April 19, 2025 12:44 pm

English / Urdu

’پی ٹی آئی اپنے زخم چاٹ رہی ہے‘ وزیردفاع

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے برطانیہ سے مثالی تعلقات ہیں، آرمی چیف کا دورہ انتہائی اہم ہے۔ سرکاری ٹی وی کو انٹرویو کے دوران انھوں نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ اہم سفارتی، عسکری اور معاشی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں ہمیشہ اہم رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی، فوج کو اپنی پارٹی کا ذیلی ادارہ بنانا چاہتے ہیں، اقتدار سے محرومی کے بعد پی ٹی آئی اپنے زخم چاٹ رہی ہے۔ مذموم مقاصد کیلئے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات رونما کیے گئے۔   انھوں نے کہا کہ قومی املاک پر حملے اور شہدا کی یاد گاروں کی بے حرمتی کے واقعات ایک حقیقت ہیں، پی ٹی آئی والوں کی سیاست ایک ذات کے لیے ہے۔ انہیں ملک کی کوئی فکر نہیں، پی ٹی آئی کا طرز عمل ہر گز سیاسی نہیں ہے۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہم نے سیاسی انتقام کا سامنا کیا لیکن ملکی وقار کے خلاف کوئی بات نہیں کی، انتشار کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہو جائے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ الحمد للہ، ملک استحکام کی راہ پر گامزن ہے، معاشی میدان میں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں، قومی محاذ پر کامیابیوں سے پی ٹی آئی کی پریشانی اور بیزاری بڑھ گئی ہے۔

“لاشوں میں سے ایک کا تعلق غزہ میں یرغمالیوں سے نہیں ہے” اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز کہا کہ فلسطینی مزاحمتی گروہ حماس کی طرف سے جاری کی گئی لاشوں میں سے ایک کا تعلق غزہ میں یرغمالیوں سے نہیں ہے۔ انہوں نے حماس پر پہلے سے ہی نازک جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا۔ فوج نے بتایا کہ لاشوں میں سے دو کی شناخت شیر ​​خوار کفیر بیباس اور اس کے چار سالہ بھائی ایریل کے طور پر ہوئی ہے، جب کہ تیسری لاش جو ان کی والدہ شیری کی سمجھی جاتی تھی، وہ ان کی والدہ سے نہیں ملتی تھی اور  وہ ناقابل شناخت تھی۔ فوج نے ایک بیان میں، شیری اور تمام یرغمالیوں کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا یہ حماس  کی طرف سے معاہدے کی خلاف ورزی ہے، جو معاہدے کے تحت چار ہلاک شدہ یرغمالیوں کو واپس کرنے کا پابند ہے۔ اوڈڈ لیفشٹز کے اہل خانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی لاش کی باضابطہ شناخت کر لی گئی ہے۔ فلسطینی حکمران جماعت حماس کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اس سے قبل حماس سے بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا تھا جب انہوں نے چار لاشوں کو اسرائیل کے حوالے کیا۔ جن میں کفیر اور ایریل شامل تھے، جو 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے دوران اغوا کیے گئے تھے۔ لڑکوں کی ممنوعہ باقیات، ان کی والدہ اور لفشٹز کو غزہ کے جنگ بندی معاہدے کے تحت امریکہ کی حمایت اور قطر اور مصر کی ثالثی سے گزشتہ ماہ طے پانے والے معاہدے کے تحت حوالے کیا گیا تھا۔ اسرائیلیوں نے غزہ کی سرحد کے قریب بارش میں سڑک پر قطاریں لگا کر خراج عقیدت پیش کیا جب تابوت لے کر جانے والا قافلہ گزرا۔ تل ابیب میں، لوگ جمع ہوئے، کچھ رو رہے تھے، اسرائیل کے دفاعی ہیڈکوارٹر کے سامنے ایک عوامی چوک میں جو یرغمالیوں کے اسکوائر کے نام سے جانا جاتا ہے۔

امریکی سینیٹ کا ایف بی آئی ڈائریکٹر کے لیے کیش پٹیل کو گرین سگنل

امریکہ کی سینیٹ نے کیش پٹیل کی 9ویں ایف بی آئی ڈائریکٹر کے طور پر تعیناتی کی توثیق کر دی ہے، کیش پٹیل کو 49 کے مقابلے میں 51 ووٹوں سے عہدے کے لیے موزوں قرار دیا گیا۔ کیش پٹیل بھارتی نژاد امریکی ہیں اور ان کا پورا نام “کشیپ پرمود ونود پٹیل” ہے ۔ سینیٹ سے ان کی توثیق کے بعد پٹیل ایف بی آئی کے نہ صرف پہلے بھارتی بلکہ پہلے ایشیائی نژاد ڈائریکٹر بن گئے ہیں جن کا تعلق نیویارک سے ہے۔ کیش پٹیل ایک شاندار وکیل اور تفتیش کار ہیں جنہوں نے اپنا کیریئر بطور اٹارنی نیویارک سے شروع کیا تھا، کیش نے اپنا زیادہ تر وقت بدعنوانیوں کو بے نقاب کرنے، انصاف کا دفاع کرنے اور امریکی عوام کا تحفظ کرنے میں گزارا ہے۔ پٹیل ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جینس اور امریکی وزیر دفاع کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے ہیں۔ وہ خفیہ معلومات جمع کرنے کے ایف بی آئی کے اختیارات کو محدود کرنے کے حامی رہے ہیں۔ پیٹل ایکٹنگ ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کے پرنسپل ڈپٹی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ پیٹیل نے نیشنل سکیوریٹی کونسل اورایوان کی سیلیکٹ کمیٹی آن انٹیلی جینس میں بھی خدمات انجام دی ہیں، جہاں انہوں نے 2016 کے امریکی انتخابات پر روس کے اثرانداز ہونے سے متعلق تحقیقات کی قیادت کی تھی۔ پٹیل نے فاکس نیوز ڈیجیٹل کو بتایا کہ مجھے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے نویں ڈائریکٹر کے طور پر تصدیق ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اٹارنی جنرل بوندی کے “غیر متزلزل اعتماد اور حمایت” کے لیے شکریہ ادا کیا۔   ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کے عہدہ کی معیاد 10 سال ہوتی ہے جس کا مقصد انہیں سیاسی اثر و رسوخ اور کسی مخصوص صدر یا انتظامیہ سے دور رکھنا ہے۔ پٹیل کو نومبر میں کرسٹوفر رے کی جگہ نامزد کیا گیا تھا، جنہیں ٹرمپ نے 2017 میں اپنی مدت صدارت کے دوران منتخب کیا تھا اور سات سال سے زیادہ عرصے تک خدمات انجام دیں۔انہوں نے صدرٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔

اسرائیل: تین بسوں میں تین دھماکے، بارودی مواد برآمد

اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے جنوبی علاقے “بت یام” میں تین بسوں میں یکے بعد دیگرے تین دھماکے ہوئے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دھماکے ریموٹ کنٹرول سے کیے گئے۔ اسرائیلی فوج نے دھماکوں کے بعد مغربی کنارے میں دہشتگرد کارروائیاں تیز کر دی ہیں، پولیس ترجمان آسی کے بعد دھماکوں کے بعد سرچ آپریشن کے دوران مزید بسوں سے بھی دھماکہ خیز مواد ملا ہے جوکہ پھٹ نہیں سکا، بم ڈسپوزل سکواڈ نے برآمد ہونے والے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا ہے۔ وزیراعظم نیتن یاہو کو دھماکوں سے آگاہی دینے کے بعد شہر بھر میں مزید سرچ آپریشنز شروع کر دیے گیے ہیں۔   پولیس ترجمان حائیم کے مطابق پولیس کی بڑی نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے اور مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ بم ڈسپوزل یونٹس مزید مشتبہ اشیا کی سکیننگ کر رہے ہیں سارگروف نے مزید کہا کہ دھماکوں میں استعمال شدہ مواد وہی تھا جو مغربی کنارے میں استعمال کیا جاتا رہا ہے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ یہ دھماکے ایسے وقت میں ہوئے جب حماس نے چار اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں حوالے کیں، جن میں ایک ماں اور اس کے دو چھوٹے بچے شامل تھے، جنہیں طویل عرصے سے مردہ تصور کیا جا رہا تھا۔

پاکستان سے 22 انڈین ماہی گیر انسانی ہمدردی کی بنا پر رہا

لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل کراچی سے 22 انڈین ماہی گیروں کو رہا کردیا گیا۔ کراچی کی لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے 22 انڈین ماہی گیروں کو رہا کر دیا گیا ہے جنہیں سرکاری ادارے کی نگرانی میں ایدھی فاؤنڈیشن کے انتظامات پر بس کے ذریعے لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے بتایا کہ ماہی گیروں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کرکے ان کے وطن روانہ کیا جا رہا ہے،  جیل سے رہائی کے وقت ماہی گیروں کو اخراجات کی معقول رقم سمیت تحائف بھی دیے گئے۔ اِن ماہی گیروں کو پاکستانی سمندری حدود میں گزشتہ ڈھائی سے 3 سال کے دوران غیر قانونی طور پر مچھلیوں  کے شکار پر پاکستانی اتھارٹیز نے حراست میں لیا تھا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ لانڈھی جیل ارشد شاہ کے مطابق رہائی پانے والے 22 انڈین ماہی گیروں میں 3 مسلمان اور 19 ہندو ہیں۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل ارشد شاہ کے مطابق لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں مزید 198 انڈین ماہی گیر سزا کاٹ رہے ہیں۔    

متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت چھ ممالک سے 30 پاکستانی بے دخل

متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور تھائی لینڈ سمیت مختلف 6 ملکوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 30 پاکستانیوں کو بے دخل کر دیا گیا جن میں 2 ماہی گیر بھی شامل ہیں۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے آٹھ، یو ای اے سے 17 اور تھائی لینڈسے تین پاکستانیوں کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈی پورٹ کیا گیا۔  ماریشس میں بغیر دستاویزات کے پہنچے 2 ماہی گیروں کی لیگل ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق نہیں کی جس پر انہیں بے دخل کر کے پاکستان بھیجا گیا۔ ماہی گیروں سمیت 5 افراد کو اے ایچ ٹی سی کے حوالے کیا گیا ہے۔ عمان اور بحرین میں پاسپورٹ ختم ہونے پر 2 جبکہ تھائی لینڈ پہنچنے پر  1 پاکستانی کو اپنے وزٹ کی وضاحت کرنے میں ناکامی پر بے دخل کر دیا گیا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کو انکم ٹیکس سے استثنیٰ مل گیا

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے منسلک ضروری انکم ٹیکس پر چھوٹ دے دی۔ جمعرات  کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کئی اہم معاشی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت  میں ہونے والے اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے منسلک ضروری انکم ٹیکس کی چھوٹ منظور کی گئی۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ انکم ٹیکس کی چھوٹ آئی سی سی اور پاکستان کے درمیان مشترکہ معاہدوں کے تحت ہوگی۔ انکم ٹیکس چھوٹ کا ٹیکس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اعلامیے کے مطابق  آئی سی سی، پی سی بی اور پی سی بی، آئی سی سی کو انکم ٹیکس میں چھوٹ دیں گے، انکم ٹیکس کی چھوٹ کا اطلاق چمپئنز ٹرافی کے انعامات اور آمدن پر ہوگا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ چمپئنز ٹرافی میں سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی چھوٹ نہیں ہوگی۔ ای سی سی کےاجلاس  کے مطابق کویت کو بھیڑ، بکریوں کی تجارتی برآمد پر عائد پابندی ہٹانے کی سمری پر فیصلہ مؤخر کر دیا گیا تاہم  وزارت توانائی کیلئے 6.85 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ  منظور کر لی گئی ۔ وزارت خزانہ نے کہا کہ  یہ رقم جاری مالی سال کے ترقیاتی اخراجات کے لیے مختص کی گئی ہے۔

آرمی چیف کا برطانیہ میں وارمنسٹر اور لارک ہل گیریژن کا دورہ

پاک فوج کے سپہ سالار جو ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں نے وارمنسٹر اور لارک ہل گیریژن کا دورہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنر ل سید عاصم منیر نے برطانوی آرمی چیف جنرل رولینڈ واکر کی دعوت پر وار منسٹر اور لاک ہل گیریژن کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف کو برٹش آرمی اور ڈیپ ریک اسٹرائیک بریگیڈ کی جدید کاری کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ سپہ سالار نے مصنوعی ذہانت اور بغیر پائلٹ سسٹمز سمیت جدید ٹیکنالوجیز کا مشاہدہ کیا، آرمی چیف کو برطانوی فوج کے جدیدیت کے منصوبے، ڈیپ ریکی اسٹرائیک بریگیڈ پر بریفنگ بھی دی گئی۔     واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر 2 روز قبل برطانیہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں 7 ویں علاقائی استحکام کانفرنس میں شرکت کرنی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کانفرنس میں ’ابھرتا ہوا عالمی نظام اور پاکستان کا مستقبل‘ کے موضوع پر کلیدی خطاب کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کانفرنس پاک برطانیہ عسکری سطح پر مکالمے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے،کانفرنس ہر سال تعاون کو فروغ دینےکے لیےمنعقد کی جاتی ہے۔ کانفرنس میں دونوں ممالک کے پالیسی ساز، سول و عسکری قیادت اور تھنک ٹینکس کے نمائندگان شرکت کرتے ہیں۔

شادی سے واپسی پر حادثہ: خواجہ سرا سمیت آٹھ افراد جاں بحق

پنجاب کے شہر قصور میں مسافر وین نالے میں گر گئی جس کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق رائے ونڈ روڈ کھارا موڑ کے نزدیک وین نالے میں گرگئی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوئے۔ حادثہ رائے ونڈ روڈ پر کھارا موڑ کے قریب پیش آیا۔ حادثہ مسافر وین کے ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے ہوا۔ حادثے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں مقصود، سنی، سلیم، عمران، لبا شامل ہیں، 3 افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا  ہے۔ دوسری جانب پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار افراد شادی کے فنکشن سے واپس آرہے تھے ، جاں بحق افراد میں خواجہ سرا بھی شامل ہیں۔  

حماس امن معاہدے کی پاسداری کو یقینی بنائے: امریکہ کی وارننگ

صدر ٹرمپ کے اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کے تبادلے کے حوالے سے خصوصی سفیر ایڈم بوہلر نے حماس کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امن معاہدے کی پاسداری کو برقرار رکھے اور اسرائیلی یرغمالیوں کی وہی نعشیں اسرائیل کے حوالے کرے جوکہ ان کے قبضے میں ہیں۔ سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈم کا کہنا تھا کہ میں نے امن معاہدے کے دونوں فریقوں کو اس سلسلے میں احتیاط سے کام لینے کی تجویز دی ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے الزام عائد کیا ہے کہ حماس نے جن یرغمالیوں کی نعشیں واپس کی ہیں وہ اصل میں ان اسرائیلی یرغمالیوں کی نہیں ہیں بلکہ کسی اور افراد کی نعشیں ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو امن مذاکرات کے دوسرے دور میں حماس کے سامنے نئی شرائط پیش کریں گے۔ غزہ کی وزارت ہیلتھ کے مطابق اب تک جنگ کے دوران  48 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، ایک لاکھ گیارہ ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں جبکہ سینکڑوں فلسطینی اب بھی لاپتہ ہیں۔ جنگ کے دوران اسرائیل میں 1100 سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ، یورپی یونین اور عالمی بینک کی مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق غزہ کی مکمل دوبارہ تعمیر اور بحالی کے لیے 53.2 ارب ڈالر کی ضرورت ہوگی۔ یہ رقم اگلے 10 برسوں میں خرچ کی جائے گی جس میں سے ابتدائی تین برسوں کے دوران تقریبا 20 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔غزہ میں 8 اکتوبر 2023 سے 8 اکتوبر 2024 تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 49 ارب ڈالر کی مالی تباہی ہوئی ہے۔ اس حملے کا اثر غزہ کے تمام شعبوں پر پڑاہے جن میں عمارات، سڑکیں، پل، پانی کی فراہمی کے نظام اور دیگر اہم انفراسٹرکچر شامل ہیں۔ سب سے زیادہ تباہی کا سامنا رہائشی عمارتوں کو ہوا جس میں تقریباً 292,000 گھر تباہ یا نقصان کا شکار ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق 53 فیصد تباہی صرف رہائشی مکانات کی وجہ سے ہوئی جس کا تخمینہ 15.2 ارب ڈالر ہے۔ اس کے علاوہ غزہ کی معیشت تقریبا 83 فیصد سکڑ چکی ہے، اور 95 فیصد اسپتالوں کی فعالیت متاثر ہو چکی ہے۔ صحت، تعلیم، صنعت اور تجارت کے شعبے بھی زبردست نقصان کا شکار ہوئے ہیں جنہیں دوبارہ سے بحال کرنے کے لیے 19.1 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔