کہا جاتا ہے کہ اس دنیا میں ایک انسان کے سات ہم شکل ہوتے ہیں اور یہ بات کئی بار سچ بھی ثابت ہو چکی ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے، جو پاکستانی ڈرامہ “دو کنارے” کی قسط نمبر 28 اور 29 کی ہے، جس میں اداکار جنید خان اور مومنہ اقبال کی مہندی کی تقریب دکھائی گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس تصویر میں جنید خان کا چہرہ نیویارک کے سیاستدان زہران ممدانی سے حیرت انگیز حد تک مشابہت رکھتا ہے۔ یہ اتفاق نظر انداز کرنا ممکن نہ تھا اور صارفین نے اس پر دل کھول کر تبصرے کیے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ یقین نہیں آیا، تصویر کو زوم کر کے دیکھنا پڑا۔ ایک اور صارف نے تائید کرتے ہوئے کہاکہ بالکل! میں نے بھی یہی کیا۔
ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ان کی والدہ فلم ڈائریکٹر ہیں، شاید اس لیے وہ ڈراموں میں آگئے۔

اسی تصویر کے نیچے ایک صارف نے حیرت سے سوال کیا کہ زہران ممدانی کون ہیں؟ جواب میں کسی نے لکھاکہ انڈین نژاد ایک مسلمان نوجوان، جو نیویارک میں مئیر کا الیکشن لڑ رہا ہے۔
ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ ایک چیز جو ممدانی کبھی نہیں کر سکتے، وہ پاکستانی ٹی وی ڈراموں میں اداکاری ہے جو وہ انڈین بیک گراؤنڈ کی وجہ سےنہیں کرسکتے۔
اسی صارف نے مزید لکھا کہ وہ نیویارک کے مئیر بن سکتے ہیں، اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں، زبردست مقرر ہیں، لیکن پاکستانی ڈراموں کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ اسی لیے انہوں نے امریکی سیاست کا انتخاب کیا، جہاں ڈرامے کم ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ زہران ممدانی نے حال ہی میں نیویارک کے مئیر کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے پرائمری الیکشن جیتا ہے اور اپنی جیت کے بعد وہ انٹرنیٹ پر خاصے مشہور ہو چکے ہیں۔ ان کی شہرت کی بڑی وجہ ان کا سادہ طرزِ زندگی، خوش اخلاقی اور وہ بصیرت ہے، جس کے ذریعے وہ نیویارک کے شہریوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ زہران ممدانی نے پرائمری الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے اور مئیر بننے کے لیے انہیں نومبر میں ہونے والا فائنل الیکشن جیتنا ہوگا۔