’امریکی اسلحہ جعفرایکسپریس پرحملے میں استعمال ہوا‘ یہ کہاں سے آیا؟

واشنگٹن پوسٹ نے تحقیق کی ہے کہ 2021 میں افغانستان سے امریکی انخلاء کے دوران پیچھے رہ جانے والے جدید ترین امریکی فوجی سازوسامان کو پاکستان میں عسکریت پسندوں کے ذریعے تیزی سے استعمال کیا جا رہا ہے، جس میں تحریک طالبان پاکستان بھی شامل ہے۔ ایم 16 رائفلز، پی وی ایس14 نائٹ ویژن ڈیوائسز اور تھرمل آپٹکس جیسے ہتھیار جو کہ اصل میں افغان فورسز کے لیے تھے، حالیہ سرحد پار حملوں میں نمودار ہوئے ہیں۔ نجی نشریاتی ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جعفر ایکسپریس ٹرین پر 11 مارچ کو ہونے والے بم دھماکے میں امریکی نژاد رائفلیں شامل تھیں۔ تفتیش کاروں نے اس حملے میں استعمال ہونے والی دو رائفلوں کے سیریل نمبرز کا حوالہ دیا جو کہ امریکی فوجی ذخیرے سے متعلق تھے۔ افغانستان کی تعمیر نو کے لیے خصوصی انسپکٹر جنرل کا تخمینہ ہے کہ تقریباً اڑھائی لاکھ آتشیں اسلحہ اور 18,000 نائٹ ویژن سسٹم پیچھے رہ گئے تھے، جو کہ امریکی میرین کور کے مقابلے میں ایک ہتھیار ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے جنوری سے تفتیش کاروں کی طرف سے دیکھی گئی دستاویزات میں کہا کہ امریکی جدید ہتھیاروں کی موجودگی پاکستان کے تحفظ اور سلامتی کے لیے گہری تشویش کا باعث ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فروری میں دوبارہ جانچ پڑتال کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے ، دسیوں اربوں ڈالر کے سامان کو پیچھے چھوڑ دیا تھا ۔تاہم، پینٹاگون کے حکام نے اس حوالے سے کم ہتھیار بتائے اور برآمد شدہ ہتھیاروں کو مجموعی طور پر ترک کیے گئے ہتھیاروں کا ایک چھوٹا حصہ قرار دیا۔
پاکستان ریلوے نے موسم گرما کے لیے ٹرینوں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی

پاکستان ریلوے نے موسمِ گرما 2025 کے لیے نیا ٹائم ٹیبل جاری کر دیا ہے، جو 15 اپریل 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔ اس نئے شیڈول کے تحت چند مخصوص ٹرینوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کی گئی ہے، جبکہ باقی تمام ٹرینیں اپنے پرانے نظام الاوقات کے مطابق ہی چلیں گی۔ ریلوے حکام کے مطابق جن ٹرینوں کے اوقات میں رد و بدل کیا گیا ہے، ان میں بولان میل، شاہ حسین ایکسپریس، مہران ایکسپریس اور موئن جو ڈرو پسنجر شامل ہیں۔ کراچی سے روانہ ہونے والی تین آپ بولان میل، جو پہلے شام 7 بجے روانہ ہوتی تھی، اب شام 4 بجے روانہ ہوگی۔ 43آپ شاہ حسین ایکسپریس کا کراچی سے پرانا وقت رات 7:30 تھا، جو اب رات 9 بجے کر دیا گیا ہے۔ 149آپ مہران ایکسپریس، جو پہلے سہ پہر 3:55 پر روانہ ہوتی تھی، اب شام 4:15 پر روانہ ہوگی۔ ادھر کوٹری سے روہڑی جانے والی 213آپ موئن جو ڈرو پسنجر، جو پہلے صبح 11:15 پر روانہ ہوتی تھی، اب صبح 7 بجے روانہ ہوگی۔ ریلوے انتظامیہ نے تمام مسافروں سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنے سفر سے قبل نئی ٹرین ٹائمنگز کی تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔
اسرائیل کے بارے میں حکومت بانی پاکستان کی قومی پالیسی پر کھڑی ہے: وفاقی وزیر قانون

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہےکہ مسئلہ کشمیر و فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، پاکستان کا مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مؤقف دو ٹوک اور واضح ہے، اسرائیل کے بارے میں بانی پاکستان اپنی قومی پالیسی دے چکے ہیں، حکومت پاکستان بانی پاکستان کی قومی پالیسی پر کھڑی ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نےکہا کہ مسئلہ فلسطین ہمارے ایمان کا بھی حصہ ہے، مسلمانوں کا قبلہ اول فلسطین میں ہے، حکومت اپنی بساط سے بڑھ کر فلسطینیوں کے لیے ریلیف کا سامان بھیج رہی ہے،حکومت نے فلسطین کے میڈیکل طلبہ کو پاکستان لاکر ان کی تعلیم شروع کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے،17 ماہ میں 65 ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اسرائیلی جارحیت میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد فلسطینی شدید زخمی ہیں، 15 ہزار سے زائد فلسطینی لاپتہ ہیں، اسرائیل خواتین، بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اسرائیل نے غزہ کی پٹی کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا ہے۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ غزہ کا انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے، نسل کشی کی جارہی ہے، جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل بمباری سے باز نہیں آرہا، بدقسمتی سے کچھ ممالک غزہ کی صورتحال پر خاموش ہیں، جنوبی افریقا کا اسرائیلی جارحیت کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانا خوش آئند ہے۔
پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 102 رنز سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 102رنز سے ہرا دیا۔ پشاور زلمی کی ٹیم 243 رنز کے جواب میں 141 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز اسکور کیے،صاحبزادہ فرحان کی دھواں دار سنچری کی مدد سے پشاور زلمی کو جیت کےلیے 244 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا۔ دفاعی چیمپئن ٹیم کی پہلی وکٹ تو 9 رنز پر گرگئی، لیکن دوسری وکٹ پر صاحبزادہ فرحان اور کولن منرو کے درمیان 144 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ بنی جس نے ٹیم کے لیے بڑے ٹوٹل کی بنیاد رکھی۔ صاحبزادہ فرحان نے پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری بنائی، وہ 52 گیندوں پر 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انکی اننگز میں 5 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔ کولن منرو 40، اعظم خان 16 اور سلمان علی آغا 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیسن ہولڈر 20 اور بین ڈورشیس 18 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے حسین طلعت اور الزاری جوزف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پشاور زلمی کی ٹیم میں میکس برائینٹ کی جگہ جارج لنڈا کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں محمد شہزاد اور رائلی میریدتھ کی جگہ پر سعد مسعود اور بین ڈورشیس کو شامل کیا گیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کپتان شاداب خان، کولن منرو، اینڈریس گاس، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، اعظم خان، جیسن ہولڈر، عماد وسیم، سعد مسعود، نسیم شاہ اور بین ڈورشیس پر مشتمل تھی۔ پشاور زلمی کی کپتان بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ اسکے دیگر کھلاڑی صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، مچل اووین، حسین طلعت، جارج لِنڈا، الزاری جوزف، محمد علی، صفیان مقیم اور علی رضا شامل تھے۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو یکرفہ مقابلے کے بعد ہرادیا تھا۔ دوسری جانب پشاور زلمی کو ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں بھاری مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
معروف سکالر پروفیسر خورشید احمد کی غائبانہ نماز جنازہ: ’ جماعت اسلامی ایک بہت بڑے رہنما سے محروم ہوگئی‘

معروف سکالر، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر خورشید احمد کی غائبانہ نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی، غائبانہ نماز جنازہ میں کراچی شہرکی جماعت اسلامی کے رہنماؤں، اہم علمی شخصیات نے شرکت کی، نمازجنازہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پڑھائی ۔ حافظ نعیم الرحمان نے پروفیسر خورشید احمد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ علم کا سمندر تھے جن سے ہم نے بہت رہنمائی حاصل کی، آخری وقت جماعت کی سرگرمیوں اور مشاورت میں پیش پیش رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغرب کے ساتھ ہمیشہ دلیل کے ساتھ بات کرتے رہے، پروفیسر صاحب کا انتقال تحریک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے، جماعت اسلامی ایک بہت بڑے رہنما سے محروم ہوگئی، ہم ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ ’پروفیسر خورشید احمد میں خودنمائی تھی، ایک بڑے انسان تھے مگرعاجزی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی، جب بھی بات کی ایک کارکن کے طورپر کی‘۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں پروفیسرخورشید احمد کی غائبانہ نماز جنازہ اداکی گئی۔ یاد رہے پروفیسر خورشید احمد گزشتہ روز 92 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ 23 مارچ 1932ء کو دہلی میں جنم لینے والے پروفیسر خورشید احمد کا علمی سفر محض کاغذی ڈگریوں تک محدود نہ تھا بلکہ انہوں نے معیشت، تعلیم، دین، سیاست اور سماج کے ہر زاویے کو اپنی تحقیق کا مرکز بنایا۔ پروفیسر خورشید احمد عالمی سطح کے دانشور اور جماعت اسلامی کے معتبرترین رہنما شمار ہوتے تھے۔ جماعت اسلامی کے بانی سید ابوالاعلیٰ مودودی کے قابل فخرشاگردوں میں سے ایک تھے۔ پروفیسر اسلامی معاشیات کو جدید دنیا میں بطور علیحدہ علم متعارف کرانے والے اولین شخص تھے۔ ان کی 70 سے زائد تصانیف اردو اور انگریزی میں فکری تشنگی مٹاتی ہیں۔ مزید پڑھیں: جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما پروفیسرخورشید احمد انتقال کرگئے 1949ء میں اسلامی جمعیت طلبہ کے رکن بنے، پھر 1956ء میں سید مودودی کی جماعت اسلامی سے وابستہ ہوکر پوری زندگی نظریۂ اسلام کے فروغ میں گزار دی۔ اس کے علاوہ تین بار سینیٹر بھی منتخب ہوئے اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی رہے اور کئی بین الاقوامی اعزازات سے نوازے گئے جن میں شاہ فیصل ایوارڈ، اسلامی ترقیاتی بینک پرائز اور نشان امتیاز شامل ہیں۔ مرحوم کو اقتصادیات اسلام میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر اسلامی بینک نے 1990 میں اعلیٰ ترین ایوارڈ بھی دیا تھا، امریکن فنانس ہاؤس نے 1998 میں اسلامک فنانس اعزاز بھی عطا کیا۔ پروفیسر خورشید احمد عالمی جریدے ترجمان القرآن کے مدیر بھی تھے۔ آخری دم تک اس ادارے کو چلاتے رہے۔ان کی لائبریری میں ہزاروں نایاب کتب تھیں، جو انہوں نے مختلف اداروں کو وقف کردیں۔ وہ نہ صرف ایک محقق بلکہ تحریکِ اسلامی کے سچے داعی تھے۔ آج وہ خاموش ہو گئے، مگر ان کی تحریریں، تقاریر اور فکری میراث ہمیشہ زندہ رہے گی۔
شادی میں مضر صحت کھانا کھانے سے دو سو سے زائد افراد کی حالت خراب

گوجر خان میں شادی کی تقریب میں مضر صحت کھانا کھانے سے 200 سے زائد افراد کی حالت خراب ہوگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق شادی کی تقریب میں کھانا کھانے سے لوگوں کی کثیر تعداد فوڈ پوائزنگ کا شکار ہوگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ افراد کی تعداد 200 سے زیادہ ہے، بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ متاثرہ افراد کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان موقع پر پہنچ گئے، محکمہ صحت اور فوڈ حکام بھی پہنچ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال یعنی اکتوبر 2024 میں گوجر خان کے نواحی قصبہ آہیر میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔ جس میں 37 مریضوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجر خان میں طبی امداد دی گئی تھی۔مریضوں نے قصبہ آہیر میں ولیمے کا کھانا کھایا تھا۔
قصور ڈانس پارٹی کیس: عدالت کا ویڈیو وائرل کرنے پولیس اہلکاروں پر اظہار برہمی

لاہور ہائی کورٹ نے قصور ڈانس پارٹی میں ملزموں کی ویڈیو بنانے اور وائرل کرنے پر پولیس کے ایس ایچ او اور دو کانسٹیبل کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کر دیے جسٹس علی ضیا باجوہ نے قرار دیا کہ جو کام پولیس اہلکاروں نے کیا ہے وہ کسی بھی معاشرے میں قابل قبول نہیں ہے، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے پولیس کے ٹک ٹاک بنانے پر پابندی کی استدعا کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے شہری وشال شاکر کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وشال شاکر کی جانب سے ایڈووکیٹ میاں علی حیدر عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے زیر حراست ملزموں کی ویڈیو بنانے سے منع کر رکھا ہے، لہٰذا عدالت ڈی پی او قصور، متعلقہ ڈی سی پی اور ایس ایچ او کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے، دوران سماعت عدالتی حکم پر ڈی پی او قصور عیسیٰ سکھیرا، پراسکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ اورمتعلقہ پولیس افسران پیش ہوئے۔ سماعت کے آغاز پر جسٹس علی ضیا باجوہ نے استفسار کیا کہ ڈی پی او صاحب آپ نے اس حوالے سے کیا کیا؟ ڈی پی او صاحب آپ نے پوچھا کہ پولیس اہلکاروں کی جرات کیسے ہوئی لڑکیوں کے بال کھینچ کر ویڈیو بنانے کی؟ ڈی پی او قصور عیسیٰ سکھیرا نے عدالت کو بتایاکہ یہ واقعہ بہت افسوسناک اور بد قسمتی کی بات ہے لیکن ہم نے متعلقہ پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا ہے، یہ کوئی نجی ایونٹ نہیں تھا، اس کی باقاعدہ سوشل میڈیا پر تشہیر کی گئی تھی۔ جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہاکہ جو کام پولیس اہلکاروں نے کیا ہے وہ کسی بھی معاشرے میں قابل قبول نہیں ہے، کیا آپ یقین دہانی کروا سکتے ہیں کہ دوبارہ آپ کے ضلع میں یہ نہیں ہو گا۔ ڈی پی او قصور نے بتایاکہ 48 گھنٹے میں، میں نے اس واقعہ پر ایکشن لے کر پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا، صبح 5بجے تک خود بیٹھا رہا اور خود اس معاملے کی انکوائری کی، تفتیشی سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبلوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کروایا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ متعلقہ ایس ایچ او ڈانس پارٹی منعقد کروانے والوں کے ساتھ رابطے میں تھا، ایس ایچ او نے ریڈ سے پہلے پارٹی منعقد کروانے والوں کو آگاہ کیا، موقع سے شراب کی بوتلیں منشیات اور دیگر اشیاء برآمد ہونے کے باوجود کمزور ایف آئی آر درج کی گئی۔
امریکی ٹیرف سے پاکستان کو برآمدات میں ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے نقصان کا خدشہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد ٹیرف سے پاکستانی برآمدات کو شدید خطرات لاحق ہیں، جس سے پاکستان کو ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔نجی ٹی وی جیو نیوز نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ امریکا کی جانب سے 29 فیصد جوابی ٹیرف عائد ہونے سے پاکستان کی برآمدات کے حجم میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر سے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر تک کمی آسکتی ہے۔پائیڈ رپورٹ کے مطابق پاکستانی ایکسپورٹس میں 25 فیصد کمی ہونے کا خدشہ ہے اور پیداوار متاثر ہونے سے 5 لاکھ ملازمتیں ختم ہوجائیں گی جبکہ صورتحال کا فائدہ بھارت اور بنگلہ دیش اٹھا سکتے ہیں۔مالی سال 2024 میں پاکستان نے امریکا کو 5 ارب 30 کروڑ ڈالر مالیت کا سامان برآمد کیا جس سے یہ ملک کی سب سے بڑی سنگل کنٹری ایکسپورٹ مارکیٹ بن گیا، ان برآمدات کا ایک اہم حصہ ٹیکسٹائل اور ملبوسات کا تھا، جنہیں پہلے ہی 17 فیصد تک ٹیرف کا سامنا ہے۔ اگر مجوزہ محصولات پر عمل درآمد کیا جاتا ہے تو پاکستان کی قیمتوں میں مسابقت شدید طور پر ختم ہو جائے گی، جس سے ممکنہ طور پر بھارت اور بنگلہ دیش جیسے علاقائی حریفوں کو مارکیٹ شیئر پر قبضہ کرنے کا موقع ملے گا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی مصنوعات پر 29 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
نجی پاکستانی کےٹوایئرویز اور چینی سرکاری کمپنی کے مابین کارگو پروازیں چلانے کا معاہدہ طے

پاکستان کی جدید ترین کارگو ایئرلائن کےٹو ایئرویز (پرائیوٹ) لمیٹڈ اور چین کی معروف رسد و تجارتی کمپنی کاشی کمرشل اینڈ ٹریڈ لاجسٹک (گروپ) کمپنی لمیٹڈ کے درمیان شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کے گے اس موقع پر چینی قونصل خانے کراچی کے مشیر جنرل مسٹر لی یونگ اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے خصوصی شرکت کی، جبکہ دونوں کمپنیوں کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کاشی گروپ کے جنرل منیجر مسٹر ہوانگ فی پینگ اور کے-ٹو ایئرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق مجید راجہ نے کیے۔ اس شراکت داری کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان تجارت اور رسد کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طارق مجید راجہ نے کہا کہ یہ تعاون پاکستان کے کارگو ایوی ایشن سیکٹر میں انقلاب لانے کی طرف ایک اہم قدم ہے، اور چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کاشی گروپ کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے لیے قابلِ بھروسا اور مؤثر لاجسٹک حل فراہم کیے جائیں گے۔ مسٹر ہوانگ فی پینگ نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے ایک اہم مارکیٹ ہےاور کے-ٹو ایئرویز کے ساتھ شراکت داری سے سرحد پار لاجسٹک کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مشترکہ مہارت سے فائدہ اٹھا کر دونوں ممالک کے درمیان ہموار تجارت اور معاشی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے اس معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی ہوا بازی اور لاجسٹکس کے شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو فروغ دے گا اور نئے مواقع پیدا کرے گا۔ یہ شراکت داری کے-ٹو ایئرویز کی جانب سے تجارتی خلا کو کم کرنے اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کے فروغ کے ذریعے ملک کی معیشت میں فعال کردار ادا کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔
حکومت گندم کا ریٹ چارہزار روپے فی من مقرر کرے، کسان رہنماؤں کا مطالبہ

جماعت اسلامی کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گندم کا ریٹ چار ہزار فی من مقرر کیا جائے، حکومت کی طرف سے فی من 2700 روپے مقرر کرنا کسانوں کے ساتھ معاشی قتل ہے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کسان دشمنی کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں۔ گندم کی امدادی قیمت پر عدم خریداری، نقل و حمل پر پابندی اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کا خاتمہ حکومت کی کسان کش پالیسیوں کا ثبوت ہے۔ ان اقدامات کی وجہ سے گندم کی کاشت میں نمایاں کمی ہوئی ہے، اور فصل کے نقصان دہ حالات پچھلے سال سے بھی زیادہ ابتر دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب کی جانب سے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں پیش کیے گئے مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت چار ہزار روپے فی من مقرر کی جائے اور روٹی 10 روپے میں عوام کو فراہم کی جائے،ٹیوب ویل کے لیے فلیٹ ریٹ مقرر کیا جائے،زرعی ادویات، کھاد، بیج اور زرعی آلات کی قیمتوں میں کمی کی جائے،کسانوں کو بلا سود قرضے دیے جائیں اورگندم کی مارکیٹ اوپن کی جائے اور نقل و حمل پر سے پابندیاں ختم کی جائیں۔ جاوید قصوری نے کہا کہ 15 اپریل کو پنجاب کے تمام اضلاع میں مظاہرے، دھرنے اور احتجاج کیے جائیں گے۔ اگر حکومت نے کسانوں کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اس ہدایت کی شدید مذمت کی جس میں کہا گیا ہے کہ گندم 2700 روپے سے زیادہ قیمت پر خریدنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔ یہ کسانوں پر ظلم ہے، حکومت شوگر مافیا کو تو قابو نہیں کر سکتی لیکن کسان پر جبر کرتی ہے۔ جاوید قصوری نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا غذائی تحفظ کسان کے معاشی تحفظ سے جڑا ہے۔ پنجاب 70-80 فیصد غذائی ضروریات پوری کرتا ہے، لیکن کسان آج بدترین معاشی حالات کا شکار ہے۔ آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے گندم کا ریٹ 4000 مقرر نہ کیا تو امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔