Follw Us on:

عالمی یوم انسدادِ منشیات: دنیا بھر میں کوکین کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، اقوامِ متحدہ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Us report
رپورٹ کے مطابق، سال 2023 میں دنیا بھر میں کوکین کی غیر قانونی پیداوار تقریباً ایک تہائی بڑھ کر 3,708 ٹن سے زائد تک جا پہنچی ہے۔ (تصویر: وی او اے)

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے اپنی سالانہ ورلڈ ڈرگ رپورٹ 2024 میں انکشاف کیا ہے کہ سال 2023 کے دوران کوکین کی پیداوار، استعمال اور ضبطی میں ریکارڈ اضافہ ہوا، جس سے یہ دنیا کی تیزی سے پھیلنے والی غیر قانونی منشیات کی منڈی بن گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سال 2023 میں دنیا بھر میں کوکین کی غیر قانونی پیداوار تقریباً ایک تہائی بڑھ کر 3,708 ٹن سے زائد تک جا پہنچی۔

اس اضافے کی بنیادی وجہ کولمبیا میں کوکا پودے کی کاشت کے رقبے میں اضافہ اور پیداوار کے اعداد و شمار میں ترمیم بتائی گئی، جس کے مطابق 2022 کے مقابلے میں کوکین کی فی ایکڑ پیداوار میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

This florida city has the highest cocaine consumption rate in america
عالمی سطح پر کوکین استعمال کرنے والوں کی تخمینہ شدہ تعداد بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ (تصویر: نیوٹن کاؤنٹی نیوز)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیداوار، ضبطی اور استعمال تینوں محاذوں پر کوکین نے نئے ریکارڈ قائم کیے، جس کے نتیجے میں یہ دنیا کی سب سے تیزی سے پھیلنے والی غیر قانونی منشیات کی مارکیٹ بن چکی ہے۔

عالمی سطح پر کوکین استعمال کرنے والوں کی تخمینہ شدہ تعداد بھی مسلسل بڑھ رہی ہے، جو 2023 میں دو کروڑ پچاس  لاکھ تک پہنچ گئی، جبکہ دس برس قبل یہ تعداد  ایک کروڑ 70 لاکھ تھی۔

استعمال کے لحاظ سے شمالی امریکا، مغربی و وسطی یورپ، اور جنوبی امریکا کوکین کی سب سے بڑی منڈیاں ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ان علاقوں میں گزشتہ سال کے دوران منشیات کے استعمال کے اعداد و شمار اور ویسٹ واٹر تجزیہ کی بنیاد پر کوکین کا استعمال سب سے زیادہ رہا۔

Global opium and cocaine production at record highs, un report says
مصنوعی منشیات میں ایمفیٹامین ٹائپ اسٹیمولنٹس (اے ٹی ایس ) جیسے میتھ ایمفیٹامین اور ایمفیٹامین سرفہرست ہیں۔ (تصویر: فرانس 24)

اقوام متحدہ کے مطابق، صرف قدرتی منشیات ہی نہیں بلکہ مصنوعی منشیات (سینتھیٹک ڈرگز) کی منڈی بھی وسعت اختیار کر رہی ہے، جس کی ایک وجہ کم لاگت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کے آسان طریقے ہیں۔

مصنوعی منشیات میں ایمفیٹامین ٹائپ اسٹیمولنٹس (اے ٹی ایس) جیسے میتھ ایمفیٹامین اور ایمفیٹامین سرفہرست ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ  2023 میں اے ٹی ایس کی ضبطی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی اور تمام ضبط شدہ مصنوعی منشیات کا تقریباً نصف حصہ اسی گروپ پر مشتمل تھا، جس کے بعد مصنوعی اوپیئڈز بشمول فینٹانائل کا نمبر آتا ہے۔

رپورٹ میں متعلقہ حکومتوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ منشیات کی ان منڈیوں کا بڑھنا صحت، سیکیورٹی اور قانونی نظام کے لیے بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، منشیات کی روک تھام کے لیے علاقائی اور عالمی سطح پر مزید تعاون اور شفاف نگرانی کی ضرورت ہے۔

اقوامِ متحدہ کی یہ رپورٹ ہر سال دنیا بھر میں منشیات کے رجحانات اور ان سے متعلقہ چیلنجز کا جائزہ لینے کے لیے جاری کی جاتی ہے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس