لاہور میں طبی عملہ سراپا احتجاج: مریم سرکار کے لیے نئی مشکل کھڑی ہو گئی

لاہور کے چئیرنگ کراس پر گزشتہ پانچ روز سے طبی عملے کا احتجاج جاری ہے، جس میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف شامل ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ پنجاب حکومت اسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔ ایک سرکاری اسپتال کے ملازم نے پاکستان میٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسپتالوں کی نجکاری کے فیصلے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ ہمیں ان اداروں میں کام کرتے ہوئے 15 سے 20 سال ہو چکے ہیں۔ اگر حکومت اس پالیسی پر عمل درآمد کرتی ہے تو ہمارے روزگار کا کیا بنے گا؟ اسی احتجاج میں شریک ایک خاتون ملازمہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ہم سے آ کر براہِ راست بات کرے اور ہمارے مسائل سنے۔ کسی بھی ریاستی ادارے کو آؤٹ سورس کرنا مسئلے کا حل نہیں ہوتا۔ اگر ہسپتالوں کو نجی شعبے کے حوالے کیا گیا تو نہ صرف ہماری نوکریاں خطرے میں پڑ جائیں گی بلکہ عام عوام کو بھی علاج معالجے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تینوں بڑی جماعتیں پاکستان کا سرمایہ ہیں،فواد چوہدری ن  لیگ اور پیپلز پارٹی کے حق میں بول پڑے

سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ  ن اور پیپلز پارٹی تینوں جماعتیں ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان میں سے کسی کو بھی سیاسی منظرنامے سے نکالنا قومی نقصان کے مترادف ہوگا۔ پاکستان میٹرز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اگر آج مسلم لیگ  ن کو پنجاب کی سیاست سے الگ کر دیا جائے تو پھر پاکستان تحریک انصاف کا مقابلہ کس سے ہو گا؟ اور اگر پی ٹی آئی کو سیاسی میدان سے ہٹا دیا جائے تو کیا ن لیگ مذہبی انتہا پسندی اور شدت پسند قوتوں کا تنہا مقابلہ کر سکے گی؟ ان کا کہنا تھا کہ ان تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے لیے سیاسی سپیس پیدا کرنی ہوگی۔ اگر مسلم لیگ  ن اور پیپلز پارٹی کو اسپیس نہ دی گئی تو پی ٹی آئی کے لیے سیاسی نقصان ہو گا اور اگر پی ٹی آئی کو میدان سے باہر کر دیا گیا تو اس کا نقصان نہ صرف ن لیگ کو بلکہ پوری سیاسی فضاء کو ہوگا۔ فواد چوہدری نے ن لیگ کے سینئر رہنماؤں  رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق اور اسحاق ڈار  جبکہ پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف اور سید یوسف رضا گیلانی کو اچھا اور باوقار سیاسی کردار رکھنے والے افراد قرار دیا۔ فواد چوہدری نے مزید پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر تنقید کی اور کہا کہ جن افراد نے پارٹی کی بنیاد رکھی اور اسے مقبول جماعت بنایا، آج وہی قیادت الزامات کی زد میں ہے جبکہ موجودہ قیادت محض بوٹوں سے محبت کی بنیاد پر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پچھلے 22 سال کہاں تھے؟ ہم نے پارٹی کی تشکیل، جدوجہد اور اقتدار تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آج پی ٹی آئی کی جو حالت ہے، اس میں مسائل بہت زیادہ ہیں۔

روس کے یوکرین پر ڈرون حملے، چار افراد زخمی

یوکرینی حکام کے مطابق، روس نے  یوکرین پر ڈرونز  سے حملہ کیے جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے اور یوکرینی دارلحکومت کیف اور ملک کے دیگر حصوں میں رہائشی و تجارتی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ عالمی خبر ارساں ادرے رائٹرز کے مطابق روس کی جانب سے چھوڑے گئے 88 ڈرونز میں سے 56 کو مار گرایا گیا، جبکہ 24 ڈرونز کو الیکٹرانک وارفیئر کے ذریعے راستہ بھٹکانے میں کامیاب ہوئے۔ کییف کے میئر ویتالی کلیچکو کے مطابق، دارالحکومت میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔ شہری انتظامیہ کے مطابق، ڈرون کے ملبے نے ایک نجی مکان کو مکمل طور پر تباہ کر دیا اور کئی تجارتی عمارتوں کو نقصان پہنچا، جس کے باعث شہر کے مختلف حصوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ شمال مشرقی شہر خارکیف میں بھی ایک شخص زخمی ہوا، جیسا کہ خارکیف کے میئر ایہور تیریکوف نے بتایا۔ علاقائی حکام کا کہنا ہے کہ وسطی علاقے ڈنیپروپیٹرووسک میں بھی رہائشی اور تجارتی عمارتیں متاثر ہوئیں، جبکہ فوجی حکام نے جنوبی علاقے اوڈیسا میں بھی نقصان کی تصدیق کی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا مسلم ممالک کے سربراہان کو خط، غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے 20اپریل کو عالمی یوم احتجاج منانے کی تجویز

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اسلامی ممالک کے سربراہان کے نام خط لکھ کر ان کی توجہ غزہ میں جاری صہیونی سفاکیت کی طرف دلائی ہے اور اہل فلسطین کی مدد کے لیے عملی اقدامات کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے 20اپریل جمعہ کو عالمی سطح پر یوم احتجاج منانے کی بھی تجویز دی ہے۔ مسلم سربراہان کے نام جاری خطوط میں انھوں نے کہا ہے کہ وہ آپ کو غزہ میں جاری ہولناک انسانی بحران پر گہرے دکھ اور تشویش کے ساتھ یہ خط لکھ رہے ہیں، تباہی اور انسانی تکالیف کی شدت عالمی برادری کی فوری اور مشترکہ کارروائی کا تقاضا کرتی ہے۔ تاریخ ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ جب ہولوکاسٹ، بوسنیا کی نسل کشی، یا کوسوو کے تنازعے جیسے شدید انسانی بحران پیش آئے، تو دنیا نے اہم موڑ پر انسانی وقار اور انصاف کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر قدم اٹھایا۔ انھوں نے خط میں کہا کہ آج ہم غزہ میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں، وہ نسل کشی سے کم نہیں۔ معصوم شہری، بشمول خواتین اور بچے، بلا تمیز قتل کیے جا رہے ہیں۔ اسپتال، صحافی، اسکول اور پناہ گاہیں  جو بین الاقوامی قوانین کے تحت محفوظ تصور کی جاتی ہیں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس ظلم کے سامنے عالمی برادری کی خاموشی یا بے عملی انتہائی تشویشناک ہے۔ مزید پڑھیں: قدم نہیں اٹھائیں گے تو بزدلوں کی فہرست میں لکھے جائیں گے، حافظ نعیم الرحمان انھوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے مسلم اکثریتی ممالک کی حکومتوں سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر جاری قتل عام کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کریں۔ جدید ہتھیاروں کی تباہ کن صلاحیت، جو اسرائیل کو آزادی سے اور غیر متناسب طور پر میسر ہے  نے اس تباہی کی شدت کو ماضی کے تمام بحرانوں سے کہیں بڑھا دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اور براہِ راست نشریات کے ذریعے آج دنیا ان مظالم کو لمحہ بہ لمحہ دیکھ رہی ہے۔ عالمی سطح پر شعور بے مثال ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اور امن پسند لوگ غزہ کے عوام کے ساتھ یکجہتی اور درد کا اظہار کر رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ کے ملک کے عوام بھی ہمارے درد اور غم میں برابر کے شریک ہیں، جیسا کہ دنیا کے بے شمار دوسرے لوگ بھی۔ حافظ نعیم الرحمان نے مسلم سربراہان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جو جرات مندانہ اور اخلاقی قیادت کا تقاضا کرتا ہے۔ ہم آپ سے مؤدبانہ گزارش کرتے ہیں کہ فوری طور پر مسلم ممالک کے رہنماؤں کا اجلاس بلایا جائے تاکہ ایک واضح اور اجتماعی حکمتِ عملی ترتیب دی جا سکے۔ اگر دنیا خاموش رہی، تو ہم ایک اور انسانی ناکامی کے باب پر افسوس کرتے رہ جائیں گے  بالکل جیسے روانڈا میں ہوا۔ فرق صرف یہ ہے کہ اس بار پوری دنیا یہ سب براہِ راست دیکھ رہی ہے۔ یہ بھی پڑھیں: دو ریاستی تقسیم مسئلہِ فلسطین کا حل نہیں ہے انہوں نے کہا ہے کہ ہم یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ تمام ریاستی سربراہان کا ایک خصوصی اجلاس بلایا جائے جس کا واحد ایجنڈا غزہ میں جاری نسل کشی کو روکنا ہو۔ تعمیر نو اور بحالی کے اقدامات بعد میں کیے جا سکتے ہیں، لیکن سب سے پہلے اس خونریزی کا خاتمہ ضروری ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ تمام مسلم ممالک کسی نہ کسی سطح پر بین الاقوامی اثر و رسوخ رکھتے ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ اسے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔ امیر جماعتِ اسلامی کا مزید یہ کہنا تھا کہ ہم یہ تجویز پیش کرتے ہیں کہ جمعہ، 20 اپریل کو سرکاری طور پر ”یوم عالمی احتجاج“ قرار دیا جائے۔ اس دن کو ریلیوں، جلوسوں، خصوصی دعاؤں، اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی مظاہروں سے منایا جانا چاہیے۔ ہم بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی رابطہ کر رہے ہیں تاکہ وہ اس اتحاد اور ظلم کے خلاف مزاحمت کے دن کی توثیق کریں۔

پی ایس ایل 10: کراچی کنگز کی تاریخی فتح، ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا تیسرا میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے سلطانز کو پہلے بلےبازی کی دعوت دی ہے، کنگز کی قیادت ڈیوڈ وارنر، جب کہ ملتان سلطانز کی محمد رضوان کررہے ہیں۔ ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور شائی ہوپ بلے بازی کے لیے کریز پر تشریف لائے مگر ہوپ زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹہر سکے اور محض 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سلطانز کی پہلی وکٹ 55 رنز پر، جب کہ دوسری وکٹ 82 رنز پر گرگئی، جس کے بعد عثمان خان آئے اور وہ بھی 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان محمد رضوان اس ایڈیشن کی پہلی سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے، اُنہوں نے 105رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے 63 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے یہ اننگز کھیلی۔ کیوی آل راؤنڈر مائیکل بریسویل نے 17 گیندوں پر 44 رنز اسکور کیے، اُن کے علاوہ کامران غلام نے 36 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی، عباس آفریدی اور خوشدل شاہ نے 1،1،1 وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں کنگز کی ابتدائی 4 وکٹیں محض 79 رنز پر گرگئیں، جس کے بعد جیمز ونس اور خوشدل شاہ نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ پر 142 رنز کی شراکت قائم کی، جیمز ونس نے فتح گر سنچری اننگز کھیلی اور 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے گئے، جب کہ خوشدل شاہ 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کراچی کنگز نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز کا ہدف حاصل کرلیا اور ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عاکف جاوید نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ مائیکل بریسویل اور اسامہ میر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں 11 اپریل سے 18 مئی تک 34 میچز کھیلے جائیں گے، جس میں لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں 2 سیمی فائنل اور فائنل شامل ہیں۔ کراچی اور ملتان پانچ، پانچ، جب کہ راولپنڈی میں 11 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف حکومت میں تب آئی جب ہم پارٹی میں آئے:فواد چوہدری

سابق وزیرِ اطلاعات  فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اقتدار میں اُس وقت آئی جب ہم نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی، آج وہ لوگ ہم پر تنقید کر رہے ہیں جنہوں نے کبھی مشکل وقت کا سامنا ہی نہیں کیا۔ فواد چوہدری نے پاکستان میٹرز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو حکومت میں لانے میں ہمارا کلیدی کردار رہا ہے۔ جن افراد نے پارٹی کی بنیاد رکھی اور اسے مقبول جماعت بنایا، آج وہی قیادت الزامات کی زد میں ہے جبکہ موجودہ قیادت محض بوٹوں سے محبت کی بنیاد پر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پچھلے 22 سال کہاں تھے؟ ہم نے پارٹی کی تشکیل، جدوجہد اور اقتدار تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آج پی ٹی آئی کی جو حالت ہے، اس میں مسائل بہت زیادہ ہیں۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ جو قیادت اصل میں پارٹی چلا رہی تھی، اسے اسٹیبلشمنٹ نے دھکے مار کر باہر نکال دیا۔ پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں فعال رہنما یا تو زیرِ حراست ہیں یا منظرِ عام سے غائب ہیں۔

شاداب، شاہین یا رضوان: کون بنے گا پی ایس ایل کا سب سے کامیاب کپتان؟

کسی بھی ٹیم کی کامیابی کا انحصار کپتان کی قائدانہ صلاحیتوں پر ہوتا ہے۔ کرکٹ کے میدان اور خصوصاً پی ایس ایل میں کئی کپتان اپنے فیصلوں اور انفرادی کارگردگی کے باعث کئی ٹائٹل جتوا چکے ہیں۔ آئیں پی ایس ایل 10 کے کپتانوں اور ان کی کارگردگی پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ  3 ٹائٹلز کے ساتھ لیگ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے۔ شاداب خان پی ایس ایل 5 سے اسلام آباد کی کپتانی سنبھالے ہوئے ہیں۔ ان کی قیادت میں ٹیم نے کل 55 میچ کھیلے جن میں سے 31 جیتے اور 24 ہارے۔ ان کی وننگ ایوریج 56.36 کی ہے۔ پی ایس ایل سیزن 9 میں شاداب خان نے نہ صرف اسلام یونائیٹڈ کو تیسری بار چیمپئن بنایا بلکہ 305 رنز اور 14 وکٹوں کے ساتھ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی قرار پائے۔ اس سے قبل اسلام آباد نے پی ایس ایل سیزن 1 اور تھری (3) بھی جیت رکھا تھا۔ شائقین میں خاصی مقبول ٹیم  لاہور قلندرز کے موجودہ کپتان شاہین آفریدی ہیں جنہوں نے پی ایس ایل 7 میں کپتانی سنبھالتے ہی لگاتار 2 مرتبہ لاہور قلندرز کو چیمپئن بنا کر ٹیم کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ شاہین صرف 21 سال کی عمر میں پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے والے کم عمر ترین کپتان  بنے۔ مزید پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 10: چھ ایسے بالر جو سب سے زیادہ وکٹیں لے سکتے ہیں شاہین کی کپتانی میں لاہور قلندرز ٹرافی کا دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بھی بنی۔ ان سے پہلے برینڈم مکیلم اور اے بی ڈویلئرز جیسے دنیا کرکٹ کے بڑے نام بھی لاہور قلندرز کو چیمپئن نہیں بنوا سکے۔ شاہین آفریدی کی کپتانی میں لاہور قلندرز نے 34 میچ کھیلے جن میں سے 18 میں فتح یاب ہوئے، جب کہ 15 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی وننگ ایوریج 52.94 کی ہے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم محمد رضوان کی کپتانی میں متحد ہے۔ رضوان پی ایس ایل 6 سے ہی ملتان سلطانز کی قیادت کر رہے ہیں۔ رضوان نے کپتانی سنبھالتے ہی ملتان سلطانز کو چیمپئن بنایا اور 4 بار فائنل کھیلا۔ ملتان سلطانز گزشتہ 3 سیزن میں رنز اپ رہی ہے۔ ان کی کپتانی میں ملتان سلطانز نے 48 میچوں میں 32 جیتے اور 16 ہارے۔ رضوان کی کپتانی میں ملتان سلطانز کی جیت کی شرح 66.66 رہی۔ پشاور زلمی کی قیادت بابر اعظم کے ہاتھ میں ہے جن کو پی ایس ایل 8 میں ٹیم کے کپتانی سونپی گئی۔ بابر کی قیادت میں پشاور زلمی نے 50 کی وننگ ایوریج کے ساتھ کل 22 میچز کھیلے جن میں سے 11 جیتے اور 11 ہارے۔ بابر کی قیادت نے پشاور زلمی کو 2 بار ٹورنامنٹ کے پلے آف تک پہنچایا لیکن بدقسمتی سے فائنل تک نہیں پہنچ سکی۔ بابر اعظم نے پی ایس ایل 9 میں بہترین بلے باز کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ بابر 88 اننگز میں 45.50 کی اوسط کے ساتھ 3504 رنز بنا کر پی ایس ایل کے سب سے زیادہ رنز بنا کر سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ زلمی ڈیرن سیمی کی قیادت میں ہی ایک بار ٹائٹل جیت پائی ہے۔ یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 10: کون سا میچ کب اور کہاں ہو گا کراچی کنگز  مایہ ناز آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں ٹائٹل کی جنگ لڑے گی۔ گزشتہ سیزن میں شان مسعود کو کپتان بنایا گیا تھا لیکن وہ بھی متاثر نہ کر سکے۔ پی ایس ایل 9 کے 10 میچوں میں سے کنگز کی ٹیم صرف 4 میچ ہی جیت پائی۔ کراچی کنگز نے بہت سے کپتان بدلے لیکن پی ایس ایل 5 میں عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کنگز نے واحد ٹائٹل جیتا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  سعود شکیل  کی قیادت میں پی ایس ایل کھیل رہی ہیں۔ سعود کو اس بار ہی کپتانی سونپی گئی ہے، ان سے پہلے سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کامیاب ترین کپتان رہے انہوں نے مسلسل 9 سیزنز میں ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دیے۔ سرفراز احمد رواں سیزن گلیڈی ایٹرز کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ سرفراز کی قیادت میں ٹیم نے کل 80 میچز کھیلے جن میں سے 38 جیتے اور 41 ہارے جبکہ ایک میچ کا کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔ سرفراز کی کپتانی میں کوئٹہ کی جیت کی شرح 47.50 رہی۔ سرفراز کی قیادت میں گلیڈی ایٹرز نے پہلے 4 سیزنز میں مسلسل پلے آف تک رسائی حاصل کی اور پی ایس ایل 1، 2 میں رنر اپ رہی۔ گلیڈی ایٹرز نے واحد ٹائٹل پی ایس ایل 4 میں سرفراز احمد کی ہی کپتانی میں جیتا۔

اسرائیل نے متعدد حملوں میں صرف خواتین اور بچوں کو ہی نشانہ بناکر قتل کیا ہے، اقوامِ متحدہ

اقوام متحدہ نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں متعدد حملے ایسے کیے ہیں، جن میں صرف خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے رابطہ کاروں نے بتایا ہے کہ 18 مارچ سے 9 اپریل کے درمیان ایسے کم از کم 36 حملے کیے گئے جن میں نشانہ صرف خواتین اور بچے بنے۔ خلیجی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے تقریباً 3 ہفتوں کے دوران 224 حملے کیے، جن میں رہائشی عمارتوں اور عالمی سطح پر بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کا کہنا ہے کہ ان 36 حملوں میں صرف خواتین اور بچوں کی لاشیں ملی ہیں، جو اس بات کی سنگینی کو واضح کرتی ہیں کہ اسرائیلی بمباری کس حد تک عام شہریوں کو ہدف بنا رہی ہے۔ مزید پڑھیں؛ رات بھر زمین کانپتی رہی، ایسا لگتا تھا جیسے قیامت آ گئی ہو، غزہ کے رہائشی رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات بھی اسرائیلی فوج نے غزہ پر شدید بمباری کی اور بعض علاقوں میں زمینی پیش قدمی کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق فوج نے غزہ کے شمالی حصے پر جزوی قبضہ بھی کر لیا ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے غزہ میں جاری خواتین اور بچوں کے قتل عام پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے یہ بربریت نہیں دیکھی تو میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ انسانیت مر چکی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

سوشل میڈیا پر نیا رجحان: اے آئی کے ذریعے ’منی می‘ گڑیا اور ایکشن فگرز بنانے کا بڑھتا ہوا شوق

سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں میں ایک نیا اور دلچسپ رجحان دیکھنے کو ملا ہے، جہاں لوگ خود کو اے آئی سے بنی منی می جیب میں سما جانے والے کھلونوں، گڑیاؤں اور ایکشن فگرز کی صورت میں پیش کر رہے ہیں۔ اس تخلیقی رجحان کے پیچھے جنریٹو مصنوعی ذہانت کے ٹولز، جیسے کہ چیٹ جی پی ٹی کارفرما ہیں جو صارفین کو یہ سہولت دیتے ہیں کہ وہ اپنی تصاویر اور تحریری ہدایات فراہم کر کے اپنی ایک منی ورژن تصویر حاصل کر سکیں۔ یہ عمل بظاہر نہایت سادہ ہے، صارف اپنی ایک تصویر اپلوڈ کرتا ہے اور اس کے ساتھ ایک پرامپٹ شامل کرتا ہے جس میں وضاحت کی جاتی ہے کہ تصویر میں اسے کس حالت میں دکھایا جائے  مثلاً کن کپڑوں میں، کن اشیاء کے ساتھ، کس قسم کی پیکجنگ میں اور یہاں تک کہ گڑیا یا کھلونے کے باکس کا رنگ اور فونٹ کیسا ہو۔ کئی لوگ اس تصویر کو مزید ذاتی بنانے کے لیے اس میں اپنا نام، پیشہ اور دیگر تفصیلات بھی شامل کرتے ہیں۔ یہ رجحان اتنی تیزی سے وائرل ہوا ہے کہ اب عام افراد کے ساتھ ساتھ مختلف برانڈز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھی اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ بیوٹی برانڈ ماریو بیڈیسکو جیسی معروف کمپنیاں بھی اس کا حصہ بنی ہیں۔ تاہم، ہر بار نتائج درست نہیں نکلتے۔  بعض صارفین نے ایسی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں ان کی اے آئی گڑیا ان سے بالکل مختلف نظر آتی ہے۔ آنکھوں کا رنگ، عمر، یا چہرے کے خدوخال اکثر غیر حقیقی بن جاتے ہیں، جو اے آئی کی محدود تفہیم اور تخلیقی انداز کی عکاسی کرتے ہیں۔

دورہ ترکیہ : مریم نواز کی ترک جامعات کو پنجاب میں کیمپس قائم کرنے کی دعوت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں تعلیم کی انقلابی طاقت کے عنوان سے ایک تاریخی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں نے ترکیہ کی اعلیٰ تعلیمی جامعات کو پنجاب میں کیمپس قائم کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ ترکیہ کے ادارے پنجاب میں نوجوانوں کے لیے جدید مراکز قائم کریں تاکہ دونوں ممالک مل کر روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ وہ ایسا مستقبل دیکھنا چاہتی ہیں جس پر نہ صرف پاکستان بلکہ ترکیہ کی آئندہ نسلیں بھی فخر کریں۔ مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر بچہ سکول میں داخل ہو، تعلیم جاری رکھے اور کامیابی حاصل کرے۔ ان کا وژن تعلیم کو صرف ایک شعبہ نہیں بلکہ روشن مستقبل، امید اور ترقی کی کنجی کے طور پر پیش کرتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک عالمی معاہدہ تشکیل دیا جائے اور اس مقصد کے لیے باہمی اشتراک سے تعلیمی پالیسی، تدریسی حکمتِ عملی اور فروغ تعلیم کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ تعلیم کو سفارتکاری کے ذریعے عوامی فلاح کا ذریعہ بنانا چاہتی ہیں اور اسی تناظر میں فرینڈز آف ایجوکیشن کے ویژن کو اجاگر کیا۔ وزیر اعلی ٰ پنجاب نے کہا کہ اجتماعی کوششیں وہ نتائج دے سکتی ہیں جو انفرادی طور پر ممکن نہیں ہوتے۔ ترک خاتون اول کی قیادت میں فورم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے، انہوں نے اسے خواتین کی قیادت کے ایک کامیاب ماڈل کے طور پر تسلیم کیا۔ مریم نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ وہ پنجاب کی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کے ناتے نہ صرف تعلیمی عمارتوں میں بہتری لانا چاہتی ہیں بلکہ فرسودہ سوچ کو بھی تبدیل کرنے کا چیلنج قبول کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اصلاحات کی بنیاد انقلابی سوچ پر ہے اور ان اصلاحات کا مقصد صرف خواندگی نہیں بلکہ بچوں کو لرننگ فریڈم اور روشن مستقبل دینا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب  نے مزیدکہا کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو سماجی مساوات قائم کر سکتی ہے، اور ہمیں ان بچوں کے بارے میں بھی سوچنا ہے جو جنگ، غربت یا تعصب کی وجہ سے تعلیم سے محروم ہیں — جیسے فلسطینی مائیں، افغان بچیاں، سوڈانی مہاجرین یا کشمیری بچے۔ انہوں نے ترک خاتون اول ایمینہ اردوان کے کردار کو سراہا جنہوں نے بچوں کے حقوق کو سفارتی ایجنڈے کا حصہ بنایا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ اور پنجاب کے عوام، مشکلات کا شکار خواتین اور بچوں کے ساتھ مکمل اخلاقی حمایت کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔