تونسہ میں ایڈز کے مبینہ پھیلاؤ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اور ٹھوس اقدامات کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ایڈز کے پھیلاؤ کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے پر غور کیا گیا۔ مریم نواز نے محکمہ صحت پنجاب کو ایڈز کے سدباب کے لیے آپریشنل پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکومت نے یونیسف، عالمی ادارہ صحت (WHO) اور محکمہ صحت پنجاب پر مشتمل جوائنٹ مشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو 7 سے 14 اپریل تک متاثرہ بچوں کی ہسٹری ٹریسنگ کرے گا اور ایڈز کنٹرول کے لیے وزیراعلیٰ کو تجاویز پیش کرے گا۔
متاثرہ علاقوں میں ہاؤس ہولڈ اسکریننگ کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جب کہ تونسہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور دیگر طبی مراکز میں ایڈز کے علاج کے لیے خصوصی مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: سول و عسکری قیادت کی بیٹھک، ملک دشمن مہم کا مؤثر جواب دینے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا کہ ایڈز سے متاثرہ بچوں کے علاج میں کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام مریضوں کو مکمل فری علاج فراہم کیا جائے گا۔