عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چین کی نارتھ ویسٹرن پولی ٹیکنیکل یونیورسٹی نے 21 اکتوبر کو جاری کیے گئے خریداری کے ریکارڈ کے مطابق دو ایچ 200 چپس 874,700 یوآن، یعنی تقریباً ایک لاکھ 23 ہزار امریکی ڈالر میں خریدے۔
یہ یونیورسٹی چین کے دفاعی شعبے سے وابستہ ان سات جامعات کے گروپ میں شامل ہے جنہیں امریکا نے پابندیوں کی فہرست میں رکھا ہوا ہے۔ یہ ادارہ فوجی طیاروں، میزائلوں اور سیٹلائٹس سے متعلق تحقیق بھی کرتا ہے۔
رائٹرز کے مطابق یونیورسٹی نے یہ چپس براہِ راست اینویڈیا سے خریدنے کے بجائے چینی کمپنی شانشی بوسوان نیٹ ورک ٹیکنالوجی کے ذریعے حاصل کیے۔ یہ خریداری یونیورسٹی کے مینجمنٹ اسکول کے لیے کی گئی۔
ایچ 200 اینویڈیا کے جدید ترین چپس میں شمار ہوتے ہیں، جو جدید اے آئی سسٹمز کی تربیت اور انہیں چلانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان کی چین کو برآمد کے لیے امریکی حکومت کی اجازت درکار ہوتی ہے، جب کہ پابندیوں کی فہرست میں شامل اداروں کو عموماً ایسی اجازت نہیں دی جاتی۔
رائٹرز کی تحقیقات کے مطابق یونیورسٹی نے رواں سال چینی کمپنیوں کے ساتھ پانچ معاہدوں کے ذریعے بھی ایچ 200 سمیت اینویڈیا کے دیگر طاقتور چپس پر مشتمل کمپیوٹنگ سروسز حاصل کیں۔
امریکی پابندیوں کے باوجود چپس تک رسائی کیسے؟
امریکی محکمہ تجارت نے 2001 میں میزائلوں کے پھیلاؤ اور فوجی تحقیق میں مبینہ کردار کے باعث نارتھ ویسٹرن پولی ٹیکنیکل یونیورسٹی کو تجارتی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ 2019 میں پابندیاں مزید سخت کرتے ہوئے اس ادارے کو امریکی ٹیکنالوجی کی برآمد کے لیے لائسنس کی منظوری عام طور پر مسترد کرنے کی پالیسی اختیار کی گئی۔
رائٹرز کے مطابق یونیورسٹی نے مقامی چینی سپلائرز سے براہِ راست چپس خریدنے کے علاوہ ایسے سرورز تک رسائی بھی حاصل کی جن میں امریکی پابندیوں کے شکار چپس نصب تھے۔
یونیورسٹی کے سائبر سکیورٹی اسکول نے جنوری میں سات ماہ کے دو معاہدے کیے، جن کے تحت اسے آٹھ، آٹھ ایچ 200 چپس پر مشتمل سرورز تک رسائی حاصل ہوئی۔ ان معاہدوں کی مالیت بالترتیب 441,700 اور 441,000 یوآن تھی۔ یہ کمپیوٹنگ سہولتیں اے آئی ماڈلز کی تربیت اور ری انفورسمنٹ لرننگ کے لیے استعمال ہونا تھیں۔
یونیورسٹی نے اینویڈیا کے اے 100 اور اے 800 چپس پر مشتمل سرورز تک بھی رسائی حاصل کی۔ یہ دونوں چپس بھی چین کو برآمد کرنے کے لیے امریکی پابندیوں کی زد میں ہیں۔
رائٹرز نے رواں سال کے 26 چینی سرکاری خریداری اور کاروباری ریکارڈز کا جائزہ لیا، جن سے معلوم ہوا کہ کئی چینی جامعات اور تحقیقی ادارے امریکی پابندیوں کے شکار اینویڈیا چپس یا ان پر مشتمل کمپیوٹنگ سروسز مقامی کمپنیوں کے ذریعے حاصل کر رہے ہیں۔ ان میں بعض اداروں کے چین کی دفاعی صنعت اور فوجی تحقیق سے قریبی روابط بھی ہیں۔
ریکارڈز کے مطابق شینزن یونیورسٹی نے ستمبر میں تین ایچ 100 چپس 769,800 یوآن میں خریدے، جب کہ ووہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نے جون میں ایچ 100 چپ پر مشتمل سرور اور بعد ازاں چار اے 100 چپس خریدے۔
اسی طرح چین کی دفاعی شعبے سے وابستہ ایک اور جامعہ بی ہانگ یونیورسٹی نے اپریل میں چار اے 800 چپس 489,000 یوآن میں حاصل کیے۔
چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کی یونیورسٹی کے لیے بھی جولائی اور ستمبر میں ایسے کمپیوٹنگ سروسز فراہم کرنے والے سپلائرز کے نام سامنے آئے جن کی خدمات میں امریکی پابندیوں کے شکار ایچ 800 اور اے 800 چپس شامل تھے۔
رائٹرز کے مطابق چین میں اینویڈیا کے پابندیوں کی زد میں آنے والے چپس کی غیر قانونی یا بالواسطہ فراہمی کا نیٹ ورک پہلے بھی سامنے آ چکا ہے۔ اس سے قبل چینی اداروں کی جانب سے سپر مائیکرو، ڈیل اور گیگا بائٹ کے سرورز میں نصب پابندیوں کے شکار چپس حاصل کرنے کی رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں۔
مزید پڑھیں: جینسن ہوانگ کے مبینہ چینی جاسوس خاتون سے تعلقات، چین کو 7.5 ارب ڈالر کی اینویڈیا چپس کی ترسیل کا انکشاف
واضح رہے کہ یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اینویڈیا اور اس کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کو چین کو اے آئی چپس کی فروخت پر امریکی پابندیوں میں نرمی کے لیے لابنگ کرنے پر واشنگٹن میں بڑھتی ہوئی تنقید کا سامنا ہے۔
ہوانگ کا مؤقف رہا ہے کہ چین کو امریکی چپس کی فروخت جاری رکھنے سے امریکی ٹیکنالوجی کی برتری برقرار رہے گی اور چینی صارفین امریکی ٹیکنالوجی پر انحصار کرتے رہیں گے۔
تاہم امریکی کانگریس کے بعض ارکان کا کہنا ہے کہ اینویڈیا کے جدید ترین چپس تک چین کی رسائی سے اسے ہتھیاروں کی تیاری، انٹیلی جنس تجزیے اور فوجی جدید کاری کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی تیار کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے جنوری میں بعض شرائط کے تحت چین کو ایچ 200 چپس کی برآمد کی اجازت دینا شروع کی تھی، تاہم اس پالیسی سے امریکی تجارتی پابندیوں کی فہرست میں شامل اداروں پر عائد الگ پابندیاں ختم نہیں ہوئیں۔
امریکی قانون سازوں نے چپس کی ترسیل کی نگرانی کے لیے ٹریکنگ نظام اور برآمدات پر کانگریس کی مزید نگرانی سمیت سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ تین ریپبلکن کانگریشنل کمیٹی چیئرمینز نے جینسن ہوانگ کو 18 نومبر کو بریفنگ کے لیے طلب کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔
رائٹرز کے مطابق نارتھ ویسٹرن پولی ٹیکنیکل یونیورسٹی، اینویڈیا اور امریکی محکمہ تجارت کے بیورو آف انڈسٹری اینڈ سکیورٹی نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔







