ماہرین صحت نے انکشاف کیا ہے کہ گرمیوں کے متعدد موسمی پھل اور سبزیاں دل کی صحت کے لیے نہایت فائدہ مند ہیں۔ ان میں شامل وٹامنز، منرلز اور فائبر بلڈ پریشر کو کم کرنے اور دل کی مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
یہ معلومات حال ہی میں امریکا میں جاری کردہ ایک رپورٹ میں سامنے آئی ہیں، جس میں یونیورسٹی آف کنیکٹیکٹ کی ماہر غذائیت شیرے گرے سمیت متعدد ماہرین کے بیانات شامل کیے گئے ہیں۔
یہ تحقیق اور بیانات امریکا میں مختلف غذائی اور تحقیقی اداروں کے تحت شائع کیے گئے ہیں، جنہیں ویب سائٹ (ویری ول) نے رپورٹ کیا۔ ماہرین کے مطابق گرمیوں میں دستیاب پھل اور سبزیاں نہ صرف موسمی شدت سے نمٹنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ دل کے امراض جیسے ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور خون کی نالیوں کی بندش جیسے مسائل سے بھی بچاتی ہیں۔

ٹماٹر میں پوٹاشیم، وٹامن سی اور فولک ایسڈ کی وافر مقدار موجود ہے۔ ان اجزا کے ذریعے ہومو سسٹین کی سطح کم ہوتی ہے جو دل کے امراض کا ایک خطرناک عنصر ہے۔
شیرے گرے کے مطابق: “میں ٹماٹر کو پاستا میں پکا کر اس میں تازہ اروگولا، تھوڑا زیتون کا تیل اور پارمیسن چیز شامل کرتی ہوں۔” بلیو بیریز میں موجود اینتھوسیاننز اینٹی آکسیڈنٹس کے طور پر کام کرتے ہیں، جو جسم میں سوزش اور آکسیڈیٹو تناؤ کو کم کرتے ہیں۔ یہ دل کی بیماری کے خطرات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
آڑو پوٹاشیم، وٹامن سی، فائبر اور بیٹا کیروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں۔ بیٹا کیروٹین جسم میں وٹامن اے میں تبدیل ہو کر دل کی حفاظت میں کردار ادا کرتا ہے۔ آڑو بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ خوبانی میں فائبر، وٹامنز اے، بی، سی اور پیکٹن کی مقدار موجود ہوتی ہے، جو نظامِ انہضام کے لیے مفید اور دل کی شریانوں کی صحت کے لیے سود مند ہے۔

تربوز میں پوٹاشیم، فائبر اور لائکوپین پایا جاتا ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹ خون کے دباؤ کو کم کرنے اور شریانوں کو صحت مند رکھنے میں مددگار سمجھا جاتا ہے۔ اس میں موجود امینو ایسڈ “ایل-سٹریولین” بھی خون کی نالیوں کی لچک میں اضافہ کرتا ہے، اگرچہ اس پر مزید تحقیق درکار ہے۔ زوکینی پوٹاشیم، وٹامن سی اور فائبر کا اہم ذریعہ ہے۔ یہ دل کی بیماریوں اور فالج کے خطرے کو کم کرنے کے لیے معاون سمجھا جاتا ہے، بالخصوص ان افراد کے لیے جو پوٹاشیم کی کمی کا شکار ہوتے ہیں۔
2021 کی ایک محدود تحقیق کے مطابق روزانہ 2.5 سروِنگ اسٹرابیری کھانے سے دل کے خطرناک عوامل اور انسولین ریزسٹنس میں کمی دیکھی گئی۔ اسٹرابیری میں موجود وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس دل کو نقصان دہ فری ریڈیکلز سے محفوظ رکھتے ہیں۔ شیرے گرے نے تجویز کیا، “اگر ممکن ہو تو مقامی پھل اور سبزیاں استعمال کریں، کیونکہ یہ عموماً زیادہ تازہ، غذائیت سے بھرپور اور سستے ہوتے ہیں۔” ان کا مزید کہنا تھا، “اگر آپ باقاعدگی سے پھل اور سبزیاں نہیں کھاتے تو روز ایک یا دو سے آغاز کریں اور پھر بتدریج اضافہ کریں۔”