ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کو ایک نئی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب یہ انکشاف سامنے آیا کہ اس نے متعدد مشہور شخصیات کے نام اور تشبیہات ان کی اجازت کے بغیر استعمال کرتے ہوئے درجنوں سوشل میڈیا چیٹ بوٹس تیار کیے ہیں ۔یہ چیٹ بوٹس ٹیلر سوئفٹ، اسکارلیٹ جوہانسن، این ہیتھ وے اور سیلینا گومز کے نام اور ان کی تصویریں استعمال کر رہے تھے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق، میٹا کے پلیٹ فارمز فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر ان مشہور شخصیات کے ورچوئل چیٹ بوٹس صارفین کے ساتھ شیئر کیے گئے۔ کئی ہفتوں تک جاری رہنے والے تجربے کے دوران یہ بوٹس خود کو حقیقی فنکار اور اداکار ظاہر کرتے رہےاور بعض اوقات صارفین کو جنسی نوعیت کی گفتگو اور ملاقات کی دعوت بھی دیتے رہے۔
مزید یہ انکشاف ہوا کہ کمپنی کے ایک ملازم نے براہِ راست ایسے چیٹ بوٹس تخلیق کیے جن میں دو ٹیلر سوئفٹ کے “پیروڈی” ورژن بھی شامل تھے۔ ان بوٹس میں غیر مناسب رویہ اور حساس نوعیت کا مواد دیکھنے کو ملا۔ ایک موقع پر نابالغ اداکار واکر اسکوبل سے ملتا جلتا چیٹ بوٹ بھی سامنے آیا جس نے بغیر قمیض کے تصویر تخلیق کر دی۔
میٹا کے ترجمان اینڈی اسٹون نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی پالیسی عریاں یا جنسی نوعیت کی تصاویر کی اجازت نہیں دیتی ۔مگر یہ خلاف ورزی پالیسی کے نفاذ میں ناکامی کو ظاہر کرتی ہے ۔ تاہم، انہوں نے زور دیا کہ “پیروڈی” کے لیبل کے ساتھ مشہور شخصیات کے کردار تخلیق کیے جا سکتے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق، کئی اوتار ایسے بھی تھے جن پر پیروڈی کا لیبل موجود ہی نہیں تھا۔میٹا نے رپورٹ سامنے آنے کے بعد تقریباً ایک درجن متنازعہ بوٹس اور اوتار ہٹا دیے ہیں ۔
قانونی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ میٹا کا یہ عمل ریاستی قوانین، خاص طور پر کیلیفورنیا کے “حقِ اشاعت “کے قانون کے خلاف ہو سکتا ہے، جو کسی بھی فرد کے نام یا تشبیہ کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے روکتا ہے۔
ہالی ووڈ آرٹسٹ آف یونین نے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یونین کے قومی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈنکن کریبٹری آئرلینڈ نے کہا کہ اس طرح کے ڈیجیٹل بوٹس مداحوں میں حقیقی اور جعلی کے درمیان فرق مٹا سکتے ہیں اور یہ اسٹاکنگ یا سلامتی کے مسائل کو بڑھا سکتے ہیں۔ یونین وفاقی سطح پر قانون سازی کا مطالبہ کر تی ہے تاکہ فنکاروں کی شناخت، آواز اور تشبیہ کواےآئی ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے محفوظ بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں : ‘اے آئی’ صرف آغاز ہے، آخر تک دنیا بدل جائے گی، این ویڈیا کی چونکا دینے والی رپورٹ
واضح رہے کہ میٹا کو پہلے بھی اپنے چیٹ بوٹس کی وجہ سےسخت تنقید کا سامنا رہا ہے ،یہ تازہ انکشافات ایک بار پھر سوال اٹھا رہے ہیں کہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنے اے آئی ٹولز کے استعمال اور نگرانی میں کتنی احتیاط برت رہی ہیں۔