7 ستمبر کو 1965 کی جنگ کے دوران پیش آنے والے تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں پاکستان بھر میں یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے جبکہ ملکی دفاع میں پاک فضائیہ کے کردار اور اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ فضائیہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران مختلف فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور برتری ثابت کی ہے، پاک فضائیہ ایک ایسا ممتاز ادارہ ہے جس کی تاریخ قربانی، شجاعت، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت سے عبارت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کی پکار پر بے مثال جرأت اور بہادری کے ساتھ لبیک کہا۔ ستمبر 1965 میں ملک کی فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کے شاہینوں کا عزم اور حوصلہ قابلِ فخر تھا، اسی جذبے اور قومی عزم نے پاک فضائیہ کے جوانوں کو فضاؤں میں دشمن کے مقابلے میں کامیابیاں حاصل کرنے کا حوصلہ دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع کے لیے پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں پوری کیں اور مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کیے، پاک فضائیہ کے عظیم شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں مئی 2025 کے معرکہ حق کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پاک فضائیہ نے افواجِ پاکستان کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ نے جرأت مندانہ اور غیر معمولی جنگی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین منصوبہ بندی اور کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مئی 2025 کے معرکے میں پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مربوط آپریشنل حکمت عملی نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ ملکی دفاع کے لیے پاک فضائیہ ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، قوم کو اپنی فضائیہ پر فخر ہے جس نے مشکل حالات میں بھی عزم، حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے تعداد میں کم ہونے کے باوجود دشمن کا بھرپور مقابلہ کیا اور اپنی جنگی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور مسلسل ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاک فضائیہ آئندہ بھی ملک کو درپیش ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی دفاع میں پاک فضائیہ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور قوم اپنے شاہینوں کی قربانیوں، شجاعت اور پیشہ ورانہ خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ یومِ فضائیہ اس عزم کی تجدید کا دن بھی ہے کہ ملکی خودمختاری، سلامتی اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر پاک فضائیہ کے تمام افسران، جوانوں، شہدا کے اہل خانہ اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ قومی تاریخ کا روشن باب رہیں گی۔







