آر جے ڈی (راشٹریہ جنتا دل) کے سینئر رہنما اور لالو پرساد یادو کے بڑے صاحبزادے تیج پرتاپ یادو نے ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پر ایک حیران کن انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے ایک لڑکی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ 12 برسوں سے اس لڑکی کے ساتھ رشتے میں ہیں اور دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔
تیج پرتاپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ “ہم دونوں پچھلے 12 سال سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور محبت کرتے ہیں۔ میں کافی وقت سے یہ بات آپ سب سے شیئر کرنا چاہ رہا تھا مگر سمجھ نہیں پا رہا تھا کیسے کہوں۔ آج میں اپنے دل کی بات آپ سب کے سامنے رکھ رہا ہوں امید ہے آپ سمجھیں گے۔”
ان کی اس پوسٹ کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ایک طوفان برپا ہو گیا۔ ہزاروں افراد نے ملا جلا ردعمل دیا۔
کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ 12 سال سے رشتے میں تھے تو پھر 2018 میں ایشوریا رائے سے شادی کیوں کی؟ کیا یہ اس لڑکی کے ساتھ دھوکہ نہیں تھا؟
یہ بات قابل ذکر ہے کہ تیج پرتاپ یادو کی شادی 2018 میں سابق وزیراعلیٰ دروگا پرساد رائے کی نواسی اور سابق وزیر چندریکا رائے کی بیٹی ایشوریا رائے سے ہوئی تھی۔ لیکن شادی کے چند مہینوں بعد ہی ان کے درمیان اختلافات کی خبریں منظر عام پر آنے لگیں اور اسی سال تیج پرتاپ نے عدالت میں طلاق کی درخواست دائر کر دی۔
تاہم، اب تک طلاق کی قانونی کارروائی مکمل نہیں ہوئی ہے اور قانوناً وہ دوبارہ شادی نہیں کر سکتے۔
تیج پرتاپ کی اس پوسٹ نے ایک بار پھر ان کی نجی زندگی کو عوامی بحث کا موضوع بنا دیا ہے اور سوشل میڈیا پر سوالوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔