گولڈ میڈل کے لیے کھیلے گئے فائنل میں ملائیشیا نے دونوں میچز جیت کر پاکستان کی گولڈ میڈل کی امیدیں ختم کردیں۔ پہلے میچ میں پاکستان کے ناصر اقبال کا مقابلہ ملائیشیا کے امیشن راج چندرن سے ہوا، جس میں ملائیشین کھلاڑی نے 41 منٹ کے مقابلے کے بعد ناصر اقبال کو 1-3 سے شکست دی۔

ناصر اقبال نے پہلا گیم 11-8 سے جیت کر اچھی شروعات کی، تاہم چندرن نے کم بیک کرتے ہوئے اگلے تین گیمز 11-3، 11-6 اور 11-4 سے جیت لیے۔

دوسرے میچ میں پاکستان کے نور زمان کا سامنا ملائیشیا کے اینگ ایئن یاؤ سے ہوا۔ نور زمان نے سخت مقابلے کے دوران دوسرا اور تیسرا گیم بالترتیب 11-6 اور 11-7 سے جیت کر میچ میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی، تاہم ملائیشین کھلاڑی نے چوتھے گیم میں 11-4 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

فیصلہ کن پانچویں گیم میں اینگ ایئن یاؤ نے 11-5 سے کامیابی حاصل کرکے ملائیشیا کو فائنل میں 2-0 سے فتح دلا دی۔ یہ مقابلہ 53 منٹ تک جاری رہا۔

پاکستان نے اس سے قبل سیمی فائنل میں ہانگ کانگ چائنا کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جس کے ساتھ ہی پاکستان کا کم از کم سلور میڈل یقینی ہوگیا تھا۔

پاکستان نے ایشین گیمز کے مینز اسکواش کے انفرادی ایونٹ میں بھی دو برانز میڈلز حاصل کیے تھے۔ نور زمان اور محمد اشعب عرفان نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرکے پاکستان کے لیے کانسی کے تمغے یقینی بنائے تھے۔

مینز ٹیم ایونٹ میں سلور میڈل کے حصول کے بعد اسکواش میں پاکستان کے تمغوں کی تعداد تین ہوگئی ہے، جن میں ایک سلور اور دو برانز میڈلز شامل ہیں۔

دوسری جانب ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ میں پاکستان کی فائنل تک رسائی بھی یقینی ہوچکی ہے، جس کے باعث پاکستان کے ایک اور میڈل کی امید برقرار ہے۔