سونا عوام کی پہنچ سے دور ، 10 ہزار روپے مزید مہنگا ہو گیا

فی تولہ قیمت تاریخی اضافے سے نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا، ایک ہی دن میں قیراط فی تولہ خالص سونا 10 ہزار روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 38 ہزار 800 روپے کا ہو گیا۔ اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونےکی قیمت 8 ہزار 573 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 90 ہزار 466 روپے ہو گئی، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونا 2 لاکھ 66 ہزار 261 روپے میں فروخت ہوا۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا پہلی بار 100 ڈالر بڑھ کر 3 ہزار 218 ڈالر میں فروخت ہوا۔ واضح رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان جاری ٹیرف جنگ کی بدولت عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں آج بھی بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ روز بھی فی تولہ قیمت میں 7800 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 28 ہزار 800 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ اسی طرح، 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت میں 6 ہزار 688 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس سے نئی قیمت 2 لاکھ 81 ہزار 893 روپے ہوگئی تھی

اناطولیہ: پاک ترکیہ تعلقات محبت، عقیدت اور اعتماد پر مبنی ہیں، مریم نواز

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اناطولیہ میں ڈپلومیسی کانفرنس میں شرکت کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورترکیہ تعلقات محض سفارتی ہی نہیں بلکہ عقیدت،محبت اوراعتماد پر مبنی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ترکیہ میں ڈپلومیسی فورم 2025 کے تحت منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے اناطولیہ ایئر پورٹ پہنچیں، جہاں پر ڈپٹی گورنر پروفیسر ڈاکٹر سعد سید اوغلو نے ان کا استقبال کیا۔ اناطولیہ میں آمد کے فوراً بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈپلومیسی فورم 2025 کے تحت منعقدہ بین الاقوامی کانفرس کے افتتاحی سیشن میں شرکت کی۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوآن نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے ترکیہ کے سابق نائب صدر اوراے کے پارٹی کے نائب چیئرمین فواداقطائے اوردیگر سرکردہ رہنماؤں نے بھی ملاقات کی۔ مریم نواز نے ڈپلومیسی کانفرنس میں شرکت کی دعوت پر شکریہ ادا کیا اورکہا کہ پاکستان اور ترکیہ تعلقات محض سفارتی ہی نہیں بلکہ عقیدت، محبت اور اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوآن کی جانب سے دئیے گئے خصوصی عشائیہ میں بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب ترکیہ کی خاتون اول محترمہ ایمنہ اردوآن کی دعوت پر ترکیہ کا دورہ کر رہی ہیں۔ اناطولیہ ایئرپورٹ پہنچنے پر ڈپٹی گورنر ڈاکٹر سعدسید اوغلو اور دیگر حکام نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا اور اناطولیہ آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب آج کانفرنس سے خطاب کریں گی۔ ڈپلومیسی کانفرنس کا عنوان ‘تقسیم دنیا میں مستقبل کی تعمیر، تعلیم! تبدیلی لانے کی ایک طاقت’ رکھا گیا ہے۔ مریم نواز صوبہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی حکومت کے اقدامات اور اپنی جماعت کے منشور پر روشنی ڈالیں گی۔ مزید پڑھیں: بیلا روس کی 15 ہزار ہنر مند پاکستانی کارکنوں کی میزبانی کی پیشکش : شہباز شریف کا صدر الیگزینڈر کا اظہار تشکر مزید یہ کہ انہوں نے استقبال کے لیے آمد اور مہمان نوازی پر ترکیہ کی حکومت اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی مریم نواز شریف کے ہمراہ ہیں۔

بیلا روس کی  15 ہزار ہنر مند پاکستانی کارکنوں کی میزبانی کی پیشکش : شہباز شریف کا صدر الیگزینڈر کا اظہار تشکر

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ  بیلاروس نے 150,000 سے زیادہ نوجوان، انتہائی ہنر مند پاکستانی کارکنوں کو بیلاروس کی قوم سازی کی کوششوں میں حصہ ڈالنے کے لیے مدعو کرنے کی فراخدلانہ پیشکش کی ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف جمعرات کو بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر پہنچے تھے۔ منسک پہنچنے پر بیلاروس کے وزیراعظم الیگزینڈر ٹورچن اور بیلاروس میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ تھا۔ اے پی پی کے مطابق، اسے پاکستانی عوام کے لیے ایک تحفہ قرار دیتے ہوئے، وزیراعظم نے اس موقع پر گہرے شکر کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کو اجاگر کیا کہ اس اقدام سے نہ صرف بیلاروسی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ پاکستانی نوجوانوں کو بامعنی ذریعہ معاش بھی ملے گا ۔ وزیر اعظم نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ مشترکہ پریس اسٹیک آؤٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہنر مند پاکستانی افرادی قوت، جو کہ بین الاقوامی معیار اور قومی ایکریڈیشن دونوں کے ذریعے مستند ہے، بیلاروس کے لیے ایک قیمتی اثاثہ کے طور پر کام کرے گی۔ 2015-16 میں لوکاشینکو کے دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس سفر نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفادات کے شعبوں میں دوستی اور تعاون کے طویل سفر کی بنیاد رکھی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے مختلف شعبوں خصوصاً زراعت میں بیلاروس کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں حکومت کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور 65 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے۔ ہمیں اس شعبے میں جدید طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے آپ کی مہارت کی ضرورت ہے۔

اگلے ہفتے سے ملک بھر میں ہیٹ ویو متوقع ہے، پی ایم ڈی نے خبردار کر دیا۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے 13 اپریل سے بالائی فضا میں ہائی پریشر سسٹم کی ترقی کے باعث آئندہ سے ملک میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا، سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان سمیت جنوبی علاقوں میں 14 اپریل سے شدید گرمی کی لہر کا سامنا ہوگا۔ ان علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 13 سے 18 اپریل تک معمول سے 6-8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔ بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت شمالی اور وسطی حصوں میں 14 سے 18 اپریل تک درجہ حرارت معمول سے 4-6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ رات کے وقت کا درجہ حرارت بھی پیشین گوئی کی پوری مدت میں معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ ضرورت سے زیادہ گرمی کے نتیجے میں دھول کے طوفان اور آندھی بھی ہو سکتی ہے، ممکنہ طور پر کمزور انفراسٹرکچر جیسے کہ بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ عام لوگوں، خاص طور پر بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سورج کی براہ راست نمائش سے گریز کریں اور اچھی طرح ہائیڈریٹڈ رہیں۔ کاشتکاروں پر بھی زور دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی فصل کی سرگرمیوں کا انتظام کریں، خاص طور پر گندم کی کٹائی، پیشن گوئی کے مطابق، اور مویشیوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ شمالی علاقوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے 14 اور 18 اپریل کے درمیان برف پگھلنے کا عمل تیز ہو سکتا ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ تمام متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ممکنہ خطرات کو کم کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ڈپلومیسی فورم 2025 کے تحت کانفرنس میں شرکت، اہم ملاقاتیں

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کانفرنس میں شریک تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ترکیہ کے سابق نائب صدر اور اے کے پارٹی کے نائب چیئرمین فواد اُقطائے سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر گفتگو کی۔فواد اُقطائے نے مریم نواز شریف کو پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پر ڈپلومیسی فورم 2025 میں شرکت کو ایک اعزاز قرار دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ بین الاقوامی ڈپلومیسی کانفرنس میں شرکت کی، جو ڈپلومیسی فورم 2025 کے تحت منعقد ہو رہی ہے۔ کانفرنس کا موضوع ‘تقسیم شدہ دنیا میں مستقبل کی تعمیر: تعلیم، تبدیلی لانے کی ایک طاقت’ رکھا گیا ہے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ترکیہ کے دورے پر انطالیہ پہنچیں، جہاں ان کا استقبال انطالیہ کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر سعاد سید اوغلو اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔ وزیراعلیٰ کے ہمراہ پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر ترکیہ کی حکومت، قیادت اور بالخصوص خاتون اول محترمہ امینے اردوان کا شکریہ ادا کیا، جن کی دعوت پر وہ ترکیہ کے اس اہم دورے پر ہیں۔

گاڑی مالکان کو بڑا ریلیف، پرانی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کی میعاد میں توسیع

صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کی جانب سے گاڑی مالکان کو بڑا ریلیف فراہم کردیا گیا۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے پرانی نمبر پلیٹس اور وہیکل رجسٹریشن بک کی تبدیلی کی معیاد میں 15 مئی 2025 تک کی توسیع کے نوٹیفیکیشن جاری کردیے ہیں۔ عوام الناس بالخصوص گاڑی مالکان کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ 15 مئی 2025 تک اپنی پرانی نمبر پلیٹس کو نئی سیکیورٹی فیچرڈ نمبر پلیٹس اور پرانی وہیکل رجسٹریشن بک کو نئی سیکیورٹی فیچرڈ اسمارٹ کارڈ سے تبدیل کروالیں۔ مزید پڑھیں: حکومت کا 53 ہزار ڈی پورٹ پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ جاری کردہ نوٹیفیکیشن مین کہا گیا ہے کہ توسیع کی تاریخ گزرنے کے بعد کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

سعودی عرب نے پاکستان کے حج 2025 کے کوٹے میں 10 ہزار عازمین کا اضافہ کر دیا

سعودی عرب نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی درخواست پر اس سال 10 ہزار اضافی عازمین کو حج کرنے کی اجازت دیتے ہوئے پاکستان کو اضافی حج کوٹہ دے دیا۔ اپنی پوسٹ میں اسحاق ڈار نے کہا کہ 9 اپریل کو شہزادہ فیصل کے ساتھ ان کی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں اس معاملے پر گفتگو کی گئی۔ انہوں نے سعودی وزیر خارجہ کا ان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور انہیں ایک ‘پیارے بھائی’ قرار دیا، اس اقدام کو دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستانی حجاج کو سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا تھا کہ اس سال سرکاری اور نجی دونوں سکیموں کے تحت 90 ہزار پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے کی توقع ہے۔ اس سال کے شیڈول کے تحت پہلی حج پرواز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھرے گی، جس سے ہزاروں پاکستانی عازمین حج کے سالانہ سفر کا آغاز ہوں گے۔ آپریشن کے ابتدائی مرحلے میں تمام پروازوں کو مدینہ ایئرپورٹ کی طرف روانہ کیا جائے گا۔ 14 مئی سے جدہ ایئرپورٹ کے لیے پروازیں روانہ ہونا شروع ہو جائیں گی۔ وزارت مذہبی امور نے فلائٹ کے مکمل شیڈول کی منظوری دے دی جو آج سے پاک حج موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے قابل رسائی ہو گی۔ سرکاری حج سکیم کے تحت 89,000 عازمین پانچ نامزد ایئر لائنز کے ذریعے سفر کریں گے۔ مذہبی امور کے وزیر یوسف نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ عمرہ اور دیگر زمروں کے لیے عارضی ویزا معطلی، جو حال ہی میں پاکستان سمیت 14 ممالک پر سعودی عرب کی جانب سے عائد کی گئی ہے، حج کے سلسلے میں ایک معمول کا اقدام ہے۔ توقع ہے کہ معطلی جون کے وسط تک اٹھا لی جائے گی، عمرہ ویزا رکھنے والوں کو 29 اپریل تک پاکستان واپس آنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس سال حج پیکج کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔ 25,000 روپے کی کٹوتی کے بعد 40 دن کے پیکیج کی قیمت اب 1,050,000 روپے ہے، جبکہ 25 دن کے مختصر پیکیج میں روپے 50,000 کی کمی دیکھی گئی ہے، جس سے کل رقم 1,100,000 روپے ہوگئی ہے

پی ایس ایل 10 افتتاحی میچ، یونائیٹڈ نے قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

پی ایس ایل 10 کا افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے مابین پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا گیا، جہاں یونائیٹڈ نے قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا ہے اور قلندرز کی پہلے بلے بازی کی دعوت دی، قلندرز کی پوری ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یونائیٹڈ نے باآسانی ہدف کا تعاقب کیا اور میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے اوپننگ کے لیے جارح مزاج بلے باز فخر زمان اور ڈیبیو کرنے والے محمد نعیم کریز پر تشریف لائے، مگر فخر زمان کریز پر ٹک نہ سکے اور 1 رن بنا کر چلتے بنے۔ یونائیٹڈ بولنگ لائن اپ نے قلندرز کے بیٹرز کو ہلا کر رکھ دیا، ایک کے بعد دوسرا اور پھر تیسرا ایسے کرتے 19.2 اوورز میں پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ قلندرز بلے باز یونائیٹڈ گیندبازوں کے سامنے بے بس نظر آئے، قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق نے عمدہ باری کھیلی اور 38 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔ یونائیٹد کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4، کپتان شاداب خان نے 3، جب کہ نسیم شاہ، ریلی میرڈیتھ اور عماد وسیم نے 1،1،1 وکٹ حاصل کی۔ یونائیٹد نے 140 رنز کا تعاقب 17.4 اوورز میں حاصل کر کے 8 وکٹوں سے جیت حاصل کرلی، یونائیٹڈ نے 140 رنز کے تعاقب میں 143 رنز بنائے۔ قلندرز گیندبازوں نے انتہائی غیر معمولی گیندبازی کا مظاہرہ کیا، قلندرز کی جانب سے آصف آفریدی نے اچھی گیندبازی کا مظاہرہ کیا مگر وہ بھی محض ایک وکٹ ہی لے پائے۔ ان کے علاوہ حارث رؤف نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا میلہ راولپنڈی میں سج گیا، جہاں افتتاحی میچ سے قبل پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں نامور گلوکاروں اور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، گلوکار علی ظفر، نتاشا بیگ، ابرارالحق اور طلحہ انجم نے پی ایس ایل 10 کا ترانہ پیش کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے مابین ایچ بی ایل پی ایس ایل کا افتتاحی میچ 8:30 پر کھیلا جائے گا، شائقین کی بڑی تعداد اس وقت راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے موجود ہے۔ شائقین کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ واضح رہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلی بار افتتاحی میچ سمیت 11 مقابلے ہوں گے۔

پی ایس ایل سیزن 10: چھ ایسے بالر جو سب سے زیادہ وکٹیں لے سکتے ہیں

پی ایس ایل کا افتتاحی میچ آج راولپنڈی میں رنگا رنگ تقریب کے ساتھ شروع ہو رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں چھ ایسے بالر ہیں جن سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ شاہین سے بھی زیادہ وکٹیں حاصل کر سکتے ہیں۔ نسیم شاہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم سے کھیلیں گے۔ وہ اپنی باؤلنگ کی تیز رفتاری اور دونوں طرف سوئنگ کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ ان کی 7.86 کی اکانومی ان کی نمایاں کارکردگی کا ثبوت ہے۔وہ پہلے سے کہیں زیادہ فٹ نظر آ رہے ہیں اور اس سیزن میں، راولپنڈی کو اپنا ہوم گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے، توقع ہے کہ وہ باقاعدگی سے اسٹمپوں کو ہلاتے رہیں گے۔حسن علی کراچی کنگز کی طرف سے کھیلیں گے۔ پی ایس ایل میں ان کی 108 وکٹیں انہیں لیگ کی تاریخ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں میں شامل کرتی ہیں۔کراچی کی پچز ان کے لیے سازگار ہیں، اور وہ جانتے ہیں کہ صحیح وقت پر اہم وکٹ کیسے حاصل کرنی ہے۔ مزید برآں، وہ حالیہ نیشنل ٹی 20 کپ میں شاندار فارم میں تھے، جہاں انہوں نے 4 اننگز میں 10.38 کی اوسط اور 8.43 کی اکانومی کے ساتھ 13 وکٹیں حاصل کیں۔ ان سے امید ہے کہ وہ ایک بار پھر کراچی کی قیادت کریں گے۔ حارث رؤف لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ اپنی باؤلنگ کا جوہر دکھائیں گے۔ پی ایس ایل میں 57 میچز میں ان کی 66 وکٹیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ لاہور کے باؤلنگ اٹیک کے لیے کتنے اہم ہیں۔اگرچہ ان کی اکانومی 9.10 ہے، لیکن وہ اپنی رفتار اور ڈیٹھ اوورز میں مؤثر باؤلنگ سے اس کمی کو پورا کرتے ہیں۔ وہ پی ایس ایل 2025 میں زبردست فارم میں آرہے ہیں اور لاہور کے شائقین جانتے ہیں کہ وہ اکیلے ہی میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اسامہ میر ملتان سلطانز کی طرف سے کھیلیں گے۔ پچھلے سیزن میں وہ 12 میچوں میں 24 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔ان کے پی ایس ایل نمبرز خود بولتے ہیں۔ 15.8 کا اسٹرائیک ریٹ اور 21.67 کی اوسط ظاہر کرتی ہے کہ وہ نہ صرف مستقل بلکہ خطرناک بھی ہیں۔ ملتان ایک بار پھر درمیانی اوورز میں ان کی اسپن پر انحصار کرے گا۔ یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 10: کون سا میچ کب اور کہاں ہو گا محمد علی نے سیزن 9 میں ملتان سلطانز کی طرف سے کھیلا تھا اور اس دفعہ وہ پشاور زلمی کے لیے کھیلیں گے۔انہوں نے 2024 کے ٹورنامنٹ میں 12 میچز میں 19 وکٹیں حاصل کیں اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں میں دوسرے نمبر پر رہے۔ ان کا 13.57 کا اسٹرائیک ریٹ ٹی 20 کرکٹ میں بہت عمدہ ہے، اور 18.63 کی اوسط ظاہر کرتی ہے کہ وہ صرف وکٹیں ہی نہیں لے رہے تھے بلکہ کفایتی بھی تھے۔وہ مقصد کے ساتھ باؤلنگ کرتے ہیں، صحیح لینتھ پر گیند کراتے ہیں، اور نئی گیند سے خاصا اثر دکھا سکتے ہیں۔ زلمی نے انہیں اپنے اسکواڈ میں شامل کر کے عقلمندی کا مظاہرہ کیا۔ وہ نوجوان، فارم میں اور پرعزم ہیں۔ اگر انہوں نے وہی جوش دوبارہ دکھایا، تو وہ زلمی کے سرکردہ وکٹ لینے والے، اور ممکنہ طور پر پرپل کیپ ہولڈر بھی بن سکتے ہیں۔ابرار احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیلیں گے اور اپنے منفرد انداز اور مختلف ورائٹی کی وجہ سے وہ بیشتر بلے بازوں کے لیے ایک مشکل چیلنج ہیں۔صرف 17 میچز میں، وہ 8 سے کم کی اکانومی کے ساتھ 22 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جن میں سے 16 وکٹیں صرف پی ایس ایل 2024 کے 10 میچوں میں حاصل کی گئیں، جہاں وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں میں تیسرے نمبر پر تھے۔اگرچہ ان کے پاس تاحال کوئی چار یا پانچ وکٹیں والی اننگز نہیں ہے، لیکن وہ درمیانی اوورز میں تسلسل سے مہلک ثابت ہوتے ہیں۔ کوئٹہ ان پر انحصار کرے گا کہ وہ دباؤ ڈال کر اپوزیشن کو قابو میں رکھیں، اور جیسے جیسے دباؤ بڑھے گا، وکٹیں خود بخود آئیں گی۔

‘امریکا کے سب پٹھو خاموشی توڑ دیں’ لاہور غزہ مارچ کے شرکاء کا مطالبہ

جماعتِ اسلامی پاکستان کے زیرِانتظام آج لاہور میں مال روڈ پر غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا، جہاں مظاہرین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مارچ میں موجود شرکاء نے ‘پاکستان میٹرز’ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فلسطینیوں سے اظہارِ ہمدردی، اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی اور اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطین کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی اور ناجائز ریاست اسرائیل کو ختم ہونا ہوگا۔ شرکاء نے حکومت سے اسرائیلی حامی برانڈز پر پابندی اور عملی اقدامات کا مطالبہ کیا، کئی افراد کا کہنا تھا کہ اگر اجازت ملے تو وہ خود بھی فلسطین جانے کو تیار ہیں۔