پاکستان کی پہلی اننگز

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی۔

پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 93 رنز بنا کر نمایاں رہے اور صرف 7 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔ طیب عارف نے 57، محمد طحہٰ نے 51، کپتان بابر اعظم نے 50 اور عرفات منہاس نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد غازی غوری 48 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لاہیرو کمارا اور سونل دینوشا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے 106.3 اوورز میں 434 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کی۔

سری لنکا کی پہلی اننگز

جواب میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 446 رنز بنائے اور 12 رنز کی معمولی برتری حاصل کی۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجیا ڈی سلوا نے 167 اور کپتان کوشال مینڈس نے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دونوں بیٹرز نے پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جبکہ کامندو مینڈس نے 58 اور لاہیرو اودارا نے 42 رنز بنائے۔

چوتھے روز سری لنکا نے 404 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی، تاہم ثاقب خان کی عمدہ بولنگ کے سامنے مہمان ٹیم مزید 42 رنز کا اضافہ کرکے باقی 6 وکٹیں گنوا بیٹھی۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر ثاقب خان نے 130 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عباس نے 2 اور رضا اللہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ثاقب خان ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں 7 وکٹیں لینے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے۔

پاکستان کی دوسری اننگز

پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز 12 رنز کے خسارے کے ساتھ کیا، تاہم ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باعث قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔

میچ کے آخری روز لاہیرو کمارا نے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر اذان اویس کو 22 رنز پر آؤٹ کردیا، جبکہ اگلے ہی اوور میں اسیتھا فرنینڈو نے محمد طحہٰ کو 24 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 57 رنز تھا۔

اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا اور 50 رنز کی شراکت قائم کی۔ بابر اعظم 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سلمان علی آغا 13 رنز بنا سکے۔

سعود شکیل نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 210 گیندوں پر 97 رنز بنائے، تاہم وہ مسلسل دوسری اننگز میں سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد غازی غوری نے بھی 35 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان نے دوسری اننگز میں 84.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے اور سری لنکا پر مجموعی طور پر 272 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ خراب روشنی اور موسم کے باعث مزید کھیل ممکن نہ ہوسکا اور میچ ڈرا پر ختم کردیا گیا۔

اس طرح خراب موسم اور بارش کے باعث پانچوں روز کھیل متاثر رہا اور کسی بھی دن مقررہ 90 اوورز کا کھیل مکمل نہ ہوسکا۔

پاکستان اور سری لنکا کا دوسرا ٹیسٹ کب ہوگا؟

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 17 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔