April 18, 2025 11:31 am

English / Urdu

کوہلی کی شاندار سنچری، انڈیا نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج میچ میں ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت انڈیا نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 242 رنز کا ہدف انڈیا نے 43 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے انڈیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کو پہلا نقصان 41 رنز پر بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 23 رنز بناکر ہاردک پانڈیا کی گیند کا شکار بنے اس کے بعد امام الحق 10 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سعود شکیل 62 رنز بناکر پویلین لوٹے، طیب طاہر 4 اور سلمان آغا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آنے والے شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، نسیم شاہ نے 14 رنز کی اننگز کھیلی، خوشدل شاہ نے 38 اور حارث رؤف نے 8 رنز بنائے۔ انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 3، ہاردک پانڈیا نے 2، ہرشیت رانا، اکثر پٹیل اور جدیجا نے ایک ایک وکٹ لی۔ دوسری جانب انڈیا کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان روہت شرما تھے جنہیں شاہین آفریدی نے بولڈ کیا، روہت شرما 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد شبمن گل 46 رنز بنا کر ابرار کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ شریاس ایئر 56 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، انہیں خوشدل شاہ نے آؤٹ کیا۔ ہاردک پانڈیا 8 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر ویرات کوہلی وکٹ پر جمے رہے اور ون ڈے کریئر کی 51 ویں سنچری اسکور کی، انہوں نے 111 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے۔ شاندار بلے بازی پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ انڈیا نے 242 رنز کا ہدف 43 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2، ابرار اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ لی۔ ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم آج کے میچ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی، ٹیم میں ایک تبدیلی ہے، فخرزمان کی جگہ امام الحق کو شامل کیا گیا ہے، محمد رضوان نے کہا کہ اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل سجائیں گے۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابراعظم، امام الحق، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، ابرار احمد، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ، شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا

چیمپئنز ٹرافی کے سب سے بڑے معرکے پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کے لیے میدان سجنے کے لیے تیار ہے۔ پاکستانی شائقین کا جوش و خروش عروج پر ہے، تمام شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو بھی سپورٹ کر رہے ہیں ۔ کوئی بابر اعظم کا مداح ہے تو کوئی شاہین آفریدی کو ان ایکشن دیکھنے کیلئے بے تاب ہے۔ اسی حوالے سے کراچی کے شائقین کا بھی جوش و خروش عروج پر ہے، لوگ پاکستانی پرچم والے مخصوص لباس زیب تن کیے سٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں۔  

فخر زمان کی جگہ امام الحق پاکستانی ٹیم میں شامل

بھارت کیخلاف میچ سے قبل پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کی دبئی میں اہم بیٹھک ہوئی ہے، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بابراعظم ہی پاکستان کی اننگز کا آغاز کریں گے۔ ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے فخر زمان کی جگہ ٹیم میں امام الحق کو موقع فراہم کیا جائے گا۔ فہیم اشرف کو ٹیم میں  کھلانے کا فیصلہ ٹیم انتظامیہ وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹاس سے قبل کرے گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم تین فاسٹ بائولرز اور ایک سپنر کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ممکنہ گیارہ رکنی ٹیم میں بابراعظم، امام الحق، سعود شکیل، محمد رضوان ، آغا سلمان شامل ہوں گے۔ طیب طاہر، خوشدل شاہ ، ابراراحمد، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث روف بھی گیارہ رکنی سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ایک روزہ میچ یکم اکتوبر 1978 کو کھیلا گیا۔ اس میچ سے قبل کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے 0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی پہلی سیریز کھیلی گئی۔ اس سیریز کا پہلا میچ کوئٹہ میں کھیلا گیا تھا۔ یہ میچ بھارت کے معروف کھلاڑی کپل دیو کا بھی پہلا میچ تھا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ مہندر امرناتھ 51 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز پر اعتماد تھا اور 82 رنز پر صرف ایک وکٹ کھونے کے باوجود پوری ٹیم 166 رنز پر آٹھ وکٹیں گوا بیٹھی۔ پاکستان کو اس میچ میں بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ دونوں حریف ملک ٹی ٹوئنٹی میں پہلی بار 14 ستمبر 2007 کو جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں سامنے آئے۔ یہ گروپ میچ اس وقت ٹائی ہو گیا جب دونوں ٹیمیں مقررہ اوورز میں 141 رنز بنا سکیں۔ جس کے بعد ’بول آؤٹ‘ کے ذریعے اس میچ کے فاتح کا فیصلہ کیا جانا تھا۔

روس اور امریکا آئندہ دو ہفتوں میں دوبارہ ملیں گے

روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آر آئی اے نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ روس اور امریکا کے نمائندوں کے درمیان دوسرا اجلاس آئندہ دو ہفتوں میں متوقع ہے۔ یہ خبر روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف کے حوالے سے دی گئی۔ ماسکو اور واشنگٹن نے منگل کے روز یوکرین میں تقریباً تین سال سے جاری جنگ کو ختم کرنے کے حوالے سے پہلا اجلاس منعقد کیا، جس کا مقصد تعلقات کو بحال کرنا اور تنازعے کے خاتمے کی راہ ہموار کرنا تھا۔ ریابکوف نے آر آئی اے کو انٹرویو میں بتایا کہ یہ اجلاس کسی تیسرے ملک میں ہوگا، اور اس کے مقام کا تعین کیا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ روس اور امریکا کی طرف سے کون کون اس اجلاس میں شرکت کرے گا۔ ریابکوف کے مطابق دونوں فریقین نے مشترکہ مسائل کے تمام نکات پر مشاورت کے لیے اجلاس منعقد کرنے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا “آج ہم دو متوازی لیکن سیاسی طور پر کسی حد تک جڑے ہوئے معاملات کا سامنا کر رہے ہیں: ایک یوکرین کا معاملہ اور دوسرا روس اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات۔” انہوں نے مزید کہا کہ “اسٹریٹیجک استحکام اور اسلحے پر کنٹرول سے متعلق بات چیت اس وقت ممکن ہوگی جب ہمیں امریکی پالیسی میں بہتری کے واضح اشارے ملیں گے۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا اور روس مشرق وسطیٰ کے معاملات پر بھی بات چیت کر سکتے ہیں۔ کریملن کے مطابق، گزشتہ ہفتے ہونے والا پہلا اجلاس زیادہ تر روس اور امریکا دوطرفہ تعلقات پر مرکوز تھا، جو یوکرین جنگ کے حل کی طرف بہت اہم قدم تھا۔ کریملن نے اس ہفتے کہا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اس ماہ ایک براہ راست ملاقات ممکن ہو سکتی ہے۔ دونوں رہنما اس ملاقات کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔

یو اے ای میں تاریخ کی سب سے بڑی 1.5 ارب ڈالر کی کرپٹو کرنسی چوری

متحدہ عرب امارات میں یہ اپنی طرز کی پہلی آن لائن چوری ہے جس میں ہیکرز نے پہلی ہی کوشش میں 1.5 ارب ڈالر بٹور لیے ہیں جبکہ آخری مرتبہ مارچ 2022 میں 620 ملین ڈالر آن لائن چورائے گئے تھے۔ ہیکرز نے دبئی کی ایکسچینج کمپنی “بائیبٹ” کو نشانہ بنایا ہے جس کے آن لائن ویلٹ سے کثیر رقم چوری کی گئی ہے۔ دبئی ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، بائیبٹ دبئی کی لائسنس یافتہ ایکسچینج کمپنی ہے۔ دبئی میں سائبر سیکیورٹی اور کرپٹو ایکسپرٹ ریاض کمال ایوب نے بتایا کہ یہ کرپٹو کرنسی کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری ہے۔ ہیکرز کے گروپ نے کمپنی کے کولڈ ویلٹ پر حملہ آور ہو کر 1.5  ارب ڈالر چوری کیے۔ہیکرز کی جانب سے چوری کردہ کرپٹو کرنسی 0x467 ایڈریس پر بھیجی گئی ہے۔ کمپنی کے سی ای او بین ژو نے بتایا کہ کولڈ ویلٹ سے 70 فیصد رقم ٹرانسفر ہوئی ہے جبکہ ہم نے صارفین کو اپنی رقوم نکالنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ یو اے ای میں گزشتہ کرپٹو کرنسی پر ہیکرز حملہ مارچ 2022 میں ہوا تھا اور اس وقت ایف بی آئی نے اس حملے کے تانے بانے شمالی کوریا کے ہیکنگ گروپ کے ساتھ جوڑے تھے جنھوں نے 611 ملین ڈالر کی کرکپٹو کرنسی چوری کی تھی۔

ٹرمپ نے غیر ملکی امداد جاری کر دی، ممالک میں پاکستان بھی شامل

ڈونلڈ ٹرمپ نے غیرملکی امدادکے منجمد فنڈز میں سے 5.3 ارب ڈالر جاری کردیے۔ زیادہ تر فنڈز سکیورٹی اور انسداد ِمنشیات کی مد میں جاری کیےگئے ہیں ، جاری فنڈز میں انسانی امداد کا حصہ بہت محدود ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتداد سنبھالنے کے بعد غیرملکی امداد روکنے کا حکم دیا تھا۔ جاری فنڈز میں پاکستان میں امریکی حمایت یافتہ پروگرام (یو ایس ایڈ) کےلیے397 ملین ڈالرز بھی شامل ہیں۔ امریکی کانگریس عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکی حمایت یافتہ پروگرام پاکستان کے ایف 16 طیاروں کےاستعمال کی نگرانی سے متعلق ہے، نگرانی میں یقینی بنایاجاتا ہےکہ ایف 16 طیارے انسداد دہشتگرد آپریشنز میں استعمال ہوتے ہیں نہ کہ انڈیا  کےخلاف۔ یو ایس ایڈ کے پروگراموں کے لیے 100 ملین ڈالر سے کم فنڈز جاری کیے گئے، اس کے علاوہ ریڈکراس کیلئے علیحدہ سے 56 ملین ڈالر فنڈز جاری کیے گئے۔  

چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت ٹاکرے کے متعلق بڑی پیشگوئیاں

چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ معروف بھارتی بابا “ابھے سنگھ” نے پاکستان کی فتح کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرتبہ بھارت نہیں جیتے گا۔ پاک بھارت میچ کے حوالے سے پیشگوئی کرنے میں سابق کرکٹرز بھی پیچھے نہیں ہیں، نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے کہا بھارتی ٹیم بیلنسڈ ہے لیکن وکٹ دیکھنی پڑے گی۔ سابق پاکستانی کرکٹر راشد لطیف بولے لوگ سمجھتے ہیں کہ بھارت کی بیٹنگ مضبوط ہے لیکن پاکستان کو ہمیشہ بھارت کی باولنگ تنگ کرتی ہے۔ سابق فاسٹ بائولر محمد عامر نے کہا کہ اگر بھارت نے بنگلا دیش سے میچ والی غلطیاں کیں تو پاکستان جیت سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ فیلڈنگ اس میچ میں بڑا کردار ادا کرے گی، خاص طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کو اس پر فوکس کرنا ہوگا۔ سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ آن پیپر بھارت مضبوط ہے لیکن پاکستان کو ایسے پلیئرز دستیاب ہیں جو میچ کے دن اچھا کھیل جائيں تو نیّا پار لگا سکتے ہيں۔ خاص طور پر پاکستانی بیٹنگ لائن کو اعتماد کے ساتھ کھیل پیش کرنا ہوگا۔ پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے کہا کہ پاک بھارت میچ پچھلے سارے میچ بھلا کر شروع ہوتا ہے ، بھارت کے فیورٹ ہونے کے با‏عث پاکستان ٹیم پر دباؤ کم ہوگا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو بیسک گیم کھیلنے کی ضرورت ہے جبکہ بھارت کا خوف زہنوں سے اتار کر میدان میں اترنا ہوگا۔

روشنی کی مانند مقدس الفاظ کاغذ پر نقش کرنے کا قرآنی نسخہ

ہاتھ سے قرآن لکھنا ایک روحانی اور صبر آزما عمل ہے جو عقیدت، محبت اور محنت کا متقاضی ہوتا ہے۔ یہ روایت صدیوں سے جاری ہے اور اس کی بدولت کئی خوبصورت اور نفیس خطاطی کے شاہکار وجود میں آئے ہیں۔ قرآن کو ہاتھ سے لکھنے کا عمل نہ صرف ایک فن ہے بلکہ یہ لکھنے والے کے لیے عبادت اور ذکر کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔ اس عمل کے دوران خطاط کو الفاظ کی خوبصورتی، ہجوں کی درستگی اور خط کے معیار کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے۔ قدیم دور میں جب چھپائی کا نظام موجود نہیں تھا، تو علماء اور خطاط ہاتھ سے قرآن کے نسخے تیار کرتے تھے، جنہیں بڑی عقیدت سے محفوظ کیا جاتا تھا۔ آج بھی کئی افراد اس فن کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اور اپنے ہاتھ سے لکھے ہوئے قرآن کو ایک قیمتی ورثے کے طور پر محفوظ کرتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی اور پرنٹنگ کے باوجود، ہاتھ سے لکھے قرآن کی روحانی و جمالیاتی اہمیت برقرار ہے، اور یہ عمل انسان کے دل کو سکون اور روح کو طہارت بخشتا ہے۔

کرپٹ پیرنٹنگ

کرپٹ اور وہ بھی پیرنٹنگ، اس کا کیا مطلب ہوا؟ کرپشن تو یہ ہوتی ہے ناں کہ کسی نے سرکاری خزانے یا ترقیاتی کاموں میں پیسوں کا غبن کر لیا ہو تو بھلا والدین کیسے کرپٹ ہو سکتے ہیں؟ کرپٹ پیرنٹنگ (Corrupt Parenting) اس طرزِ پرورش کو کہا جاتا ہے جس میں والدین اپنے بچوں کی اخلاقی، سماجی یا نفسیاتی تعمیر میں غیر صحت مندانہ بلکہ غیر اخلاقی رویوں کو فروغ دیتے ہیں۔ یہ رویے ظلم، جھوٹ، دھوکہ دہی، غیر ذمہ داری، جانبداری اور خود غرضی جیسی منفی عادات سکھانے پر مبنی ہو سکتے ہیں۔ تو سوال یہ ہم کرپٹ والدین کو کیسے پہچان سکتے ہیں؟ عموماً ایسے کرپٹ والدین کے اندر یہ چند باتیں موجود ہوسکتی ہیں۔ جس میں غلط کاموں پر بچوں کی حمایت کرنا، نظم و ضبط کی کمی یا حد سے زیادہ نرمی کرنا، غیر اخلاقی فوائد حاصل کرنے کے لیے بچوں کو اکسانا یا کبوتر کی طرح آنکھیں بند رکھنا،  دوسروں کے حقوق پامال کرنے کا جواز دینا، اور غیر قانونی، غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بچوں کے ملوث ہونے پر خاموش رہنا یا حوصلہ افزائی کرنا شامل ہیں۔ یہ صرف چند اشارے ہیں جو کرپٹ پیرنٹنگ کو واضح کرنے کے لیے کافی ہیں۔ اب اس کرپٹ پیرنٹنگ کی اصطلاح کو اپنی عملی زندگی میں ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اور وہ ہے مصطفیٰ عامر قتل کیس، جس کا چرچا ہر طرف پھیلا ہوا ہے! یہاں پر آپ کو کرپٹ پیرنٹنگ کے دو مختلف رنگ نظر آئیں گے۔ پہلا رنگ مصطفیٰ کی والدہ اور والد کی کرپٹ پیرنٹنگ جبکہ دوسرا رنگ ارمغان کے والد کی کرپٹ پیرنٹنگ ہے۔ پہلے رنگ کی بات کریں تو مصطفیٰ کی تمام تر مصروفیت اس کی والدہ کے علم میں تھیں۔ لڑکیوں سے تعلقات کا معاملہ ہو یا ڈرگز کا لین دین، بغیر نمبر پلیٹ گاڑی کے کرتب ہوں یا جرائم پیشہ افراد سے تعلق سب کا اس کے والدین کومعلوم تھا۔ اس کی والدہ کے علم میں سب کچھ تھا۔ Passive Corrupt Parenting.یعنی جہاں والدین اب کچھ جانتے ہوئے بھی چیزوں کو اہمیت نہیں دیتے، نظر انداز کرتے رہتے ہیں، یہاں تک کہ ان کے بچوں کے ساتھ کچھ سانحہ ہو جائے تو یہ مظلومیت کا کارڈ اٹھائے جگہ جگہ نظر آنے لگتے ہیں۔ دوسرے رنگ کی بات کریں تو اس میں ارمغان کے والد کی کرپٹ پیرنٹنگ آتی ہے۔ مصطفیٰ کے ممکنہ قاتل ارمغان کے والد، کرپٹ پیرنٹنگ کا دوسرا رنگ بکھیرتے نظر آتے ہیں جسے Aggressive Corrupt Parenting کہتے ہیں۔ یعنی ایسے والدین جنہیں نہ صرف اپنے ہونہار بچوں کے غیر اخلاقی سرگرمیوں، غیر قانونی دھندوں کا علم ہوتا ہے بلکہ وہ اسے بھرپور طریقے سے حوصلہ دینے کا کام کررہے ہوتے ہیں، اس کا دفاع کر رہے ہوتے ہیں اور کسی قانونی مسئلے کی صورت اپنے بچوں کو قانون کے شکنجے سے باہر نکال لے جانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ یہی کرپٹ پیرنٹنگ ایسے سانحات کو جنم دیتی ہے جسے عوام کچھ دن کے لیے خوب ڈسکس کرتے ہیں اور پھر اپنی اپنی زندگیوں میں کھو جاتے ہیں۔

اسرائیل نے 6 یرغمالیوں کی رہائی کے بعد فلسطینی قیدیوں کی رہائی موخر کر دی

اسرائیلی وزیرعظم نیتن یاہو نے حماس کی جانب سے 6 یرغمالیوں کی رہائی کے بعد 600 فلسطینی قیدیوں کے رہائی کے عمل کو موخر کر دیا ہے۔ حماس نے گزشتہ روز جنگ بندی معاہدے کے تحت 6 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا تھا جس کے بدلے اسرائیل کو بھی 600 سے زائد فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا تھا۔ اسرائیلی وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حماس کی طرف سے بار بار کی جانے والی خلاف ورزیوں جس میں ہمارے قیدیوں کی عزت کو مجروح کرنے والی تقریبات اور پروپیگنڈے کے لیے ان کا مذموم سیاسی استعمال بھی شامل ہے، ان کی وجہ سے قیدیوں کی رہائی کو موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نیتن یاہو نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی اس وقت تک موخر کی ہے جب تک ہمارے اگلے قیدیوں کی رہائی عزت کو مجروح کرنے والی تقریبات کے بغیر نہیں ہوتیں۔ یاد رہے نیتن یاہو کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی میں کئی گھنٹے تاخیر کے بعد یہ بیان جاری کیا گیا ہے ۔  فلسطین کے مغربی کنارے میں تاحال سیکڑوں خاندان سالوں سے اسرائیلی جیلوں میں قید اپنے پیاروں کی رہائی کی اُمید لیے ان کا انتظار کر رہے ہیں۔     دریں اثنا حماس کے ترجمان حازم قاسم کا کہنا ہے کہ تنظیم کے عسکری ونگ قاسم بریگیڈ نے اسرائیل کو مجبور کیا ہے کہ وہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لیے طے کردہ سرخ لکیریں عبور کرے اور قیدیوں کی نقل و حرکت  متعدد علامتوں کی زنجیروں کو توڑ دے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حماس قیدیوں کے تبادلے کی کارروائیوں کے تمام مراحل کو مکمل کرنے میں اپنی سنجیدگی کی تصدیق کرتی ہے۔ قاسم نے مزید کہا کہ ان کا گروپ پائیدار جنگ بندی، غزہ سے انخلا اور اسرائیلی جیلوں سے ہمارے قیدیوں کی رہائی کے عزم کے بدلے دوسرے مرحلے میں قیدیوں کے تبادلے کی ایک ہی کارروائی کرنے کے لیے تیار ہے۔ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین اور حبرون میں 12 اور 13 سال کی عمر کے دو فلسطینی بچوں کو شہید کردیا۔  دوسری جانب کی وزارت صحت نے غزہ پر اسرائیل کی بمباری اور جارحیت میں 48 ہزار 319 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے، جب کہ ایک لاکھ 11 ہزار 749 فلسطینیوں کے زخمی ہونے کا بتایا ہے۔ سرکاری میڈیا آفس نے شہادتوں کی تعداد کم از کم 61 ہزار 709 بتائی ہے اور کہا ہے کہ ملبے تلے دبے ہزاروں فلسطینیوں کو مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی زیر قیادت حملوں کے دوران اسرائیل میں کم از کم ایک ہزار139 افراد ہلاک ہوئے اور 200 سے زائد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔