یورپی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ فرانس اسپین، اٹلی، ڈنمارک اور یونان پانچ یورپی ممالک ہوں گے جو بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے عمر کی تصدیق کرنے والی ایپ کا تجربہ کریں گے۔
یہ اقدام دنیا بھر میں سوشل میڈیا کے بچوں کی ذہنی صحت پر اثرات کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان اٹھایا جا رہا ہے۔

عمر کی تصدیق کرنے والی ایپ کی ساخت یورپی ڈیجیٹل شناخت والیٹ کے اسی تکنیکی خاکے پر مبنی ہے جو اگلے سال متعارف کرائی جائے گی۔ پانچ ممالک اس ماڈل کو اپنی ضروریات کے مطابق تخصیص کر سکتے ہیں اس کے علاوہ وہ اسے قومی ایپ میں ضم کرنے یا الگ سے رکھنے کے آپشن بھی رکھتے ہیں۔
یورپی کمیشن نے آن لائن پلیٹ فارمز کے لیے اصول بھی جاری کیے ہیں تاکہ وہ بچوں کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ یہ اقدامات یورپی یونین کے ڈیجیٹل سروسز ایکٹ ڈی ایس اے کے تحت کیے گئے ہیں جو گزشتہ سال نافذ ہوا تھا۔
اس قانون کے مطابق گوگل میٹا پلیٹ فارمز بائیٹ ڈانس کی ٹک ٹاک اور دیگر آن لائن کمپنیوں کو غیر قانونی اور نقصان دہ مواد کے خلاف مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

یورپی یونین کے ریگولیٹرز کا کہنا ہے کہ یہ نئے رہنما اصول آن لائن پلیٹ فارمز کو لت کی خصوصیات سائبر بلیئنگ نقصان دہ مواد اور اجنبی افراد سے غیر ضروری رابطے جیسے مسائل سے نمٹنے میں مدد دیں گے۔
اس وقت ایلون مسک کے ایکس ٹک ٹاک میٹا کے فیس بک اور انسٹاگرام اور کئی بالغ مواد والی ویب سائٹس یورپی یونین کے ریگولیٹرز کے زیر تفتیش ہیں تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا وہ ڈی ایس اے کے تقاضوں کے مطابق عمل کر رہے ہیں یا نہیں۔
یورپی کمیشن نے اس اقدام کو بچوں کی آن لائن حفاظت کو یقینی بنانے کی ایک اہم کوشش قرار دیا ہے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ پلیٹ فارمز کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ بچوں کو خطرات سے بچائیں۔