دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو نئی وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ موسمیاتی تبدیلی، بحری امور اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
مذاکرات میں ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا گیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوامی روابط اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے، جس سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
پاکستان اور ناروے کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور بھی زیرِ بحث آئے۔ فریقین نے مختلف عالمی معاملات پر اپنے نقطۂ نظر کا تبادلہ کیا اور باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ناروے کے وزیر خارجہ اسپن بارتھ ایدے نے حالیہ ایران امریکا تنازع کے دوران پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے تنازع کے دوران پاکستان کی جانب سے ادا کیے گئے اہم اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں اعلیٰ سطح کے رابطوں، باہمی مشاورت اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی
پاکستان اور ناروے کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی روابط کے تناظر میں حالیہ مذاکرات کو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور بحری امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔







