پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے لیڈز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کی پہلے ٹیسٹ میں عدم دستیابی کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی انجری کا میڈیکل ٹیم جائزہ لے رہی ہے اور امید ہے کہ وہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ پریکٹس میچ میں کامیابی سے ٹیم کا اعتماد بڑھا ہے اور کھلاڑی پہلے ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ فائنل الیون سے متعلق فیصلہ کنڈیشنز کو دیکھ کر کیا جائے گا۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں محمد عباس پاکستان کے لیے اہم بولر ثابت ہوسکتے ہیں، جب کہ شان مسعود پہلے ٹیسٹ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی ہے اور بابر اعظم کی عدم موجودگی کے باوجود ٹیم کو اپنے کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بابر اعظم فارم میں ہیں اور ان کی عدم موجودگی ٹیم کے لیے ایک دھچکا ضرور ہے، تاہم اس صورتحال میں بھی بہترین کمبینیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعود شکیل سمیت بیٹرز اور مڈل آرڈر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں گے۔

پاکستان پہلے ٹیسٹ میں چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے پر بھی غور کر رہا ہے، جب کہ محمد علی، محمد عباس، عامر جمال اور خرم شہزاد کی پلیئنگ الیون میں شمولیت کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم میں مسلسل نظر انداز کیے جانے پر مایوسی، خوشدل شاہ نے کرکٹ چھوڑنے کا عندیہ دے دیا

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 19 اگست سے لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لارڈز جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 ستمبر سے برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1996 میں وسیم اکرم کی قیادت میں انگلینڈ کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔ اس کے بعد پاکستان انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

2016 میں مصباح الحق کی قیادت میں دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچز کی سیریز 2،2 سے برابر رہی، جب کہ 2018 میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی 1،1 سے برابر ہوئی۔ 2020 میں پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1،0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔