میٹا کی سوشل میڈیا ایپ تھریڈز میں فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے سائن اپ کرنے کی سہولت متعارف کرانے کی آزمائش کی جا رہی ہے۔ اس وقت یہ فیچر تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں تاہم میٹا کے سپورٹ پیج پر اس کا ذکر کیا گیا ہے۔
ابھی تک تھریڈز پر اکاؤنٹ بنانے کے لیے انسٹاگرام اکاؤنٹ لازمی ہوتا ہے جس کی وجہ سے ابتدائی دنوں میں ایپ کے صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا۔ تاہم میٹا اب تھریڈز کو بتدریج ایک خودمختار ایپ بنانے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
میٹا کے مطابق فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے سائن اپ کرنے کی صورت میں دونوں پلیٹ فارمز یعنی فیس بک اور تھریڈز کی سروسز کو مشترکہ طور پر استعمال کرنا ممکن ہو سکے گا۔ اس میں ایک ہی لاگ ان معلومات دونوں ایپس پر استعمال کی جا سکیں گی۔

میٹا کے سپورٹ پیج پر لکھا گیا ہے کہ اگر آپ فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے تھریڈز پروفائل بناتے ہیں تو ہم تھریڈز اور فیس بک اکاؤنٹس کو اکٹھا کر دیں گے۔
اس سے ان افراد کے لیے تھریڈز پر اکاؤنٹ بنانا آسان ہو جائے گا جو انسٹاگرام استعمال نہیں کرتے۔ میٹا کے مطابق یہ فیچر صارفین کو دونوں ایپس کے درمیان بہتر ربط فراہم کرے گا۔
واضع رہے کہ میٹا اس سے قبل جون 2025 میں تھریڈز پر ڈائریکٹ میسجنگ کا فیچر بھی متعارف کرا چکا ہے۔ اس سے پہلے صارفین کو انسٹاگرام کے ڈائریکٹ میسجنگ سسٹم پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔
میٹا کی جانب سے اس تبدیلی پر باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا تاہم کمپنی کی پالیسی میں تبدیلیوں کے تناظر میں یہ فیچر تھریڈز کو فیس بک سے جوڑنے کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔