اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو نمایاں مقام دیا گیا ہے۔

اشاعت میں وزیراعظم شہباز شریف کی سیاسی اور سفارتی سرگرمیوں جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عسکری قیادت اور کردار کو نمایاں کیا گیا ہے۔

فہرست میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سمیت دیگر عالمی شخصیات بھی شامل ہیں۔ پاکستان سے معروف مذہبی اسکالر مفتی محمد تقی عثمانی اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے بھی اس فہرست میں جگہ بنائی ہے۔

واضح رہے کہ رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر ہر سال دنیا بھر کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست جاری کرتا ہے۔ اس میں سیاست، دفاع، مذہب، تعلیم، سائنس، ثقافت اور سماجی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیات کو شامل کیا جاتا ہے۔