آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان ایس ایس پی خاور علی شوکت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مغوی اہلکاروں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، بصورت دیگر انہیں کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ راولاکوٹ میں احتجاج کے دوران خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا گیا جبکہ شرپسند عناصر نے عام شہریوں کو بھی دھمکیاں دیں۔

ایس ایس پی خاور علی شوکت کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام پرتشدد احتجاج کو مسترد کر رہے ہیں اور لوگوں نے عوامی ایکشن کمیٹی سے رابطے منقطع کرلیے ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ عام شہریوں کی زندگی بھی متاثر ہوئی ہے، جب کہ پرتشدد کارروائیاں ریاستی عملداری کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، ریاست نہ پہلے کمزور تھی اور نہ اب کمزور ہے۔ ریاست تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اس تحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

ایس ایس پی خاور علی شوکت نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں پرتشدد سرگرمیوں اور شرپسند عناصر کے مبینہ عزائم سے محفوظ رکھیں۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے ادارے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مغوی اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔