اپریل 5, 2025 12:30 صبح

English / Urdu

“پیپلز پارٹی نے 17سال میں شہر کا انفرا اسٹرکچر ہی نہیں تعلیم کو بھی تباہ کیا ہے” امیر جماعت اسلامی کراچی

جماعت اسلامی نے سندھ میں تعلیمی بورڈز کی کارکردگی پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے،طلبہ و اساتذہ، والدین اور عام شہری شدید پریشان ہیں ، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے 17 سال سے مجرمانہ چشم پوشی اختیار کی ہوئی ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سندھ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے تعلیمی بورڈز کی کارکردگی پر شدید عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں اپنے 17سالہ بدترین دور حکمرانی میں شہر کا انفرا اسٹرکچر  ہی نہیں تعلیم اور تعلیمی نظام کو بھی تباہ و برباد کیا ہے۔ منعم ظفر  خان کا کہنا ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے، طلبہ و اساتذہ کرام بے شمار مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہیں، اربوں روپے کا سالانہ تعلیمی بجٹ نااہلی اور کرپشن کی نذ رہو رہاہے، حکومتی سرپرستی میں کراچی کے طلبہ و طالبات کا تعلیمی حق مارا جا رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ  انٹر کے امتحانات میں ہر سال ہیر پھیر کی جارہی ہے اور اس حوالے سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ بھی سامنے نہیں لائی جا رہی،ایم ڈی کیٹ میں پرچے لیک ہونے اور بد انتظامی و بے ضابطگی بھی معمول بن گئی ہے، جعلی ڈومیسائل کی بنیاد پر میڈیکل کالجوں میں داخلے دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  سندھ حکومت نے جامعات پر اپنا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جامعات کی خودمختاری پر کاری ضرب لگائی ہے، کسی بھی بیورو کریٹ کو مادر علمی کا وائس چانسلر لگانے اور اساتذہ کی عارضی تقرری کا نظام بنا کر من پسند لوگوں کی بھرتی کے ذریعے رشوت اور کرپشن کے دروازے کھول دیے گئے ہیں۔  جامعات ایکٹ میں ترامیم کے خلاف اساتذہ کرام کے مسلسل احتجاج کے باوجود اساتذہ تنظیموں اور اساتذہ کے نمائندوں سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی اور اسمبلی سے بل منظور کروا لیا گیا۔ منعم ظفر خان نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے تعلیم دشمن  اقدامات اور پالیسیوں نے جامعات و تعلیمی بورڈز اور تعلیم کو مذاق اور تماشہ بنا دیا ہے، نہ صرف طلبہ و اساتذہ بلکہ والدین اور عام شہری بھی اس تعلیمی بد حالی کے باعث شدید ذہنی و جسمانی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا ہے کہ  سندھ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے عدم اعتماد کے  اظہار نے سندھ میں تعلیم کی تباہ حالی اور تمام تعلیمی بورڈز کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کو ایک بار پھر عیاں کر دیا ہے جبکہ تعلیم سے وابستہ اور عوامی حلقہ مسلسل اس بد ترین صورتحال کی جانب متوجہ کر رہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے بھی مجرمانہ چشم پوشی و خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

آئی سی سی ٹورنامنٹ میں جیت کی سوچ لے کر آئے ہیں، روہت شرما

انڈین کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم بہت متوازن ہے، آئی سی سی ٹورنامنٹ میں جیت کی سوچ لے کر آئے ہیں۔ دبئی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انڈین کپتان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کا ہر ایونٹ بہت اہم ہوتا ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو، ایک روزہ ورلڈ کپ ہو یا پھر چیمپیئنز ٹرافی، تینوں فارمیٹس میں گیم میں واپس آنے کے چانسز  بہت کم ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس دوسری جانب 50 اوورز کا ورلڈ کپ تھوڑا مختلف ہوتا ہے، کیوں کہ وہاں پر کم بیک کا چانس ہمیشہ موجود ہوتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور چیمپیئنز ٹرافی میں 2 یا 3 لیگ گیمز ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے ایک میچ ہارنے پر پریشر بڑھ جاتا ہے۔ مزید پڑھیں: نہ بولنگ چلی نہ بیٹنگ، دفاعی چیمپیئن پاکستان کیویز کے ہاتھوں پہلا میچ ہار گیا روہت شرما نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں اچھا کھیل پیش کریں گے، ٹورنامنٹ میں ہمارے لیے مختلف چیلنج ہو گا۔ انڈین ٹیم بہت متوازن ہے، اسپنرز اور آل راؤنڈرز کا اچھا کمبی نیشن ہے۔ آئی سی سی ٹورنامنٹ میں جیت کی سوچ لے کر آئے ہیں۔ ہر میچ میں الگ منصوبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انڈین کپتان کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ورون چکرورتی نیٹ میں زیادہ ویری ایشن والی گیندیں نہیں کرواتے، ہو سکتا ہے کہ وہ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے بچا کر رکھ رہے ہوں۔ ورون کے پاس کچھ الگ ہے، اسی وجہ سے وہ ٹیم کا حصہ ہیں، گزشتہ 8 سے 9 ماہ ان کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ کیا کرتے ہیں؟

” نوازشریف کینسر ہسپتال میں بلوچستان کے مریضوں کا بھی علاج ہوگا “وزیراعلیٰ پنجاب

پنجاب حکومت نے بلوچستان کے مختلف اضلاع کی یونیورسٹیوں، کالجز، ٹیکنکل ایجوکیشن کی طالبات کی میزبانی کی، پنجاب حکومت کی طرف سے بلوچستان کی عوام کے لیے صحت اور تعلیم کے لیے پنجاب میں دروازے کھلے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کرنے والوں میں بلوچستان کے مختلف اضلاع کی یونیورسٹیوں، کالجز، ٹیکنکل ایجوکیشن کے 49 طالبات اور 14خواتین اساتذہ شامل تھیں۔ مریم نوازشریف نے طالبات اور فیکلٹی ممبرز کو لاہور آمد پر خیر مقدم کیا،حکومت پنجاب کی طرف سے بلوچستان کے وفد کو لیپ ٹاپ اور تحائف پیش کیے گئے، بلوچستان کی طالبات کی طرف سے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو روایتی بلوچ شال پہنائی گئی۔  وزیراعلیٰ پنجاب  نے بلوچستان کی طالبات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک ہی سال میں پانچ سال کے پراجیکٹ اور پروگرام شروع کرا دیے ہیں۔ پنجاب حکومت کی طرف سے کہا گیا کہ بلوچستان کے طلبہ کو بھی ہونہار سکالر شپ ملیں گے اور لیپ ٹاپ سکیم میں شامل کیا جائے گا۔ نقل و حمل کے اخراجات بچانے کے لئے سبزیاں اورپھل متعلقہ اضلاع میں ہی مقامی طور پر کاشت کی جائیں گی۔ دھی رانی پروگرام کے تحت سپیشل افراد سمیت 1500جوڑوں کی شادیاں سرکاری اخراجات پر ہوچکی ہیں۔ بلوچستان کے کالجز سے آنے والی طالبات نے پنجاب میں جاری پروگرام اور پراجیکٹس کو سراہا۔ بلوچستان کے مختلف کالجز کی طالبات اور فیکلٹی ممبرز وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بلاشبہ باقی صوبوں سے ہر شعبہ میں آگے ہے،پنجاب میں ہیلتھ ایجوکیشن اور دیگر شعبے دوسروں صوبوں سے بتدریج بہتر ہیں،بلوچستان میں 40، 50روپے کی روٹی ملتی ہے، روٹی کی پنجاب میں14، 15روپے نرخ ہونے پر خوشی ہوئی۔

خیبر پختو نخوا : باجوڑ میں پولیو ٹیم پر حملہ ، پولیس اہلکار قتل ہو گیا

پاکستان میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود، عسکریت پسندوں کی جانب سے پولیو کی ٹیموں پر متعدد بار حملے ہو چکے ہیں،باجوڑ  میں پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا ہے جس کی صورت میں پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ افغان سرحد کے قریب خیبر پختونخواہ کے ضلع باجوڑ میں  مسلح افراد نے پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم کی حفاظت کرنے والے ایک پولیس افسر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پاکستان اور افغانستان میں پولیو کے کیسز بڑھ رہے ہیں جبکہ  عسکریت پسند کئی دہائیوں سے ویکسینیشن ٹیموں اور ان کے حفاظتی دستوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پاکستان میں پولیو دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، اس سال اب تک دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اور گزشتہ سال کم از کم 74 پولیو کے انفیکشنریکارڈ کیے گئے تھے۔ خبر ارساں ادارہ اے ایف پی کے مطابق دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں، پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، لیکن پولیو ٹیم محفوظ رہی۔ ایک سینئر پولیس اہلکار، وقاص رفیق نے کہا، علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافے کے بعد، سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ضلع میں پولیو مہم کے آغاز میں تاخیر ہوئی تھی۔ حملے کے باوجود، مہم سوائے جائے وقوعہ کے ضلع کےتمام علاقوں میں جاری ہے ۔ پولیو زیادہ تر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو متاثر کرتا ہے اور بعض اوقات عمر بھر کے فالج کا سبب بنتا ہے لیکن ویکسین کے چند قطروں کے زبانی استعمال سے اسے آسانی سے روکا جا سکتا ہے۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستانی ریاست کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے عسکریت پسندوں کے ہاتھوں سینکڑوں پولیس افسران اور صحت کے کارکن ہلاک ہو چکے ہیں۔ پاکستان نے 2021 میں افغانستان میں طالبان کی واپسی کے بعد سے زیادہ تر کے پی اور بلوچستان میں حملوں میں اضافہ دیکھا ہے۔

“فیورٹس کا بھی برا دن ہوسکتا ہے ” بنگلہ دیش کے کپتان کا دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس

انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان کل دبئی اسٹیڈیم  میں چیمپیئنز ٹرافی کا میچ کھیلا جائے گا اور اس میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتان نے پریس کانفرنس کی۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان نجم الحسین شانتو نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل اعتماد اور عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس میں کسی بھی ٹیم میں جیتنے کی صلاحیت ہوتی ہے اور بنگلہ دیش چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شانتو نے کہا: “آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیسے ٹورنامنٹ میں کوئی بھی ٹیم جیت سکتی ہے کیونکہ فیورٹ کا بھی برا دن ہوسکتا ہے۔” انہوں نے روشنی ڈالی کہ ٹیم نئے کھلاڑیوں کو میدان میں لائے گی اور فتح کو یقینی بنانے کے لیے سخت محنت اور حکمت عملی پر بھروسہ کرے گی۔ شانتو نے مزید کہا کہ پوری ٹیم ہندوستان کے خلاف اپنی کارکردگی سے حوصلہ افزائی اور پراعتماد ہے۔ انہوں نے شائقین کو یقین دلایا کہ بنگلہ دیشی ٹیم اپنی بہترین کوششیں کرے گی اور اپنی صلاحیتوں اور لگن سے اپوزیشن کو چیلنج کرے گی۔ انہوں نے آنے والے میچ کی مشکل کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے تسلیم کیا، لیکن اپنی ٹیم کی صلاحیت پر یقین کا اعادہ کیا۔ شانتو نے کہا، “ہم اپنی کارکردگی سے مخالف ٹیم کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں،” انہوں نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی مثبت نتیجے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بنگلہ دیش اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچ نے دبئی میں مقیم دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین کی خاصی توجہ حاصل کی ہے، جس سے یہ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ متوقع کھیلوں میں سے ایک ہے۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا اجلاس: برٹش وفد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی فیصل آباد کا دورہ کرے گا

صوبائی وزیر صحت کی زیر نگرانی میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا،  جس میں فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں برٹش وفد کے دورہ کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اورمتعلقہ حکام نے اس حوالہ سے بریفننگ دی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا ،جس میں  سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود، چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیر رانا، ڈی جی پروٹوکول انعام الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ اور ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن سجاد خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مزید کمشنر فیصل آباد ڈویڑن مریم خان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق اور فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ذمہ داران نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں برٹش وفد کے دورہ کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لیا۔متعلقہ حکام نے اس حوالہ سے بریفننگ بھی دی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 24 فروری کو برٹش وفد یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کا دورہ کرکے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی روانہ ہو جائے گی،  برٹش وفد میں ایڈن لٹل ہارٹس تنظیم سے پروفیسر عمران سعید، ڈاکٹر عمر اور ڈاکٹر سندیپ شامل ہوں گے۔ صوبائی وزیر صحت کا کہناہے کہ غیر ملکی کارڈیک سرجنز فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں معصوم بچوں کی ہارٹ سرجریز کریں گے۔  خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ان کارڈیک سرجنز کے زیر نگرانی ہونے والی ہارٹ سرجریز کو مانیٹر کریں گی، اس حوالے سے ہارٹ سرجریز کروانے والے معصوم بچوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ ڈاکٹر فرقد عالمگیر کے توسط سے یہ برٹش وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، برٹش وفد میں شامل کارڈیک سرجنز کا پاکستان میں پانچ روزہ دورہ ہو گا۔ وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹر رزاق اور ڈاکٹر ضیغم سے اس حوالہ سے مکمل کوارڈی نیشن ہو رہی ہے۔ برٹش وفد کو یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں کارڈیک سرجری سے متعلق مکمل بریفننگ دی جائے گی۔

2018 میں ملک پر ایک اناڑی مسلط کیا گیا، احسن اقبال

وفاقی وزیرِ احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2017 میں ن لیگ نے نیشنل سنٹر سائبر اسکیورٹی بنایا، مگر 2018 میں ملک پر ایک اناڑی مسلط کیا گیا۔ کراچی میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک کی ترقی کا پلان دیا۔ ملکی ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل ناگریز ہے۔ پاکستان میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اگلے 22 سالوں میں ایشیا کی بڑی معیشیت بن سکتا ہے، پاکستان قدرتی معدنیات سے مالا مال ہے۔ پاکستان کو ایک جدید معیشیت بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا، تعلیم و تحقیق کے مراکز ہی ترقی کے ضامن ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جدید ترین ڈیٹا سنٹر بنانے پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو مبارک باد دیتا ہوں۔ اڑان پاکستان ملک کی پائیدار ترقی کا منصوبہ ہے، ترقی  کے لیے ہر شعبے میں مصنوعی ذہانت کو اپنانا ہو گا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پی ایچ ڈیز کے لیے اسکالر شپ پروگرام کی بنیاد رکھی۔ مزید پڑھیں: خط لکھنے والے چاہتے ہیں کہ بیساکھی مل جائے جس میں بیٹھ کر اقتدار تک پہنچ جائیں، احسن اقبال وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ 2017 میں ہم نے نیشنل سنٹر سائبر سکیورٹی بنایا، مگر 2018 میں ملک پر ایک نااہل شخص کو مسلط کیا گیا۔ اب پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، ملک اب احتجاج اور دھرنوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کو بدنام کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب ون ڈش کی خلاف ورزی پر برہم، انتظامیہ کو عمل درآمد کرانے کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں شادی کی تقریبات میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا، شادیوں میں ون ڈش پالیسی کا اطلاق فارم ہاؤسز اور پرائیویٹ پراپرٹی میں شادی کی تقریبات پر بھی ہو گا۔ نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ شادی کی تقریبات میں ون ڈش کی خلاف ورزی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔ ون ڈش پالیسی کا اطلاق فارم ہاؤسز اور پرائیویٹ پراپرٹی پر ہونے والی شادیوں پر بھی لاگو ہوگا، جس کے لیے کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی، تاکہ کوئی خلاف ورزی نہ ہو۔ مزید پڑھیں: مریم نواز کے کاروبار کی ترقی کے لیے اقدامات: فلاحی سکیموں کا اعلان کردیا مریم نواز نے کہا کہ ایسی خلاف ورزی استطاعت نہ رکھنے والے والدین پر مالی بوجھ بنتی ہے، جب کہ متعدد ڈشز کی روایت کے منفی سماجی اثرات بھی سامنے آتے ہیں۔انہوں نے ہدایت دی کہ خلاف ورزی پر جرمانے اور قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور اگر کہیں خلاف ورزی رپورٹ ہوئی، تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو ذمہ دار سمجھا جائے گا۔ واضح رہے کہ حکومتی احکامات کے بعد انتظامیہ نے مختلف اضلاع میں چھاپے مارنے اور شادی ہالز کی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاکہ ون ڈش پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

پارلیمنٹ کے اندر اور باہر انتشار پھیلانے والوں کے عزائم بے نقاب کرنا ہوں گے، نوازشریف

سابق وزیرِاعظم اور صدر ن لیگ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور پارلیمنٹ کے اندر اور باہر انتشار پھیلانے والوں کے عزائم بے نقاب کرنا ہوں گے۔ نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف سے رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی اور سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر سابق وزیرِاعظم  نے کہا کہ ایک گروہ سنجیدہ مذاکرات اور سیاسی افہام و تفہیم کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل وکرم سے ایک بار پھر ملک اپنے پاوں پر کھڑا ہو رہا ہے۔ عوام اور بالخصوص ہماری نوجوان نسل کو پرامن اور ترقی کرتے ہوئے پاکستان کی ضرورت ہے، جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کردار ادا کرنے کے مواقع حاصل ہوں۔ مزید پڑھیں: گرین الیکٹرک بس قائد نواز شریف کا وژن ہے، مریم نواز سابق صدر نے کہا کہ 2013 سے شروع ہونے والا تعمیر وترقی کا سفر جاری رہتا، تو آج آئی ایم ایف کی ضرورت ہوتی نہ بیرونی مدد کی۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر انتشار پھیلانے والوں کے عزائم بے نقاب کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اب کسی کو تعمیر و ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے اور مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ یہ لوگ سنجیدہ مذاکرات کرنے اور سیاسی افہام وتفہیم کے ساتھ معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ نواز شریف نے کہاکہ ن لیگ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کو موثر طریقے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور عوام سے مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں۔

“بانی پی ٹی آئی کی ٹریننگ پر وزیراعلیٰ کے پی اور انکے ترجمان مریم نواز کے بارے میں گھٹیا گفتگو کرتے ہیں” وزیر اطلاعات پنجاب

مریم نواز کی مقبولیت سے کچھ حلقے شدید پریشان ہیں، اسی وجہ سے ان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جا رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے سیکھنے والے سیاستدان اب بھی اسی منفی رویے کو اپنائے ہوئے ہیں، جو قابلِ مذمت ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز آج پنجاب سمیت پورے پاکستان کے یوتھ کی پسندیدہ لیڈر بن گئی ہیں،نارووال کے کامیاب جلسے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت اسکا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ  مریم نواز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے دو صوبوں کی حکومتیں بہت پریشان ہیں،بانی پی ٹی آئی کی ٹریننگ پر وزیراعلی کے پی اور انکے ترجمان مریم نواز کے بارے میں گھٹیا گفتگو کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر کاکہنا ہے کہ مریم نواز ایک سال بعد عوام کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرنے والی پہلی وزیراعلی ہیں،پنجاب کے عوام نے مریم نواز کی کارکردگی پر اطمینان کی مہر لگائی ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ مریم نواز سے متعلق ایک جماعت اور اسکے لوگ مسلسل مغلظات بک رہے ہیں،پہلے بانی پی ٹی آئی مریم نواز کے بارے میں اخلاقیات سے گری ہوئی گفتگو کرتا تھا اور اب یہ کام علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف نے بھی شروع کردیا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خط بازیاں کرنا ان کے لیڈر اور ان لوگوں کی پرانی عادتیں ہیں جو آج تک نہیں بدلیں،انکی زبان،انکی باتوں،انکی خاندانی اقدار پر انکی فیملی کی خواتین پر ترس آتا ہے۔ وزیر اطلاعات  نے مزید کہا کہ اڈیالہ کا قیدی اور اسکے چیلے بغض مریم نواز میں ہلکان ہورہے ہیں،اگر کسی صوبے کو پنجاب کے کسی منصوبوں کی تفصیل چاہیے تو مریم نواز فراہم کر دیں گی، مریم نواز کو عوام کی خدمت کا درس اپنی والد سے ملا اسی ویژن پر وہ چل رہی ہیں۔