کراچی میں ٹریفک حادثات کے دوران 4 افراد جاں بحق

کراچی میں ٹریفک حادثات معمول بن گئے ہیں، ٹریفک پولیس کی ناکامی کے باعث تیز رفتاری کے واقعات رونما ہوتے ہیں جوکہ حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ کراچی کے سائٹ ایریا  میں ٹرک کی ٹکر سے مزدور جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت  وقاص مجید کے نام سے ہوئی، پولیس نے واقعے میں ملوث ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ دریں اثنا، شاہراہ فیصل فاران ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے، عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا۔ کار سوار کافی دور سے تیز رفتاری سے آ رہا تھا اور موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے کے بعد روندتا ہوا کافی دور تک لے گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد تیز رفتار کار کئی بار فٹ پاتھ سے ٹکرائی، موٹرسائیکل سوار بائکیا رائیڈر تھا جس کی شناخت 43 سالہ شکیل حیدر کے نام سے ہوئی۔ دوسرے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی، ضابطے کی کارروائی کیلئے لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئیں۔ دریں اثنا نمائش چورنگی کے قریب دو موٹر سائیکلوں میں تصادم ہوگیا، حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرازخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،جاں بحق شخص کی شناخت 24 سالہ رضا کے نام سے ہوئی۔

جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے فارم 45 پر جوڈیشل انکوائری کی جائے : حافظ نعیم الرحمان

جماعت اسلامی نے رمضان کے بعد لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے، جن پارٹیوں نے آئین کو پامال کیا ہے ان کے خلاف کاروائی اور جوڈیشل انکوائری ہو ورنہ چاروں صوبوں میں ملین مارچ ہو گا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد جماعت اسلامی بجلی کے مسائل اور فارم پینتالیس پر جوڈیشل انکوائری نہ بنانے پر لونگ مارچ کریں گی،پیپلز پارٹی کو لوگوں نے مسترد کردیا ہے ،الیکشن میں بھی لوگوں نے ان کو مسترد کردیا تھا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے شہر کو تباہ کردیا ہے، کراچی کماکر دیتا ہے لیکن اس شہر کو کچھ بھی نہیں دیا جاتا،شہریوں کو پینے کے لیے پانی نہیں مل رہا ،اس شہر کے لوگ ٹینکروں اور ڈمپروں کے زد میں آتے ہیں، کراچی کو 17 ہزار سے زائد بسوں کی ضرورت ہے لیکن 3 سو بسیں چلائی گئی ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے سندھ کے طلبا کے لیے آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ پی پی تعلیم نسل کشی کررہی ہیں، انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کے ساتھ ظلم ہورہا ہے،تعلیم کے ساتھ کھلواڑ کررھے ہیں،اس شہر کے نوجوانوں کو ٹارگٹ کررہے ہیں تاکہ وہ آگے نا بڑھ سکیں انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک پورے پاکستان میں شروع ہوگی، کوئٹہ سمیت کے پی کے میں ہم مسلسل کام کررھے ہیں ،ہم پہلے مرحلے میں لوگوں کوشاہراہوں پر دھرنے دینے کا اعلان کرسکتے ہیں ،اس ملک کے لوگوں کو ریلیف ملنا چاہئیے ،کراچی میں بہت بڑا ملین مارچ کرینگے ۔ امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا ہے کہ مذاکرات کے نتیجے میں ہم نے عوام کو ریلیف دلوایا ہے ،حکومت کو اب ریلیف دینا ہوگا عوام بہت پریشان ہے ،عوامی ایشوز پر اس وقت صرف جماعت اسلامی ہی بات کررہی ہے ،ہم پر کوئی ریڈ لائن نہیں ہے اب حکومت کو طے کرنا ہے ریڈ لائن کیا ہے ۔

پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن جلوے بکھیرنے کو تیار: شیڈول آگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان  سپر لیگ (پی ایس ایل ) کا شیڈول جاری کر دیا۔ پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن 11 اپریل سے شروع ہوگا، جب کہ ایونٹ کا فائنل 18مئی کو کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں 11 اپریل سے 18 مئی تک 34 میچز کھیلے جائیں گے، جس میں لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں 2 سیمی فائنل اور فائنل شامل ہیں۔ کراچی اور ملتان پانچ، پانچ، جبکہ راولپنڈی میں 11 میچز کھیلے جائیں گے۔ پی ایس ایل چار شہروں راولپنڈی، لاہور، ملتان اور کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس سال پی ایس ایل میں ایک نمائشی میچ بھی کھیلا جائے جو آٹھ اپریل کو  پشاور میں کھیلا جائے گا۔  نمائشی میچ میں کھیلنے والی ٹیموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ ابتدائی میچ میں دفاعی چیمپئین اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ  لاہور قلندر  سے راولپنڈی میں ہوگا۔ ایونٹ کے میچز دن اور رات دونوں میں کھیلے جائیں گے۔  

پنجاب پولیس کا خواتین کی حفاظت کے لیے انقلابی قدم

خواتین کو انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایک انقلابی قدم! پاکستان کا پہلا ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، جو کسی بھی وقت، کہیں بھی خواتین کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے زیر انتظام قائم ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، خواتین پر تشدد کے خاتمے اور فوری انصاف کی فراہمی میں ایک نئی امید بن چکا ہے۔ خواتین نے اس پلیٹ فارم پر اپنی شکایات درج کروائیں، اور انصاف کے دروازے تک ان کی رسائی ممکن بنائی گئی۔ پہلے چھ ماہ کے دوران، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے فوری ایکشن لیتے ہوئے 23 ہزار 575 ایف آئی آرز درج کروائیں۔ ہراسگی، گھریلو تشدد، گھریلو ناچاقی، لڑائی جھگڑے اور دیگر سنگین مسائل پر پہلے 6 ماہ میں 1 لاکھ 99 ہزار 38 کیسز میں مدد فراہم کی گئی۔ اگر آپ کو بھی مدد درکار ہے، تو اب آپ کو تھانے جانے کی ضرورت نہیں! اپنے گھر بیٹھے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں اور فوری مدد حاصل کریں۔ یہ قدم خواتین کے تحفظ اور انصاف کی جانب ایک روشن راہ ہے۔ کیونکہ ہر عورت کو تحفظ، ہر عورت کو انصاف!

کرد رہنما عبداللہ اوکلان کا بڑا اعلان: تحریک ختم کرنے اور مسلح ارکان کو ہتھیار ڈالنے کی اپیل

کرد اکثریتی شہروں دیار باقر اور وان میں ہزاروں افراد بڑی اسکرینوں پر اس بیان کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔

جیل میں قید کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے بانی رہنما عبداللہ اوکلان نے اپنی تحریک کو تحلیل کرنے اور اس کے مسلح ارکان سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کر دیا۔   یہ اعلان کرد حامی جماعت ڈیم پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے اوکلان کے پیغام پر مبنی ایک خط پڑھ کر سناتے ہوئے کیا، جس کا مقصد جنوب مشرقی ترکی میں چار دہائیوں سے جاری مسلح جدوجہد کے خاتمے کی راہ ہموار کرنا ہے، جس میں ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔   اوکلان نے اپنے بیان میں کہا کہ “جمہوری اتفاق رائے ہی سیاسی استحکام کا واحد راستہ ہے” اور تمام گروہوں کو ہتھیار ڈال کر سیاسی عمل میں شامل ہونا چاہیے۔   یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب ترک حکومت کے اتحادی اور سخت گیر رہنما دیولت بہچلی نے تنازع کے حل کے لیے نئی کوششوں کا آغاز کیا تھا۔   کرد رہنماؤں اور عوام نے اس بیان کا وسیع پیمانے پر خیر مقدم کیا، جبکہ کرد اکثریتی شہروں دیار باقر اور وان میں ہزاروں افراد بڑی اسکرینوں پر اس بیان کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔   تاہم، ماہرین اور عوام اس پیش رفت کے حقیقی اثرات اور نتائج پر نظریں جمائے ہوئے ہیں، کیونکہ ترک حکومت کی جانب سے کرد گروپوں کے خلاف فوجی کارروائیاں اور کریک ڈاؤن جاری ہے۔   واضح رہے کہ ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کی جانب سے گزشتہ سال 14 دسمبر کو این ٹی وی نیوز ویب سائٹ کو بتایا تھا کہ ’کردوں کی قیادت والے گروپوں کو خود کو ختم کر دینا چاہیے ورنہ وہ تباہ ہو جائیں گے۔   اور یہ کہ وائی پی جی اور پی کے کے میں شامل وہ لوگ جو شامی نہیں ہیں اور جنھیں شام میں بین الاقوامی دہشت گرد تصور کیا جاتا ہے، انھیں چاہیے کہ ملک چھوڑ دیں۔‘

مسلسل ناقص پرفارمنس پر پاکستانی سینئرز کرکٹرز کا بریک لینے پر غور

چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کی وجہ سے ڈراپ ہونے کے خدشے کے پیش نظر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے اگلی سیریز میں بریک لینے کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار قومی کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے سخت ناخوش ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے “بریک” لینے پر مشاورت شروع کر دی ہے، کچھ کھلاڑی دورہ نیوزی لینڈ سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی اگلی اسائنمنٹ نیوزی لینڈ میں وائٹ بال سیریز ہے، نیوزی لینڈ میں پاکستان ٹیم نے 5 ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلنے ہیں، سیریز 16 مارچ سے 5 اپریل تک کھیلی جائے گی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ بعض کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی کی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر ڈراپ ہونے کا خدشہ ہے، ناقص کارکرد گی کی وجہ سے بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار کھلاڑیوں سے سخت ناخوش ہیں۔ ڈراپ ہونے کا لیبل لگوانے سے قبل کھلاڑی دستبردار ہونے کا پلان کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم سے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور بابر اعظم کو ڈراپ کرنے سے متعلق بازگشت ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے 60 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، تیسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔

حماس، اسرائیل کے درمیان فائر بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر مذاکرات شروع

تاہم، یہ معاہدہ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو کے جنگی مقاصد سے متصادم ہو سکتا ہے، جو حماس کی حکومتی اور عسکری صلاحیتوں کو ختم کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

مصر نے جمعرات کو اعلان کیا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ فائربندی معاہدے کے اگلے مرحلے پر مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔ مصر کی ریاستی اطلاعاتی سروس کے مطابق، اسرائیل، قطر اور امریکہ کے حکام نے قاہرہ میں فائر بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر ’تفصیلی بات چیت‘ کا آغاز کیا۔ خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بیان میں کہا گیا: ’ثالث غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی ترسیل کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی غور کر رہے ہیں تاکہ آبادی کی تکالیف کو کم کیا جا سکے اور خطے میں استحکام کے لیے کوششیں کی جا سکیں۔‘ دوسرے مرحلے کے مذاکرات کا مقصد مسلح تنازع کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے، جس میں غزہ میں موجود تمام قیدیوں کی واپسی اور اسرائیلی فوجیوں کا مکمل انخلا شامل ہے۔ تیسرے مرحلے میں ان قیدیوں کی باقیات کی واپس ہوں گی جو اب زندہ نہیں ہیں۔ اسرائیل کے مطابق، غزہ میں اب بھی 59 قیدی موجود ہیں، جن میں سے 24 کے زندہ ہونے کا یقین ہے۔ تاہم، یہ معاہدہ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو کے جنگی مقاصد سے متصادم ہو سکتا ہے، جو حماس کی حکومتی اور عسکری صلاحیتوں کو ختم کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ اس مسلح تنازعے میں بھاری نقصان اٹھانے کے باوجود، حماس فائر بندی کے دوران بھی خود کو مستحکم رکھنے میں کامیاب رہی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ ہتھیار نہیں ڈالے گی۔ بات چیت شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل، ایک اسرائیلی اہلکار نے کہا کہ ملک غزہ کی پٹی میں ایک سٹریٹجک راہداری سے پیچھے نہیں ہٹے گا جیسا کہ فائر بندی کے تحت کہا گیا تھا، یہ انکار حماس اور کلیدی ثالث مصر کے ساتھ مذاکرات کو انتہائی پیچیدہ بنا سکتا ہے۔ دریں اثنا، حماس نے کہا کہ اگر اسرائیل نے فلاڈیلفی کوریڈور میں بفر زون برقرار رکھنے کی کوشش کی تو یہ فائر بندی معاہدے کی ’واضح خلاف ورزی‘ ہوگی۔ گزشتہ ڈیڑھ سال میں اسرائیلی فوجی حملوں میں 48,000  سے زائد فلسطینی مارے جا چکے ہیں، جن میں نصف سے زائد خواتین اور بچے شامل ہیں۔ غزہ کی 90 فیصد آبادی بے گھر ہو چکی ہے، جبکہ غزہ کا بنیادی ڈھانچہ اور صحت کا نظام تباہ ہو چکا ہے۔

پاکستان کے عبوری کوچ عاقب جاوید کو توسیع نہیں دی جائے گی

چیمپئنز ٹرافی کی شکست کے بعدپاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید سے توقع کی جارہی ہے کہ ان کے عہدے میں توسیع نہیں ہوگی۔ نجی نشریاتی ادارہ جیو نیوز کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے ایک نئے کوچ کا تقرر کیا جائے گا جبکہ عبوری کوچ عاقب جاوید کو مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔ سابق عالمی فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کو گزشتہ سال نومبر میں گیری کرسٹن کے استعفیٰ کے بعد ٹیم کے کوچ کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ ٹیم کی ذلت آمیز دوڑ اور جاری چیمپئنز ٹرافی 2025 سے جلد خاتمے نے نہ صرف شائقین اور کرکٹ برادری کی طرف سے بڑے پیمانے پر تنقید کو مدعو کیا ہے بلکہ اسلام آباد میں ابرو بھی اٹھائے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ نے نجی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا، “وزیراعظم ذاتی طور پر نوٹس لیں گے اور ہم ان سے  کرکٹ سے متعلق معاملات کو کابینہ کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ میں بھی اٹھانے کو کہیں گے۔” اس سے قبل یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ پاکستان کے کچھ سینئر کرکٹرز مبینہ طور پر اپنی حالیہ خراب کارکردگی کی وجہ سے ڈراپ ہونے کے خطرے سے بچنے کے لیے آئندہ نیوزی لینڈ کے دورے سے الگ ہونے پر غور کر رہے ہیں۔ چند کھلاڑیوں نے سیریز سے “بریک” لینے کے بارے میں بات چیت شروع کی ہے، جس میں پانچ ٹی 20  اور تین ون ڈے شامل ہیں، جو 16 مارچ سے 5 اپریل تک کھیلے جائے گے۔ ممکنہ اخراج کے حوالے سے قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں، رپورٹس کے مطابق شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور بابر اعظم جیسے اہم کھلاڑیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں اجلاس شام 6 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اجلاس میں دیگر مرکزی ممبران و علما کے علاوہ سپارکو اور محکمہ موسمیات کے حکام بھی شریک ہوں گے۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور پر آبر آلود رہے گا جس کے باعث آج رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے اور 45 منٹ ہوگی۔ واضح رہے کہ اسپیس اینڈ اَپر ایٹماسفئیر ریسرچ کمیشن کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک 2 مارچ 2025 سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ ترجمان سپارکو کے مطابق نیا چاند آج 2025 کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 45 منٹ پر پیدا ہوگا، 28 فروری کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے ہوگی۔ سپارکو ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں28 فروری کو چاند نظر آ سکتا ہے، سعودی عرب میں رمضان یکم مارچ سے شروع ہوگا۔ شوال کا چاند 30 مارچ کو متوقع ہے اور عیدالفطر 31 مارچ کو ہوسکتی ہے۔ سپارکو ترجمان نے وضاحت کی کہ رمضان کے چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کے پاس ہے۔

چیمپئنز ٹرافی میچز کے ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کیسے کی جا سکتی ہے؟

پاکستان میں کھیلی جانے والی والی چیمپئنز ٹرافی کے متعدد میچز بارش کی نذر ہونے کے بعد شائقین کو ٹکٹوں کی واپسی کی فکر لاحق ہوگئی ہے تاکہ ان کے پیسے واپس مل سکیں، لیکن اس کیلئے پی سی بی کی پالیسی کیا ہے، اس کے متعلق ہم آج آپ کو تفصیلی آگاہی دیں گے۔  پاکستانیوں کو پورے موسمِ سرما انتظار رہا وہ برسی بھی تو چیمپیئن ٹرافی کے میچز کو بہا کر لے گئی۔ شائقین ٹکٹ تھامے بے بسی سے سُونے گراؤنڈ کو تک کر واپس لوٹ گئے اور تو اور ان کے ٹکٹوں کی رقم بھی ڈوب گئی۔اب آپ کہیں گے میچ نہیں ہوا تو پیسے واپس ہونے چاہیں لیکن یہ اتنا آسان نہیں۔ اس کے لیے کچھ اصول و ضوابط ہیں۔ اگر آپ منتظمین کو ٹکٹ دکھا کر شائقین کی نشستوں پر جا بیٹھے ہیں اور میچ شروع ہو کر رکا تو بھی ٹکٹ ناقابلِ واپسی ہے اگر آپ بیٹھے لیکن میچ نہیں ہوا تب بھی۔ حتیٰ کے آپ صرف سٹیڈیم میں داخل ہو گئے تب بھی۔ آئی سی سی کی چیمئنز ٹرافی 2025 سے متعلق ویب سائٹ پر ٹکٹوں کے ری فنڈ سے متعلق قواعد و ضوابط کچھ یوں ہیں۔ میچ منسوخی کی صورت میں: اگر کوئی میچ ٹاس سے پہلے خراب موسمی حالات یا دیگر غیر متوقع حالات سمیت کسی بھی وجہ سے منسوخ ہو جاتا ہے تو ٹکٹ ہولڈرز ٹکٹ کی قیمت کی مکمل واپسی کے حقدار ہیں تاہم اس کے لیے اصل ٹکٹ واپس کرنے ہوں گے۔ لیکن اگر ٹکٹ داخلے کے لیے سکین ہو جاتا ہے تو کوئی ریفنڈ لاگو نہیں ہوگا، بھلے ہی میچ کا ٹاس نہ ہوا ہو۔ موسم سے متعلق ریفنڈ کی پالیسی: اگر ٹاس ہونے کے بعد میچ منسوخ کر دیا جاتا ہے، بے شک ایک بھی گیند نہ پھینکی جائے تو کوئی ریفنڈ جاری نہیں کیا جائے گا۔ خراب موسم، کھیل کے حالات، قومی سوگ یا دیگر غیر یقینی حالات کی وجہ سے ٹاس کے بعد منسوخ ہونے والے میچز کے ٹکٹس ریفنڈ کے اہل نہیں ہوں گے۔ میچوں کے ری شیڈول یا منتقلی کی صورت میں: اگر کسی میچ کو ری شیڈول کیا جاتا ہے اور ٹکٹ خریدار نئی تاریخ میں شرکت نہیں کر سکتا ہے تو وہ ٹکٹ کی رقم کی واپسی کے اہل ہیں۔ اس کے علاوہ اگر کوئی میچ ملتوی کر دیا جاتا ہے اور ٹکٹ خریدنے والا ری شیڈول تاریخ میں شرکت نہیں کرسکتا ہے تو وہ ٹکٹ کی رقم کی واپسی کے اہل ہیں۔ اگر اوپر بتائے کسی بھی وجہ سے آپ اپنا ٹکٹ واپس کر کے رقم واپس حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو رقم کی واپسی کی درخواست کرنے کے لیے متعلقہ کرکٹ بورڈ کے ہیڈ آف ٹکٹنگ سے ای میل کے ذریعے رابطہ کرنا ہوگا۔ واپسی کی درخواست کی وجہ کے ساتھ آرڈر نمبر اور سیٹ کی معلومات سمیت ٹکٹ کی تفصیلات فراہم کرنا ہوتی ہے۔ میچ منسوخ ہونے، ری شیڈول کرنے، منتقل کرنے یا ملتوی ہونے کے تیس (30) دنوں کے اندر ریفنڈ کی درخواستیں جمع کرانا ضروری ہیں۔ مخصوص مدت میں ایسا نہ کرنے پر رقم کی واپسی کا دعویٰ کرنے کا حق باقی نہیں رہے گا۔اسی عمل کا اطلاق ٹکٹوں کی آف لائن خریداری پر بھی ہوتا ہے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ خریداری کی تمام رسیدیں اور دستاویزات سنبھال کر رکھیں۔   اگر ٹاس کے بعد میچ منسوخ کر دیا گیا تو بھی ٹکٹ ری فنڈ نہیں ہوسکتا، اسی طرح خراب موسم، کھیل کے ناساز حالات، قومی سوگ کی صورت میں یا ٹاس کے بعد میچ منسوخ ہونے کی صورت میں بھی ٹکٹ ری فنڈ نہیں ہوتا ہے۔ بیرونی عوامل جیسے پبلک ٹرانسپورٹ، سڑکوں کی بندش، سکیورٹی چیکنگ و نگرانی وغیرہ کی وجہ سے سٹیڈیم میں داخلے میں تاخیر کی صورت میں بھی ٹکٹ ری فنڈ نہیں کیا جاتا ہے۔ وہ ٹکٹ جو غیر مجاز ذرائع سے خریدے گئے ہوں،آئی سی سی کے ساتھ ساتھ پی سی بی کی جانب سے بھی چیمپیئن ٹرافی 2025 کے ٹکٹوں کی خرید و فروخت اور استعمال کے لیے رہنما اصول جاری کیے گئے ہیں۔ جن کے مطابق ٹکٹ خریدنے والوں کی عمر اٹھارہ (18) سال یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے اور خریداری کے وقت اپنا پاسپورٹ نمبر یا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) نمبر فراہم کرنا ضروری ہے۔ ٹکٹ صرف سرکاری ٹکٹنگ ایجنٹوں یا مجاز ایجنٹوں کے ذریعہ یا کرکٹ بورڈ کے ذریعہ یا اس کی طرف سے تحریری طور پر مجاز کسی دوسرے فروخت یا منتقلی کے طریقہ کار کے ذریعے خریدے جا سکتے ہیں۔ کسی بھی فرد، تنظیم یا کسی تیسرے فریق کی طرف سے فروخت کردہ کوئی بھی ٹکٹ درست نہیں ہو گا جس کا نام ایسی فہرستوں میں نہیں ہے۔کسی بھی ٹکٹ کی فروخت یا اجرا حتمی اور ناقابل واپسی ہے سوائے ان حالات کے جو ٹکٹ ریفنڈ پالیسی میں بیان کیے گئے ہیں۔ کسی بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران کوئی بھی میزبان کرکٹ بورڈ کسی بھی ایسے ٹکٹ کو تبدیل کرنے یا قبول نہ کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں جو گم شدہ، چوری، گھر بھول جانے والے، خراب یا جعلی، یا کوئی بھی ٹکٹ جو پڑھنے کے قابل نہ رہا ہو یا نامکمل ہو۔ ایک ہی شناختی کارڈ / پاسپورٹ استعمال کرنے والا کوئی بھی شخص فی میچ زیادہ سے زیادہ چار ٹکٹ خرید سکتا ہے۔ چونکہ یہ تمام ٹکٹ خریدار کے نام پر جاری ہوتے ہیں اس لیے ٹکٹوں کی منتقلی ممکن نہیں ہے۔ ایک ٹکٹ خریدار صرف اپنے ذاتی استعمال اور اپنے مہمان کے لیے ٹکٹ خرید سکتا ہے۔ ہر ٹکٹ خریدار کو اپنے ذاتی استعمال کے لیے کم از کم ایک ٹکٹ اپنے پاس رکھنا ضروری ہے اور بقیہ ٹکٹ اپنے مہمانوں کو منتقل کرسکتا ہے لیکن یہ مہمان ٹکٹ خریدار کو ذاتی طور پر جانتا ہو۔ٹکٹ کسی ایسے شخص کو پیش کش یا منتقل نہیں کیا جا سکتا جس سے ٹکٹ کے بدلے میں کوئی سامان یا خدمات خریدنے پر رضامندی حاصل کی گئی ہو۔ ٹکٹ خریدار کسی دوسرے شخص کے لیے ایجنٹ کے طور پر کوئی ٹکٹ نہیں خرید سکتا ہے اور نہ ہی ٹکٹ خریدار اور نہ ہی کوئی مہمان کسی بھی طریقے