اپریل 5, 2025 12:57 صبح

English / Urdu

’عدت پر کوئی مقدمہ نہیں بن سکتا‘مولانا طارق جمیل نے نئی بحث چھیڑ دی

مولانا طارق جمیل کا کہنا ہے کہ  آج تک عدت کیس پر نہ کبھی مقدمہ بنا ہے اور نہ بن سکتا ہے کیوں کہ عدت کیس میں عورت کی گواہی ضروری ہوتی ہے۔ مولانا طارق جمیل نے صحافی ارشاد بھٹی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر تہمتیں لگائی گئی ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ جھوٹ کے نہ پاؤں ہوتے ہیں اور نہ سر ہوتا ہے ، عدت کیس بھی ایک جھوٹ پر مبنی کیس ہے کیونکہ عدت کیس میں عورت کی گواہی ہوتی ہے اور کسی کی گواہی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جیل میں ڈالنے کے لیے یہ کیس بنائے گے ہیں ، ان میں سے ایک کیس بھی ایسا نہیں ہے جس بنیاد پر عمران خان کو جیل میں قید کیا جاتا ۔ صحافی کے ریاست مدینہ کے سوال پر مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ریاست مدینہ ایک بلڈنگ تو ہے نہیں جو اس نے بنانی ہے ، یہ تو لوگوں کے تعاون پر ہی ممکن ہو گا، لوگ جوا، شراب اور چوری سے اجتناب کر کے راہ راست پر آ گے تو اس سے ریاست مدینہ بنے گی، نہ کہ ایک بلڈنگ ہے جو وہ کہنے سے بن جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے عزم سے مجھے یقین تھا کہ عمران خان اتنا عرصہ جیل میں گزار لیں گے ، عمران خان کے حوصلے سے اندازہ تھا کہ یہ کبھی ڈیل نہیں کرے گا ، انہوں نے کہا کہ مجھےاگر ابھی عمران خان سے ملنے کا  موقع ملا تو کہوں گا کہ شاباش آپ نے تاریخ بدل دی ۔

بلوچستان و کے پی کی صورتحال داخلی تحفظ و حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہے، حافظ نعیم الرحمان 

امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 27 حملے ہوئے ہیں، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صورتحال داخلی تحفظ اور حکومتی رٹ پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ جماعت اسلامی ضلع ائیر پورٹ کے تحت آر سی ڈی گراؤنڈ ملیر سعودآباد میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ میں خیبر پختونخوا میں سینکٹروں حملے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 27 حملے ہوئے، بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کو یرغمال بنالیا گیا اور بڑی تعداد میں مسافروں کو یرغمال بنایا گیا۔ ملک میں بھارتی را اور امریکی سی آئی اے آزادانہ طریقے سے کام کررہی ہیں۔ اس پورے عمل نے حکومت پاکستان کے لیے داخلی تحفظ اور حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ارباب اختیار کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جب تک وہ اپنے فیصلے درست نہیں کریں گے، عوام اور فوج کے درمیان فاصلے بڑھتے رہیں گے اور حکمران طبقہ جب تک زبردستی مسلط ہوتا رہے گا مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اسٹیبلشمنٹ اور تمام ادارے اپنی اپنی آئینی ذمہ داری پوری کریں۔ عوام کے حقیقی نمائندوں کو آگے آنے دیں عوام ان کا ساتھ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ مہنگائی کی شرح کم ہوگئی ہے  وہ عوام کو بتائیں کہ مہنگائی پاکستان کے کس حصے میں کم ہوئی ہے، اس صورتحال میں پوری قوم کو متحد اور متفق ہوکر ان حکمرانوں سے جان چھڑانا ہوگی، جنہوں نے ملک پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ عید کے بعد ”حق دو عوام کو“ تحریک ایک بار پھر شروع کریں گے۔ امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے، جو اسٹیبلشمنٹ کے سہارے اقتدار میں ہے، کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو یکسر مسترد کردیا، لیکن ان مسترد شدہ پارٹیوں کو ہمارے سروں پر بٹھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں بھی کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو کراچی کی نمبر ون پارٹی بنایا، کراچی میں مئیر یقینی طور پر جماعت اسلامی کا بننا تھا، لیکن پیپلز پارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کے تعاون سے زبردستی مئیر شب پر قبضہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمین ہیں، لیکن ان کو  سندھ حکومت کی جانب سے فنڈ نہیں ملتے۔ صورتحال یہی رہی تو قابض مئیر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے اور سابق  ناظم کراچی نعمت اللہ خان کی طرح بلا تفریق تمام ٹاؤنز کو بجٹ فراہم کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ میں کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کا راج ہے۔ کراچی میں شہری روزانہ لوٹ مار کا شکار ہوتے ہیں، خواتین سمیت عام شہریوں کے لیے باعزت ٹرانسپورٹ موجود نہیں ہے۔ ہیوی ٹریفک کے باعث بھی دن دہاڑے اموات ہو رہی ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم کے مواقع ناپید ہیں۔ مزید پڑھیں: بلوچستان کا بے روزگار نوجوان ریاست مخالف عناصر کے ہتھے چڑھ جاتا ہے، وزیرِاعلیٰ بلوچستان انہوں نے کہا کہ حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو تحفظ، امن اور معیاری تعلیم دے، پیٹرول عالمی مارکیٹ میں کم ہو رہا ہے، لیکن پیٹرول کی لیوی میں 10 روپے اضافہ کر کے اسے 60 روپے سے 70 روپے کر دیا گیا ہے۔ امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمران عوام سے ٹیکسز تو وصول کرتے ہیں، لیکن عوام کو کچھ نہیں دیتے۔ پارلیمنٹ کے ممبران نے اپنے تنخواہوں میں 300 فیصد تک اضافہ کر لیا۔ حکمرانوں نے آئی پی پیز مافیا کو ہم پر مسلط کیا اور 2 ہزار ارب روپے اس بجلی کی مد میں دیے جاتے رہے، جو بجلی بنائی ہی نہیں گئی۔

پشاور دورے میں آرمی چیف نے فوجی آپریشن نہ کرنے کا کہا تھا، گورنر کے پی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ میرا نہیں خیال کہ کوئی بڑا فوجی آپریشن ہونے جا رہا ہے، آرمی چیف نے پشاور کے دورے میں فوجی آپریشن نہ کرنے کا کہا تھا، نیشنل ایکشن پلان 2 کی کوئی ضرورت نہیں 1 پر عمل درآمد ہونا ضروری ہے۔ نجی نشریاتی ادارے سماء نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کے پی کے میں گورنر راج کی نہیں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔ گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ طورخم بارڈر کی بندش پر تشویش ہے، لیکن صوبے میں زیادہ تر دہشتگردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، نیشنل سیکیورٹی اجلاس میں طورخم بارڈر سمیت تمام پہلو زیر غور آئیں گے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ مزید پڑھیں: ریاست مخالف پروپیگنڈہ میں گرفتار حیدر سعید ہماری آفیشل ٹیم کا حصہ نہیں، سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مثبت جواب دیا ہے، پیپلز پارٹی کے مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور پرویز خٹک سے ملاقات معمول کی ملاقات تھی، دونوں رہنماؤں سے صوبے میں امن و امان کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے، مولانا اور پرویز خٹک نے صوبے میں امن و امان بہتر بنانے میں کردار ادا کرنے پر تعاون کا یقین دہانی کرائی ہے۔ گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ صوبے میں کوئی بڑا فوجی آپریشن ہونے جا رہا ہے، آرمی چیف نے پشاور کے دورے میں فوجی آپریشن نہ کرنے کا کہا تھا، نیشنل ایکشن پلان 2 کی کوئی ضرورت نہیں 1 پر عمل درآمد ہونا ضروری ہے۔

ریاست مخالف پروپیگنڈہ میں گرفتار حیدر سعید ہماری آفیشل ٹیم کا حصہ نہیں، سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے جعلی پیج بنا کر انہیں اٹھایا گیا، اغوا کیے گئے نوجوانوں پر کہیں تشدد نہ کیا جارہا ہو، ریاست مخالف پروپیگنڈہ میں گرفتار حیدر سعید ہماری آفیشل ٹیم کا حصہ نہیں۔ نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈہ کرنے والوں میں سے ایک کہ بارے میں کہا کہ نوجوان حیدر سعید ہماری آفیشل ٹیم کا حصہ نہیں، لیکن عمران خان کے ہر احتجاج میں شریک ہوتا ہے، لوگوں پر ایف آئی آر کٹوائیں اور تحقیقات کریں لیکن گھروں سے لوگوں کو اٹھانا غلط ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریکِ انصاف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے جعلی پیج بنائے گئے اور انہیں اٹھایا گیا ہے، اغوا کیے گئے نوجوانوں پر کہیں تشدد نہ کیا جارہا ہو، نئی نسل کو اپنے حقوق کا پتا ہے اور انہیں اپنی طاقت کا اندازہ بھی ہے۔ مزید پڑھیں: جعفر ایکسپریس حملہ، اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والا ملزم بنی گالہ سے گرفتار واضح رہے کہ خیال رہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والے ملزم حیدر سعید کو بنی گالا سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حیدر سعید جعفر ایکسپریس حملے کے دوران ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے والے توہین آمیز مواد شیئر کرتے ہوئے پایا گیا ہے، ملزم سوشل میڈیا پر کالعدم دہشت گرد تنظیموں کو فروغ دینے اور ان گروپس کی حمایت میں اشتعال انگیز مواد شیئر کرنے میں ملوث تھا۔ دوسری جانب عدالت نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ملزم کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا اور ملزم کو دوبارہ 20 مارچ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

بلوچستان کا بے روزگار نوجوان ریاست مخالف عناصر کے ہتھے چڑھ جاتا ہے، وزیرِاعلیٰ بلوچستان

وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان کے معروضی حالات دیگر صوبوں سے الگ ہیں، یہاں کا جو نوجوان بے روزگار ہوتا ہے، وہ ریاست مخالف عناصر کے ہتھے چڑھ جاتا ہے۔ چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے منتخب نوجوانوں کو ویزا اور دستاویزات حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ طلبا کو روزگار کی فراہمی کے لیے مختلف ہنر سکھائے جائیں گے، حکومت محدود وسائل کے باووجود وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسرت ہے آج بلوچستان سے نوجوانوں کا پہلا وفد روزگار کے لیے بیرون ملک جا رہا ہے، باہر جانے والے نوجوان پاکستان اور بلوچستان کے سفیر ہیں، کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے پاکستان کی بدنامی ہو۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا وہ بیروزگار نوجوان جو ریاست سے دور اور مایوسی کا شکار تھا ان پر باعزت روزگار کے دروازے کھولے، حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ نوجوانوں کو ریاست سے نزدیک لائیں گے، میرٹ اور گڈ گورننس کو فروغ دے کر نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان کے معروضی حالات دیگر صوبوں سے الگ ہیں، یہاں کا جو نوجوان بیروزگار ہوتا ہے، وہ ریاست مخالف عناصر کے ہتھے چڑھ جاتا ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کررہے ہیں، جون تک باقی ماندہ سارے بچوں کو جانا چاہیے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، پہلے مرحلے میں 300 بچوں کو بیرون ملک بھیجا جائے گا، نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی پروگرام کو سراہا ہے، بلوچستان سے باہر جانے والے نوجوان محنت و لگن سے روزگار کریں۔

’انڈیا کا خود کو مظلوم ظاہر کرنا حقیقت کو چھپا نہیں سکتا‘ پاکستان کا مودی کو دوٹوک جواب 

پاکستان نے انڈین وزیر اعظم نریندرا مودی کے لگائے گئے الزامات کی نفی کی ہے جو انہوں نے ایک پوڈکاسٹ کے دوران لگائے تھے۔  انڈین وزیراعظم نے پیر کے روز لیکس فریڈ مین کے ساتھ پوڈکاسٹ میں شرکت کی اور مختلف سوالات کے جواب دیے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے مودی کے الزامات کو گمراہ کن قرار دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ بیان گمراہ کن اور یک طرفہ ہے۔ اس میں جموں و کشمیر کے تنازعے کو جان بوجھ کر نظرانداز کیا گیا جو گذشتہ سات دہائیوں سے حل طلب ہے، باوجود اس کے کہ انڈیا نے اقوام متحدہ، پاکستان اور کشمیری عوام کو اس کے حل کے لیے باضابطہ یقین دہانیاں کرا رکھی ہیں۔‘ ترجمان کا کہنا تھا کہ انڈیا کا خود کو مظلوم ظاہر کرنے کا من گھڑت بیانیہ اس حقیقت کو نہیں چھپا سکتا کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے اور جموں و کشمیر میں ریاستی جبر میں ملوث ہے جس پر اس نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ ’دوسروں پر الزام لگانے کے بجائے انڈیا کو اپنے ریکارڈ پر غور کرنا چاہیے جس میں دوسرے ملکوں میں ٹارگٹ کلنگ، تخریب کاری اور دہشت گردی کرانا شامل ہے‘۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ تعمیری روابط اور نتیجہ خیز مذاکرات کا حامی رہا ہے تاکہ تمام دیرینہ مسائل، خصوصاً جموں و کشمیر کے بنیادی تنازعے کو حل کیا جا سکے۔ تاہم جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام انڈیا کے ضد پر مبنی رویے اور تسلط پسندانہ عزائم کی وجہ سے یرغمال بنا ہوا ہے۔ ’انڈیا کی طرف سے پھیلایا جانے والا پاکستان مخالف بیانیہ دوطرفہ ماحول کو خراب کرتا اور امن اور تعاون کے امکانات کو نقصان پہنچاتا ہے۔ یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔‘ یاد رہے کہ پوڈ کاسٹ میں نریندر مودی سے سوال کیا گیا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان تعلقات سرد سطح پر ہیں اور وہ ان کے مستقبل کے طور پر کیا دیکھتے ہیں؟۔ مودی نے اس پر جواب دیا تھا کہ’ تقسیم کے المناک واقعات کے بعد جس نے دونوں طرف خونریزی دیکھی، ’ہم نے ان (پاکستان) سے جینے اور جینے کی توقع کی، لیکن پھر بھی، انہوں نے ہم آہنگی کے ساتھ بقائے باہمی کو فروغ دینے کا انتخاب نہیں کیا۔ انہوں نے بار بار انڈیا کے ساتھ اختلافات کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ہمارے خلاف پراکسی جنگ چھیڑ رکھی ہے۔‘ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ ’دہشت گردی کے عالمی واقعات میں پاکستان کا ملوث ہونا پایا جاتا ہے،دنیا میں جہاں بھی دہشت گردی ہوتی ہے، راستہ کسی نہ کسی طرح پاکستان کی طرف جاتا ہے‘۔  آئیے مثال کے طور پر 11 ستمبر کے حملوں کو لے لیں۔ اس کے پیچھے اصل ماسٹر مائنڈ، اسامہ بن لادن، آخر وہ کہاں سے نکلا؟ اس نے پاکستان میں پناہ لی تھی۔‘  

خضدار میں ایس ایچ او حب کے گھر پر دستی بم حملہ، اہلخانہ نشانہ بن گئے

بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے کوشک میں اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) حب سٹی قادر شیخ گھر پر دستی بم حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کے والد زخمی اور ان کے 4 بھتیجے زخمی ہو گئے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) خضدار جاوید زہری نے نجی خبررساں ادارے ڈان کو بتایا کہ خضدار سٹی ایریا کوشک میں نامعلوم افراد نے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) حب سٹی قادر شیخ کے گھر پر دستی بم پھینکا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ان والد زخمی ہو گئے، جب کہ ان بھائی کے 4 بچے زخمی ہوگئے۔ مزید پڑھیں: جعفر ایکسپریس سانحہ، ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والا ملزم گرفتار ایس ایس پی نے کہا کہ ایس ایچ او قادر شیخ کے والد شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا ہے اور بچوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد گھر منتقل کردیا گیا ہے۔ خضدار جاوید کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

گرمی ہو یا سردی چوک میں کھڑے وارڈنز ہیلمٹ لازمی پہنیں گے، ترجمان ٹریفک پولیس

ترجمان ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ گرمی ہو یا سردی چوک میں کھڑے وارڈنز ہیلمٹ لازمی پہنیں گے۔ نجی نشریاتی ادارے ہم نیوز کے مطابق ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی پر کھڑے وارڈنز بھی اب ہیلمٹ پہنیں گے، ٹریفک وارڈنز کی حفاظت کے پیش نظر نئے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر اطہر وحید کے حکم پروارڈنز کو آگاہ کر دیا گیا ہے، گرمی ہو یا سردی چوک میں کھڑے وارڈنز ہیلمٹ لازمی پہنیں گے۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ حادثات میں متعدد وارڈنز کے زخمی ہونے پر ہیلمٹ پہننے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں: جعفر ایکسپریس سانحہ، ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والا ملزم گرفتار دوسری جانب جعلی فینسی، غیر قانونی غیر نمونہ نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، رواں ماہ غیر قانونی غیر نمونہ نمبر پلیٹس لگانے پر 52 ہزار سے زائد چالان کیے گئے، کارروائیوں کے دوران 35 ہزار سے زائد موٹر سائیکل سواروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ مزید یہ کہ 4 ہزار 300 سے زائد کاروں کو غیر نمونہ غیر قانونی اور فینسی نمبر پلیٹس لگانے پر جرمانے کیے گئے ہیں۔

پاکستان کا آئی ٹی شعبہ سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے انتہائی موزوں ہے، سی ای او امریکی ملٹی نیشنل کمپنی

معروف امریکی ملٹی نیشنل آئی ٹی کمپنی Afiniti کے سی ای او جیرومی کیپیلس نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئی ٹی شعبہ سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے موزوں ہے۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے معروف امریکی ملٹی نیشنل آئی ٹی کمپنی Afiniti کے سی ای او جیرومی کیپیلس کی سربراہی میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں مزید سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور عالمی معیار کے کال سینٹر کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے Afiniti کی جانب سے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنیادوں پر کام کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کمپنی کو پاکستان میں عالمی معیار کا کال سینٹر قائم کرنے کی تجویز بھی دی، جس سے مقامی اور بین الاقوامی صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ وہ خود آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید تکنیکی مہارتوں سے لیس کرنے کے پروگرام کی نگرانی کر رہے ہیں، تاکہ پاکستانی نوجوانوں کو جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت 25 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف کے حصول کے لیے آئی ٹی کمپنیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ملاقات کے دوران Afiniti کے سی ای او جیرومی کیپیلس نے پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز کی مہارت اور شعبے کی ترقی میں ان کے کردار کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آئی ٹی سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے ایک موزوں ملک ہے اور یہاں 1000 سے زائد باصلاحیت پاکستانی ماہرین Afiniti کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں آئی ٹی سیکٹر کو مزید ترقی دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور ملک کی پیشہ ور اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی بدولت ہی Afiniti اس خطے میں ایک کامیاب کمپنی ہے۔ مزید پڑھیں: پاکستان میں دوہرا نظام تعلیم، ہائر ایجوکیشن ہر ایک کے لیے کیوں نہیں؟ واضح رہے کہ ملاقات میں وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے۔

وائس آف امریکا بند ہونے پر چین میں’جشن‘ ، ماجرا کیا ہے؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےامریکی عانت سے چلنے والے میڈیا ادارے، جیسے کہ وائس آف امریکا ( وی اواے) اور ریڈیو فری ایشیا کی ٹرانسمیشن کو ختم کرنے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں ، جس پر چینی قوم اور سرکاری میڈیا نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ عالمی نشریاتی ادارہ سی این این کے مطابق چینی حکومت نے طویل عرصے سے وائس آف امریکا  اور ریڈیو فری ایشیا کو انسانی حقوق اور مذہبی آزادیوں پر تنقید کرنے کی وجہ سے نشانہ بنایا ہے۔ جب  ٹرمپ انتظامیہ ان اداروں کو بند کر رہی ہے، بیجنگ اس فیصلے پر خوش نظر آ رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب چین اپنے سرکاری میڈیا کی عالمی رسائی کو بڑھانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی کے زیر انتظام اخبار گلوبل ٹائمز نے پیر کو ایک اداریے میں وائس آف امریکا کو ‘جھوٹ کا کارخانہ’ قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ اس کی چین سے متعلق رپورٹنگ کا ریکارڈ حیرت انگیز حد تک ناقص ہے۔ اخبار نے مزید کہا کہ سنکیانگ میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں، بحیرہ جنوبی چین کے تنازعات، تائیوان، ہانگ کانگ، کورونا وائرس وبا اور چینی معیشت سے متعلق وائس آف امریکا کی رپورٹنگ خاص بیانیے کے مطابق ہوتی رہی ہے۔ وائس آف امریکہ کی چین سے متعلق کوریج دہائیوں پر محیط ہے۔ 1989 میں تیانمن اسکوائر میں جمہوریت نواز مظاہروں کے دوران، اس کے چینی زبان کے ریڈیو نشریات چینی عوام کے لیے غیر سنسر شدہ معلومات کا ایک اہم ذریعہ بن گئے تھے۔ (VOA نے 2011 میں چینی زبان میں ریڈیو نشریات بند کر دی تھیں، لیکن اس کی چینی زبان کی ویب سائٹ پیر تک آن لائن موجود تھی۔ سوشل میڈیا پر چینی تجزیہ کاروں نے وائس آف امریکا اور ریڈیو فری ایشیا کی ممکنہ بندش کا جشن منایا۔ گلوبل ٹائمز کے سابق ایڈیٹر ان چیف ہو شی جن نے چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم وائیبو پر لکھا کہ “وائس آف امریکہ مفلوج ہو چکا ہے! اور ریڈیو فری ایشیا، جو چین کے خلاف اتنا ہی زہریلا تھا، بھی بند ہو رہا ہے۔ یہ واقعی خوشی کی بات ہے” ایک اور چینی تجزیہ کار نے وائس آف امریکا اور ریڈیو فری ایشیا کو ‘رنگین انقلابات کے لیے بدنام زمانہ پروپیگنڈا مشینیں ‘قرار دیا، جو 2000 کی دہائی میں سابق سوویت یونین اور بلقان میں حکومتوں کے خلاف عوامی مظاہروں میں کردار ادا کر چکی ہیں۔ دیگر صارفین نے طنزاً ٹرمپ کو “چوان جیانگو” (چینی قوم کا معمار) کہا، اس اشارے کے ساتھ کہ ان کی پالیسیوں نے بیجنگ کو عالمی سطح پر فائدہ پہنچایا ہے۔ صدر شی جن پنگ کے دور میں، چین نے اپنے سرکاری میڈیا کی رسائی اور اثر و رسوخ کو نمایاں طور پر بڑھا دیا ہے تاکہ عالمی سطح پر اپنا بیانیہ مضبوط کر سکے۔ 2018 میں، بیجنگ نے تین ریاستی میڈیا اداروں کو ضم کر کے ایک بڑا میڈیا نیٹ ورک قائم کیا، جس کا نام وائس آف چائنا’ رکھا گیا۔