وزارت خارجہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کو 77 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ دونوں ممالک دہائیوں پر محیط دوستی اور نئے سیاسی روابط کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے پرتگال کو 2027-28 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاسی تعلقات مضبوط بنانے اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے۔
پرتگالی وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے کہا کہ وہ 19 سال بعد وزارتی سطح پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان نے گزشتہ دو برس کے دوران عالمی سطح پر تنازعات کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے فعال کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے غزہ کے معاملے پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سیاست، سفارت کاری اور مذاکرات میں پاکستان کا کردار اہم رہا ہے۔
پاؤلو رینجل کا کہنا تھا کہ ان کے دورے کا مقصد پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے معاملے پر پاکستان کو پرتگال کی مکمل حمایت حاصل ہے اور ان کا ملک پاکستانی مصنوعات اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی تعاون کرنا چاہتا ہے۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔







