اپریل 5, 2025 12:30 صبح

English / Urdu

کالعدم تنظیم کا منصوبہ ناکام،لاہور بڑی تباہی سے بچ گیا

لاہور برکی روڈ کے قریب سی ٹی ڈی اوردہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ، جس میں کالعدم تنظیم کا ایک خودکش دہشت گرد گرفتار جبکہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہو گیا ہو گے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی جس کے جواب پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کراس فائرنگ کے نتیجے میں ایک خطرناک دہشت گرد زخمی حالت میں فرار ہو گیا جبکہ دوسرا دہشت گرد گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دہشت گرد  سےخودکش جیکٹ ،سیفٹی فیوز وائر  اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی اطلاع ملتے ہی اعلی پولیس افسران موقع پر پہنچے اور پھر سی ٹی ڈی ٹیموں نے برکی کے نواہی علاقوں کو گھیرے میں لے کر سرچ اپریشن کیا۔ خودکش دہشت گرد کی شناخت حافظ شمس کے نام سے ہوئی ہے جو کہ بلوچستان کا رہائشی ہے دہشت گرد کا تعلق تحریک طالبان سے ہے۔ دہشت گرد لاہور پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے ،سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات کامیاب، ایک ارب ڈالر کی قسط ملنے کا امکان

پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات کامیابی سے مکمل ہو گئے، عالمی مالیاتی ادارے نے ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط جاری کرنے کے لیے امکان ظاہر کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق، پاکستان نے آئی ایم ایف سے دو ارب ڈالر قرض کی درخواست کی ہے، جس میں سے ایک ارب ڈالر قرض کی قسط کے طور پر جبکہ مزید ایک ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کے لیے دیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق، قرض کی قسط اور کلائمیٹ فنانسنگ کی منظوری ایک ساتھ دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ کلائمیٹ فنانسنگ کی رقم پاکستان کو اقساط میں فراہم کی جائے گی۔ مزید برآں، آئی ایم ایف وفد نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کی قرض درخواست کو ایگزیکٹو بورڈ میں پیش کیا جائے گا، اور کلائمیٹ فنانسنگ کے لیے آئی ایم ایف خود گراؤنڈ ورکنگ کی مانیٹرنگ کرے گا۔ اقتصادی جائزہ مذاکرات کے بعد قرض کی حتمی منظوری اپریل یا مئی میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق، پاک-آئی ایم ایف اقتصادی جائزہ مذاکرات آج مکمل ہو رہے ہیں، اور آئی ایم ایف مشن آج رات وطن واپس روانہ ہوگا۔

وفاقی کابینہ میں توسیع کے بعد تین نئے وزراء نے حلف اٹھا لیا

وزیر اعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ میں حالیہ توسیع کے بعد، تین نئے وزرا نے ایوان صدر میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔ نجی  نشریاتی ادارہ ایکسپریس نیوز کے مطابق حلف برداری کی تقریب جمعہ کو قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے ادا کی۔ حلف اٹھانے والے نئے وزراء میں سید عمران احمد شاہ، شزرا منصب علی اور ارمغان سبحانی شامل ہیں۔ سید عمران احمد شاہ کو غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کا وفاقی وزیر جبکہ ارمغان سبحانی کو وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی کا عہدہ سونپا گیا ہے۔ شیزرا منصب علی وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی کے طور پر کام کریں گی۔ تقریب کے بعد ان کی تقرریوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا جس کے بعد وفاقی کابینہ میں ارکان کی کل تعداد 54 ہوگئی۔ کابینہ اب 31 وفاقی وزرا، 11 وزرائے مملکت، 4 مشیر اور 8 معاونین پر مشتمل ہے۔

جسٹن ٹروڈو کا ایک دہائی پر محیط اقتدار ختم، مارک کارنی نے وزیرِاعظم کا حلف اٹھا لیا

کینیڈین لبرل پارٹی کے رہنما مارک کارنی نے کینیڈا کے نئے وزیرِاعظم کا حلف اٹھا لیا۔ کینیڈین سابق وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو کا ایک دہائی پر محیط اقتدار اپنے اختتام کو پہنچا اور حکمران جماعت لبرل پارٹی کے رہنما مارک کارنی نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا لیا ہے۔ 59 سالہ مارک کارنی سیاست دان اور سابق بینکر ہیں اور یہ ان کا پہلا عوامی عہدہ ہے۔ واضح رہے کہ مارک کارنی کینیڈا کے تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں، جو کبھی بھی پارلیمنٹ کے رکن نہیں رہے۔ انہوں نے یہ عہدہ ایسے وقت میں سنبھالا ہے، جب کینیڈا کو کئی داخلی اور خارجی چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں سب سے بڑا مسئلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا کی خودمختاری پر حملے ہیں۔ مزید یہ کہ وزیراعظم بننے کے بعد مارک کارنی کو سال کے آخر میں ہونے والے اپنی پارٹی کے انتخابات بھی کرانا ہیں۔ یاد رہے کہ جسٹن ٹروڈو نے جنوری میں استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا، جب عوامی سروے سے یہ ظاہر ہوا کہ لبرل پارٹی آئندہ انتخابات میں شکست کا سامنا کر سکتی ہے۔ ٹروڈو کے مستعفی ہونے کے بعد لبرل پارٹی نے مارک کارنی کو اپنا رہنما منتخب کیا، اور مارک کارنی نے 9 مارچ کو لبرل پارٹی کے رہنما کے طور پر بھاری اکثریت سے انتخاب جیتا جس کے بعد جسٹن ٹروڈو سبکدوش ہوگئے۔

ٹوپی پر 804 لکھنے کا خمیازہ، عامر جمال پر 14 لاکھ روپے جرمانہ عائد

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عامر جمال کو اپنی ٹوپی پر 804 لکھنا مہنگا پڑگیا، پی سی بی نے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر عامر جمال پر 14 لاکھ جرمانہ عائد کردیا۔ نجی نشریاتی ادارے سماء نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے ہیں، اکتوبر 2024 میں انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ سے لے کر حالیہ جنوبی افریقہ سیریز تک کھلاڑیوں پر مجموعی طور پر 33 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے ہیں۔ ٹیسٹ میچ کے دوران اپنی ٹوپی پر “804” لکھنے والے آل راؤنڈر عامر جمال کو سب سے زیادہ 14 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا، جو کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا کے دورے کے دوران رات دیر سے ہوٹل واپسی پر سلمان علی آغا، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق پر پانچ پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں دو منٹ کی تاخیر پر سفیان مقیم، عثمان خان، عباس آفریدی اور ایک اور فاسٹ بولر پر 200، 200 ڈالر کا جرمانہ کیا گیا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کی خوشی میں مذکورہ کھلاڑیوں کو 200-200 ڈالر کے جرمانے واپس کر دیے گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ڈسپلنری معاملات اور جرمانے اندرونی معاملات ہیں اور قومی کھلاڑیوں کی ساکھ کو محفوظ رکھنے کے لیے ایسے فیصلے عوامی طور پر شیئر نہیں کیے جاتے۔ واضح رہے کہ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں مایوس کن کارکردگی کے باعث سخت تنقید کا سامنا ہے۔ دفاعی چیمپئن پاکستان 8 ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہا۔ ٹیم کو اپنے پہلے دو میچوں میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ بنگلہ دیش کے خلاف گروپ مرحلے کا آخری میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ اس کے نتیجے میں، قومی ٹیم ٹورنامنٹ کے پہلے ہی مرحلے میں باہر ہوگئی۔

540 ملین روپے کی خرد برد، اداکارہ نادیہ حسین مشکل میں پھنس گئیں

بینک الفلاح سیکیورٹیز میں 540 ملین روپے کی خرد برد معاملے میں بنا تصدیق کیے ایف آئی اے آفیسر پر رشوت کا الزام لگانا اداکارہ نادیہ حسین کو مہنگا پڑ گیا۔ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے بینک الفلاح سیکیورٹیز میں 540 ملین روپے کی مبینہ خرد برد کے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے سابق سی ای او عاطف محمد خان کو گرفتار کیا، ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم عاطف محمد خان نے بطور سی ای او اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور مالیاتی دھوکہ دہی میں ملوث پایا گیا۔ ملزم کو 8 مارچ 2025 کو کراچی سے گرفتار کیا گیا اور اس کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد اس کی اہلیہ اداکارہ نادیہ حسین کو ایک نامعلوم جعلساز کی جانب سے واٹس ایپ پر کال موصول ہوئی، جس میں ایف آئی اے کے ایک سینئر افسر کی تصویر بطور ڈی پی استعمال کی گئی۔ جعلساز نے مبینہ طور پر رشوت طلب کی۔ نادیہ حسین نے فوری طور پر ایف آئی اے کراچی سے رابطہ کیا، جس پر انہیں آگاہ کیا گیا کہ یہ ایک جعلی کال ہے اور انہیں سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں باضابطہ شکایت درج کروانے کی ہدایت کی گئی۔ تاہم، نادیہ حسین نے شکایت درج کروانے کے بجائے سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کے خلاف الزامات لگانا شروع کر دیے۔ ایف آئی اے حکام نے نادیہ حسین کے سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا اور واضح کیا کہ بغیر ثبوت کسی ادارے پر الزامات لگانا قانونی جرم ہے۔ سائبر کرائم ونگ کراچی نے نادیہ حسین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی مشکوک کال یا دھوکہ دہی کی کوشش کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ ادارے سے رجوع کریں اور سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے الزامات لگانے سے گریز کریں، کیونکہ ایسا کرنا ملکی قوانین کے تحت سنگین جرم ہے۔ دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نادیہ حسین نے کہا کہ ایف آئی اے کی ٹیم آج صبح آئی تھی، جس نے انہیں موصول ہونے والی فون کال اور ان کے بیان سے متعلق معلومات لیں۔ نادیہ حسین نے کہا کہ انہوں نے ایف آئی اے حکام کو ساری معلومات فراہم کیں، سوشل میڈیا پوسٹ کی ڈسکرپشن پر واضح کیا تھا کہ یہ فراڈکال ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ پوسٹ کرنے سے قبل فراڈ کال سے متعلق ایف آئی اے کو آگاہ بھی کیا تھا۔ نادیہ حسین نے کہا کہ انہیں گرفتار نہیں کیا گیا اور اگلے ہفتے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے بلایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اداکارہ نادیہ حسین نے سوشل میڈيا پر ایک آڈیو میسج شيئر کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ان سے ایف آئی اے حکام نے شوہر کے کیس میں 50 لاکھ روپے رشوت طلب کی ہے۔

ایک پہیے پر لینڈنگ کرنے والے قومی ائیر لائن کے طیارے کا لاپتہ دوسرا پہیہ مل گیا

لاہور ایئرپورٹ پر گزشتہ روز ایک پہیے کے بغیر لینڈ کرنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز PK-306 کا لاپتا پہیہ بالآخر تلاش کر لیا گیا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) کے مطابق یہ پہیہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ریموٹ پارکنگ بے کے قریب پایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں اس واقعے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب ایئربس کمپنی نے اس معاملے پر پی آئی اے سے رابطہ کر لیا ہے اور طیارے کی تکنیکی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ایئربس نے پی آئی اے سے متاثرہ طیارے کی مکمل تکنیکی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ ایئربس A320 طیارے کے رجسٹریشن نمبر AP-BLS کی بنیاد پر کمپنی نے گزشتہ تین ماہ کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ، چیک لسٹ اور لینڈنگ گیئر کی تفصیلات فراہم کرنے کا کہا ہے۔ مزید پڑھیں: باکمال لوگوں کی لاجواب سروس، قومی ایئر لائن طیارے کا لینڈنگ کے وقت ایک پہیہ غائب واضح رہے کہ گزشتہ شب لاہور میں علامی اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کراچی سے آنے والے طیارے کا معائنے کے دوران ایک ٹائر غائب ہونے کا انکشاف ہوا تھا، کراچی سے لاہور آنے والی اس پرواز نے ایک پہیے پر ہی کامیاب لینڈنگ کی تھی۔ پی کے 306 گزشتہ رات 8 بجے کراچی سے روانہ ہوئی، لیکن روانگی کے بعد کراچی ایئرپورٹ کے رن وے پر کچھ پرزے ملنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ لاہور میں طیارے کا معائنہ کیا گیا، تو پتہ چلا کہ سامنے کے دو میں سے ایک ٹائر موجود ہی نہیں تھا۔ سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ نے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

“چند لوگوں نے 25 کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے” حافظ نعیم کی حکومت پر کڑی تنقید

امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر تنقید کی ہے کہ پاکستان کی 25 کروڑ آبادی ہے جس میں سے 3 کروڑ بچے ایسے ہیں جنہیں اسکول میں ہونا چاہییے تھا لیکن وہ سکول سے باہر ہیں، چند لوگوں نے 25 کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا گلا سڑا نظام ایسا ہے جس میں 96 فیصد لوگ تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں تو ایسے میں محرومیاں ہی پیدا ہوگی۔ “ملک کا سسٹم خود ایسے لوگوں کو پیدا کرنا چاہتا ہے کہ جس سے لوگ بیزار ہو جائیں گے”۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 25 کروڑ آبادی ہے جس میں سے ہونے 3 کروڑ بچے ایسے ہیں جنہیں اسکول میں ہونا چاہییے تھا لیکن وہ سکول سے باہر ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کا ایک شہری ہونے کی حیثیت سے فرق بنتا ہے کہ جو وسائل ہیں وہ عوام پر خرچ ہونا چاہییے، پاکستان میں معدنیات ہیں اور تمام تر وسائل موجود ہیں لیکن چند لوگوں نے پاکستان کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت فارم 47 کی پیداوار مسلط ہیں انہیں نہیں معلوم موٹر سائیکل میں پیٹرول جس طرح بھروایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے لوگ جو فارم 47 کے ذریعے جنہیں مسلط کرتے ہیں انہیں بھی حکومتی مراعات فراہم کی جاتی ہے، مراعات یافتہ طبقہ عوام کی تکلیف کو نہیں پہچان سکتا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ چند لوگوں نے 25 کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے،فوج کے جرنیل مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ملک سے فرار ہو جاتے ہیں اپنے بچوں کو بھی وہاں بھیج دیتے ہیں اور پھر یہی لوگ ہماری تقدیر کے فیصلے کیسے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ایسے افراد برسر اقتدار نہیں آئین گے جنہیں عوام کا دکھ اور ان کی پریشانیاں پتا ہو مسائل حل نہیں ہوسکتے،رمضان المبارک کے بعد پورے پاکستان میں بہت بڑی تحریک شروع کریں گے۔

آئندہ 24 گھنٹے میں کوئٹہ ریلوے ٹریک بحال ہوجائے گا، وزیر ریلوے

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، آئندہ 24 گھنٹے میں کوئٹہ ریلوے ٹریک بحال ہوجائے گا۔ حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس حملے میں ریلوے پولیس کا جوان بھی شہید ہوا، کامیاب آپریشن کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاص گروہ نے دہشتگرد واقعے کو مذاق بنانے کی کوشش کی، ریلوے کارگو کے حوالے سے تاجروں کے مسائل حل کریں گے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں کوئٹہ ریلوے ٹریک بحال ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ  11 مارچ کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو بلوچستان کے ضلع بولان میں دہشت گردوں نے نشانہ بنایا, یہ واقعہ گڈالر اور پیرو کنری کے درمیان پیش آیا ہے، جہاں مسلح شدت پسندوں نے ٹرین کو زبردستی روک کر 440 مسافروں کو یرغمال بنا لیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی اور حکومت کو 48 گھنٹوں کی مہلت دی کہ وہ بلوچ سیاسی قیدیوں اور لاپتہ افراد کو رہا کرے، بصورت دیگر یرغمالیوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ دہشت گردوں کی موجودگی اور یرغمالیوں کی سلامتی کے پیش نظر آپریشن کی منصوبہ بندی انتہائی احتیاط سے کی گئی۔ 12 مارچ کی صبح سیکیورٹی فورسز نے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی شروع کی۔ شام 5 بج کر 55 منٹ پر سیکیورٹی فورسز نے اعلان کیا کہ جعفر ایکسپریس کے تمام یرغمالیوں کو محفوظ نکال لیا گیا ہے، جب کہ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا، مگر کچھ معصوم مسافر دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بنے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چودھری نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے نشانہ بازوں نے خودکش بمباروں کو ہلاک کیا، جب کہ تمام دہشتگردوں کا صفایا کر دیا گیا، لیکن بدقسمتی اس کارروائی میں 4 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔ کارروائی میں 33 دہشتگرد ہلاک کیے گئے ہیں۔

اپوزیشن کے لیے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہر مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے، مذاکرات کے ذریعے مل بیٹھ کر فیصلے ہوتے ہیں، مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، مذاکرات ذاتی ایجنڈے کو حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ ملکی مفاد میں ہونے چاہیے۔ اسپیکر قومی اسمبلی  نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں مینگنولیا گرینڈی فلورہ کا پودہ لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پودے لگانا ضروری ہے، موسمیاتی تبدیلی موجودہ وقت میں سب سے بڑا چیلنج ہے، سردار ایاز صادق نے سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد میں 10 لاکھ پودے لگانے کے ٹارگٹ کو سراہا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لیڈر آف اپوزیشن نے ایک گھنٹا 21 منٹس کی تقریر کی، وہ باہر جا کر میڈیا سے کہتے ہیں کہ مجھے بات کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، کیا یہ کھلا تضاد نہیں ہے؟ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں مینگنولیا گرینڈی فلورہ کا پودہ لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانا ضروری ہے، سردار ایاز صادق موسمیاتی تبدیلی موجودہ وقت میں سب سے بڑا چیلنج ہے، سردار ایاز… pic.twitter.com/aiVZxCJgN1 — National Assembly 🇵🇰 (@NAofPakistan) March 14, 2025 سردار ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن دس منٹ کے لیے ایوان میں آتی ہے، اس کے بعد احتجاج کر کے چلی جاتی ہے۔ اپوزیشن کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، اپوزیشن کے جانب سے ایوان میں عوامی اہمیت کے حامل جتنے سوالات، توجہ دلاؤ نوٹس دیے گئے ہیں، ان کا ریکارڈ دیا جائے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ اپوزیشن کے جانب سے عوامی مسائل سے متعلق تمام تر ریکارڈ عوام کے سامنے رکھیں گے، ایوان کو قانون اور پارلیمانی روایت کے مطابق چلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انھیں اپوزیشن کی جانب سے تنقید کی کوئی فکر نہیں ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اپوزیشن پارلیمنٹ کو جعلی کہتی ہے، کیا جعلی پارلیمنٹ میں لیڈر آف اپوزیشن، چیئرمین پی اے سی، قائمہ کمیٹیوں کے چیئر پرسنز کے عہدے، تنخواہیں اور دیگر مراعات لینا جائز ہیں؟ اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہرمسئلے کا حل مذاکرات میں ہے، مذاکرات کے ذریعے مل بیٹھ کر فیصلے ہوتے ہیں، مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، مذاکرات ذاتی ایجنڈے کو حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ ملکی مفاد میں ہونے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی قائم رہے گی، مذاکرات ہی مسائل کا واحد حل ہے۔