فورس ہتھیاروں کی نقل و حرکت کے علاوہ عسکری ٹیکنالوجی کی منتقلی اور غیر قانونی ذرائع سے حاصل ہونے والی رقوم پر بھی نظر رکھے گی۔
برطانوی اخبار ’دی ٹیلی گراف‘ کے مطابق روس اور ایران کے درمیان جدید فضائی دفاعی نظام ایس 400 کی فراہمی کے لیے مذاکرات جاری ہیں اور تہران کو امید ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اس معاہدے کی منظوری دے دیں گے۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے سکیورٹی عہدیدار محسن رضائی کو خصوصی پیغام کے ساتھ ماسکو بھیجا تھا، جس میں ایس 400 نظام کی فراہمی کا مطالبہ بھی شامل تھا۔ محسن رضائی نے 5 نومبر کو کریملن میں صدر پیوٹن سے ملاقات کی۔
سعودی عرب کو اپنی سرزمین اور شہریوں کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، پاکستان
7 نومبر، 2026پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستانی مندوب نے سعودی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو اپنی سرزمین اور شہریوں کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور پاکستان اس حق کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے لیے تمام فریقین کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے، جبکہ یمن کے تنازعے کا مستقل حل نکالنے کے لیے جامع سیاسی عمل، مذاکرات اور باہمی مفاہمت ناگزیر ہیں۔
تازہ اپڈیٹس
سعودی عرب نے حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون تباہ کر دیے، عدن میں بھی دھماکے

یمن کے حوثی گروپ، انصار اللہ، کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ جنوبی یمن کے شہر عدن میں بھی میزائل حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت والے اتحاد نے بُدھ کو اعلان کیا کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون تباہ کر دیے ہیں۔
اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق مشترکہ دفاعی نظام نے مملکت کے مغربی علاقے میں دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا، جبکہ اس سے قبل ریاض کی جانب داغے گئے تین کروز میزائل بھی ناکام بنا دیے گئے تھے۔
یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب فروری میں ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد شروع ہونے والی علاقائی جنگ کے دوران حوثی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں، تیل کی تنصیبات اور دیگر اہم اہداف کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔
سعودی عرب کا مشرقی صوبہ، جہاں ملک کے بیشتر تیل و گیس ذخائر اور آرامکو کا صدر دفتر واقع ہے، حالیہ ہفتوں میں متعدد حملوں کی زد میں آ چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اکتوبر میں ہونے والے ایک حملے میں آرامکو کے مرکزی دفتر کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
دوسری جانب حوثیوں نے بدھ کو جنوبی یمن کے شہر عدن پر بھی میزائل حملے کیے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دو پولیس ذرائع نے بتایا کہ عدن میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ذرائع کے مطابق دو میزائلوں نے شہر کے مغربی حصے میں اتحادی افواج کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا جبکہ تیسرا میزائل شہر کے وسط میں واقع ایک اور فوجی مرکز پر گرا۔
سنہ 2022 کی جنگ بندی کے خاتمے اور جولائی میں دوبارہ لڑائی شروع ہونے کے بعد سے حوثی کئی مرتبہ عدن کو نشانہ بنا چکے ہیں۔
دارالحکومت صنعا میں گذشتہ ہفتے بڑی تعداد میں لوگ ان افراد کی یاد میں جمع ہوئے جو سعودی فضائی حملوں میں مارے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق الشریعہ نامی گاؤں میں گھروں پر ہونے والے حملوں میں 40 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں تقریباً 20 بچے بھی شامل تھے۔ سوگوار افراد متاثرین کی تصاویر سے مزین تابوت اٹھائے ہوئے تھے۔
اقوام متحدہ کے مطابق جولائی میں لڑائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 1600 سے زائد افراد ہلاک جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔
خلیجی ممالک کا اجلاس
ادھر بحرین کے دارالحکومت منامہ میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے داخلہ کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کو غیر معمولی سکیورٹی چیلنجز اور تیزی سے بدلتی علاقائی صورت حال کا سامنا ہے، جس کے لیے مشترکہ اور پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کی سلامتی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور کسی ایک ملک کو لاحق خطرہ پورے خلیجی نظام کے لیے خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔
سعودی وزیر داخلہ نے حوثیوں کی جانب سے شہریوں اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کسی بھی صورت میں جائز قرار نہیں دیے جا سکتے کیونکہ ان سے نہ صرف شہریوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ یمن اور پورے خطے کے امن و استحکام پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔پاکستان سمیت 150 سے زائد ممالک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ بن گئے
چین نے کہا ہے کہ اس کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے تحت اب تک 150 سے زائد ممالک اور 30 سے زیادہ بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے جا چکے ہیں، جو دنیا کے تقریباً تین چوتھائی ممالک اور کئی بڑے عالمی اداروں کا احاطہ کرتے ہیں۔
چین کے ’ڈیپارٹمنٹ آف ریجنل اوپننگ اَپ، نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن‘ کے سربراہ لیانگ لن چونگ نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں اس پیش رفت کا اعلان کیا۔
چین نے 2013 میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ متعارف کروایا تھا، جسے بیجنگ عالمی اقتصادی تعاون اور ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیتا ہے۔
منگل کو ایک چینی تھنک ٹینک کی جانب سے جاری کی گئی ’بلڈنگ این اوپن ورلڈ اکانومی تھرو بیلٹ اینڈ روڈ کوآپریشن یعنی بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے ذریعے ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے کے تحت ہونے والا تعاون چین کی کھلے پن کی پالیسی اور باہمی فائدے پر مبنی ترقیاتی حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کے ممالک پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ باہم منسلک ہو چکے ہیں، جس سے عالمی مسائل کے حل کے لیے تعاون اور مشترکہ اقدامات کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین داخلی اور عالمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ معیار کے کھلے پن کو فروغ دینا اور عالمی ترقیاتی شراکت داریوں کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین کا مؤقف ہے کہ بین الاقوامی تعاون اور اقتصادی روابط کے ذریعے موجودہ چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے اور ایسی عالمی معیشت کی تشکیل ممکن ہے جس سے تمام ممالک کو مشترکہ فائدہ پہنچے۔
امریکا نے ایران کے ساتھ سرحدی گزرگاہیں بندکرنےکا مطالبہ کیا ہے، عراق

عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نےکہا ہےکہ امریکا نے مطالبہ کیا ہےکہ عراق ایران کے ساتھ مشترکہ سرحد پر واقع دو گزرگاہوں کے علاوہ باقی تمام سرحدی راستے بندکردے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق عراق کی سرحدی گزرگاہ الشیب21 اکتوبر 2026 کی صبح عراقی حکومت کے حکم پر بند کردی گئی تھی۔ جس کے بعد سے عراق کے صوبے میسان میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
عراقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات خطے میں دوبارہ فوجی تصادم شروع ہونےکے خدشات ظاہر کر رہے ہیں۔
فؤاد حسین کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی برآمدات معطل ہونےکے باعث عراق کو تقریباً 60 ارب ڈالرکا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
آبنائے ہرمزکےقریب ایک روزکے دوران تیسرا آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا گیا، پاسداران انقلاب
ایران کی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہےکہ آج صبح سے اب تک تین آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرائے ہیں، یہ آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز سے غیر مجاز راستوں کے ذریعے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ ان آئل ٹینکرز نے اپنے نیویگیشن اور شناختی نظام بند کر دیے تھے اور غیر مجاز راستوں سے گزرنے کے لیے امریکی فوجی کارروائیوں میں تعاون کر رہے تھے، جس کے بعد ان میں آگ لگ گئی۔
ایران کو روسی ایس 400 میزائل دفاعی نظام ملنے کا امکان، معاہدے پر بات چیت جاری: برطانوی اخبار

برطانوی اخبار ’دی ٹیلی گراف‘ کے مطابق روس اور ایران کے درمیان جدید فضائی دفاعی نظام ایس 400 کی فراہمی کے لیے مذاکرات جاری ہیں اور تہران کو امید ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اس معاہدے کی منظوری دے دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات میں روس اور ایران کے درمیان نئی گیس پائپ لائن کی تعمیر پر بھی بات چیت ہوئی۔ تاہم دونوں ممالک کی جانب سے ایس 400 کی خریداری کے کسی حتمی معاہدے یا فراہمی کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اخبار نے روسی دفاعی صنعت کی خفیہ دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ روسی ادارے ایران کے لیے ہیلی کاپٹروں سے داغے جانے والے ’ایل ایم یو آر‘ گائیڈڈ میزائلوں کے خصوصی لانچرز تیار کرنے کے معاہدے پر کام کر رہے تھے۔
دستاویزات کے مطابق ایران کے لیے 90 لانچرز کی تیاری اور فراہمی کا منصوبہ تھا، تاہم ان دستاویزات سے یہ تصدیق نہیں ہوتی کہ یہ سامان ایران پہنچا بھی یا نہیں۔






