اپریل 4, 2025 7:30 صبح

English / Urdu

الوداع رمضان، کیا عبادتوں کا سلسلہ برقرار رہے گا؟

رمضان رخصت ہو چکا ہے، مگر سوال یہ ہے کہ کیا یہ حقیقتاً الوداع ہے؟ وہی مہینہ جس میں ہم نے اللہ سے قربت کا سفر طے کیا، وہی راتیں جب آنکھوں سے بہتے آنسوؤں نے گناہوں کی معافی مانگی، وہی دن جب کسی بھوکے کا پیٹ بھرا۔ مگر اب کیا سب ختم ہو گیا؟ رمضان کا نور، وہ عبادات کی روشنی، وہ اللہ سے جڑنے کا احساس… کیا سب عید کی چمک دمک میں کھو جائے گا؟ وہ آنسو جو شب قدر میں بہائے، وہ لمحات جو سجدوں میں گزارے، کیا وہ سب ماضی بن جائے گا؟ ہم نے اس مقدس مہینے میں بھوکوں کی تکلیف کو محسوس کیا، ناداروں کی مدد کی، اللہ کی قربت کو پایا، مگر کیا اب سب بھلا دیا جائے گا؟ کیا اب وہی غفلت، وہی دوری، وہی بے حسی لوٹ آئے گی؟ یہ رمضان محض ایک مہینہ نہیں تھا، بلکہ ایک امتحان تھا، ایک پیغام تھا، ایک دعوت تھی کہ ہم بدل جائیں، کہ ہم بہتر ہو جائیں۔ یہ وقت ہے فیصلہ کرنے کا کہ رمضان کو اپنی زندگی سے جدا مت کریں، بلکہ اسے اپنے دلوں میں زندہ رکھیں۔

کاٹلنگ میں آپریشن کے دوران شہریوں کی ہلاکتوں پر انکوائری ہوگی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے کاٹلنگ میں انسداد دہشتگردی آپریشن کے دوران عام شہریوں کی ہلاکتوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کی جامع تحقیقات کا اعلان کردیا۔ نجی خبررساں ادارے ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران عام شہریوں کی شہادتیں افسوسناک ہیں اور اس معاملے کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت واقعے کی مکمل چھان بین کے بعد اپنا مؤقف واضح کرے گی۔ ڈان نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے بھی آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کاٹلنگ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی، تاہم، اس دوران علاقے میں غیر مسلح شہری بھی موجود تھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ مزید پڑھیں: عید پر بھی قیامت، امریکی سرپرستی میں غزہ پر اسرائیلی حملے فلسطینیوں کی خوشیاں چھین گئے دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ اور سوات سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے ڈاکٹر امجد علی نے ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ یہ حملہ ایک ڈرون کے ذریعے کیا گیا، جس میں گجر برادری کے ایک خاندان کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق واقعے میں 9 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ کچھ بچے تاحال لاپتہ ہیں۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اس علاقے میں اس سے قبل بھی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئی ہیں، جن میں محسن باقر اور عباس جیسے بڑے دہشتگرد مارے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کی صبح بھی 12 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، لیکن عام شہریوں کی شہادتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور عوام دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور صوبے میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

عید پر بھی قیامت، امریکی سرپرستی میں غزہ پر اسرائیلی حملے فلسطینیوں کی خوشیاں چھین گئے

جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملے نے عید کی خوشیاں سوگ میں بدل دیں، اسرائیلی بمباری میں ایک خیمہ اور ایک گھر نشانہ بنے، جس میں 10 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں، جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ خان یونس کے سول ڈیفنس ڈائریکٹر یامن ابو سلیمان نے عالمی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا کہ زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حملے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز دل دہلا دینے والی ہیں، کچھ بچے عید کے نئے کپڑوں میں خون میں لت پت نظر آئے۔ ایک شخص نے اسپتال کے باہر تڑپتے بچے کو اٹھاتے ہوئے آہ و زاری کرتے ہوئے کہا کہ ‘ان معصوم بچوں کا کیا قصور تھا؟ یہ تو صرف عید منانا چاہتے تھے۔’ غزہ میں اس بار عید خوشیوں کے بجائے غم اور تکلیف کا استعارہ بن گئی ہے۔ ایک اور بے گھر فلسطینی خاتون آمنہ شقلا نے عالمی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ہر سال میں اپنے بچوں کے لیے عید کی مٹھائی بناتی تھی، لیکن اس بار بمباری اور مہنگائی کے باعث صرف ایک کلو ہی بنا سکی، تاکہ بچوں کو یہ احساس نہ ہو کہ ان کی خوشیاں بھی جنگ کی نذر ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب بازاروں میں بھی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ دکاندار عبد الفتاح خلیل کرناوی کا کہنا تھا کہ عید کے کپڑوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور بیشتر والدین اپنے بچوں کو نئے کپڑے نہیں دلا سکے۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے دو ہفتے قبل غزہ میں دوبارہ اپنی فوجی کارروائیاں شروع کیں، جس سے دو ماہ سے جاری جنگ بندی ختم ہو گئی۔ اسرائیلی فوج نے نہ صرف غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری بڑھا دی بلکہ انسانی امداد کی ترسیل پر بھی مکمل پابندی لگا دی ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کی فوج غزہ میں ‘مستقل موجودگی’ برقرار رکھے گی، جب تک کہ تمام یرغمالیوں کی رہائی نہیں ہو جاتی۔ الماوسی، جو رفح کے مغرب میں واقع ایک ساحلی علاقہ ہے، بار بار اسرائیلی حملوں کی زد میں ہے، حالانکہ اسرائیل نے خود اسے ‘محفوظ انسانی زون’ قرار دیا تھا۔ یہاں ہزاروں فلسطینی کئی ماہ سے پناہ لیے ہوئے ہیں، جو کپڑے اور پلاسٹک کے عارضی خیموں میں زندگی گزار رہے ہیں، مگر اسرائیلی حملوں نے یہاں بھی لوگوں کو سکون کا سانس لینے نہیں دیا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنی حکومت کے اجلاس میں بیان دیا کہ ان کی فوجی مہم کامیاب ہو رہی ہے۔ نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ہم ایک ساتھ دو کام کر رہے ہیں، حماس کی فوجی اور حکومتی طاقت کو کچل رہے ہیں اور اپنے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے حالات پیدا کر رہے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان کی حکومت ٹرمپ پلان – رضاکارانہ ہجرت کے منصوبے پر عمل درآمد کرے گی، جس کے تحت فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ دوسری طرف حماس نے مصر کے ذریعے ایک نئی جنگ بندی تجویز پر رضامندی ظاہر کی ہے، اس معاہدے کے تحت پانچ یرغمالیوں کی رہائی پر اتفاق کیا گیا ہے، جن میں ایک امریکی-اسرائیلی شہری ایڈان الیگزینڈر بھی شامل ہیں۔ اس معاہدے کے بدلے حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں انسانی امداد بحال کی جائے اور جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے لیے اسرائیل مذاکرات کرے۔

‘معاہدہ نہ ہوا تو بمباری ہوگی،’ ٹرمپ کی ایران کو سنگین دھمکی

امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کے خلاف سخت لہجہ اختیار کر لیا، دو ٹوک الفاظ میں دھمکی دے دی کہ اگر ایران نے جوہری پروگرام پر معاہدہ نہ کیا تو بمباری ہوگی اور تہران پر سخت تجارتی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات تو ہو رہے تھے، مگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو وہ چار سال پہلے کی طرح دوبارہ سخت اقتصادی پابندیاں عائد کر دیں گے۔ دوسری جانب ایران نے ٹرمپ کی دھمکیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ ان کا جوہری پروگرام مکمل طور پر شہری مقاصد کے لیے ہے اور وہ کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ ایران نے عمان کے ذریعے ٹرمپ کی جانب سے بھیجے گئے نئے معاہدے کی پیشکش کا جواب دیتے ہوئے سخت مؤقف اپنایا ہے۔ خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سابقہ صدارت کے دوران 2015 میں عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے سے امریکا کو الگ کر لیا تھا، جس کے بعد ایران پر یکطرفہ پابندیاں لگا دی گئی تھیں۔ اس فیصلے کے بعد ایران نے جوہری سرگرمیوں میں اضافہ کر دیا تھا۔

عدالتی احکامات کی خلاف ورزی، پی ٹی آئی کا عید کے بعد توہین عدالت کی پٹیشن دائر کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اعلان کیا ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر عید کے بعد توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔ نجی نشریاتی ادارے ہم نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی اور وہ تمام صورتحال سے آگاہ ہیں۔ عمران خان نے انہیں یقین دلایا ہے کہ جو بھی کیا، وہ بالکل درست تھا۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنسیں اہم نہیں، بلکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں اہم ہیں۔ انہوں نے اپنے حوالے سے چلنے والی خبروں کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں وہی لوگ تنقید کر رہے ہیں، جن کا پہلے بھی کوئی اثر و رسوخ نہیں تھا۔ سلمان اکرم راجہ نے خبردار کیا کہ اگر پارٹی کو دیوار سے لگایا گیا تو سڑکوں پر آنا پڑے گا، انہوں نے مزید کہا کہ اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے اور وقت کے ساتھ تمام فیصلے کیے جائیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ وہ کسی کو پارٹی سے نہیں نکالتے، بلکہ تمام فیصلے خود بانی پی ٹی آئی کرتے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے اندرونی اختلافات کو بھی مسترد کر دیا۔

عید سے پہلے مہنگائی کا طوفان، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

عید الفطر کی آمد پر لاہور، راولپنڈی اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔ نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق لاہور کی مارکیٹوں میں مرغی کے گوشت کی قیمت 1200 روپے فی کلو تک جا پہنچی، جب کہ ٹماٹر 60 روپے سے بڑھ کر 180 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا۔ پیاز 40 سے 60، لیموں 150 سے 250 اور سبز مرچ 110 سے 200 روپے فی کلو ہو گئی۔ شہری پھل بھی مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں، جب کہ چینی کی قیمت سرکاری نرخ 164 روپے کے بجائے 170 سے 180 روپے فی کلو وصول کی جا رہی ہے۔ راولپنڈی میں بکرے اور گائے کے گوشت کی قیمتوں میں بھی خودساختہ اضافہ ہوگیا ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں، صدر کے علاقے میں 35 دکاندار گرفتار، جب کہ گراں فروشی پر متعدد دکانوں کو جرمانے ہوگئے۔ کوئٹہ میں بھی مہنگائی کا زور برقرار ہے، مرغی کے گوشت کی قیمت 750 سے بڑھ کر 840 روپے فی کلو تک جا پہنچی، جب کہ بکرے کے گوشت میں 100 اور بیف میں 50 روپے کا اضافہ ہو گیا۔

پاکستان بھر میں عیدالفطر کا چاند نظر آگیا، کل عید ہوگی

پاکستان میں عیدالفطر کا چاند نظر آگیا، لاہور، اسلام آباد، خانیوال اور جہلم سمیت ملک کے اکثر شہروں میں عید کا چاند نظر آگیا۔ کل بروز پیر ملک بھر میں عیدالفطر ہوگی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شوال المکرم کا چاند نظر آنے پرمبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو شوال کا چاند مبارک ہو، دعا ہے کہ اللہ تعالی ہم پر شوال کا یہ چاند امن، ایمان، سلامتی اور اسلام کے ساتھ طلوع فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ دل سے دعا ہے کہ اللہ تعالی ماہ رمضان کی روزے، نمازیں، نوافل اور عبادات قبول فرمائے، دعا کرتی ہوں کہ عید الفطرکا چاند ہر گھر میں امن سکون اور خوشیاں لائے۔ مریم  نواز نے کہا کہ دعا ہے کہ شوال المکرم میں ہر دن اور ہر رات امن وسلامتی کی ہو، دعا ہے کہ اللہ تعالی مظلوم فلسطینیوں اورکشمیریوں کو بھی آزادی کی عیدنصیب فرمائے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں بوہری کمیونٹی آج عید الفطر منا رہی ہے، جب کہ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے بھی آج عید منانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں عید کا چاند منایا جا رہا ہے۔

جاں بحق شہریوں کے سوگ میں ایم کیو ایم کا عید سادگی سے منانے کا فیصلہ

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کے سوگ میں ایم کیو ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ عید سادگی سے منائی جائے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شہر کی سڑکیں رمضان بھر میں خون سے سرخ ہوتی رہیں، مگر حکومت نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔ خالد مقبول کا کہنا تھا کہ اس شہر کے مکین پہلے ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹتے رہے اور اب ڈمپر اور ٹرک مافیا نے کراچی کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ عدالتیں چھوٹے چھوٹے معاملات پر سوموٹو لیتی ہیں، مگر کراچی کے عوام کے لیے کوئی آواز نہیں اٹھتی۔ ایم کیو ایم پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ کراچی میں جاری مسائل اور ناانصافیوں کے خلاف عدالت میں پٹیشن دائر کرے گی۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم پہلے بھی عدالتوں میں گئے، مگر ہماری لاتعداد پٹیشنز سسک رہی ہیں۔ ڈاکٹر خالد مقبول نے خبردار کیا کہ اگر حالات یونہی چلتے رہے تو کراچی ایک بار پھر 80 کی دہائی کی صورتحال کی طرف جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شہر کو پہلے ڈرگ مافیا اور اسلحہ مافیا نے تباہ کیا اور اب چوروں، ڈاکوؤں کو کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کراچی کے اصل شہریوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، جب کہ جعلی ڈومیسائل پر نوکریاں حاصل کرنے والوں کو پنشن سمیت تمام سہولیات دی جا رہی ہیں۔ ایم کیو ایم رہنما نے کراچی کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور شہر کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ “آج بھی جناح اسپتال سمیت کئی ادارے مخیر حضرات کے تعاون سے چل رہے ہیں، جب کہ کراچی کے شہری پانی کا ٹیکس دینے کے باوجود پانی ٹینکروں سے خریدنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ اور سندھ حکومت نے چارج پارکنگ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، لہٰذا شہری کسی صورت جعلی چارج پارکنگ مافیا کو پیسے نہ دیں۔ آخر میں خالد مقبول صدیقی نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے اور ڈمپر و ٹینکر حادثات میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا جائے۔

عید کے سفر میں لوٹ مار اب نہیں، زائد کرایہ وصول کرنے والوں پر شکنجہ سخت

کراچی میں 24 مارچ سے 30 مارچ تک زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی مشترکہ کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 55 لاکھ 88 ہزار روپے عوام کو واپس کیے گئے۔ کراچی کے مختلف علاقوں بشمول ٹال پلازہ، یوسف گوٹھ، قائد آباد، پنجاب اڈا اور کراچی بس ٹرمینل پر زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 2500 سے زائد مسافر بردار گاڑیوں کے مسافروں کی شکایات پر فوری ایکشن لیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے خلاف جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے اضافی رقم واپس بھی لی جائے گی۔ مزید پڑھیں: عید پر سفر: مشکلات کی منزل یا خوشیوں کا راستہ؟ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالفطر پر زائد کرایہ وصولی کی روک تھام کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ٹرانسپورٹ حکام کو مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ہر بس اسٹینڈ پر کرائے نامے نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں تاکہ عوام کو کرایہ کی درست معلومات فراہم کی جا سکیں اور اس پر سخت عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

‘نوکری نہیں شوہر چھوڑو’ خاتون نے 45 کلو وزن کم کرلیا

رہوڈ آئی لینڈ سے تعلق رکھنے والی 38 سالہ امریکی خاتون کونی سٹورز نے اپنی زندگی میں بڑی تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا اور شوہر کے ساتھ ساتھ نوکری کو بھی خیرباد کہہ دیا۔ نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق کونی سٹورز 2020 میں ایک خوشگوار زندگی گزار رہی تھیں۔ وہ شادی شدہ تھیں، ایک بیٹی کی ماں تھیں اور ایک اچھی ملازمت بھی کر رہی تھیں، لیکن عالمی وبا کورونا کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئیں۔ اس دوران شراب اور ضرورت سے زیادہ کھانے کی عادت نے ان کا وزن 136 کلوگرام تک پہنچا دیا۔ مزید پڑھیں: تونسہ میں ایڈز کے بڑھتے کیسز پر مریم نواز کا سخت نوٹس، فوری اقدامات کا حکم کونی سٹورز نے اپنی زندگی کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا اور شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی، نوکری کو خیرباد کہہ دیا اور اپنا مکمل فوکس خود کو فٹ بنانے پر رکھا۔ انہوں نے رولر اسکیٹنگ کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا اور حیران کن طور پر 45 کلو وزن کم کرلیا۔ کونی سٹورز نہ صرف اب ایک ماہر رولر اسکیٹر بن چکی ہیں بلکہ وہ ایک کامیاب رئیل اسٹیٹ بزنس بھی چلا رہی ہیں، جس سے وہ اپنی زندگی میں خوش اور مطمئن ہیں۔