اپریل 5, 2025 12:27 صبح

English / Urdu

“پاکستان اللہ کا عظیم تحفہ، اتحاد و اتفاق وقت کی ضرورت ہے”  وزیراعظم شہباز شریف   

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ‘رب زذوالجلال کا احسان، پاکستان’ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ رب العزت کی طرف سے ایک عظیم تحفہ ہے، جو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عطا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں اور ہم اپنے شہدا اور بزرگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں سے یہ ملک وجود میں آیا۔ وزیراعظم نے اتحاد و اتفاق کو وقت کی سب سے بڑی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی کے ذریعے ہم معاشی و سماجی چیلنجز پر قابو پا سکتے ہیں اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور افواجِ پاکستان کے تحفظ و قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دینا عظیم قربانیوں کے ساتھ بے وفائی کے مترادف ہے۔ انہوں نے مذہبی منافرت اور تفریق کے خاتمے پر زور دیا اور کہا کہ کچھ عناصر اپنے ذاتی مفاد کے لیے ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہمیں قومی استحکام کو مقدم رکھنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد اسلامی نظریاتی ریاست ہے جو ایٹمی قوت  ہے اور 1998 میں ایٹمی طاقت بننے کے بعد کوئی بھی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ذہین لوگوں اور بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، مگر دشمن عناصر ہمیں ان وسائل سے فائدہ اٹھانے سے روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو مالی معاونت کہاں سے مل رہی ہے، ہمیں اس کا بخوبی علم ہے، لیکن ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے تحفظ کے لیے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں، اور ہم ہر حال میں پاکستان کی ترقی اور سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔

تونسہ میں ایڈز کے بڑھتے کیسز پر مریم نواز کا سخت نوٹس، فوری اقدامات کا حکم

تونسہ میں ایڈز کے مبینہ پھیلاؤ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اور ٹھوس اقدامات کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ایڈز کے پھیلاؤ کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے پر غور کیا گیا۔ مریم نواز نے محکمہ صحت پنجاب کو ایڈز کے سدباب کے لیے آپریشنل پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت نے یونیسف، عالمی ادارہ صحت (WHO) اور محکمہ صحت پنجاب پر مشتمل جوائنٹ مشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو 7 سے 14 اپریل تک متاثرہ بچوں کی ہسٹری ٹریسنگ کرے گا اور ایڈز کنٹرول کے لیے وزیراعلیٰ کو تجاویز پیش کرے گا۔ متاثرہ علاقوں میں ہاؤس ہولڈ اسکریننگ کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جب کہ تونسہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور دیگر طبی مراکز میں ایڈز کے علاج کے لیے خصوصی مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔ مزید پڑھیں: سول و عسکری قیادت کی بیٹھک، ملک دشمن مہم کا مؤثر جواب دینے کا فیصلہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا کہ ایڈز سے متاثرہ بچوں کے علاج میں کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام مریضوں کو مکمل فری علاج فراہم کیا جائے گا۔

چین بنگلہ دیش تعلقات: ڈاکٹر محمد یونس کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات

چین کی سرکاری میڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے  بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ گزشتہ اگست میں اس وقت کی بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد جنوبی ایشیائی ملک کے عبوری رہنما کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یونس کا یہ پہلا دو طرفہ سرکاری دورہ ہے۔ جہاں بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور لسانی تعلقات ہیں، چین بنگلہ دیش کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ایک اہم سرمایہ کار ہے۔ بنگلہ دیش چین کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔ بحر ہند کے مشرقی حصے میں اس کے محل وقوع کا مطلب ہے کہ یہ چینی صدر شی جن پنگ کے اہم بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) منصوبے کے لیے مثالی ہے۔ چین کے اس منصوبے کا مقصد دنیا بھر میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور تجارتی نیٹ ورکس کے ایک بڑے ڈھانچے کو نافذ کرکے چین کے اقتصادی اور سیاسی اثر و رسوخ کو بڑھانا ہے۔ بنگلہ دیش اپنی 172 ملین آبادی کے ساتھ، چین کی برآمدات پر مبنی معیشت کے لیے خطے میں ایک بہت بڑی مارکیٹ بھی ہے۔ بنگلہ دیشی حکومت نے کہا کہ محمد یونس کے دورے کے دوران توقع ہے کہ دونوں فریق اقتصادی اور تکنیکی مدد، ثقافتی اور کھیلوں میں تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون سے متعلق متعدد معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

عالمی منڈی میں سونے کی بڑھتی قیمتیں، پاکستان میں فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 2,380 روپے مہنگا ہو کر 3,23,380 روپے کا ہو گیا۔ اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونا 2,041 روپے اضافے کے بعد 2,77,246 روپے کا ہو گیا۔ 22 قیراط سونے کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد 10 گرام کی نئی قیمت 2,54,151 روپے ہو گئی ہے، جس میں 1,871 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں فی اونس سونا $22 اضافے کے بعد $3,074 پر پہنچ گیا ہے۔ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 24 قیراط چاندی فی تولہ 30 روپے اضافے کے ساتھ 3,610 روپے پر پہنچ گئی، جب کہ 10 گرام چاندی 2,096 روپے اضافے کے بعد 3,096 روپے کی ہو گئی۔ مزید یہ کہ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت $0.30 اضافے کے ساتھ $34.40 فی اونس ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور انٹربینک ایکسچینج ریٹس میں تبدیلی کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سرمایہ کار اور تاجر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں کیونکہ عالمی معاشی رجحانات قیمتی دھاتوں کی قیمتوں کو متاثر کر رہے ہیں۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 2.3 ارب ڈالر کا سٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی (آر ایس ایف) کے تحت 2.3 ارب ڈالر تک کی رسائی حاصل ہوگی۔ اس حوالے سے سٹاف لیول معاہدے طے پا چکے ہیں۔ نجی خبررساں ادارے انڈیپینڈنٹ اردو کے ممطابق آئی ایم ایف کی کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جولی کوزیک نے واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران اس پیش رفت کا اعلان کیا کہ 25 ستمبر 2024 کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کی منظوری دی تھی، جو 37 ماہ پر محیط ہوگا۔ آئی ایم ایف کے مطابق ای ایف ایف کے تحت 1 ارب ڈالر کی قسط پاکستان کو دی جائے گی، جو ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔ آر ایس ایف کے تحت 1.3 ارب ڈالر مختلف اقساط میں جاری کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیم 24 فروری سے 14 مارچ تک پاکستان میں موجود رہی اور ناتھن پورٹر کی سربراہی میں پاکستانی حکام کے ساتھ ای ایف ایف کے پہلے جائزے اور آر ایس ایف کے تحت نئے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ 25 مارچ 2025 کو سٹاف لیول معاہدہ طے پایا۔ 25 مارچ کو جاری کیے گئے بیان میں آئی ایم ایف نے کہا کہ اس نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو 1.3 ارب ڈالر کے نئے قرضے کے معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے، جب کہ سات ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کے پہلے ششماہی جائزے کی منظوری سے پاکستان کے لیے اضافی ایک ارب ڈالر کی رقم جاری ہو سکتی ہے۔ یہ رقم پاکستان کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی حتمی منظوری کے بعد جاری کی جائے گی، جس کے لیے باضابطہ شیڈول جلد طے کیا جائے گا۔ مزید پڑھیں: حکومت نے بجلی سستی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کروا دی یاد رہے کہ 2023 میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا تھا، تاہم آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج نے معیشت کو سہارا دیا، جس کے بعد مہنگائی میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری دیکھی گئی۔ دوسری جانب اس معاہدے کے تحت پاکستان کو کئی سخت معاشی اصلاحات پر عمل درآمد کرنا پڑا، جن میں آمدنی پر ٹیکس میں اضافہ، توانائی پر سبسڈی میں کمی، حکومتی اخراجات میں کمی وغیرہ شامل ہیں۔

سول و عسکری قیادت کی بیٹھک، ملک دشمن مہم کا مؤثر جواب دینے کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیر صدارت ملک کی سول و عسکری قیادت کی ایک بڑی بیٹھک میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں جن میں جعفر ایکسپریس پر حملہ آوروں کو بے نقاب کرنے کا عزم شامل ہے۔ حکومت نے اس بات کا عہد کیا کہ حملہ آوروں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور روایتی و ڈیجیٹل میڈیا پر ملک دشمن پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اس اجلاس میں تمام اہم عسکری و سول قیادت نے شرکت کی، جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں نے بھی اپنی شرکت سے اجلاس کو اہمیت دی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت قومی بیانیے کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ دہشتگردوں اور شرپسندوں کے منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی بیانیہ کمیٹی کو مؤثر اور سرگرم بیانیہ تیار کرنے کی ہدایات دی گئیں اور قومی بیانیہ اور ملک کی سلامتی کے خلاف کسی بھی نوعیت کے مواد کو روکا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبوں کے آپسی روابط اور تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ قومی بیانیہ کو نوجوانوں تک پہنچایا جا سکے۔ خاص طور پر فلم اور ڈراموں میں قومی موضوعات پر زور دینے کی تجویز سامنے آئی تاکہ شر پسندوں کے بیانیے کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کا سدباب کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی اور ڈیپ فیک و جھوٹی معلومات کا جواب مستند اور حقیقت پر مبنی معلومات سے دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، قومی نصاب میں دہشت گردی کے اثرات کے بارے میں آگاہی شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ یہ اجلاس نہ صرف قوم کے اتحاد کی علامت ہے بلکہ اس بات کا عندیہ بھی ہے کہ پاکستان اپنے داخلی و خارجی دشمنوں کے خلاف بھرپور حکمت عملی اپنائے گا۔ مزید پڑھیں:’ترقی ہوتی تو حالات ایسے نہ ہوتے‘ بلوچستان سونے کی چڑیا یا دہکتا انگارہ؟

حکومت نے بجلی سستی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کروا دی

وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف سے منظوری حاصل کرنے کے بعد نیپرا (قومی توانائی ریگولیٹری اتھارٹی) میں بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست جمع کرادی ہے۔ اس درخواست کے مطابق حکومت نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ کمی کرنے کی تجویز دی ہے جس پر نیپرا اتھارٹی 4 اپریل کو سماعت کرے گی۔ حکومت نے تجویز پیش کی ہے کہ اپریل سے جون 2025 تک بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق کیا جائے گا اور اس کمی کا فائدہ تمام بجلی کمپنیوں، بشمول ‘کے الیکٹرک’ کے صارفین کو پہنچے گا۔ یہ اقدام آئی ایم ایف کی جانب سے منظور شدہ سبسڈی کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ 1.3 بلین ڈالر کے قرض معاہدے کے تحت بجلی کی قیمتوں میں ایک روپیہ فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان کو قرض کی اگلی قسط ملے گی، اور اس کمی کا فائدہ ملک بھر کے تمام بجلی صارفین کو پہنچے گا۔ آئی ایم ایف کے مشن نمائندے ‘مہیر بینیسی’ نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ یہ ریلیف پاکستان کے تمام بجلی صارفین کے لیے ہوگا، جس کی مالی معاونت گیس کی کھپت پر عائد کی جانے والی لیوی سے حاصل کی جائے گی۔ اس لیوی کو کیپٹیو پاور پلانٹس سے وصول کیا جائے گا۔ مزید پڑھیں: پاکستان نے چین کا ایک ارب ڈالر کا قرض واپس کر دیا

خراب سڑکیں ایک اور حادثے کا سبب: قلات میں بسوں کے تصادم سے 6 افراد جاں بحق

بلوچستان کے علاقے قلات میں دو مسافر بسوں کے تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 20 شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کوئٹہ سے کراچی جانے والی بس اور کراچی سے کوئٹہ آنے والی بس ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو قلات ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پاکستان میں سڑک حادثات ایک سنگین مسئلہ بنتے جا رہے ہیں۔ 2021 میں پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کے مطابق ملک بھر میں 5,608 افراد سڑک حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ کراچی میں خاص طور پر صورتحال تشویش ناک ہے، جہاں 2024 میں 500 افراد ہلاک اور 4,879 زخمی ہو چکے ہیں۔ کراچی میں ڈمپر اور ٹینکرز کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں اضافے کے بعد حکومت نے بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اب انہیں صرف رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک چلنے کی اجازت ہے۔ اس کے علاوہ، تمام بھاری گاڑیوں کے لیے فزیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ غیر محفوظ گاڑیوں کو سڑکوں پر چلنے سے روکا جا سکے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی نے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کی ناقص صورتحال کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہلک حادثات کی روک تھام میں حکومت ناکام ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کی جانوں کو مسلسل خطرہ لاحق ہے۔

کراچی: سہراب گوٹھ میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا

کراچی میں سہراب گوٹھ تھانہ ڈسٹرکٹ شرقی کی حدود میں نوجوان کی مبینہ پولیس فائرنگ سے ہلاکت کا واقعہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق نوجوان ایک دکان کے باہر خریداری میں مصروف تھا کہ اچانک گولی لگنے سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے حوالے سے پولیس نے اپنا مؤقف جاری کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ عینی شاہدین نے تصدیق کی کہ جس وقت گولی چلنے کی آواز آئی، اسی دوران ایک پولیس موبائل اس مقام سے گزر رہی تھی جس کے بعد یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ فائرنگ پولیس کی جانب سے کی گئی۔ پولیس حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس وقت موبائل معمول کے مطابق گشت پر تھی یا پھر جرائم پیشہ افراد کے تعاقب میں، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ ایس پی اور ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اس معاملے کی تفتیش میں مصروف ہیں اور گولی چلنے کے محرکات کو سمجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس حادثے میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق قانونی کارروائی کی جائے گی، اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اس واقعے کی تفصیلات کے لیے پولیس لواحقین کے ساتھ رابطے میں ہے اور مکمل تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ یہ واقعہ کراچی کے شہریوں کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے جہاں پولیس کے کردار پر سوالات اٹھ رہے ہیں لیکن انصاف کی فراہمی کے لئے انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ مزید پڑھیں: ’شمالی وزیرستان میں 11 خوارج ہلاک کردیے‘ فوج کا دعویٰ

آئی پی ایل 2025: پُورَن اور شاردول ٹھاکر اورنج اور پرپل کیپ لیڈر بورڈ پر سر فہرست

آئی پی ایل 2025 میں شاردول تھاکر نے شاندار پرفارمنس کے ساتھ ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ سنرائزر حیدرآباد (ایس آر ایچ) کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ان کی 4 وکٹوں کی شاندار کارکردگی نے انہیں پرپل کیپ کو لیڈربورڈ پر سرفہرست لا کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے 4 اوورز میں 34 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا جس کے ساتھ ہی وہ اس سیزن کی بہترین بولنگ پرفارمنس کا حصہ بن گئے ہیں۔ شاردول تھاکر جو موہسن خان کی جگہ ٹیم میں شامل ہوئے ہیں، انہوں نے اپنے آغاز سے ہی متاثر کن کارکردگی دکھائی۔ پہلے میچ میں دہلی کیپیٹلز (ڈی سی) کے خلاف انہوں نے ابتدائی بولنگ کرتے ہوئے دو اہم وکٹیں حاصل کیں اس کے بعد ایس آر ایچ کے خلاف ان کا جادو سر چڑھ کر بولا۔ انہوں نے لگاتار دو گیندوں پر ابھیناف منہوار اور ایشان کشور کو آؤٹ کیا ان کی اس شاندار پرفارمنس نے انہیں پرپل کیپ کے ٹاپ پر لا کھڑا کیا ہے۔ اسی دوران چنائی سپر کنگز (سی ایس کے) کے نوئر احمد بھی اپنے 4 وکٹوں کے ساتھ خاصے توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ممبئی انڈینز (ایم آئی) کے خلاف 4 وکٹوں کے ساتھ میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی کارکردگی اس سیزن کی سب سے بہترین بولنگ پرفارمنس میں شمار ہو رہی ہے۔ یہ بھی پڑھیں: ایران نے فیفا ورلڈکپ 2026 کے لیےکوالیفائی کرلیا جہاں پرپل کیپ پر شاردول تھاکر کا راج ہے وہیں اورنج کیپ پر بھی دو کھلاڑیوں کا تسلط نظر آ رہا ہے اور ان دونوں کا تعلق بھی ایک ہی ٹیم ‘لکھنوؑ سپر جائنٹس’ سے ہے۔  نیکولس پورن اور مچل مارش دونوں نے اپنی پرفارمنس سے مخالف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ نیکولس پورن نے اس سیزن میں چھکوں کی بارش کرتے ہوئے اپنی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ وہ اس وقت آئی پی ایل کے سب سے زیادہ چھکے مارنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں اور ان کی اسٹرائیک ریٹ (258.91) اس سیزن میں سب سے زیادہ ہے۔ پورن نے دہلی کیپیٹلز (ڈی سی) کے خلاف 30 گیندوں پر 75 اور سنرائزر حیدرآباد (ایس آر ایچ) کے خلاف 26 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔ دوسری جانب مچل مارش، جو اس سیزن میں صرف بیٹر کی حیثیت سے کھیل رہے ہیں انہوں نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آرنج کیپ کی فہرست میں پورن کے بعد مچل مارش کا نمبر آتا ہے جبکہ تیسرے نمبر پر ایڈیلیڈ اور پچھلے سیزن کے کامیاب کھلاڑی ٹریوس ہیڈ ہیں جنہوں نے اپنے شاندار آغاز کے ساتھ اس سیزن میں بھی اپنے کھیل کا لوہا منوایا ہے۔ ہیڈ نے راجستھان رائلز (آر آر) کے خلاف 31 گیندوں پر 67 رنز بنائے، اور ایل ایس جی کے خلاف بھی 28 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ جبکہ پرپل کیپ کی فہرست میں ٹھاکر کے بعد نوئر احمد اور کرنیل پانڈیا کا نمبر آتا ہے۔ پانڈیا نے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے خلاف اپنے پہلے میچ میں 29 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ مزید پڑھیں: ویمن کرکٹ ورلڈ کپ 2025: قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا