ڈرامے کا نام ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ ہے جو 4 دسمبر 2026 کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگا۔ فرحت اشتیاق کے اسی نام سے شائع ہونے والے مقبول اردو ناول پر مبنی یہ سیریز نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والا پہلا پاکستانی ڈراما ہوگا۔
سیریز کی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، اقرا عزیز، بلال اشرف، مایا علی اور خوشحال خان سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
کہانی کا مرکزی کردار سکندر شہریار ہے جو ہارورڈ میں قانون کا طالب علم ہے۔ زندگی میں پیش آنے والے ایک اہم واقعے کے بعد وہ ذہنی اور جذباتی مشکلات کا شکار ہو جاتا ہے اور لوگوں سے قریبی تعلقات قائم کرنے سے گریز کرنے لگتا ہے۔
اس کی زندگی میں اس وقت تبدیلی آتی ہے جب اٹلی میں اس کی ملاقات لیزا نامی ایک فنکارہ سے ہوتی ہے جو خود بھی اپنے ماضی اور جذباتی مسائل سے نبرد آزما ہے۔ دونوں کے درمیان تعلق محبت، جذباتی صدمات، بحالی اور انسانی رشتوں کی پیچیدگیوں کو بیان کرتا ہے۔
سیریز کے ابتدائی پروموشنل اعلان کے مطابق اس کی کہانی تین نسلوں اور محبت کی چھ کہانیوں پر مشتمل ہے۔
’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی تخلیق، تحریر، ہدایت کاری اور پروڈکشن مومنہ درید نے کی ہے جو ’ہمسفر‘، ’زندگی گلزار ہے‘، ’داستان‘ اور ’سنو چندا‘ جیسے مقبول پاکستانی ڈرامے پیش کر چکی ہیں۔ اس سیریز کی شوٹنگ پاکستان، اٹلی اور برطانیہ میں کی گئی ہے۔
کیا بھارتی ناظرین بھی ڈراما دیکھ سکیں گے؟
نیٹ فلکس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ بھارت میں بھی نشر کیا جائے گا یا نہیں۔
اس حوالے سے غیر یقینی صورتحال کی وجہ بھارت کی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے مئی 2025 میں جاری کی گئی ہدایت ہے جس میں ملک میں کام کرنے والے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور دیگر ڈیجیٹل سروسز کو پاکستانی مواد نشر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
یہ ہدایت 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران جاری کی گئی تھی۔ اس میں پاکستانی ویب سیریز، فلموں، گانوں، پوڈکاسٹس اور دیگر ڈیجیٹل مواد کو بھی شامل کیا گیا تھا۔
ڈراما 4 دسمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والا ہے تاہم بھارت میں اس کی دستیابی کے بارے میں حتمی صورت حال نیٹ فلکس کی جانب سے باضابطہ وضاحت کے بعد ہی سامنے آئے گی۔







