ذرائع کے مطابق عمران خان کی جانب سے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز سمیت جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو پیغامات پہنچائے گئے ہیں۔ ان پیغامات میں موجودہ سیاسی صورت حال کے تناظر میں مشترکہ سیاسی حکمت عملی اپنانے اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے وکلا سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ نے دونوں اپوزیشن لیڈرز اور مولانا فضل الرحمان تک ان کے پیغامات پہنچائے، جبکہ سلمان اکرم راجہ نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو بھی بانی پی ٹی آئی کا پیغام دیا۔ دوسری جانب مولانا فضل الرحمان تک یہ پیغام اخونزادہ حسین یوسفزئی کے ذریعے پہنچایا گیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں گریٹر اپوزیشن الائنس کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو تجویز دی کہ اس اتحاد کی تشکیل کے لیے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کے ساتھ مل کر کام کیا جائے، جبکہ دونوں پارلیمانی اپوزیشن لیڈرز پر بھی اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

بانی پی ٹی آئی نے جے یو آئی کے خلاف حکومتی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے موجودہ سیاسی صورت حال سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے مؤقف کی حمایت بھی کی اور جے یو آئی سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینے کا اختیار دونوں اپوزیشن لیڈرز کو سونپا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کو جمہوری جدوجہد جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین اور قانون کی بالادستی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ یا پسپائی اختیار نہیں کی جائے گی۔ ان کے مطابق پارلیمانی کمیٹیوں کا بائیکاٹ بھی جاری رہے گا، جبکہ آئینی ترامیم اور دیگر اہم معاملات اس پارلیمان کے اختیار میں نہیں ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے اپنے پیغام میں اپوزیشن رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ مشترکہ جدوجہد کے لیے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھیں اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک وسیع اتحاد کی تشکیل کے لیے کوششیں کریں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کی جانب سے بھیجے گئے پیغام کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس پیش رفت کو اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ممکنہ سیاسی رابطوں اور مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔