چنیوٹ میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو صرف اس بنا پر زہر دے کر قتل کر دیا کہ وہ ماں نہیں بن سکی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ مقتولہ ثناء نور کی والدہ نسیم بی بی نے تھانہ جھمرہ میں ایف آئی آر درج کرائی جس کے مطابق اس کی بیٹی کی شادی عبدالشکور سے ہوئی تھی۔ شادی کے کچھ عرصے بعد شوہر نے اسے اولاد نہ ہونے پر طعنے دینا شروع کر دیے۔
ملزم عبدالشکور نے مبینہ طور پر جڑی بوٹیوں کے ماہر یاسین کی مدد سے حکمت کے نام پر زہریلی دوا اپنی بیوی کو پلائی۔ دوا کے استعمال کے بعد ثناء نور کی طبیعت بگڑ گئی اور نومبر 2024 میں عبدالشکور اسے گھر چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ علاج کے دوران ڈاکٹروں نے بتایا کہ زہریلی دوا کے باعث اس کے گردے فیل ہو گئے تھے، جس کی تصدیق میڈیکل رپورٹ سے بھی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: غیرت کے نام پر بیوی اور نابالغ بیٹی کو قتل کرنے والا ملزم بیٹوں سمیت گرفتار
نسیم بی بی نے مزید الزام عائد کیا کہ اس جرم میں عبدالشکور کے بھائی قدوس اور ایک چڑیل (عاملہ) بھی شامل تھے، جنہوں نے مل کر منصوبہ بندی کے تحت اس کی بیٹی کو موت کے گھاٹ اتارا۔
دوسری طرف، اے ایس ایف بھرتی کے دوران جعلسازی کے دو مختلف واقعات پر بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق، ایئرپورٹ پر کارپورلز کی بھرتی کے انٹرویوز کے دوران انضمام حسین نامی شخص نے عبدالمالک کی جگہ جعلی شناختی کارڈ کے ساتھ انٹرویو دینے کی کوشش کی۔ تصدیق پر اس سے جعلی شناختی کارڈ برآمد ہوا۔
اسی طرح، کامران نامی امیدوار کی جگہ محمد عمران نے کامران کی تصویر لگا کر جعلی شناختی کارڈ کے ذریعے انٹرویو دینا چاہا۔ پولیس نے چاروں افراد کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کر لیے ہیں۔