Follw Us on:

انڈیا اور پاکستان جنگ بندی پر تیار ہوگئے ہیں، امریکی صدر ٹرمپ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
India pak ceasefire
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان دونوں سیز فائر پر تیار ہوگئے ہیں۔ (فوٹو: گوگل)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا اور پاکستان دونوں سیز فائر پر تیار ہوگئے ہیں۔

سوشل میڈیا پوسٹ پر امریکی صدر نے لکھا کہ “امریکہ کی ثالثی میں رات بھر جاری رہنے والے طویل مذاکرات کے بعد انڈیا اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔”

Whatsapp image 2025 05 10 at 5.01.59 pm
انڈیا اور پاکستان دونوں سیز فائر پر تیار ہوگئے ہیں۔ (فوٹو: ایکس)

انہوں نے دونوں ممالک کو “عقل مندی اور شاندار فہم و فراست” کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایک خوش آئند قدم ہے۔

مزید یہ کہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکوروبیو نے ایکس پر کہا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران وائس پریزیڈنٹ وانس اور میں نے سینئر انڈین اور پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی ہے، جن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور شہباز شریف، وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر، چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور عاصم ملک شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ انڈیا اور پاکستان کی حکومتوں نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے اور ایک غیر جانبدار مقام پر وسیع مسائل پر بات چیت شروع کر دی ہے۔ ہم وزیر اعظم مودی اور شریف کو امن کا راستہ چننے میں ان کی دانشمندی، سمجھداری اور مدبرانہ انداز میں سراہتے ہیں۔

پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے ایکس پر لکھا ہے کہ “پاکستان اور انڈیا نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔”

سابق وزیرِاعظم و صدر مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ “اللّہ ربّ العزت کا شکر ہے کہ اس نے پاکستان کو سر بلند کیا۔ میں، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر سندھو اور افواجِ پاکستان کو شاباش اور مبارکباد دیتا ہوں۔ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن کو ترجیح دیتا ہے مگر اپنا دفاع کرنا بھی جانتا ہے۔”

انڈین وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ایکس پر کہا ہے کہ “انڈیا اور پاکستان نے آج فائرنگ اور فوجی کارروائی کو روکنے پر مفاہمت کی ہے۔انڈیا نے اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں دہشت گردی کے خلاف مستقل طور پر ایک مضبوط اور غیر سمجھوتہ والا موقف برقرار رکھا ہے۔ ایسا ہی ہوتا رہے گا۔”

واضح رہے کہ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کچھ دیر میں قوم سے خطاب کریں گے اور جنگ بندی پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔

یاد رہے کہ انڈیا کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان اور آزاد کشمیر میں پانچ مختلف مقامات پر کئی حملے کیے، جس کے جواب میں آج پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے کئی انڈین فضائی اڈے تباہ کر دیے۔

انڈین جارحیت کے دوران پاکستانی افواج نے نہ صرف دشمن کے حملوں کو پسپا کیا بلکہ پانچ انڈین جنگی طیارے بھی مار گرائے۔ پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کیے جانے کے باوجود انڈیا نے جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا اور ڈرون حملوں کے بعد میزائلوں کے ذریعے پاکستانی ایئر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

پاکستان نے آج صبح جوابی کارروائی کرتے ہوئے انڈین ریاستوں ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ میں موجود ایئر بیسز کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا میں انڈین الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مفلوج کر دیا گیا، جب کہ انڈین ملٹری سیٹلائٹ کو بھی جام کر دیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ”الحمدللہ، افواج پاکستان نے مربوط اور طاقتور جواب دیا ہے۔ انڈیا نے جارحیت کی انتہا کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، لیکن ہماری افواج نے آج بےگناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا ہے۔ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے اور میں پوری قوم کو اس کامیاب کارروائی پر مبارکباد دیتا ہوں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا کی جانب سے پہلگام حملے پر غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کو مسترد کر دیا گیا اور اس کے بعد یکطرفہ حملے کیے گئے۔ لیکن پاکستان نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا دفاع پوری قوت سے کیا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس