کابل حملے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار: “ہم امریکا کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم رکھتے ہیں”شہباز شریف

Shahbaz sharif on agha khan

پاکستان نے افغانستان کے ساتھ اپنی سرحد پر ایک اہم آپریشن کے دوران ‘محمد شریف للہ’ کی گرفتاری کو امریکا کے ساتھ اپنی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شراکت داری کے عزم کی علامت کے طور پر پیش کیا ہے۔ شریف للہ وہ شخص ہے جسے پاکستان نے 2021 میں کابل ایئرپورٹ پر امریکی فوجیوں پر ہونے والے حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ اس حملے میں 13 امریکی فوجی اور 170 افغان شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ “ہم امریکا کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم رکھتے ہیں تاکہ اس خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔” یہ گرفتاری امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کے بعد سامنے آئی جس میں انہوں نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا اور کہا تھا کہ شریفللہ امریکا لے جایا جا رہا ہے تاکہ اس پر مقدمہ چلایا جا سکے۔ امریکی ایف بی آئی کے ڈائریکٹر ‘کاش پٹیل’ نے ایک تصویر کے ساتھ بتایا کہ شریف للہ امریکی تحویل میں ہے جس میں ایجنٹس ایک طیارے کے سامنے کھڑے نظر آ رہے ہیں جس میں شریف اللہ کو منتقل کیا گیا تھا۔ پاکستانی حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقے میں کی گئی جہاں شریف اللہ کو پکڑا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے ساتھ تعاون کے حوالے سے کہا “ہمیں خوشی ہے کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری مدد کی تعریف کی ہے۔” یہ بھی پڑھیں: نادار غریبوں سے رقم وصول کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، مریم نواز دوسری جانب پاکستانی سکیورٹی حکام نے بتایا کہ شریف اللہ کا تعلق دہشت گرد گروہ “داعش خراسان” (ISIS-K) سے تھا اور وہ افغانستان میں سرگرم تھا۔ حکام نے مزید کہا کہ اس گرفتاری میں امریکی سی آئی اے اور ایف بی آئی کا تعاون اہم رہا۔ ایک پاکستانی سکیورٹی افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ’رائٹرز‘ بتایا کہ “پاکستان اور امریکا کے درمیان دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کا ایک نیا باب شروع ہو چکا ہے، جو خطے میں امن قائم کرنے کے لیے ضروری ہے۔” افغان طالبان حکومت نے اس گرفتاری پر ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات گزشتہ برسوں میں تنازعات کا شکار رہے ہیں، خاص طور پر اس وقت جب پاکستان پر افغانستان کے طالبان حکمرانوں کی حمایت کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ شریف اللہ کی گرفتاری نے ایک نیا پیغام دیا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سکیورٹی تعاون میں مزید بہتری آ رہی ہے۔ دفاعی تجزیہ کار ‘عائشہ صدیقہ’ نے کہا کہ “اس گرفتاری کا مقصد صرف یہ دکھانا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف امریکا کا ایک قابل اعتماد ساتھی ہے۔ اس سے پاکستان کی جانب سے امریکی صدر کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کو ظاہر کیا گیا ہے خاص طور پر جب امریکا کی توجہ پاکستان کی جانب کم ہو رہی ہے۔” یاد رہے کہ 2021 میں کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے دھماکے میں، جو کہ داعش خراسان (ISIS-K) نے کیا تھا اس میں درجنوں افغان اور امریکی شہریوں کی جانیں گئیں۔ شریف اللہ کا اس حملے میں اہم کردار تھا جس کے بعد پاکستان نے اس کی گرفتاری کے لیے ایک بڑی آپریشن شروع کیا۔ شریف اللہ کی گرفتاری ایک اور سنگ میل ہے جس سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں نیا جوش آیا ہے۔ پاکستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پوری کوشش کرے گی کہ دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی خطے میں امن و استحکام کو متاثر نہ کرے۔ یہ پیشرفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سکیورٹی تعاون میں نئی امیدیں اور امکانات روشن ہو رہے ہیں جو دونوں ممالک کے لیے ایک اہم موقع ہو سکتا ہے۔ مزید پڑھیں: بنوں کینٹ حملے کا منصوبہ افغانستان میں موجود خوارج کے سرغنہ نےبنایا، آئی ایس پی آر

’دہشت گردی کے پی سے نکل کر پورے ملک میں پھیلے گی‘ علی امین گنڈا پور نے خدشہ ظاہر کردیا

Ali amin gandapur

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھا لیا ہے، دہشتگردی صرف کے پی تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیلے گی۔ وزیرِاعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرم میں جن لوگوں نے حملہ کیا ان کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ کرم میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے ٹی او آرز بنائے ہیں، افغانستان سے بغیر بات چیت کے یہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔ دہشتگردی صرف کے پی تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ پورے ملک میں پھیلے گی۔ وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ وفاق دہشتگردی روکنے کے لیے پالیسی نہیں بنا رہا، ان کو کوئی پرواہ ہی نہیں، قرضوں پر قرضے لئے جا رہے ہیں، ان کی کیا کارکردگی ہے؟ حکومت نے ساری توجہ پی ٹی آئی پر دی، دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھا لیا۔ علی امین کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت اشتہارات دے رہی ہیں، کارکردگی کچھ نہیں، میں بھی ویڈیوز بنانا شروع کر دوں تو اس سے کیا کارکردگی ظاہر ہو گی۔ مزید پڑھیں: بنوں کینٹ حملے کا منصوبہ افغانستان میں موجود خوارج کے سرغنہ نےبنایا، آئی ایس پی آر وزیرِاعلیٰ کے پی کا کہنا ہے کہ ہمارے صوبے کے پیسے نہیں دیے جا رہے، حیران ہوں کہ وفاق تو ہم پر سیاسی مقدمات قائم کر رہا ہے، لیکن امن و امان کی صورتحال پر توجہ نہیں دے رہا۔ پی ٹی ایم پر مقدمات وفاق نے بنائے ہیں ہم اس کے حق میں نہیں۔ علی امین نے کہا ہے کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام بانی پی ٹی آئی کے نام سے منسوب کرنا عوام کی خواہش تھی، بانی پی ٹی آئی کو اسٹیڈیم سے متعلق غلط رپورٹ پیش کی گئی، اسٹیڈیم میں پختونخوا کا اپنا سپر لیگ بھی شروع کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی شاندار فتح: جنوبی افریقا کو 50 رنز سے ہرا کر چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی

Newzland won

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز ہی بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے راچن رویندرا اور کین ولیمسن نے شاندار سنچریاں بنائیں، دونوں نے دوسری وکٹ پر 164 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ رویندرا نے 108 رنز بنائے، جن میں ایک چھکا اور تیرہ چوکے شامل تھے۔ کین ولیمسن نے بھی 102 رنز بنائے، جن میں 2 چھکے اور 10 چوکے تھے۔ آخر میں ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے بھی اچھا کھیل پیش کیا؛ مچل نے 49 رنز بنائے اور آؤٹ ہوئے، جبکہ فلپس 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔ دوسری جانب ساؤتھ افریقی بلے باز ڈیوڈ  ملر نے جارہانہ اننداز میں سینچری سکور کی مگر یہ سینچری ساؤتھ افریقی ٹیم کو فائنل تک رسائی نہ دے سکی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 363 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز ہی بنا سکی۔ یاد رہے کہ انڈیا  نے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔ اب چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ اتوار کے روز نیوزی لینڈ اور انڈیا کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔ مزید پڑھیں: آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

Steve smith

کینگروز کپتان اسٹیو اسمتھ  نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ نئے چہروں کے لیے ون ڈے فارمیٹ میں قدم رکھنے کا یہ بہترین وقت ہے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہونے کے بعد آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے 50 اوور کے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ یہ ایک زبردست سفر رہا اور مجھے اس کا ہر لمحہ پسند آیا ہے۔ کینگروز کپتان نے کہا کہ بہت سارے حیرت انگیز اوقات اور حیرت انگیز یادیں رہی ہیں۔ شاندار ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ دو ورلڈ کپ جیتنا ایک بہت بڑی بات تھی، جنہوں نے اس سفر میں حصہ لیا۔ اسٹیو اسمتھ نے کہا ہے کہ وہ ملک کے لیے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کھیلنا جاری رکھیں گے۔ نئے چہروں کے لیے ون ڈے فارمیٹ میں قدم رکھنے کا یہ بہترین وقت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب لوگوں کے لیے 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاری شروع کرنے کا ایک بہترین موقع ہے، اس لیے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ راستہ بنانے کا صحیح وقت ہے۔ آسٹریلوی کپتان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ ایک ترجیح بنی ہوئی ہے اور میں واقعی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کا منتظر ہوں۔ اسمتھ کے سابق ساتھی اور موجودہ سلیکشن چیئر جارج بیلی نے اس فیصلے پر کہا کہ ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو آسٹریلوی سیٹ اپ میں موجود ہر فرد کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کے لیے 170 ون ڈے میچوں میں نمایاں ہونے والے اسمتھ نے 43.28 کی اوسط سے 5800 رنز بنائے ہیں، جس میں 12 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں، جب کہ انہوں نے 28 وکٹیں بھی اپنے نام کی ہیں۔ 2015 اور 2023 میں آسٹریلیا کی کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں میں بھی اسمتھ شامل تھا۔  

نادار غریبوں سے رقم وصول کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، مریم نواز

Maryam nawaz sharif

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان پیکج پر اضافی رقم لینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، قصور، بھکر اور گجرانوالہ میں کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اور غیرقانونی دھندے میں ملوث ایجنٹس بلیک لسٹ کر دئیے گئے۔ قصور میں 10 ہزار روپے رمضان پیکج کی رقم پر 500 روپے غیر قانونی طور پر لینے والا ملزم بلال کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے مکہ موبائل شاپ اور بھکر میں ایلفا ریٹیلر سیل کر دیں، ملزمان پر مقدمات درج کر لیا اور مشینیں بھی تحویل میں لے لیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رمضان پیکج سے اضافی رقم لینے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کو سرچ آپریشن کرنے اور ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی ہدایت کی۔ مزید پڑھیں: ’عید کے بعد مہنگائی کے خلاف ملین مارچ کریں گے‘ جماعت اسلامی کا اعلان وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ نادار غریبوں سے رقم وصول کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عوام سے اپیل کی کہ رمضان پیکج حاصل کرنے والوں کو ایسی کسی بھی شکایت پر فوری 0800-02345 پر فری کال کر کے شکایات درج کرائیں۔ پنجاب حکومت مستحقین کو قطار سے بچانے کے لئے اس بار نقد رقوم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے فراہم کررہی ہے۔

پاکستان کی معیشت کی ترقی قومی یکجہتی اور ایک واضح اقتصادی وژن سے جُڑی ہوئی ہے، احسن اقبال

Ahsan iqbal

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کی ترقی کا دار و مدار نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی بہتری اور ملک گیر سطح پر مہارتوں کے فروغ پر ہے۔ سی او ٹی ایچ ایم گلوبل کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال  نے کہا کہ پاکستان کو اپنی افرادی قوت کو جدید عالمی معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا اور نجی شعبے کو سرمایہ کاری، کاروباری وسعت اور اقتصادی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ملک نجی شعبے کی مکمل شمولیت اور ہنر مند افرادی قوت کے بغیر پائیدار ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔ پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز ایک نئے طرزِ فکر کے متقاضی ہیں، جہاں حکومت کاروبار دوست ماحول فراہم کرے، سرمایہ کاری کو فروغ دے اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے، لیکن اسے تعلیمی اصلاحات اور صنعتی ترقی کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے قابل بنانا ہوگا۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان سیاحت اور ہاسپٹلٹی کے شعبے میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اس کے قدرتی مناظر اور تاریخی ورثہ عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہے ہیں۔ تاہم، اس شعبے کی مکمل صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ماضی میں سیکیورٹی کے چیلنجز کا سامنا رہا، لیکن ہماری مسلح افواج کی قربانیوں کے باعث آج پاکستان سیاحتی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اب اس ترقی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے انسانی وسائل اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘اُڑان پاکستان’ ملکی معیشت کی ترقی کا ایک واضح روڈمیپ فراہم کرتا ہے، جس کا ہدف 2047 تک پاکستان کو 3 کھرب ڈالر کی معیشت میں تبدیل کرنا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد اہم شعبوں کو مستحکم کرنا، جدت کو فروغ دینا اور پاکستانی نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ میں مسابقت کے قابل بنانا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ حکومت تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت، آئی ٹی ایجوکیشن، ڈیجیٹل مہارتوں اور اپرنٹس شپ پروگرامز کو فروغ دے رہی ہے، تاکہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں اور مہارتوں کے فرق کو کم کیا جا سکے۔ مزید پڑھیں: ڈیفالٹ سے اڑان منصوبے تک کا سفر، کیا حقیقت میں پاکستان معاشی ترقی کررہا ہے؟ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی پیشہ ور افراد پہلے ہی عالمی ہاسپٹلٹی اور سروس انڈسٹری میں اپنی مہارت کا لوہا منوا چکے ہیں، لیکن ان پروگرامز کو مزید وسعت دینے، جدید ٹیکنالوجیز کو شامل کرنے اور تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی ترقی قومی یکجہتی اور ایک واضح اقتصادی وژن سے جُڑی ہوئی ہے۔ پاکستان ایک جوہری طاقت اور اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ملک ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی توجہ اقتصادی ترقی پر مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتشار اور قلیل المدتی حکمتِ عملی نے ترقی کی رفتار کو سست کیا ہے، لیکن اب تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

چیمپئنز ٹرافی پاکستان سے باہر: شائقین کا جوش ٹھنڈا پڑ گیا

Web nz vs sa

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے باقی میچوں کے بر عکس آج قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کا جوش ٹھنڈا پڑ گیا ہے اور گراؤنڈ اور اس کے آس پاس بہت کم لوگ دکھائی دے رہے ہیں۔ ممکنہ وجوہات میں چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان سے باہر ہونا اور پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونا شامل ہے۔

بنوں کینٹ حملے کا منصوبہ افغانستان میں موجود خوارج کے سرغنہ نےبنایا، آئی ایس پی آر

Bannu cantt attack

شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بنوں کنٹونمنٹ حملے میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، اس حملے کا منصوبہ افغانستان میں موجود خوارج کے سرغنہ نے بنایا ہے. آئی ایس پی آر کی جانب سے گزشتہ شب بنوں کینٹ میں ہونے والے دھماکے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا کہ خوارج نے بنوں کنٹونمنٹ پر حملےکی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے بروقت مؤثر کارروائی سےحملہ ناکام بنادیا ہے۔ شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی میں خودکش بمبار سمیت 16دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں 4 خودکش بمبار بھی شامل ہیں، خوارج کا مقابلہ کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے 5 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد سے بھری 2 گاڑیاں دیواروں سے ٹکرائیں، خوارج کے حملے میں 13معصوم شہری شہید، جب کہ 32 زخمی ہوگئے۔ حملے میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں کا مقصد کینٹ کی سیکیورٹی کو توڑنا تھا، خودکش دھماکوں سے حفاظتی دیواروں کو نقصان پہنچا، حملے کا منصوبہ افغانستان میں موجود خوارج کے سرغنہ نے بنایا۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی، پاکستان سرحد پارخطرات کےخلاف اقدامات اٹھانےکا حق محفوظ رکھتا ہے۔ مزید پڑھیں: بنوں کینٹ میں دھماکہ، چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق، دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنادیا، سیکیورٹی ذرائع واضح رہے کہ گزشتہ رات افطاری کے وقت بنوں کینٹ میں دھماکے ہوئے، جس میں متعدد شہری زخمی اور شہید ہوئے۔ گھروں اور دفاتر کی چھتیں حملے کی وجہ سے گر گئیں۔

ٹرمپ گرین لینڈ کے لوگوں کو کہتے ہیں ‘ہم آپ کو امیر بنا دیں گے’

Trump address

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے اپنے خطاب میں گرین لینڈ کو حاصل کرنے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جزیرہ ناقابل یقین لوگوں کا گھر ہے اور امریکا اسے خوشحال اور محفوظ بنائے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ گرین لینڈ کی آبادی کم ہے، لیکن اس کا رقبہ بہت وسیع اور فوجی سیکیورٹی کے لحاظ سے اہم ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق، زیادہ تر گرین لینڈ کے باشندے امریکا میں شامل ہونے کے خلاف ہیں، لیکن وہ ڈنمارک سے آزادی چاہتے ہیں۔ اپنی دوسری مدت شروع ہونے سے پہلے ہی، ٹرمپ نے واضح کر دیا کہ وہ گرین لینڈ کو امریکا کا حصہ بنانے کی خواہش رکھتے ہیں، حالانکہ ڈنمارک نے اسے بیچنے سے انکار کر دیا ہے۔ گرین لینڈ کا محل وقوع اور قدرتی وسائل امریکا کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں کیونکہ یہ یورپ اور شمالی امریکہ کے درمیان مختصر ترین راستے پر واقع ہے اور امریکی دفاعی نظام کے لیے اہم ہے۔ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ گرین لینڈ کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں اور اگر وہ چاہیں تو انہیں امریکا میں خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت گرین لینڈ کو حاصل کرنے کے لیے مختلف طریقوں پر کام کر رہی ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ کسی نہ کسی طریقے سے اسے حاصل کر لیں گے، جس پر ایوان میں ریپبلکن ارکان نے ہنسی کا اظہار کیا۔ گرین لینڈ میں ٹرمپ کی دلچسپی نے آزادی کی تحریک کو تقویت دی ہے اور وہاں کے رہنماؤں نے ڈنمارک سے جلد علیحدگی پر بات چیت کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم، گرین لینڈ کی حکمران پارٹی نے کہا ہے کہ وہ معاشی اور سماجی اثرات کو دیکھتے ہوئے آزادی کے فیصلے میں جلدی نہیں کرے گی۔ ڈنمارک کی اقوام متحدہ میں سفیر کرسٹینا مارکس لاسن نے کہا کہ گرین لینڈ کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے لوگوں کو کرنا ہے اور انہیں آزادی حاصل کرنے کا مکمل حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک اور امریکا آرکٹک میں سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نیٹو کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور ان کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہیں۔

پشاور: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حساس ادارے کے افسر کی شہادت

جائے حادثہ پر موجود افسر نے کہا کہ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سوار نا معلوم افراد نے گھر کے قریب فائرنگ کرکے افسر کو شہید کیا،

پشاور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے حساس ادارے کے انسپکٹر شاہد انور ولد عبد الحنان شہد کردیا۔   رپورٹ کے مطابق واقعہ پشاور کے تھانہ مچنی گیٹ کی حدود میں عزیر ٹاون کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے حساس ادارے کے افسر کو شہید کیا۔   اطلاع ملتے ہی پولیس افسران مقامی پولیس کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا۔   قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کردیا اور شہر میں ناکہ بندیوں پر پولیس الرٹ ہوکر چیکنگ مزید سخت کردی۔   جائے حادثہ پر موجود افسر نے کہا کہ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سوار نا معلوم افراد نے گھر کے قریب فائرنگ کرکے افسر کو شہید کیا، مزید تفتیش کے بعد حقائق اور قتل کی وجہ سامنے آئے گی۔