صدر مملکت نے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی امنگیں اور صلاحیتیں پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ معیاری تعلیم، باعزت روزگار، جدید ہنر اور نئے مواقع نوجوان نسل کی بنیادی ضروریات اور مشترکہ خواہشات ہیں
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔ ملک کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے قومی ترقی کی پالیسیوں میں نوجوانوں کی ضروریات اور ترجیحات کو خصوصی اہمیت دینا ناگزیر ہے
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک کے پاس ایک بڑی اور متحرک نوجوان افرادی قوت موجود ہے
انہوں نے کہا کہ نوجوان اگر تعلیم، ہنر، تحقیق، ٹیکنالوجی، کاروبار اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں آگے بڑھیں تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ملکی معیشت اور معاشرے کی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں
آصف زرداری نے نوجوان خواتین کی صلاحیتوں کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین نوجوانوں کی صلاحیتوں اور قیادت کو ملکی سماجی و معاشی ترقی کے لیے بھرپور انداز میں استعمال کرنا ضروری ہے، خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے بغیر قومی ترقی کا عمل مکمل نہیں ہوسکتا
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو تعلیم، فنی تربیت، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں
انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروباری مواقع تک رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے انہیں ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں، تحقیق اور جدت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے
آصف علی زرداری نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی عملی زندگی میں دیانت داری، ہمدردی، برداشت اور ذمہ داری جیسی اقدار کو اپنائیں
انہوں نے کہا کہ نوجوان صرف معاشی ترقی کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرے کی فکری اور سماجی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مثبت سوچ، باہمی احترام اور برداشت کو فروغ دے کر نوجوان معاشرے میں ہم آہنگی اور استحکام پیدا کرسکتے ہیں
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط، جامع اور خوشحال ملک بنانے کے لیے نوجوانوں کی بھرپور شمولیت ضروری ہے۔ قومی ترقی کے عمل میں نوجوانوں کو فعال کردار دینے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے نوجوان اپنی توانائی، صلاحیت اور عزم کو ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے استعمال کرتے ہوئے قومی مستقبل کو مزید روشن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔







