11 نومبر کو ہونے والی 24 گھنٹے کی ہڑتال کی اپیل ملک کی بڑی مزدور تنظیموں اور ٹریڈ یونینز نے کی تھی۔ یونینز کے مطابق 30 لاکھ سے زائد افراد نے ہڑتال میں حصہ لیا، جس کے باعث ٹرانسپورٹ، صنعتی سرگرمیاں اور دیگر عوامی خدمات متاثر ہوئیں۔
حکام کے مطابق دارالحکومت میڈرڈ میں تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار افراد نے احتجاج کیا، جبکہ بارسلونا میں 55 ہزار سے زائد مظاہرین سڑکوں پر نکلے۔
مظاہرین نے مکانات کی بڑھتی قیمتوں اور کرایوں میں اضافے کے خلاف نعرے لگائے اور حکومت سے سستے گھروں کی فراہمی اور عوام کی قوتِ خرید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ بارسلونا میں احتجاج کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ نقاب پوش مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، مظاہرین نے مختلف مقامات پر کچرے کے ڈبوں کو آگ لگا دی اور متعدد دکانوں کے شیشے توڑ دیے۔ بعض مظاہرین کی جانب سے پولیس پر آتش بازی کا سامان پھینکے جانے کی بھی اطلاعات سامنے آئیں۔
رپورٹس کے مطابق بارسلونا کی معروف تجارتی شاہراہوں پر کاروباری مراکز کو نقصان پہنچا، جب کہ بعض مظاہرین نے ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کے اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی۔
میڈرڈ میں بھی مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جہاں پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور دیگر ذرائع استعمال کیے۔
مزید پڑھیں: ایران سے معاہدے کی ضرورت نہیں، ٹرمپ کی جے ڈی وینس کو داخلی معاملات پر توجہ دینے کی ہدایت
عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہڑتال اور اس سے منسلک واقعات کے دوران ملک بھر میں 115 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ احتجاج کے باعث مختلف شہروں میں سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہوئی، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی خلل پڑا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بڑھتے کرایوں اور مہنگائی نے عام شہریوں، بالخصوص نوجوانوں کے لیے اپنا گھر حاصل کرنا اور آزادانہ زندگی گزارنا مشکل بنا دیا ہے۔ یونینز اور رہائشی حقوق کی تنظیموں نے حکومت سے رہائش کے بحران پر قابو پانے، کرایوں میں اضافے کو روکنے اور مناسب اجرتوں کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔







