پاکستان مخالف پروپیگنڈہ، پی ٹی آئی قیادت ایک بار پھر جے آئی ٹی میں طلب

سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مہم چلانے کے معاملے پر تحریک انصاف کی قیادت کے 16 ممبران کو وفاقی حکومت کی قائم کردہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے ایک بار پھر طلب کرلیا۔ نجی نشریاتی ادارے 24 نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے معاملے پر جی آئی ٹی نے 16 افراد کو دوبارہ طلب کر لیا،پی ٹی آئی کہ 16 افراد کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیئےگئے، ان افراد کو 18 مارچ 2025 کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے نوٹس جاری کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق جن 16 افراد کو جے آئی ٹی نے طلب کیا ہے، ان میں سید فردوس شمیم نقوی، محمد خالد خورشید خان، میاں محمد اسلم اقبال،محمد حماد اظہر شامل ہیں۔ طلبی کے نوٹس وصول کرنے والوں میں عون عباس، محمد شہباز شبیر، وقاص اکرم اور تیمور سلیم خان بھی شامل ہیں، صبغت اللہ ورک، اظہر مشوانی، محمد نعمان افضل، جبران الیاس، سلمان رضا، ذلفی بخاری، موسیٰ ورک اور علی ملک کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر رؤف حسن اور شاہ فرمان جی آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں، 14 مارچ 2025 کو بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئی تھیں، جے آئی ٹی نے اب علیمہ خان کو بھی 19 مارچ کو طلبی کا نوٹس جاری کر رکھا ہے۔ مزید پڑھیں: دہشتگردی کی تمام کارروائیوں میں انڈین خفیہ ایجینسی ‘را’ کا ہاتھ ہے، رانا ثنااللہ خیال رہے کہ جے آئی ٹی ان تمام افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے، جنہوں نے سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف زہر افشانی کی اور بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔ جے آئی ٹی کا مقصد قانون کے مطابق مجرموں کی شناخت اور ان کے خلاف قانونی کاروائی کرنا ہے۔ یاد رہے کہ جے آئی ٹی کو بذریعہ نوٹیفیکیشن F.No.8/9/2024-FIA/ الیکٹرانک جرائم کی روک تھام ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے تحت تشکیل دیا گیا تھا۔
جنوبی وزیرستان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کرفیو نافذ، کب تک جاری رہے گا؟

خیبر پختونخوا میں امن و امان کی انتہائی مخدوش صورتحال کے پیش نظر جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر کے مختلف راستوں پر جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ٹانک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جنوبی وزیرستان اپر کے بینی زائی راغزائی سے جنڈولہ، تنائی سروکئی، جنڈولہ سڑک پربھی کرفیو نافذ ہوگی۔ اعلامیہ کے مطابق وانا زالئی کیمپ سے کیڈیٹ کالج روڈ بند رہے گا، کرفیو 17 مارچ 2025 کو صبح 6 سے شام 6 بجے تک ہوگا، اس دوران کوڑ قلعہ، منزئی، خرگئی، احمد وام اور جنڈولہ کا راستہ بند رہے گا۔ ان راستوں پر ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔ واضح رہے کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ مزید یہ کہ ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر کے متاثرہ علاقوں کی آبادی کو نکلنے سے گریز کی ہدایت بھی کی گئی ہے
وفاق پر الزام تراشی کرکے گنڈاپور اپنی شرمندگی اور نالائقی کو چھپانا چاہتے ہیں، اختیار ولی خان

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق پر الزام تراشی کر کے علی امین گنڈاپور اپنی شرمندگی اور نالائقی کو چھپانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آج لمبے عرصے بعد وزیراعلیٰ گنڈاپور کو ٹی وی پر بولتے دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں روزانہ دہشت گردی کی وارداتیں ہو رہی ہیں اور گنڈاپور سرکار غائب ہے۔ دہشت گردی کے واقعات ہوں تو حکومت فرنٹ سے لیڈ کرتی ہے مگر گنڈاپور صاحب تین ہفتوں سے کہاں تھے؟ اختیار ولی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کے پاس نہ کوئی وژن ہے اور نہ ہی وہ مشکل حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق پر الزام تراشی کر کے گنڈاپور اپنی شرمندگی اور نالائقی چھپانا چاہتے ہیں۔ مزید پڑھیں: پرویز خٹک کی طرح 1680 ارب روپے کو 80 ارب نہیں بنا سکتا، علی امین گنڈاپور اختیار ولی خان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو مشورہ ہے کہ آپ حکومت نہیں چلا سکتے تو اسمبلی توڑیں اور استعفیٰ دے دیں۔ واضح رہے کہ وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا نے آج پشاور میں ہنگامی اجلاس طلب کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
آگمینٹڈ ریئلٹی انقلاب: یہ صحت، تعلیم اور کھیلوں کو کس طرح تبدیل کر رہا ہے؟

ٹیکنالوجی کی ترقی نے ہماری زندگیوں کو بدل دیا ہے، ان میں سے ایک جدید اور دلچسپ آگمینٹڈ ریئلٹی (اے آر) ہے۔ اے آر ایک ایسی ٹیکنالوجی ہےجو کمپیوٹر گرافکس، آڈیو، ویڈیواور سنسرز کو حقیقی دنیا کے منظر میں شامل کرتی ہے۔ اس کا مقصد حقیقی منظر کو بہتر بنانا اور اس میں اضافی معلومات شامل کرنا ہے۔ آگمینٹڈ ریئلٹی میں حقیقت کو مکمل طور پر تبدیل نہیں کیا جاتا، جیساکہ ورچوئل ریئلٹی میں ہوتا ہے، بلکہ اس میں حقیقت کی دنیا کے ساتھ ڈیجیٹل مواد کو شامل کیا جاتا ہے۔ اے آر کے کام کرنے کے لیے ایک خصوصی ہارڈوئیر کی ضرورت ہوتی ہے، یہ ہارڈوئیر خاص طور پر سینسرز اور کیمروں سے لیس ہوتے ہیں،جو آپ کے ماحول کو شناخت کرتے ہیں۔ آگمینٹڈ رئیلٹی تعلیمی میدان میں ایک انقلاب کی حیثیت رکھتی ہے،اس کی مدد سے طالب علموں کو کتابوں اور نظریات سے ہٹ کر دیکھنے اور سمجھنے کا تجربہ ملتا ہے۔یہ ان کے سیکھنے کے تجربے کو دلچسپ اور مؤثر بناتا ہے۔ اس کا استعمال صحت کے شعبے میں ڈاکٹروں کو سرجری کرنے کے لیے اضافے مواد کی معلومات فراہم کرنے میں کیا جارہا ہے۔اس کی مدد سے مریض کے جسم کی تفصیلا ت ڈاکٹر بہتر قسم سے دیکھ سکتا ہے۔ اے آر کی مدد سے خریداری کے تجربات میں بھی تبدیلی آئی ہے، صارفین کو اپنی مصوناعات کو مختلف جگہوں پر بیٹھ کر دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ آگمینٹڈ ریئلٹی نے گیمز کی دنیا میں نئی سطح پر قدم رکھا ہے۔ اے آر کا مستقبل انتہائی روشن نظر آ رہا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ یہ ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن جائے گا، مستقبل میں اس کا استعمال تعلیم، کھیل اور تفریح میں نمایاں نظر آئےگا۔
پرویز خٹک کی طرح 1680 ارب روپے کو 80 ارب نہیں بنا سکتا، علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ پرویز خٹک کی طرح 1680 ارب روپے کو 80 ارب نہیں بنا سکتے، سب سے پہلے عوام میں اپنا اعتماد بحال کریں اور ہمارا ایسا صوبہ ہے، جو قرضہ لیں گے وہ واپس کریں گے۔ نجی نشریاتی ادارے ہم نیوز کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب ان کی حکومت اقتدار میں آئی تو صوبے کے پاس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لیے بھی رقم موجود نہیں تھی، لیکن اب نہ صرف قرض کی ادائیگی ہو رہی ہے، بلکہ جامعات کو فنڈنگ بھی کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں قانونی مائننگ کے ذریعے 5 ارب روپے کی آمدن ہوئی ہے، جب کہ صنعتی ترقی کے لیے بجلی کی لائنیں بچھائی جا رہی ہیں، جس سے انڈسٹری کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسکالرشپس اور طلبہ کے وظائف میں بھی اضافہ کیا ہے، تاکہ تعلیمی ترقی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی دریائے سندھ کا ایک انچ پانی بھی کم نہیں ہونے دے گی، صوبائی وزیرِاطلاعات سندھ علی امین گنڈاپور نے سوال اٹھایا کہ صوبے میں دہشت گردی کی صورتحال خراب کیوں ہوئی؟ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی تھی اور خیبر پختونخوا پولیس آج بھی دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہے۔ این ایف سی ایوارڈ ہمارا حق ہے اور کوئی ہماری پولیس پر تنقید کرے گا تو برداشت نہیں کریں گے۔ پرویز خٹک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ وہ پرویز خٹک کی طرح 1680 ارب روپے کو 80 ارب میں تبدیل نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنا سب سے پہلی ترجیح ہے اور خیبر پختونخوا ایسا صوبہ ہے جو قرضہ لے گا تو اسے واپس بھی کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور سندھ کے حالات کا خیبر پختونخوا سے موازنہ کرنا درست نہیں ہوگا۔
پیپلز پارٹی دریائے سندھ کا ایک انچ پانی بھی کم نہیں ہونے دے گی، صوبائی وزیرِاطلاعات سندھ

صوبائی وزیرِاطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی دریائے سندھ کا ایک انچ پانی بھی کم نہیں ہونے دے گی، پانی کی تقسیم کے لیے نئے پروجیکٹ لائے جا رہے ہیں۔ نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کے مطابق حیدرآباد میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایم کیو ایم کی طرح سیاست نہیں کر رہی، پیپلز پارٹی نے کراچی میں بھتہ خوری اور بوری بندلاشوں کا کلچرختم کرایا، سندھ میں بھائی سے بھائی کو لڑانے کی سازشیں بند کرا دیں۔ صوبائی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ خالد مقبول اپنے ہوش حواس میں نہیں ہیں ایم کیو ایم کے ٹکڑے ہونے کے بعد خالد مقبول ملنگ کی طرح گھومتے ہیں۔ مزید پڑھیں: سندھ کے علاقے گولارچی میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق، وجہ کیا بنی؟ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا کینال پر واضح مؤقف ہے کہ ان کو نہیں بننا چاہیے، صدرِ مملکت نے مشترکہ اجلاس میں واضح مؤقف دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت نے کہا تھا کہ دریائے سندھ پر نئی نہریں نہیں بننی چاہئیں، سندھ اسمبلی میں کنالز کے خلاف تاریخی قرارداد منظور کی گئی، پیپلزپارٹی دریائے سندھ کا ایک انچ پانی بھی کم نہیں ہونے دے گی، پانی کی تقسیم کے لیے نئے پروجیکٹ لائے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، جب مشرف نے کالا باغ ڈیم کے لیے مہم چلائی تو فنکشنل لیگ نے حمایت کی، مردہ گھوڑے نہروں کے مسئلے پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، جی ڈی اے والے نہروں کے بہانے سے سیاست کرنا چاہتے ہیں۔
ٹی 20 میں نئی تاریخ رقم، پہلی بار کوئی ٹیم سپر اوور میں 1 رن بھی نہ بنا سکی

ٹی ٹوئنٹی میں ایک نئی تاریخ رقم ہوگئی، جہاں پہلی بار کوئی ٹیم 1 رن بھی نہ بنا سکی۔ نجی نشریاتی ادارے سماء نیوز کے مطابق کوالالمپور میں کھیلے گئے ایک سنسنی خیز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ہانگ کانگ نے بحرین کو سپر اوور میں شکست دی، ہانگ کانگ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں بحرین نے زبردست مقابلہ کیا اور آخری اوور میں کپتان احمر بن ناصر نے چھکا لگا کر میچ برابر کر دیا، لیکن بدقسمتی سے آخری گیند پر وہ آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا اور پھر وہ ہوا جو کرکٹ کی 16 سالہ سپر اوور تاریخ میں کبھی نہیں ہوا تھا۔ بحرین کی بیٹنگ شروع ہوئی لیکن ناصر اور سہیل احمد لگاتار دو گیندوں پر آؤٹ ہو گئے اور حیرت انگیز طور پر پوری ٹیم بغیر کوئی رن بنائے صفر پر ڈھیر ہو گئی۔ مزید پڑھیں: ‘پریشان نہ ہوں میرا ابھی ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں’ ویرات کوہلی ہانگ کانگ نے یہ آسان ہدف محض تین گیندوں میں حاصل کر کے فتح اپنے نام کر لی، جب کہ بحرین کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ یہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم نے سپر اوور میں ایک بھی رن بنائے بغیر اپنی تمام وکٹیں گنوا دیں۔ دوسری جانب بحرین اس سے پہلے دو بار سپر اوور میں کامیابی حاصل کر چکا تھا، لیکن اس بار سپر اوور میں شرمناک شکست نے سب کو حیران کر دیا۔
ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، جعلی تعلیمی اسناد پر آذربائیجان جانے والے دو مسافر فیصل آباد ائیرپورٹ سے گرفتار

فیصل آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی تعلیمی اسناد کی بنیاد پر تعلیمی ویزے پر آذربائیجان جانے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عمیر یوسف اور عثمان علی کے نام سے ہوئی ہے۔ عمیر یوسف نے جعلی میٹرک سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر اسٹڈی ویزا حاصل کیا، جب کہ اس کے تعلیمی اسناد پر لگی وزارت خارجہ کی مہریں بھی جعلی نکلیں۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ عمیر یوسف نے چار لاکھ روپے میں ایجنٹ الطاف سے جعلی تعلیمی اسناد اور ویزا حاصل کیا تھا۔ دوسری جانب عثمان علی ایم بی بی ایس اسٹڈی ویزا پر آذربائیجان جا رہا تھا، جس کے قبضے سے جعلی میٹرک اور ایف ایس سی کی اسناد برآمد ہوئیں۔ مزید پڑھیں: دنیا بھر میں یتیموں کا دن کیوں منایا جاتا ہے؟ حکام کے مطابق عثمان علی نے ایجنٹ احسن سے نو لاکھ روپے میں ویزا حاصل کرنے کا معاہدہ کیا تھا، جس میں سے چار لاکھ روپے پہلے ہی ادا کیے جا چکے تھے۔ ایف آئی اے نے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل فیصل آباد کے حوالے کر دیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی ویزا اور دستاویزات پر بیرون ملک جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
لاہور کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنا قومی فریضہ ہے، سابق وزیرِاعظم نواز شریف

سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ لاہور کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنا قومی فریضہ ہے، یورپ میں صدیوں پرانی عمارتیں آج بھی اپنی اصل شکل میں موجود ہیں اور پاکستان میں بھی ہمیں اپنی تاریخی وراثت کو محفوظ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بڑے فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں “لاہور اتھارٹی فار ہیریٹیج ریوائیول (LAHR)” کے قیام کا اعلان کیا گیا، جس کے پیٹرن انچیف نواز شریف ہوں گے۔ اس اتھارٹی کا مقصد لاہور کے تاریخی مقامات کو اصل حالت میں بحال کرنا اور انہیں محفوظ بنانا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ لاہور کے مختلف تاریخی مقامات سے تجاوزات کی نشاندہی اور انہیں فوری طور پر ہٹانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تجاوزات کے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کی جائے اور ان کے نقصانات کا مناسب معاوضہ دیا جائے۔ مریم نواز نے سرکلر روڈ اور تاریخی دروازوں کے اطراف تجاوزات پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاہور کے قدیمی حسن کو بحال کرنے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ لاہور کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے بھی متعدد اقدامات پر غور کیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ مال روڈ پر بجلی کے تاروں کی انڈر گراؤنڈ شفٹنگ کا کام تیزی سے جاری ہے، جب کہ شہر کے پانچ مختلف مقامات پر انڈر گراؤنڈ پارکنگ کے منصوبے کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ نیلا گنبد کی تاریخی عمارت کو اصل صورت میں بحال کرنے کے لیے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا، جب کہ سرکلر روڈ، باغیچوں اور قدیمی بدرو کو ان کی اصل حالت میں بحال کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کر لیا گیا۔ اجلاس میں شاہی قلعہ، مقابر جہانگیر و نور جہاں، شالامار باغ، کامران کی بارہ دری اور دیگر اہم تاریخی مقامات کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ شاہ عالم مارکیٹ سے بھاٹی گیٹ تک پیدل چلنے والوں کے لیے خصوصی گزرگاہ بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ لاہور کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنا قومی فریضہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں صدیوں پرانی عمارتیں آج بھی اپنی اصل شکل میں موجود ہیں اور پاکستان میں بھی ہمیں اپنی تاریخی وراثت کو محفوظ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کبھی انڈو پاک کا ثقافتی مرکز سمجھا جاتا تھا، لیکن تجاوزات کی وجہ سے اس کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں۔ مزید پڑھیں: وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائی پر ایف آئی اے افسران کو اعزازی انعامات سے نوازا دوسری جانب وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ چند سالوں میں لاہور کی ایک نئی اور خوبصورت شکل نظر آئے گی اور تجاوزات کے خاتمے کے بغیر یہ ممکن نہیں۔ لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی کے اس بڑے منصوبے کے تحت شہر کی قدیمی اور ثقافتی شناخت کو محفوظ بنایا جائے گا، جس سے نہ صرف لاہور بلکہ پورے پاکستان کے لوگ محظوظ ہوں گے۔
سندھ کے علاقے گولارچی میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق، وجہ کیا بنی؟

سندھ میں گولارچی کے علاقے کھورواہ میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں خونریز جھڑپ، فائرنگ اور تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق، جب کہ 7 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ گاؤں انگارو خاصخیلی میں پیش آیا، جہاں راہیماں اور خاصخیلی برادری کے درمیان زمین کے تنازع پر تلخ کلامی کے بعد جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ فریقین کے درمیان فائرنگ، لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کے آزادانہ استعمال سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ 7 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، جب کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کر چکی ہے۔ مزید پڑھیں: نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، تین اہلکار، دوعام شہری جاں بحق واضح رہے کہ اس سے قبل گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی کے قریب رکن سندھ اسمبلی جام مہتاب کے قافلے پر نامعلوم افراد نے قاتلانہ حملہ کیا، جس میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک گارڈ جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ ڈی ایس پی اوباڑو عبدالقادر سومرو کے مطابق کھینجو کے علاقے میں ایم پی اے پر حملہ ہوا، جس کے بعد اوباڑو، ڈہرکی اور کھینجو کی پولیس سمیت بھاری نفری کو طلب کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم پی اے جام مہتاب حسین ڈہر کے قافلے پر فائرنگ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیا گیا ہے۔