وزارت اقتصادی امور کا آفیشل ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ دشمن عناصر کی جانب سے ہیک کر لیا گیا تھا جس کا مقصد پاک بھارت کشیدگی کے پس منظر میں پاکستان کے خلاف منفی تاثر قائم کرنا تھا۔
ترجمان اقتصادی امور کے مطابق، دشمن نے اکاؤنٹ ہیک کرکے ایک گمراہ کن اور نامناسب پوسٹ کی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان جنگ میں ہونے والے نقصانات کے بعد عالمی پارٹنرز سے قرض کی اپیل کر رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق، اس سازش کا بنیادی مقصد عالمی اداروں اور بین الاقوامی برادری کے سامنے پاکستان کو کمزور اور معاشی طور پر غیر مستحکم ظاہر کرنا تھا۔ تاہم، وزارت اقتصادی امور اور دیگر حکومتی اداروں کی فوری اور مربوط کارروائی سے نہ صرف اکاؤنٹ کا کنٹرول دوبارہ حاصل کیا گیا بلکہ ہیکرز کی جانب سے کی گئی متنازعہ پوسٹ کو بھی فوری طور پر حذف کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: انڈیا کی جانب سے پاکستان پر حملوں کے لیے استعمال ہونے والا ہاروپ ڈرون کیا ہے؟
حکام نے مزید بتایا کہ فی الحال سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اکاؤنٹ کو ڈی ایکٹیویٹ کر دیا گیا ہے تاکہ مزید کسی بھی ممکنہ سائبر حملے سے بچا جا سکے۔ ترجمان اقتصادی امور نے کہا کہ دشمن کی یہ سازش مکمل طور پر ناکام بنا دی گئی ہے اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کی نشاندہی کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ اطلاعات پر یقین کریں اور کسی بھی مشکوک آن لائن مواد کو شیئر کرنے سے گریز کریں۔