودگی کے اچانک بڑھنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران آلودگی کا گراف بلند ہوا، انڈین پنجاب کے شہروں امرتسر، لدھیانہ اور جالندھر کی جانب سے آنے والی ہواؤں نے لاہور اور قصور کو متاثر کیا، جبکہ ہوا کی کم رفتار اور مقامی موسمی حالات نے بھی آلودگی کی شدت بڑھانے میں کردار ادا کیا۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ناسا کے فائر ڈیٹا اور ہوا کی سمت سے متعلق نقشوں کی مدد سے سرحدی علاقوں میں آتشزدگی اور آلودگی کی منتقلی کا جائزہ لیا جاتا ہے، فضائی آلودگی میں اضافے کی ذمہ داری صرف سرحد پار سے آنے والی ہواؤں پر عائد نہیں کی جاسکتی، کیونکہ مقامی سطح پر موجود آلودگی کے ذرائع بھی اس مسئلے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اسموگ کے انسانی صحت پر اثرات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسپتالوں سے تصدیق شدہ اعدادوشمار جمع کیے گئے ہیں، پرائمری اسپتالوں میں سانس، سینے اور گلے کے پانچ اقسام کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں 69.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیکنڈری اسپتالوں میں سانس کی بیماریوں کے مریضوں کی تعداد 21 فیصد کم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعدادوشمار گزشتہ برسوں کے ساتھ







