پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 نومبر سے کالپور، کردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں دہشت گردوں کے خلاف متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کالپور میں ایک کارروائی کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جب کہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر گشت بھی جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 14 نومبر کو فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان شہید ہوگئے۔
شہید میجر عمر منہاس ناصر کا تعلق ضلع چکوال جب کہ حوالدار محمد عدنان خان کوٹلی ستیاں کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر نے الزام عائد کیا کہ فتنہ الہندوستان بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی سے ڈرونز، دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز) اور دیگر جدید تکنیکی ذرائع استعمال کر رہا ہے۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارت اس گروہ کو مالی معاونت اور جدید آلات فراہم کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز بدلتے ہوئے خطرات سے پوری طرح آگاہ ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
بیان کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔







