وزیرِاعلیٰ سندھ کا پاکستان اسٹیل ملز کے مسائل کے حل کے لیےاقدامات کا اعلان

وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس وزیرِاعلیٰ ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا، جس میں اسٹیل ملز کی موجودہ صورتحال، ملازمین کے مسائل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ادارے کی بحالی کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ضیاء الحسن لنجار، شاہد تھہیم، سعید غنی، وقار مہدی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری لیبر رفیق قریشی، سی ای او واٹر بورڈ احمد صدیقی، سی او او واٹر بورڈ اسد اللہ خان، سی ای او اسٹیل ملز اسد اسلام مہانی، کنوینر پاکستان اسٹیل گرینڈ الائنس شمشاد قریشی اور پاکستان اسٹیل آل ایمپلائیز گرینڈ الائنس کے اراکین نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کرنا چاہتی ہے اور ملازمین کے مسائل کا مستقل حل اولین ترجیح ہے۔ اجلاس کے دوران چیئرمین اسٹیل ملز شمشاد قریشی نے ادارے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جبکہ سی ای او اسد اسلام مہانی نے بتایا کہ نئی اسٹیل مل کے لیے کمرشل اسٹڈی جاری ہے۔ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان اسٹیل ملز کو بند کرنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کی سطح پر کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ وہ حال ہی میں برطرف کیے گئے 1370 ملازمین کی بحالی کے لیے وزیراعظم سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے 49 انٹرن شپ ملازمین اور 2020-21 میں نکالے گئے ہنر مند کارکنان کی بحالی کے لیے بھی سفارش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اسٹیل ٹاؤن میں پانی کی فراہمی بند ہونے پر وزیراعلیٰ نے واٹر بورڈ کو فوری بحالی کی ہدایت دی اور چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ واٹر بورڈ اور اسٹیل مل انتظامیہ کے ساتھ مل کر مسئلہ حل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اسٹیل ٹاؤن کے اسکولوں، کالجوں اور 100 بستروں پر مشتمل اسپتال کو بھی فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت کی اور اعلان کیا کہ اب ان اداروں کا انتظام سندھ حکومت سنبھالے گی۔ مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کا ٹیکساس، جدہ اور دوحہ طرز پر لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل سٹی بنانے کا فیصلہ اس موقع پر یونین نمائندوں نے بجلی کے اضافی چارجز کی شکایت کی، جس پر وزیراعلیٰ نے مسئلہ حل کرنے کی ہدایت دی۔ سی ای او اسٹیل ملز نے آگاہ کیا کہ 30 ملین روپے کے بل میں سے صرف 12 ملین روپے وصول ہوئے ہیں، جبکہ بجلی 60 روپے فی یونٹ کے کمرشل ریٹ پر خریدی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے حال ہی میں شہید ہونے والے اسٹیل ملز کے ملازم سلیم خشک کے خاندان کے لیے 50 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا اور برطرف ملازمین کو واجبات کی ادائیگی نہ ہونے تک ملازم تصور کرنے کی ہدایت بھی دی۔
پنجاب حکومت کا ٹیکساس، جدہ اور دوحہ طرز پر لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل سٹی بنانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت ہیلتھ ریفارمز سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں سرکاری اسپتالوں میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ریفرل سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق ریفرل سسٹم کا مقصد ہیلتھ کلینکس، مراکز صحت اور چھوٹے اسپتالوں سے بڑے اسپیشلائزڈ اسپتالوں پر مریضوں کے بے جا لوڈ میں کمی لانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس نظام کے نفاذ کے لیے فوری طور پر جامع پلان طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں لاہور میں عالمی معیار کا میڈیکل سٹی قائم کرنے کی اصولی منظوری دی گئی ہے، جو ٹیکساس، جدہ اور دوحہ جیسے ماڈلز کی طرز پر ہوگا۔ میڈیکل سٹی کے لیے حکومت بنیادی سہولیات فراہم کرے گی، جبکہ پروفیشنل کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میڈیکل سٹی کے لیے اراضی مختص کرنے کی بھی ہدایت جاری کر دی۔ اسی طرز پر ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں میڈیکل سٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جب کہ ضلع سطح پر جدید میڈیکل فسیلٹی قائم کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مزید یہ کہ سرکاری اسپتالوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے خصوصی ہیلپ لائن 999 کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ انفیکشن کنٹرول اور ادویات کی فراہمی میں 92 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، مریضوں کو دستیاب سہولتوں میں 83 فیصد بہتری آئی ہے، صفائی، فائر سیفٹی، ڈائیگناسٹک، بلڈ بنک، پارکنگ اور ہوم ڈلیوری میڈیسن جیسے شعبوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہم پرعزم ہیں، اسپتالوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا۔
بیٹنگ رینکنگ میں انڈیا کا غلبہ، آئی سی سی نے ون ڈے فارمیٹ کی پلیئرز رینکنگ جاری کردی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے فارمیٹ کی تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں بلے بازوں، گیند بازوں اور آل راؤنڈرز کی نئی پوزیشنز کا اعلان کیا گیا ہے۔ بیٹرز کی کیٹیگری میں بھارتی اسٹار شبھمن گل بدستور پہلے نمبر پر قابض ہیں، جب کہ پاکستان کے بابر اعظم اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ روہت شرما تیسرے، جنوبی افریقی بیٹر ہینرچ کلاسن چوتھے اور ویرات کوہلی پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان دو درجے ترقی کے بعد 21 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ فخر زمان کو دو درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ 23 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بولرز کی رینکنگ میں سری لنکا کے مہیش تھیکشانا سرفہرست ہیں، بھارت کے کلدیپ یادیو کا دوسرا نمبر بھی برقرار ہے۔ راشد خان نے ایک درجہ بہتری کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کرلی ہے، جبکہ مچل سینٹنر دو درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ نیچے جا کر 12 ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ حارث رؤف دو درجے تنزلی کے بعد 24 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی کی پہلی پوزیشن بدستور قائم ہے۔
آئی سی سی ویمنز کوالیفائرز میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 39 رنز سے شکست دے دی

آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے کوالیفائرز کے افتتاحی میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو 39 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 217 رنز بنائے، جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم 179 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ فاسٹ بولر ڈیانا بیگ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ نشرہ سندھو نے 3 اور سعدیہ اقبال نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان فاطمہ ثنا، وکٹ کیپر سدرہ نواز، گل فیروزہ، منیبہ علی، سدرہ امین، عالیہ ریاض، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، نشرہ سندھو، ڈیانا بیگ اور سدرہ اقبال شامل تھیں۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے کوالیفائرز میں اپنی مہم کا کامیاب آغاز کیا ہے۔ یاد رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو خواتین کے کرکٹ ورلڈ کپ 2025 میں جگہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ پاکستان کا اگلا مقابلہ 11 اپریل کو اسکاٹ لینڈ سے ہوگا۔
کانگو کے نیشنل پارک میں خطرناک بیماری سے 50 دریائی گھوڑے ہلاک

وسطی افریقہ کے مشہور ویرنگا نیشنل پارک میں ایک المناک واقعہ پیش آیا ہے، جس نے دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دیا۔ یہاں کے معروف Ishasha دریا میں 50 دریائی گھوڑے مردہ پائے گئے ہیں اور افسوسناک بات یہ ہے کہ اس میں صرف دریائی گھوڑے ہی نہیں بلکہ کچھ بھینسوں کی ہلاکت بھی رپورٹ کی گئی ہے۔ یہ ہلاکتیں ایک پراسرار اور خطرناک بیماری کی وجہ سے ہوئی ہیں، جس کی صحیح نوعیت ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ خطرناک بیماری “اینٹھراکس” ہو سکتی ہے جو کہ ایک ایسا بیکٹیریا ہے جو مٹی میں پایا جاتا ہے اور جانوروں کی زندگی کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ اس پارک کے ڈائریکٹر نے اس صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ تمام ہلاک شدہ جانوروں کو پانی سے نکال کر دفن کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں لیکن وسائل کی کمی ان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ کانگولیس انسٹیٹیوٹ فار نیچر کنزرویشن نے فوری طور پر علاقے کے رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہیں کہا گیا ہے کہ وہ جنگلی حیات سے دور رہیں اور پانی پینے سے پہلے اسے اچھی طرح اُبال کر استعمال کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرونگا گہرے جنگلات، گلیشیئرز اور آتش فشاں کا ایک وسیع و عریض علاقہ ہے، جس میں پرندوں، رینگنے والے جانوروں اور ممالیہ کی دنیا کے کسی بھی دوسرے محفوظ علاقے سے زیادہ اقسام پائی جاتی ہیں۔ ویرنگا نیشنل پارک کی پراسرار خاموشی میں یہ بیماری ایک خوفناک حقیقت بن کر اُبھری ہے اور سب کو متنبہ کر رہی ہے کہ قدرتی وسائل سے تعلق رکھنا کتنا پیچیدہ اور نازک معاملہ ہو سکتا ہے۔
‘یہ ظلم صرف عمران خان کے خاندان پر نہیں پوری قوم پر ہے،’ وزیرِاعلیٰ کے پی

آڈیالہ جیل میں پولیس کی جانب سے بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ غیر اخلاقی سلوک کیا گیا، وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر قانونی کارروائی اور ریاستی جبر کی بدترین مثال ہے۔ پولیس نے بانی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی بہنوں، حامد رضا اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لیا اور بعد ازاں انہیں آڈیالہ جیل سے 80 کلومیٹر دور ایک ویرانے میں چھوڑ دیا۔ علی امین گنڈاپور نے اس سلوک کو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا اور کہا کہ خواتین کے ساتھ ایسا سلوک کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ وزیر اعلی کے پی نے اپنی بات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کا یہ عمل ریاستی جبر، تشدد اور فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان، عظمی خان اور نورین نیازی کی جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں اور یقین دلایا کہ وقت آنے پر اس واقعہ کا حساب لیا جائے گا۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ عمران خان کے اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ہونے والے اس ناروا سلوک کو ہم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ علی امین گنڈاپور نے اپنی گفتگو میں واضح کیا کہ فارم 47 کی ناجائز حکومت عمران خان کی دشمنی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تمام حدیں پار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی طرف سے خواتین کو حراست میں لے کر ان کے ساتھ ایسا غیر اخلاقی سلوک کرنا نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ اس سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ وزیر اعلی کے پی نے کہا کہ ہم نے جعلی حکومت کی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔ علی امین گنڈاپور نے عمران خان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت نہ دینے کے عمل پر بھی سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود حکومت کی طرف سے اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت نہ دینا عدلیہ کی کھلم کھلا توہین ہے۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ یہ ایک سنگین خلاف ورزی ہے جس کا نوٹس لیا جانا ضروری ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں اس وقت قانون کی عملداری کا کوئی نام و نشان نہیں رہا۔ جعلی حکومت نہ تو عدالتی احکامات کی پرواہ کرتی ہے اور نہ ہی انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کا لحاظ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ دینا اور ان پر تشدد کرنا جعلی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔ وزیر اعلی کے پی نے مزید کہا کہ یہ وقت ہے کہ جعلی حکومت ہوش کے ناخن لے اور ملک کو انارکی کی طرف جانے سے باز آئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب مزید ظلم اور جبر برداشت نہیں کریں گے اور اس کے خلاف کھڑے ہوں گے۔ علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر واضح کیا کہ عمران خان کے رہائی تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی اور ہم کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔ یہ واقعہ نہ صرف عمران خان کے خاندان کے ساتھ ظلم ہے بلکہ پاکستان کے عوام کے ساتھ بھی ایک بہت بڑی زیادتی ہے۔
محسن نقوی کی امریکی وفد سے ملاقات، سرمایہ کاری اور دہشت گردی کے خاتمے پر گفتگو

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکا کے وفد کے سربراہ ایریک میئر سے ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات کی نئی جہتوں پر گفتگو کی گئی۔ ایریک میئر، جو امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ہیں، انہوں اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر آئے تھے۔ ان کے ہمراہ قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دہشت گردی، سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام میں باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیل سے بات چیت کی۔ ایریک میئر نے پاکستان میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کے خلاف جاری جنگ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔ اس حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اپنی دلی تعزیت بھی پیش کی۔ مزید پڑھیں: آئی آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان، کون کون شامل ہیں؟ پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دونوں ممالک کو دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جنگ میں مزید ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے ذریعے امریکی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کر رہا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ مہینے اسلام آباد میں ہونے والے مشترکہ کاونٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کے انعقاد پر بھی بات کی جس کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کے تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایریک میئر کو دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی کامیاب کارروائیوں سے آگاہ کیا جس پر ایریک میئر نے خاص طور پر مطلوب دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری میں پاکستان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ یہ ملاقات پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں نئی بلندیوں تک پہنچنے کی امید ہے۔
آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان، کون کون شامل ہیں؟

مارچ 2025 کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کی نامزدگیاں سامنے آ گئیں، آئی سی سی کی جانب سے تین کرکٹرز کو اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جن میں انڈیا کے شریاس ائیر، نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا اور فاسٹ بولر جیکب ڈفی شامل ہیں۔ انڈین ٹیم کے شریاس ائیر، جنہوں نے حالیہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں انڈیا کو تاریخی فتح دلائی تھی اور اب اس ایوارڈ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔ ان کی شاندار بیٹنگ نے نہ صرف انڈیا کی جیت کو یقینی بنایا تھا بلکہ کرکٹ شائقین کو بھی دنگ کر دیا۔ مزید پڑھیں: ویراٹ کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کر لیے دوسری جانب نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شاندار کھیل پیش کیا، جس نے ان کو عالمی سطح پر ایک نئی پہچان دی۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر جیکب ڈفی بھی اس ایوارڈ کے لیے نامزد ہیں اور ان کی پاکستان کے خلاف حالیہ ہوم وائٹ بال سیریز میں شاندار بولنگ نے ہر کسی کو حیران کن کارکردگی دیکھنے پر مجبور کر دیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس سنسنی خیز مقابلے میں کون سا کرکٹر اس ایوارڈ کا حقدار ٹھہرتا ہے؟
عالمی برادری غزہ میں ’انسانی توہین‘ پرسخت ردِعمل دے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسے دنیا کی نظر سے الگ مسئلہ قرار دیا ہے۔ ایک ماہ سے زائد عرصے سے اسرائیل کی جانب سے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کے بعد وہاں کوئی خوراک، ایندھن یا دوا نہیں پہنچ رہی۔ گوتریس نے اس صورتحال کو نہ صرف انسانیت کی توہین قرار دیا ہے بلکہ اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیل اپنے عالمی قانونی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اسرائیلی افواج کی جانب سے مسلسل فضائی حملے اور بمباری نے غزہ کو ایک “قتل گاہ” بنا دیا ہے۔ گوتریس نے کہا ہے کہ “جب ایک طاقت کسی علاقے پر قبضہ کرتی ہے تو اس پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو کھانا، دوا اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرے”۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کی جانب سے اس انسانی توہین پر سخت ردعمل ظاہر کرے۔ اس کے علاوہ گوتریس نے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں امدادی کارکنوں کی شہادت پر بھی شدید مذمت کی اور ان واقعات کی آزادانہ تحقیقات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اقوام متحدہ کے عملے کے افراد سمیت کئی انسانی امدادی کارکن مارے گئے ہیں۔ گوتریس نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انسانیت کی مدد کرنے والے افراد بھی محفوظ نہیں ہیں۔ اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ سے فلسطینیوں کو زبردستی نکالنے کے منصوبے کے بارے میں پوچھے جانے پر گوتریس نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا منصوبہ عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے اور اس کی حمایت کسی بھی صورت میں نہیں کی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کا حق ہے کہ وہ اپنے وطن میں رہیں اور اسرائیل کے ساتھ امن وآشتی کے ساتھ زندگی گزاریں۔ مزید پڑھیں: امریکی ٹیرفز، 37 فیصد ٹیکس کے بعد بنگلہ دیش کی گارمنٹس انڈسٹری بھی مشکلات کا شکار اسی دوران اسرائیلی افواج نے غزہ میں مسلسل فضائی حملے جاری رکھے جس سے 26 فلسطینی شہید ہوگئے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم “ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز” نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ تنظیم نے کہا کہ غزہ میں ان کے ہسپتالوں اورکلینکس کے قریب بمباری کی جا رہی ہے جو کہ ایک سنگین انسانی بحران کو جنم دے رہا ہے۔ اس کے علاوہ یمن میں امریکی فوج کی بمباری بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد مارے گئے ہیں، جب کہ اسرائیلی فضائی حملوں نے لبنان کے علاقے بقاع اور بعلبک کو نشانہ بنایا۔ ان تمام واقعات نے عالمی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ایک نیا باب کھول دیا ہے۔
اگر پیپلز پارٹی کا بس چلے تو وہ کرپشن کو نصاب کا حصہ بنا دے، ترجمان ایم کیو ایم

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی کا بس چلے تو وہ کرپشن کو نصاب کا حصہ بنا دے، پیپلز پارٹی کی کرپشن پر بننے والی فلم اگر بنائی جائے تو وہ آسکر ایوارڈز میں جگہ بنا سکتی ہے۔ حق پرست اراکینِ صوبائی اسمبلی کی جانب سے سندھ حکومت کو کئی خطوط لکھے گئے، جن میں سندھ کے تعلیمی اداروں کی بدانتظامی اور کرپشن پر آواز اٹھائی گئی۔ ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ سندھ میں کرپشن ایک انڈسٹری کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہم نے سندھ حکومت سے گزارش کی تھی کہ ہمیں اسکول چلانے کی اجازت دی جائے، جسے وزیر تعلیم نے قبول بھی کیا، مگر بعد میں معاملہ ٹی او آرز میں الجھا دیا گیا۔ ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا ہے کہ انسپیکشن ٹیم کی متعصب سفارشات کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔ حیدرآباد بورڈ کی منتقلی کو جماعت نے سراسر غلط اور جانبدارانہ فیصلہ قرار دیا۔ مزید پڑھیں: اگر ایم کیو ایم کے دور کے ترقیاتی کام نکال دیے جائیں تو حیدرآباد شہر موہنجو دڑو کا منظر پیش کرے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اگر ایم کیو ایم کے دور کے ترقیاتی کام نکال دیے جائیں تو حیدرآباد شہر موہنجو دڑو کا منظر پیش کرے گا۔ ایم کیو ایم کے مطابق ان کی درخواست پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی، جس کی سفارشات آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے طنزاً کہا کہ پیپلز پارٹی کی کرپشن پر بننے والی فلم اگر بنائی جائے تو وہ آسکر ایوارڈز میں جگہ بنا سکتی ہے۔ ایم کیو ایم نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں۔ جماعت نے خبردار کیا ہے کہ اگر صوبائی حکومت کا متعصبانہ رویہ نہ بدلا تو حیدرآباد کی عوام اور طلبہ سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔