اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جو اسے نیم خودمختار ڈیجیٹل اسسٹنٹ میں تبدیل کر دیتا ہے۔
یہ اعلان کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین اور دیگر عہدیداروں نے ایک براہ راست نشریات کے دوران کیا ہے۔
یہ فیچر چیٹ جی پی ٹی ایجنٹ کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے ذریعے صارفین چیٹ جی پی ٹی کو ہدایت دے سکتے ہیں کہ وہ کمپیوٹر پر مختلف کام خود مکمل کرے۔
فیچر میں اوپن اے آئی کے آپریٹر اور ڈیپ ریسرچ ٹولز کو شامل کیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ ایجنٹ نہ صرف کمپیوٹر فائلز اور سافٹ ویئر کے ساتھ تعامل کر سکتا ہے بلکہ ویب براؤزر کے ذریعے حقیقی دنیا کے ٹاسک بھی مکمل کرتا ہے۔
ان میں کیلنڈر مینیج کرنا پاور پوائنٹ پریزنٹیشن چلانا اور ویب سائٹس پر معلومات تلاش کرنا شامل ہے۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ فیچر کو فی الحال چیٹ جی پی ٹی پرو پلس اور ٹیم صارفین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ صارفین اپنے چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹ میں ٹول مینیو سے ایجنٹ موڈ کو فعال کر سکتے ہیں۔
اس فیچر کے تحت صارف چیٹ جی پی ٹی سے یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ وہ کسی شہر میں ہوٹلوں کی تلاش کرے ان کے بارے میں معلومات فراہم کرے اور ان کے فوائد و نقصانات کا تجزیہ بھی کرے۔
اسی طرح اگر صارف کسی ریسٹورنٹ میں ٹیبل ریزرو کرانا چاہے تو چیٹ جی پی ٹی یہ دیکھے گا کہ کیلنڈر میں کب وقت دستیاب ہے اور اس کے مطابق ریزرویشن تجویز کرے گا۔
اوپن اے آئی کے مطابق یہ فیچر اس لحاظ سے منفرد ہے کہ یہ ہر ٹاسک کو الگ انداز سے مکمل کرتا ہے اور کمپیوٹر پر خود کار طریقے سے کئی نوعیت کے فیصلے لے سکتا ہے۔
کمپنی نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ یہ فیچر مکمل طور پر نیا ہے اور اس کا مقصد چیٹ جی پی ٹی کو صرف جوابات دینے والے سسٹم سے آگے بڑھا کر مکمل اسسٹنٹ کی سطح پر لے جانا ہے۔