اپریل 5, 2025 12:58 صبح

English / Urdu

اسرائیلی پیشکش مسترد، حماس کاحق کے لیے مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان

اسرائیل نے غزہ کے مستقبل سے متعلق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو تین تجاویز دے دیں جبکہ حماس نے  اسرائیلی تجاویز ماننے سے انکار کرتے ہوئے مسلح مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیل نے حماس کو تین تجاویز دیے ہیں جن میں سے ایک جنگ بندی میں توسیع اور دوسرا حماس کی مکمل تحلیل شامل ہے۔ اسرائیلی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حماس یا تو جنگ بندی کے پہلے مرحلے کو توسیع  دیتے ہوئے مزید یرغمالی رہا کرے یا پھر جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرے جس میں اسرائیل جنگ ختم کردے گا لیکن اس کے بدلے حماس کو تمام یرغمالیوں کو رہا کرنا ہوگا، ہتھیار ڈالنے ہوں گے، غزہ کا کنٹرول چھوڑنا ہوگا اور حماس قیادت کو غزہ سے نکلنا ہوگا۔ اسرائیل کی جانب سے تیسری تجویز جنگ بندی ختم کرکے دوبارہ جنگ کا آغاز کرنا ہے۔ اسرائیلی تجاویز کے جواب میں حماس نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا ہے تاہم غزہ کی حکمرانی چھوڑنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ حماس کے سینئر رہنما باسم نعیم نے الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ حماس فلسطینی قومی مزاحمتی تحریک ہے جس کا مقصد اسرائیلی قبضے کا خاتمہ، فلسطینی ریاست کا قیام اور حق خودارادیت کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس سیاسی، سفارتی اور مسلح مزاحمت جاری رکھے گی، تاہم روزمرہ کے حکومتی امور، تعلیم، صحت، پولیس اور سرحدی کنٹرول فلسطینی قیادت کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہے۔

ابوظہبی کے ولی عہد کا دورہ پاکستان مکمل، کب کیا ہوا؟ کتنے معاہدے ہوئے؟

ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان سرکارے دورے پر پاکستان پہنچے، جہاں نور خان ائیربیس پر وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی دورے پر آیا تھا۔ وزیراعظم ہاؤس میں  پاکستان اور  یو اے ای کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی تقریب ہوئی جس میں  دونوں ملکوں کے درمیان بینکنگ کے شعبے میں تعاون کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔  پاکستان اور یو اے ای کے درمیان کان کنی کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ بھی ہوا۔ دونوں ملکوں کے درمیان ریلوے کے شعبے میں 2 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ تقریب میں پاکستان اور  یو اے ای کے درمیان انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دستاویز کا تبادلہ بھی ہوا۔ بعد ازاں ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان ایوان صدر گئے جہاں انہیں نشان پاکستان دینےکی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف اور  وفاقی کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ ولی عہد ابوظبی شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کی پاکستان کے لیے خدمات کے اعتراف میں صدر آصف زرداری نے انہیں نشان پاکستان دیا۔ ولی عہد کی غیر معمولی خدمات اور پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر انہیں نشان پاکستان کا اعزاز  دیا گیا۔ ابوظبی کے ولی عہد دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے، وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کو رخصت کیا۔ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور رحیم یار خان میں وزیراعظم شہباز، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور دیگر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔ وزیر اعظم کے دفتر کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران، وزیر اعظم شہباز اور شیخ محمد نے اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ کا اختتام دونوں ممالک کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے خاص طور پر ترجیحی شعبوں میں وسیع تر تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔ دونوں ممالک کی شراکت داری مشترکہ تاریخ، ثقافت اور اقتصادی تعاون سے جڑی ہوئی ہے۔ متحدہ عرب امارات ایک اہم پاکستانی تارکین وطن کی میزبانی کرتا ہے، جن کی ترسیلات ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ خلیجی ملک انسانی امداد فراہم کرنے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ دینے اور مشکل وقت میں اسلام آباد کی حمایت میں اس پائیدار دوستی کو مضبوط کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

سوڈان کا فوجی طیارہ خرطوم کے قریب گر کر تباہ،شہریوں سمیت 46 افراد ہلاک

سوڈانی فوجی طیارہ ملک کے دارالحکومت خرطوم کے مضافات میں گر کر تباہ ہو گیا،جہاز میں سوار عملے کے تمام ارکان ہلاک ہو گے اور اس واقعے میں زمین پر موجود پانچ شہری بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ عالمی خبر ارساں ادارہ اے ایف پی کے مطابق حادثہ وادی سیدنا ایئر بیس کے قریب پیش آیا ، جو عظیم خرطوم کے حصے، اومدرمان میں فوج کے سب سے بڑے فوجی مرکزوں میں سے ایک ہے،اومدرمان کے الناؤ اسپتال میں حادثے کے بعد پانچ ہلاک ہونے والے شہریوں اور زمین پر موجود متعدد زخمیوں کو اسپتال لایا گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ طیارہ گرنے والے محلے میں کئی گھروں کو نقصان پہنچا،شمالی اومدرمان کے رہائشیوں نے حادثے سے ایک زوردار دھماکے کی اطلاع دی، جس کی وجہ سے آس پاس کے کئی علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہو گئی۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ طیارہ شمالی سوڈان سے جنوب کی طرف پرواز کر رہا تھا جب یہ اڈے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس میں ایک فوجی ہوائی اڈہ ہے۔ یہ واقعہ نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے جنوبی دارفور کے دارالحکومت نیالا میں ایک لڑاکا طیارے کو مار گرانے کی ذمہ داری قبول کرنے کے ایک دن بعد پیش آیا ہے۔ میڈیا کو بھیجے گئے ایک بیان میں ریپڈ سپورٹ فورسز نے کہا کہ اس نے پیر کی صبح سویرے روسی ساختہ الیوشین طیارے کو مار گرایا، جس میں الزام لگایا گیا کہ طیارہ اس کے عملے کے ساتھ تباہ ہو گیا۔ واضح رہے کہ یہ سانحہ وسطی سوڈان اور دارالحکومت خرطوم میں فوج کی طرف سے ریپڈ سپورٹ فورسز کے خلاف اپنی کثیر محاذی کارروائی میں نمایاں پیش رفت کے بعد ہے۔

افغانستان نے انگلستان کو پاکستان کی دھول چٹادی

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں  افغان کپتان حشمت اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا جو کہ نہایت سود مند ثابت ہوا  اور افغانستان کی ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 50  اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے، جبکہ انگلینڈ 10 وکٹوں کے نقصان پر  318 رنز بنا سکا۔ افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے اننگز کا آغاز کیا لیکن میچ کے آغاز میں افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ 15 کے مجموعے پر صدیق اللہ  بھی صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گے،جس کے بعد رحمت شاہ بھی 4 رنز بناکر آرچر کا شکار  ہوگئے۔ اس موقع پر  اوپنر ابراہیم زادران نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا، ابراہیم زادران نے شاندار سنچری اسکور کی اور 146 گیندوں پر 177 رنز بنا کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے، 23 سالہ بیٹر کی اننگز میں 6 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔ افغان  کپتان حشمت اللہ نے 40 رنز بنائے، سینئر کھلاڑی محمد نبی نے 24 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ عظمت اللہ عمرزئی بھی 31 گیندوں پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفر آرچر نے 3، لیام لیونگسٹون نے 2 اور عادل رشید نے ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے 111 گیندوں پر 120 رنز کی اننگز کھیلی، جو روٹ نے اپنی اننگز میں ایک چھکا اور 11 چوکے لگائے، وہ ٹیم کو فتح کے قریب لےگئے تاہم ان کے آؤٹ ہونےکے بعد انگلش ٹیم سنبھل نہ سکی۔ انگلینڈ کی جانب سے دیگر بیٹرز میں بین ڈکٹ اور جوز بٹلر نے 38، 38 رنز بنائے، جیمی اورٹن نے 32 ، ہیری بروک  نے25 اور فل سالٹ نے 12 رنز  کی اننگز کھیلی۔ لیام لیونگسٹون 10 اور جیمی اسمتھ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، فضل حق فاروقی، راشد خان اور گلبدین نائب نے ایک ایک وکٹ لی۔ افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کا چیمپئنز ٹرافی جیتنےکا خواب ادھورا رہ گیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے ہاتھوں بھی انگلش ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ افغانستان نے اب گروپ کا آخری میچ آسٹریلیا سے کھیلنا ہے جس میں فتح کی صورت میں افغان ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔ میچ کے دوران ایک دلچسپ صورتحال اس وقت ہوئی جب ایک تماشائی میدان میں گھس آیا اور سیکیورٹی نے اسے دبوچ لیا ۔ یہ پہلا واقعہ نہیں چیمپئنز ٹرافی میں دوسرا واقعہ تھا۔  

وہ ریکارڈجوابراہیم زادران نے پاش پاش کردیا

چیمپئنز ٹرافی کا ایک اچھا میچ جو شائقین کرکٹ کو لاہور میں دیکھنے کو ملا، ایونٹ کے آٹھویں میچ میں نوجوان افغان بیٹرابراہیم زادران نے شاندار 177 رنز کی اننگز کھیل کر متعدد ریکارڈ بنادیے، انہوں نے سابق بھارتی کپتان کپل دیو کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ تئیس سالہ افغان اوپنر ابراہیم زادران نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی اور 146 گیندوں پر 177 رنز بنا کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے، 23 سالہ بیٹر کی اننگز میں 6 چھکے اور  12 چوکے شامل تھے۔   ابراہیم زادران نے اس میچ میں کئی ریکارڈ قائم کیے، وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں سنچری اسکور کرنے والے پہلے افغان بیٹر بن گئے ہیں، وہ افغانستان کی جانب سے ورلڈکپ  میں بھی سنچری بنانے والے پہلے بیٹر ہیں۔ ابراہیم زادران ون ڈے کرکٹ میں افغانستان کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بھی ہیں، انہوں نے 177 رنز بنا کر اپنا ہی 162 رنز کا ریکارڈ توڑا ہے۔  ابراہیم زادران 177 رنز کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ ابراہیم زادران آئی سی سی ون ڈے ایونٹس میں بڑا اسکور بنانے والے ایشین بیٹرزمیں لیجنڈ بھارتی بیٹر کپل دیو کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ کپل دیو نے 1983 کے ورلڈکپ میں 175 رنز کی اننگز کھیلی تھی، اس فہرست میں پہلے نمبر پر سارووگنگولی ہیں  جنہوں نے 1999 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف 183 رنز بنائے تھے۔ اس کے علاوہ  ابراہیم زادران ون ڈے کرکٹ کی کم ترین اننگز میں 6 سنچریاں بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں بھی شامل ہوگئے ہیں۔ ابراہیم زادران نے صرف 35 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے، وہ کوئنٹن ڈی کاک، ڈیرل مچل اور شبمن گل کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

مصطفیٰ عامر قتل، کب کیا ہوا؟

کراچی کے پوش علاقوں سے عام طور پر خبریں بہت کم موصول ہوتی ہیں لیکن اگر کسی خبر کا  چرچہ ہوتو وہ دل دہلانے کے لئے اور اداروں کی بے بسی کا ماتم کرنے کے لئے کافی ہوتی ہے۔  نور مقدم کیس ہو یا ارمغان کا مصطفیٰ عامر کو گھر بلا کر بے رحمی سے قتل کر دینا ہو۔ ایک 23 سالہ طالب علم مصطفیٰ عامر کو قتل کردیا گیا، قاتل کوئی اور نہیں ہے اس کا اپنا دوست ہی قاتل نکلا ۔  چھ جنوری 2025 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس سے مصطفیٰ عامر کو اغوا کیا گیا۔ ان کی والدہ کو دو کروڑ روپے تاوان کی کال موصول ہوئی، جس کے بعد کیس کی تحقیقات اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کو منتقل کی گئیں۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مصطفیٰ کے قریبی دوست ارمغان قریشی اس واقعے میں ملوث ہیں۔ دونوں کے درمیان ایک خاتون، مارشا، کے باعث تنازعہ پیدا ہوا تھا۔  ارمغان نے مصطفیٰ کو اپنے گھر بلایا، جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں قتل کر دیا گیا۔ لاش کو حب کے علاقے میں لے جا کر جلایا گیا تاکہ شواہد مٹائے جا سکیں۔    ملزم ارمغان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ابتدائی طور پر جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کیا، جس پر پراسیکیوشن نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزم کو پولیس ریمانڈ پر دینے کا حکم دیا۔ تفتیش کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم ارمغان کی سہولت کاری میں گزری تھانے کا ایک پولیس اہلکار ملوث تھا، جس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ یہ واقعہ ہمارے معاشرے اور نظامِ عدل کے لیے ایک لمحۂ فکریہ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

ٹرمپ کی اے آئی سے کرافٹ کی گئی ویڈیو، کیا کوئی دھمکی یا امریکی صدر خبردار کرنا چاہتے ہیں؟

 امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطہ اکاؤنٹ پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ایک ویڈیو جاری کی جس سے پوری دنیا میں سوالات کا ایک نیا سلسلہ جنم لے چکا ہے، ٹرمپ اس ویڈیو سے دنیا میں امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں یا پھر غزہ کو امریکی کالونی بنانے کے لیے دھمکی دے رہے ہیں۔ اس ویڈیو کا خلاصہ کچھ یوں ہے کہ غزہ کو ایک پُر امن علاقہ دیکھایا گیا ہے جس میں ایلون مسک کو ڈالروں کی بارش  میں نہاتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ اسرائیلی صدر نیتن یاہو بیچ پر قلفی کھا رہے ہیں۔ ویڈیو کا آغاز ایک فلسطینی بچے سے شروع ہوتا ہے جو ننگے پاؤں فلسطینی تباہ کن علاقے میں بھاگ رہا ہوتا ہے اور اچانک سے آواز آتی ہے آگے کیا ( what next)؟ پھر اچانک تمام سین بدل جاتا ہے اور ایک گلف کنٹری کی طرح غزہ کا علاقہ دیکھائی دیتا ہے جس میں بچے کے ہاتھ میں دونلڈ ٹرمپ کے چہرے کا غبارہ ہے اور ایلون مسک ڈالروں کی بارش میں نہا رہے ہیں۔ ٹرمپ کے اس پروپوسل پر مغربی فلسطینی اتھارٹی شدید غصے میں ہے ان کا کہنا ہے کہ یہ پرپوسل عالمی قوانین کے خلاف ہے۔ ٹرمپ کی اس ویڈیو پر بہت سے سوالات جنم لے رہے ہیں کہ آیا ٹرمپ غزہ کو امریکی کالونی بنانا چاہتے ہیں یا پھر واقعی ٹرمپ امن کی بحالی چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے جنگجو اسرائیل میں جا گھُسے اور جگہ جگہ زمینی اور فضائی حملوں کے بعد سینکڑوں اسرائیلیوں کو راہ جہان غرق کردیا۔ اسرائیل اور غزہ کے درمیان سالوں سے چھڑی جنگ کے شعلے اس دن بھڑک  اُٹھے ، پھر اسکے بعد ایک نہ رُکنے والی جنگ کا اغاز ہوگیا جس میں لاکھوں فلسطینی جان کی بازی ہار گئے لاکھوں بے گھر ہوئے اور بے شمار فلسطینیوں کاآج تک سراغ نہ مل سکا۔ اس جنگ میں فلسطین نے حماس کے کمانڈر اسمائیل ہانیہ بعد ازاں انکے جان نشین یحییٰ سنوار کی شہادت کا صدمہ برداشت کیا ،لبنان نے حسن نصر اللہ کی شہادت کا دکھ جھیلا اور ایران نے ابراہیم رئیسی کے پُر اسرارفضائی حادثے کو برداشت کیا۔ لیکن اب یوں محسوس ہوتا ہے کہ اس جنگ کے شعلے ٹھنڈے پڑتے جا رہے ہیں اور خطے میں امن کے راہیں ہموار ہورہی ہیں۔

بد ترین کارکردگی ،کیا پاکستان سے کرکٹ ختم ہوگئی؟

ابھی تو پاکستان میں کرکٹ کے دیوانوں کا اس بات کا جشن مکمل نہیں ہوا تھا کہ شاہینوں کی پرواز بھارت کے خلاف میچ میں دم توڑ گئی اور شاہین چیمپئنز ٹرافی کے اپنے دوسرے ہی میچ میں منہ کے بل زمین پر گر گے۔ پاکستان 2025 کے اس آئی سی سی کے دوسرے بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ ملک و قوم کے لئے یہ فخر کی بات ہے۔ لیکن بدقسمتی سے پاکستان کی ٹیم نے اپنی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں چھوڑا اور پہلے نیوزی لینڈ اور پھر روایتی حریف بھارت کے خلاف بری شکست کے بعد گروپ اسٹیج میں ہی قومی ٹیم گھر واپس لوٹ گی۔ شائقینِ کرکٹ  قومی ٹیم پر تنقید کر رہے ہیں۔ اب وہی صورتِ حال دوبارہ منظرِ عام پر دکھائی دے رہی ہے جس میں قیاس آرائیاں ہیں۔ اگر بنگلادیش نیوزی لینڈ کو ہرا دیتی جو کہ بدقسمتی سے نہیں ہو سکا اور اگر بھارت نیوزی لینڈ سے ہار جائے اور پاکستان بنگلادیش کو اچھے رن ریٹ سے ہرا دے تو پاکستان کے چانسز بنتے ہیں۔ اب پاکستان اور بنگلا دیش کا میچ صرف ایک تفریحی میچ کی حیثیت رکھتا ہے،پاکستان کی اس حالت پر سابق کرکٹر اور کرکٹ ایکسپرٹ شدید نالاں ہیں۔ پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بالر وسیم اکرم نے کہا کہ، “ہم ان لوگوں کو پچھلے کئی سال سے سپورٹ کر رہے ہیں لیکن نہ ہی یہ پچھلی غلطیوں سے سیکھتے ہیں نہ اپنے اندر کوئی بہتری لا پا رہے ہیں، اب پاکستان کو بڑی تبدیلیوں کی ضرورت ہے، ہمیں اپنی ڈومیسٹک کرکٹ بہتر کرنی ہوگی اور نئے لڑکوں کو ٹیم میں لانا ہوگا۔” پاکستان کے سابق وکٹ کیپر اور کپتان راشد لطیف نے کہا “میں پاکستان کرکٹ ٹیم سے بہت شرمندہ ہوں ایسی حالت پاکستان ٹیم کی کبھی نہ تھی” انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کی سلیکشن میرٹ پر ہوگی تو ہی بہتری آئے گی۔ سیاست کو سلیکشن سے دور رہنا چاہیے۔ باربار کپتان بدلنا سلیکشن کمیٹی بدلنا اور بورڈ کے چئیرمین کی تبدیلی نان پرافیشنل ہے اس سے ہماری ٹیم کو تباہی کا سوا کچھ نہ ملا۔ مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا۔ “پاکستان آج بھی 80 کی دہائی کی کرکٹ کھیل رہا ہے اور یہ 2025 ہے، جب تک جارحانہ انداز نہیں اپنائیں گے میچ نہیں  جیت سکتے،دوسری ٹیمیں سمجھ چکی ہیں کہ کرکٹ اب جارحانہ کھیل ہے۔ کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں ہے یہ جذبات سے جڑی ایک ایسی ڈور ہے جسے پاکستان میں 5 سالہ بچے سے لے کر 55 سالہ بزرگ نے یکساں تھامہ ہوا ہے۔ بات جب آئی سی سی ٹورنامنٹ کی ہو تو یہ جذبہ اور جنون شائقینِ کرکٹ کو مجنون بنا دیتا ہے۔ اور اگر میچ ہو روایتی حریف بھارت سے تو اس پرچم کے سائے تلے بچے بوڑھے خواتین سب ایک ہیں، بھارت کے خلاف میچ ہو تو خواتین اپنا کھانا پکانا چھوڑ کر میچ دیکھتی ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ 2017 کے بعد تقریبا تمام آئی سی سی کے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی بری شکست قوم کی مایوسیوں میں مزید اضافہ کر رہے ہیں، آخر ایسا کیوں ہے؟ کرکٹ کے شائقین نے اس پر اپنی رائے کا اظہار کیا اور کہا پاکستان کی بھارت سے ہار کوئی نئی بات نہیں ہمیں اس چیز کی عادت ہو گئی ہے۔ 2019 کے ورلڈ کپ میں بھی پاکستان بھارت سے ہارا اور 2023 میں بھی پاکستان بری طرح ہارا، لیکن دکھ صرف اس بات کا یہ کہ یہ لوگ لڑتے ہی نہیں ہیں۔ پاکستان پچھلے کئی سالوں سے اسی ٹیم کے ساتھ میدان میں اتر رہا ہے اور مسلسل ناکامی کا سامنا کر رہا ہے،فینز نے پاکستان کی اس ہار کو دل پر لیتے ہوئے کہا کہ یہ سب پاکستان ٹیم کے لوزر مائینڈ سیٹ کی وجہ سے ہوا ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق شائقینِ کرکٹ نہایت دل برداشتہ ہوئے اور بیشتر نے کرکٹ نہ دیکھنے کا فیصلہ کیا۔

مٹی میں پائے جانے والے بیکٹیریا نے آسٹریلیا میں 14 افراد کی جانیں لے لیں

آسٹریلیا میں مٹی میں پائے جانے والے خطرناک بیکٹیریا سے 14 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ بیکٹریا سانس یا خون کے ذریعے جسم میں داخل ہوتا ہے اور بیماری پھیلاتا ہے۔  ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر کے مطابق کہ ملیئوڈوسس نامی بیماری مٹی یا کیچڑ میں پائے جانے والے بیکٹیریا سے پھیلتی ہے، عام طور پریہ بیکٹیریا شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد ظاہر ہوتا ہے۔  کوئنز لینڈ کے کچھ حصوں میں رواں ماہ 59 انچ سے زائد بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ کوئینز لینڈ ہیلتھ ڈیٹا کے مطابق رواں سال اب تک 94 افراد اس بیکٹیریا سے متاثر ہوچکے ہیں، یہ بیماری سانس کے ذریعے یا خون میں شامل ہو کر پھیلتی ہے۔

فخر زمان کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا امکان

قومی جارح مزاج بیٹر فخر زمان کا ون ڈے کرکٹ سے جلد ریٹائرمنٹ لینے کا امکان ہے۔ نجی نشریاتی ادارے سما نیوز کے مطابق فخر زمان کا ون ڈے کرکٹ سے جلد ریٹائرمنٹ لینے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں انہوں  نے کچھ عرصہ قبل قریبی لوگوں سے مشاورت بھی کی تھی۔ ذرائع کے مطابق فخر زمان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میرا آخری آئی سی سی ٹورنامنٹ ہوگا، ون ڈے کرکٹ سے وقفہ لینا چاہتا ہوں۔ ذرائع کے مطابق فخر زمان ہائپر تھائراڈازم کی بیماری سے تاحال صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں، فخر زمان ہر طرز کی کرکٹ سے تقریباً اڑھائی مہینے کے لئے دور ہوچکے ہیں، ڈاکٹرز نے فخر زمان کو اڑھائی ماہ کا آرام دیا ہے۔ فخر زمان لیگز پر این او سی کے معاملے اور قومی ٹیم کی سلیکشن پر بھی دلبرداشتہ ہوئے تھے۔ فخر زمان اپنے اہل خانہ کو بھی بیرون ملک منتقل کرنے کی سوچ رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ فخر زمان 86 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ فخر زمان حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی میں انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے آوٹ ہوگئے تھے۔