اپریل 11, 2025 1:01 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

“حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی جڑیں افغان سرزمین سےجڑی ہوئی ہیں”وزیر دفاع

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
"حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی جڑیں افغان سرزمین سےجڑی ہوئی ہیں"وزیر دفاع( فائل فوٹو)

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مستحکم تعلقات چاہتا ہے، تاہم خیبر پختونخوا میں ہونے والے حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی جڑیں افغان سرزمین میں موجود عناصر سے جڑی ہیں۔

نجی نشریاتی ادارے کے پروگرام میں خواجہ آصف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تقریباً پونے دو سال قبل کابل گئے تھے، جہاں مثبت ماحول میں بات چیت ہوئی تھی، لیکن اس کے بعد سے حالات میں تنزلی آئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف کارروائیوں میں متعدد دہشتگرد مارے گئے ہیں، جن میں زیادہ تعداد افغان شہریوں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو حالات بہتر بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات اٹھانے ہوں گے، کیونکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی بڑی تعداد افغانستان میں موجود ہے۔

خواجہ آصف نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی فیصلے سے قبل صوبے کی روایتی قیادت کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ ان کے مطابق، دنیا میں مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہوتے ہیں، اور یہی راستہ بلوچستان میں بھی اپنانا ہوگا۔

انہوں نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو دہشتگرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ گرفتاریاں قانون کے مطابق ہونی چاہئیں اور معاملات کو گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ بلوچستان کے مسائل کئی دہائیوں پرانے ہیں اور انہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ  سرفراز بگٹی کو مذاکراتی عمل کی قیادت کرنی چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے رائے دی کہ نواز شریف کو بھی بلوچستان کے معاملے پر متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔ تاہم، ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے، اور وہ عید کے بعد اس معاملے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

فلسطین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ان کی فلسطین سے وابستگی 1967 سے ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی فلسطین کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر فورم پر فلسطینی عوام کے حقوق کی آواز بلند کی ہے۔

خواجہ آصف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ملک کی سالمیت سے متعلق اہم معاملات پر گفتگو کی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے طرزِ عمل پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بانی کے بغیر کسی بھی چیز کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ان کے مطابق، یہ ایک غیر جمہوری سوچ ہے، اور سیاست کو شخصیات سے نکال کر نظریات کی بنیاد پر استوار کرنا ضروری ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس