لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ملک میں وسائل کی غیر مساوی تقسیم کے باعث عوام میں احساسِ محرومی بڑھ رہا ہے، جس سے ریاست اور شہریوں کے درمیان تعلقات بھی متاثر ہو رہے ہیں، نئے صوبوں کی تشکیل کا معاملہ صرف انتظامی ڈھانچے یا سرکاری اخراجات تک محدود نہیں بلکہ اس کا براہِ راست تعلق عوامی حقوق، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ریاستی نظام میں تمام علاقوں کی مؤثر نمائندگی سے ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہر شہری کو اس کے علاقے اور ضرورت کے مطابق وسائل میں جائز حصہ ملنا چاہیے۔ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث میں اس پہلو کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے کہ آیا موجودہ انتظامی نظام عوامی ضروریات پوری کرنے اور تمام علاقوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے میں کامیاب ہے یا نہیں۔

ملک محمد احمد خان نے واضح کیا کہ عوامی رائے حاصل کرنا اور صوبائی حدود میں تبدیلی کرنا دو مختلف معاملات ہیں، آئین میں ایسی کوئی پابندی موجود نہیں جس کے تحت صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے معاملے پر عوام سے رائے لینے کی گنجائش ختم ہوجاتی ہو۔ پارلیمنٹ یہ فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتی ہے کہ ریفرنڈم کس نوعیت کے سوالات پر اور کن علاقوں میں کرایا جانا چاہیے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر صوبوں کی حدود میں تبدیلی کا اختیار صرف صوبائی اسمبلیوں کے پاس ہے تو ماضی میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قراردادیں کیوں منظور کی گئی تھیں؟ ان کا اشارہ 2012 میں پنجاب کو تقسیم کرکے نئے صوبے بنانے کے حوالے سے پارلیمان میں ہونے والی کارروائی کی جانب تھا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سیاسی مؤقف پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس بات کی وضاحت ہونی چاہیے کہ پیپلز پارٹی سندھ میں نئے صوبے کے قیام کی مخالفت کرتی ہے، جبکہ پنجاب میں نئے صوبوں کی حمایت کیوں کرتی ہے، سیاسی جماعتوں کو اس معاملے پر دوہرا معیار اپنانے کے بجائے اپنے مؤقف کی وجوہات عوام کے سامنے رکھنی چاہییں۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بحث کرنا اپوزیشن کا آئینی حق ہے اور اس موضوع کو ایوان میں زیرِ بحث آنا چاہیے، سیاسی جماعتوں کو اس اہم قومی معاملے پر واضح پالیسی اختیار کرنی چاہیے تاکہ عوام کو معلوم ہوسکے کہ کون سی جماعت نئے صوبوں کی حمایت کرتی ہے، کون مخالفت میں ہے اور اس کے پیچھے کیا وجوہات ہیں۔

ریفرنڈم کی تاریخ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماضی کے دونوں ریفرنڈم آمریت کے ادوار میں منعقد ہوئے، تاہم اب اگر ریفرنڈم کا معاملہ سامنے آتا ہے تو اس کی نوعیت مختلف ہوگی، کیونکہ اس پر فیصلہ پارلیمنٹ کے ذریعے کیا جائے گا، ریفرنڈم کا تصور آئین کے ابتدائی ڈھانچے ہی سے موجود ہے اور اس کے انعقاد کے لیے آئینی طریقہ کار بھی درج ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ریفرنڈم سمیت نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تمام امور پر بحث کا بنیادی فورم پارلیمنٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے سیاسی اور آئینی معاملات کو عدالتوں میں لے جانے کے بجائے منتخب نمائندوں کو پارلیمانی سطح پر ان کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ البتہ اگر کسی آئینی شق کی تشریح درکار ہو تو اس مقصد کے لیے آئینی عدالت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کا کام آئین کی تشریح کرنا ہے، اسے ازسرِنو تحریر کرنا نہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے براہِ راست جمہوریت اور نمائندہ جمہوریت دونوں کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ آئینی نظام میں عوامی رائے اور منتخب پارلیمنٹ کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اگر آئین کی کسی شق یا طریقہ کار کا ماضی میں غلط استعمال ہوا ہے تو اس کی اصلاح ہونی چاہیے اور ایسی خامیوں کو دور کرنے کے لیے آئینی اقدامات کیے جانے چاہییں۔

نئے صوبوں کے قیام پر ممکنہ اخراجات کے حوالے سے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وہ اس معاملے میں حتمی مالی تخمینہ پیش کرنے کی پوزیشن میں نہیں، تاہم ان کے نزدیک اصل سوال یہ نہیں کہ نئے صوبے بنانے پر کتنے اخراجات آئیں گے بلکہ بنیادی اہمیت اس بات کی ہے کہ عوام کو وسائل میں ان کا جائز حق مل رہا ہے یا نہیں، کسی بھی فیصلے میں عوامی مفاد، انتظامی ضرورت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے وفاق اور صوبوں کے درمیان اختلافات کے حل پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی معاملات کو آئینی حدود کے اندر رہ کر آگے بڑھانا چاہیے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اختلافات کو سیاسی محاذ آرائی میں تبدیل کرنے کے بجائے آئینی طریقہ کار اور باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیا جانا ضروری ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے صوبوں سے متعلق حالیہ مؤقف پر گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اس معاملے پر نواز شریف کا اظہارِ خیال اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس موضوع پر مناسب انداز میں بات کر رہے ہیں اور اس حوالے سے اپنا وقت لے رہے ہیں۔